کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک کراچی میں داخل ہوں گے، جس کے نتیجے میں شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔
موسم کا حال بتانے والوں نے کہا آج شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے جبکہ 20 اور 21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں : کلاؤڈ برسٹ : کیا بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے؟
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے تاہم شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سے چار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔