Tag: موسم کی صورتحال

  • عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران موسم  کی صورتحال، الرٹ جاری

    عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران موسم کی صورتحال، الرٹ جاری

    کراچی: عیدالاضحی پر موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں عید تعطیلات کے دوران موسم کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی پر موسم کی صورتحال کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے ایڈوائزی جاری کردی۔

    عیدالاضحی کے دوران پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات کیلئےاین ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری کی گئی۔

    جس میں کہا کہ عید تعطیلات کے دوران آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے، بارشوں کےسسٹم میں22 جون تک توسیع کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ عوام ناگہانی صورتحال سےنمٹنےکیلئےپیشگی،حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

    کےپی ،گلگت،آزادجموں وکشمیر،جنوبی پنجاب اورسندھ کےبعض علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ ملک کےبیشترعلاقوں میں آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے۔

    کےپی،مری، گلیات،کشمیراورگلگت بلتستان میں بارشوں،لینڈسلائیڈنگ کاامکان ہے ، لینڈسلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعقلہ ادارے پیشگی اقدامات کر یں۔

    صوبائی انتظامیہ کوہنگامی صورتحال سےنمٹنےکیلئےمشینری،عملےکوپہلے سےتعینات کرنےکی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ شہری احتیاط برتیں،کمزورڈھانچےاورآبی گزرگاہوں کےنزدیک سےگزرنےسےگریزکریں۔

    شہری عید پر شمالی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے موسم کی صورتحال سےباخبررہیں،۔

  • کل اور پرسوں شدید گرمی پڑے گی! محکمہ موسمیات

    کل اور پرسوں شدید گرمی پڑے گی! محکمہ موسمیات

    موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 اور 13 جون کو ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ دن میں درجہ حرارت 2 سے4 ڈگری معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ عوام گرمی کی شدت سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    آج رات ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے جبکہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید بتایا کہ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    سبی، نورپور تھل، ڈی جی خان اور بھکر میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اوکاڑہ، کوٹ ادو، قصور، لیہ، جھنگ اور دادو میں 46 ڈگری سینٹی گرمی ریکارڈ کی گئی۔

  • کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: کراچی میں آج موسم خشک، سرد جب کہ صبح اور رات میں خنکی رہے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جب کہ آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔

    موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 15.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری طرف کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں نمبر پر آ گیا ہے۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 156 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوا ہے، سو سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے مضر ہے، دو سو سے 300 پرٹیکیولیٹ میٹرز صحت کے لیے خطرناک ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں۔

    دوسری طرف مصنوعی بارش کے باعث لاہور میں اسموگ میں کمی آ گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایئر کوالٹی انڈیکس فہرست سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے، لاہور فضائی آلودگی میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • آج موسم کیسا رہے گا؟

    آج موسم کیسا رہے گا؟

    اسلام آباد: ملک کے بیش تر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، صبح اور رات میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم سرد رہے گا، صبح، رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، خان پور، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے گرد و نواح میں دھند کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم خشک جب کہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا، سندھ کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جو دڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

  • کراچی اور حیدرآباد میں آج پھر بارش کی پیشگوئی

    کراچی اور حیدرآباد میں آج پھر بارش کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں آج پھر بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔

    آج کراچی شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 89 فی صد، رفتار 8 سے 10 ناٹیکل مائیل ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کشمیر میں ہوئی، کشمیر میں چھتر کلاس کے مقام پر 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ساہیوال میں 49 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اور لاہور میں گلشن راوی میں 42، لکشمی چوک پر 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر 27 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ کراچی میں نارتھ کراچی میں 42 اور سنگجانی میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، بالاکوٹ اور قلات میں 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

  • لاہور اور جڑواں شہروں میں تیز بارش

    لاہور اور جڑواں شہروں میں تیز بارش

    لاہور: جڑواں‌ شہروں اور لاہور میں‌ تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور اور گرد و نواح میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تیز بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو گئی ہے۔

    حویلی لکھا، سرائے عالمگیر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ڈسکہ، فیروزوالا اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے، پتوکی اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

    جلالپور بھٹیاں، سکھیکھی، پھول نگر، چنیوٹ، فاروق آباد، پھالیہ اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ نارووال شہر اور گرد و نواح میں طوفان کے بعد 10 گھنٹے سے بجلی بند ہے، بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی سے شہری پریشان ہیں جب کہ واپڈا افسران، کمپلین آفس سمیت تمام حکام کے موبائل فون بند آ رہے ہیں۔

    پنجاب میں آسمانی بجلی نے قیامت ڈھادی، 11 افراد جاں بحق

    ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جب کہ ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے واسا ڈیم ہیوی مشینری کے ساتھ مصروف ہے۔

  • بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے نے شدت اختیار کر لی

    بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے نے شدت اختیار کر لی

    کراچی: بحیرہ عرب کے طوفان بیپر جوائے نے شدت اختیار کر لی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بیپر جوائے طوفان اب تک بحیرہ عرب میں موجود ہے، اور اس نے اب شدت اختیار کر لی ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ طوفان کی شدت گزشتہ 12 گھنٹے میں نوٹ کی گئی، بیپر جوائے طوفان شمال مغرب کی جانب رخ کر گیا ہے، سائیکلون کے باعث بیپر جوائے کے اطراف ہوا کا دباؤ 120 سے 140 کی رفتار سے ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان اس وقت کراچی سے 1260 کلو میٹر دوری پر ہے، تاہم اس طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

    ادھر کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور کراچی میں آج درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی تھی کہ یہ طوفان جمعرات کی صبح تک شدت اختیار کر جائے گا اور جمعہ کی شام تک انتہائی شدید سائیکلونک طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔

  • کراچی میں ایک بار پھر بارش کا امکان

    کراچی میں ایک بار پھر بارش کا امکان

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش برسانے والا نیا سسٹم کل سے پاکستان میں داخل ہوگا، کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے میں ہلکی بارش کا امکان ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  محکمہ موسمیات نےملک بھر میں کل سے موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے جبکہ ملک کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور خشک ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا نیا سسٹم کل سے پاکستان میں داخل ہوگا، جس سے بدھ سےجمعرات کے دوران کراچی ،لاہور، کوئٹہ، پشاور، اور اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم آئندہ 24 گھنٹےمیں بوندا باندی کاامکان ہے، مغرب سےبارش برسانےوالےسسٹم کےباعث بونداباندی ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈکیاگیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری اور ہوامیں نمی کا تناسب 28 فیصدہے جبکہ ہوا 3 ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہے۔

    دوسری جانب سوات، چترال، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برفباری کی توقع ہے ،اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے رواں ہفتےکےوسط میں ملک میں بارش اورپہاڑوں پربرفباری کی پیشگوئی بھی کی ہے ، مغربی علاقوں میں آج رات مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگا، بدھ کومغربی ہواؤں کاسلسلہ مختلف علاقوں میں پھیل جائےگا اور یہ سلسلہ جمعرات تک بالائی علاقوں میں برقراررہےگا،مغربی ہواؤں کےزیراثر بارشیں اوربعض مقامات پربرفباری متوقع ہے۔

    واضح رہے یاد رہے کہ ہفتے کو رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا تھا۔

  • کراچی میں شمال مشرقی ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی میں شمال مشرقی ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرقی ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافےکاامکان ہے، ہوا 8 کلومیٹر فی ناٹیکل میل کی رفتار سے چل رہی ہے، بارش کاامکان نہیں، مطلع جزوی ابرآلود رہےگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سرد ہوائوں کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی ہوائیں چلنےسےسردی کی شدت میں اضافےکاامکان ہے، آج کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، ہوا 8 کلومیٹر فی ناٹیکل میل کی رفتارسےچل رہی ہے جبکہ بارش کاامکان نہیں،مطلع جزوی ابرآلودرہےگا۔

    دوسری جانب لاہورسمیت پنجاب میں شدید دھند کی لہربرقرار ہے، جس کے باعث قومی شاہراہوں اورموٹرویز پر شدیددھند سےحد نگاہ کم ہونےسےسفر دشوار ہوگیا ہے جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد موسم شدید سرد ہے۔

    بلوچستان میں بھی سردی کی شدت برقرار ،قلات میں درجہ حرارت منفی چھ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کالام میں درجہ حرارت منفی تیرہ اسکردو میں منفی بارہ تک گرگیا۔

  • موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان

    موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری آئندہ ہفتے شروع ہونے کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشن گوئی کردی۔

    آئندہ 24 گھنٹےمیں شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ کے مختلف شہروں میں بادل برسنے کا بھی امکان ہے جس سے درجہ حرارت مزید گرجائے گا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی پیر سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر شہروں میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 6، قلات اور گلگت منفی 5 جبکہ کوئٹہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔