Tag: موسم گرما

  • موسم گرما میں بلیک اور وائٹ ہیڈز سے چھٹکارا پانے کا طریقہ

    موسم گرما میں بلیک اور وائٹ ہیڈز سے چھٹکارا پانے کا طریقہ

    موسم گرما میں دھول مٹی اور پسینے سے چہرے پر بلیک اور وائٹ ہیڈز بن جاتے ہیں جو چہرے کو بے رونق بنا دیتے ہیں، تاہم اس مسئلے کو نہایت آسانی سے گھر میں حل کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں اس مقصد کے لیے نہایت آسان ٹپ بتائی گئی۔

    چہرے سے بلیک اور وائٹ ہیڈز نکالنے کے لیے 4 چیزوں کو آپس میں مکس کریں، دار چینی پاؤڈر، آدھا چائے کا چمچ، چاول کا پسا ہوا آٹا، آدھا چائے کا چمچ، خمیر 2 چٹکی اور بیکنگ سوڈا 1 چٹکی لیں۔

    ان تمام اشیا کو عرق گلاب سے ملا کر آمیزہ بنا لیں۔ اس کے بعد اسے چہرے کے ٹی زونز ایریاز میں لگائیں، 10 منٹ بعد اسے مساج کر کے اتار دیں، بلیک اور وائٹ ہیڈز خود ہی چہرے سے نکل آئیں گے۔

    اس کے بعد کھلے مساموں کو بند کرنے کے لیے چاول کا ذرا سا آٹا پانی میں مکس کر کے لگائیں اور ہلکا سا خشک ہوجائے تو صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔

  • سخت گرمیوں میں اے سی کے بغیر گھر کو کیسے ٹھنڈا رکھا جائے؟

    سخت گرمیوں میں اے سی کے بغیر گھر کو کیسے ٹھنڈا رکھا جائے؟

    سخت موسم گرما کی تپتی دوپہروں اور گرم راتوں میں ایئر کنڈیشنر ایک ضرورت معلوم ہونے لگتا ہے، لیکن ہر شخص اسے افورڈ نہیں کرسکتا۔

    علاوہ ازیں ایئر کنڈیشنر کے استعمال کی صورت میں بجلی کا بل آسمان تک جا پہنچتا ہے جسے دیکھ کر بہت سے لوگ اے سی نہ چلانے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔

    امریکا کے محکمہ توانائی کے مطابق امریکی شہری ہر سال صرف اے سی کی مد میں 29 ارب ڈالر کا بجلی کا بل بھرتے ہیں۔

    اگر موسم قیامت خیز حد تک گرم نہ ہو تو مختلف پنکھوں سے گھر کو ٹھنڈا رکھا جاسکتا ہے، لیکن ان پنکھوں کو درست طریقے سے استعمال کرنا ضروری ہے جس سے بجلی کی بچت بھی ہو اور گھر بھی ٹھنڈا رہے۔

    آج ہم ایسے ہی کچھ پنکھوں کو درست طریقے سے استعمال کرنے کے طریقے بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر ان پنکھوں کی کارکردگی بڑھائی جاسکتی ہے۔

    ونڈو فین

    ونڈو فین کھڑکی میں لگائے جانے والے پنکھے ہیں، یہ پنکھے باہر سے ٹھنڈی ہوا کھینچ کر اندر اور اندر کی گرم ہوا کھینچ کر باہر پھینکتے ہیں۔ مندرجہ ذیل طریقوں سے ان پنکھوں کی افادیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    ونڈو فین صرف اسی صورت میں کھولیں جب باہر کا موسم اندر کے موسم سے ٹھنڈا ہو تاکہ باہر کی ٹھنڈی ہوا اندر آسکے۔

    ایک سے زائد پنکھے استعمال کریں تاکہ ہوا آر پار ہوتی رہے، اس کے لیے گھر کے تمام پنکھے کھلے رکھے جاسکتے ہیں اور لمحوں میں پورے گھر کو ٹھنڈا کیا جاسکتا ہے۔

    سیلنگ فین

    سیلنگ فین یا چھت کا پنکھا آس پاس موجود ہوا کو کھینچ کر نیچے کی طرف پھینکتا ہے، یہ ونڈو فین یا اے سی کی طرح کمرے کو ٹھنڈا نہیں کر سکتا تاہم ان کی افادیت کو مندرجہ ذیل طریقے سے بڑھایا جاسکتا ہے۔

    پنکھے کے پروں کا کاؤنٹر کلاک وائز یعنی گھڑی کی سوئیوں کی مخالف سمت حرکت کرنا ضروری ہے۔

    کمرے سے نکلتے ہوئے پنکھا بند کردیں، اس سے پنکھے کو وقفہ ملے گا۔

    انرجی ایفیشنٹ ماڈل یعنی بجلی کی بچت کرنے والا پنکھا خریدیں۔

    سیلنگ فین کو اے سی کے ساتھ چلائیں، پنکھا اے سی کی ٹھنڈک کو پورے کمرے میں تیزی سے پھیلا دے گا۔ ایسی صورت میں اے سی کا درجہ حرارت 4 ڈگری بڑھا دیں، اس طرح سے بجلی کی بچت بھی ہوگی جبکہ کمرہ بھی جلد ٹھنڈا ہوگا۔

    ٹاور فین

    ٹاور فین پتلے، لمبے اور پورٹیبل ہوتے ہیں اور انہیں کمروں کے کونے میں باآسانی رکھا جاسکتا ہے، یہ ہوا کو دائیں سے بائیں حرکت دیتے ہیں۔

    ٹاور فین کے سامنے اگر برف رکھی جائے تو ان کی کارکردگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    اس کے لیے فین کے سامنے برف سے بھری بالٹی رکھ دیں۔

    ایک اور طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پلاسٹک کی بوتل میں پانی بھر کر اسے فریزر میں جما دیں۔ جب وہ پوری طرح جم جائے تو اسے ایک ٹرے میں رکھیں، بوتل کو ایک سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیں اور ٹرے کو ٹاور فین کے سامنے رکھ دیں۔

    اس طرح سے ٹاور فین اے سی کی طرح کام کرتا ہے۔

  • سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    ریاض: سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیش نظر دوپہر کے اوقات میں کھلے میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی، کمپنیوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 3 ماہ کے لیے کارکنان سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے، سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ 15 جون سے کوئی بھی نجی ادارہ اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتا۔

    حکم کے مطابق روزانہ دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک شدید گرمی کے اوقات میں ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی نجی اداروں میں کارکنان اور مزدوروں کی صحت و سلامتی کے تحفظ، کارکنان کو محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے اور ان کی صحت کو خطرات سے بچانے کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی کارکن سے دوپہر 12 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک رہے گی۔

    وزارت افرادی قوت نے اس پابندی سے تیل اور گیس کمپنیوں کے کارکنان کو استثنیٰ دیا ہے، علاوہ ازیں اصلاح و مرمت کے ایمرجنسی سیکشن سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے البتہ انہیں دھوپ سے بچانے کے لیے کمپنیاں ضروری اقدامات کریں گی۔

    وزارت افرادی قوت نے نجی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ 15 جون سے 15 ستمبر تک اوقات کار کی تنظیم نو کریں اور کارکنان کو ڈیوٹی کے دوران مختلف خطرات سے بچانے کے لیے محفوظ ماحول کا بندوبست کریں۔

    علاوہ ازیں یہ پابندی سعودی عرب کے ان علاقوں پر نافذ نہیں ہوگی جہاں موسم معتدل ہوگا اور جن علاقوں میں مذکورہ اوقات کے دوران کارکنان کو کھلے مقامات پر ڈیوٹی دینے میں کسی قسم کا صحت خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔

  • متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    متحدہ عرب امارات: گرمی کے پیش نظر مزدوروں کے لیے ریلیف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں شدت کے پیش نظر کھلی جگہوں پر کام کرنے والے افراد کو ریلیف دیتے ہوئے دوپہر کے اوقات میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کے دوران ہر سال کی طرح اس سال بھی دوپہر کے اوقات میں کھلی جگہوں پر کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے، موسم گرما میں کھلے مقامات پر 15 جون سے ہر قسم کی مزدوری یا دیگر کاموں کے لیے دوپہر کے اوقات میں مکمل پابندی نافذ ہوگی۔

    موسم گرما میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث ہر سال اس پابندی کا اطلاق کیا جاتا ہے، تمام ایسے ملازمین یا مزدور جو کھلے مقامات پر کام کرتے ہیں انہیں دوپہر ساڑھے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہر قسم کے کام کی ذمہ داری سے وقفہ دیا جائے گا۔

    ایسے ملازمین کو وقفے کے اوقات میں سایہ دار جگہ میں آرام کی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہزاروں ایسے مزدور موجود ہیں جو عمارتوں کے تعمیراتی شعبے، باغبانی اور اس طرح کے دیگر کاموں کے لیے کھلی جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات میں موسم گرما میں ہمیشہ سے ہی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہو جاتا ہے جس میں عام آدمی کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہے۔

    اس پابندی کے ساتھ ہی ایسے کارکنوں کے لیے کام کے اوقات کار بھی 8 گھنٹے تک محدود کیے گئے ہیں جبکہ اس سے زائد کام کے لیے اوور ٹائم مقرر کرنا ہوگا۔

    وزارت انسانی وسائل اور اماراتی وزارت کے مطابق اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 13 ہزار 600 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

  • قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری،  لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    قدرت کا کرشمہ، موسم گرما میں میکسیکو میں شدید برف باری، لوگوں اور ماہرین موسمیات حیران

    گواڈا لہارا : میکسیکو میں قدرت کا کرشمہ دیکھنے میں اٰیا ،  جون جولائی کی گرمی میں شدید برف باری ہوئی ، اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار، 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک میکسیکو میں موسم گرما میں شدید برف باری نے لوگوں اور ماہرین موسمیات کو حیران کردیا، میکسیکو کے شہرگواڈا لہارا میں اتنی زیادہ برف باری ہوئی کہ سڑکیں بند ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم اور گاڑیوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔

    شدید برف باری کے بعد شہری دفاع کا عملہ سڑکوں سے برف ہٹانےمیں مصروف ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔

    شہری دفاع کے حکام کا کہنا تھا کہ اچانک درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث متعدد افراد بیمار ہوگئے، گواڈا لہارا اور تلاکیباکیہ بلدیہ کا کہنا تھا کہ حالیہ ایام میں پڑنے والے برف سے 200 گھروں اور 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق ہالیکو ریاست کے گورنر انریکہ الوارو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میں نے اس موسم میں برف باری پہلی بار دیکھی ہے، سچ یہ ہے کہ آج برف باری دیکھ کر یقین نہیں کیا جا سکتا، ایسے مناظر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے، دیکھنے والا ہرشخص حیران ہے آج موسم کو کیا ہوگیا ہے۔

    گرمی کےموسم میں?برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    خیال رہے کہ شمالی میکسیکو کے علاقوں کو حالیہ ایام میں نسبتا زیادہ گرم قرار دیا گیا تھا، جہاں درجہ حرارت 31 درجے سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا گیا، سردیوں کے موسم میں میکسیکو میں برف باری معمول کی بات ہے مگر گرمی کےموسم میں جتنی برف باری پڑی ہے وہ حیران کن ہے۔

  • گرمیوں میں کھیرے کو کھانے کا لازمی جز بنائیں

    گرمیوں میں کھیرے کو کھانے کا لازمی جز بنائیں

    گرمیوں کا موسم جہاں گرمی سے بے حال کردیتا ہے وہیں بھوک بھی اڑا دیتا ہے، گرم موسم میں روایتی کھانے کھانا نہایت مشکل لگتا ہے۔

    تاہم ایسے میں جسم کو درکار غذائی ضروریات بھی پوری کرنی ہیں، لہٰذا ایسی غذائیں کھانی چاہئیں جو اس موسم میں جسم کو ہلکا پھلکا رکھیں اور جسم کو توانائی بھی فراہم کریں۔

    کھیرا موسم گرما کی ایسی ہی جادوئی غذا ہے۔ یہ اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتا ہے۔

    گرمیوں کے موسم میں جب عام طور پر بیشتر افراد تیزابیت کی شکایت کرتے ہیں، کھیرا اسے دور کرنے کا نہایت آسان علاج ہے۔ کھیرے میں ایسے وٹامنز پائے جاتے ہیں جو معدہ کی جلن، تیزابیت اور السر جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔

    کھیرے میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین اور کیلشیئم بھی موجود ہوتے ہیں جس کی وجہ سے معدہ میں جانے والی غیر ہاضم غذا اور تیزابیت والے اجزا آسانی سے تحلیل ہوجاتے ہیں اور السر سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

    کھیرے میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس سے جسم میں پانی کا تناسب برقرار رہتا ہے۔ اس میں موجود وٹامنز بی کی بڑی مقدار صرف دماغی کارکردگی میں توازن پیدا کرتی ہے اور اس کا باقاعدہ استعمال ذہنی دباؤ کی وجہ سے جسم پر منفی اثرات بھی مرتب نہیں ہونے دیتا۔

    کھانے سے قبل کھیرے کھانا بھوک کم کرنے اور بڑھانے دونوں میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ ڈائٹنگ کرنے والے اور وزن بڑھانے والے افراد دونوں کھانے سے قبل کھیرا کھا کر مطلوبہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

  • کراچی میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان

    کراچی میں موسم مزید گرم ہونے کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قیامت خیز گرمی مزید چند روز رہے گی، 20 جون کے بعد موسم میں تبدیلی آنی شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 2 روز تک درجہ حرارت مزید بڑھے گا، کراچی میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 سے 20 جون کے بعد موسم میں تبدیلی آئے گی، اس کے بعد جولائی کا مہینہ مون سون کا ہوگا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں یکم جون سے شدید گرمی کا آغاز ہوا تھا جس کی شدت تاحال برقرار ہے۔ اس دوران درجہ حرارت 32 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    اس دوران طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر باہر جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔

  • فالسے کے حیران کن فوائد

    فالسے کے حیران کن فوائد

    فالسہ موسم گرما میں شوق سے کھایا جانے والا پھل ہے۔ اس کا جوس گرمی بھگانے اور فرحت پہنچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    فالسے میں وٹامن بی اور سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جبکہ آئرن اور نمکیات اس کے اہم غذائی اجزا ہیں۔ اس میں 81 فیصد پانی کے علاوہ پروٹین اور کاربو ہائیڈریٹس بھی موجود ہوتا ہے۔

    اس پھل کے کچھ حیران کن فوائد بھی ہیں جو شاید آپ آج سے پہلے نہیں جانتے ہوں گے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فالسہ کا استعمال گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے اور پیاس بجھانے کا اہم ذریعہ ہے۔

    یہ سرد تاثیر کا حامل پھل ہے جس کی وجہ سے معدے کی گرمی، سینے کی جلن، مسوڑھوں سے خون آنا، معدے کے السر اور شوگر میں کمی کرتا ہے۔

    فالسہ معدہ و جگر کو تقویت دیتا ہے اور جسم سے گرمی کا اخراج کرتا ہے۔

    فالسہ دل کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔

    یہ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جس سے کینسر کے خطرے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    فالسہ خون کو صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف اور صحت مند رہتی ہے۔

    فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہے۔ یہ نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول کرتا ہے۔

    یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔

    شدید گرمی اور لو میں فالسے کا شربت سن اسٹروک سے محفوظ رکھتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ترش اور نیم پختہ فالسے کا استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے اس لیے ہمیشہ پکا ہوا اور میٹھا فالسہ استعمال کیا جانا چاہیئے۔

  • ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

    ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

    کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدید لہر سے خبردار کیا تھا ، جو لوگ گھر سے باہر زیادہ وقت گزارتے ہیں اُن کو ہیٹ اسٹروک کا بھی زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

    موسمِ گرما کے سخت دن نا صرف ماحول کو غیر آرام دہ بناتے ہیں بلکہ آپ کے جسم کا درجہ حرارت بھی بڑھا دیتے ہیں، جو مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔

    ہیٹ اسٹروک کی وجوہات


    گرم ا ور خشک موسم
    شدید گرمی میں پانی پیئے بغیر محنت مشقت یا ورزش کرنا
    جسم میں پانی کی کمی
    ذیابیطس کا بڑھ جانا
    دھوپ میں براہ راست زیادہ دیر رہنا

    ہیٹ اسٹروک کی علامات


    سرخ اور گرم جلد
    جسم کا درجہ حرارت 104 ڈگری فارن ہائیٹ ہوجانا
    غشی طاری ہونا
    دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا
    جسم سے پسینے کا اخراج روک جانا
    پٹھوں کا درد
    سر میں شدید درد
    متلی ہونا

    کسی کو ہیٹ اسٹروک ہو جائے توکیا کیا جائے


    ہیٹ اسٹروک ہونے کی صورت میں مریض کو لٹا دیں اوراس کے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں۔ مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈا پانی چھڑکیں، مریض کو پنکھے کے قریب کردیں، یا کسی چیز سے پنکھا جَھلیں۔ مریض کو فوری طور پر اسپتال پہنچانے کی کوشش کریں۔

    ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی اہم تدابیر


    گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک کے امکانات ہوتے ہیں چنانچہ اس سے بچنے کےلئے تدابیر بھی اپنانی چاہیے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

    پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال

    گرم موسم میں پانی کا زیادہ استعمال کرنا چاہیے ،روزانہ کم از کم تین لیٹر پانی تو لازمی پینا چاہیے، خاص طور پر پانی کے ذریعے اپنے جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنا چاہیے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کھیرے کا جوس، ناریل کا پانی، لیموں کا جوس کا استعمال کرنا چاہیے، گرم اشیاء، چائے، کافی کا استعمال کم کیجئے ۔

    ڈھیلے کپڑے پہنیں

    ڈھیلے اور ہلکے رنگوں کے ملبوسات کاٹن جیسے ہوا دار کپڑے پہنیں، تاکہ پسینہ سوکھ جائے، اگر آپ مچھروں کے کاٹنے کے وقت باہر ہوں، تو پوری آستین کی قیمض اور پتلون پہنیں اور بند جوتے پہنیں۔

    اگر آپ شام کے وقت پارک میں جائیں، تو جرابیں ٹخنوں سے اوپر چڑھائیں، اور شرٹ پینٹ کے اندر اڑس لیں۔

    گرم اشیاء اور الکوحلک مشروبات سے پرہیز کریں

    گرم اشیاء، چائے، کافی کا استمال کم کیجئے، جب الکوحل اور کیفین والے مشروبات سے پرہیز کرنا چاہیے، کولڈرنکس کے بجائے پانی، لسی، اور دیسی مشروبات کا استعمال کریں۔

    ایسی چیزیں جو آپ کو دھوپ سے محفوظ رکھیں

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلاوجہ گھروں سے نہ نکلیں، زیادہ دیر تک دھوپ میں نہ رہیں، باہر نکلیں تو سر ڈھانپ کر رکھیں، اگر نکلنا بھی ہے تو گیلے کپڑے سے سر اور جسم ڈھانپ کر نکلیں اور اپنے ساتھ پانی کی ایک بوتل ضرور رکھیں اور ہر 20 سے 30 منٹ کے بعد پانی پانی لازمی ہے، جبکہ ایک اسپرے بھی ساتھ رکھنا چاہیے، جس میں عرقِ گلاب، یا پیپرمنٹ ایسنس پانی کے ساتھ ملایا جائے، جس سے چہرے کو ٹھنڈا رکھا جا سکتا ہے۔

    سن بلاک کا استعمال کریں

    اس میں کوئی شک نہیں کہ دھوپ وٹامن ڈی کا بہت اچھا ذریعہ ہے، لیکن الٹراوائیلٹ شعاعوں کا نقصان شدید اور طویل مدتی ہوسکتا ہے، جب بھی آپ باہر ہوں، تو اپنے جسم کے کھلے حصوں پر سن اسکرین لگائیں۔ اسے اپنے پورے جسم پر گھر سے باہر نکلنے سے کم از کم تیس منٹ پہلے لگائیں۔

    اینٹی ڈپریشن ادویات استعمال نہ کریں

    طبی ماہرین نے شدید گرمی میں اینٹی ڈپریشن ادویات استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ اس سے فالج کا خطرہ ہے۔

    باہر کا کھانا مت کھائیں

    طبی ماہرین کے مطابق کیفین اور تیل سے بھرپور چیزیں، اور تلے ہوئے یا پیک شدہ کھانے کم کر دینی چاہیئں۔ تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، خاص طور پر کچا سلاد اور ایسے پھل کھانے چاہیئں جن میں پانی زیادہ ہو جیسے کھیرا، تربوز، آم، کینو، خربوزہ، گاجر، وغیرہ۔

    اس موسم میں خاص طور پر گھر میں پکے ہوئے تازہ اور صاف ستھرے کھانے کھانے چاہیئں۔ گھر میں کھانے کو درست درجہ حرارت پر رکھنا چاہیے، اور جتنا ہوسکے، باہر کا کھانا کم سے کم کریں۔ تھوڑی سی بھی لاپرواہی مختلف اقسام کے انفیکشن ہوسکتے ہیں لہٰذا کھانے اور پینے میں احتیاط کرنی چاہیے۔

    گرم پانی میں نہانے سے پرہیز کریں

    نیگلیریا فولیری کو گرم پانی بہت پسند ہوتا ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ سوئمنگ پول میں کلورین اچھی طرح شامل ہو، یا پھر کم گہرے اور گرم پانی والی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اجتناب کریں۔

    اس لاعلاج اور ہلاکت خیز مرض سے صرف بچا ہی جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ناک کے کلپ خریدیں، اور اپنا سر پانی سے اوپر رکھیں تاکہ پانی کو ناک میں جانے سے بچایا جا سکے۔

    اگر ہم یہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو گرمی سے ناصرف بچا جا سکتا ہے بلکہ صحت کو بھی متوازن رکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی میں عید کے تیسرے روز بھی موسم انتہائی گرم

    کراچی میں عید کے تیسرے روز بھی موسم انتہائی گرم

    کراچی: شہر قائد میں عید الفطر کے تیسرے روز بھی موسم انتہائی گرم ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں صبح ہی سے درجہ حرارت شہریوں کو پریشان کر رہا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ گیا ہے جس کے باعث گرمی میں اضافہ ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 73 فی صد ریکارڈ کیا گیا، آج بھی درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جب کہ گرمی کی شدت 44 ڈگری جیسی محسوس ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں 15 جون تک موسم گرم اورمرطوب رہے گا

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں 15 جون کے بعد سے موسم میں بہتری آئے گی، جب کہ کراچی میں عید کے بعد تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر باہر جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اور سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔