Tag: موسم

  • کراچی میں صبح ہی صبح گرمی کی شدت میں اضافہ

    کراچی میں صبح ہی صبح گرمی کی شدت میں اضافہ

    کراچی: ملک بھر میں شدید سردی کے بعد آج موسم گرما نے اپنی جھلک دکھا دی۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں صبح کے اوقات میں گرمی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح ہی درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج دن بھر مطلع صاف رہے گا۔ آج کے دن ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب بالائی علاقوں میں سردی کی شدت باقی ہے، گزشتہ رات کالام میں منفی 04 اور استور میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    آج بھی بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں ہوگا جہاں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور زیادہ سے زیادہ سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

    اس سے قبل ملک بھر میں موسم سرما اپنے عروج پر تھا اور ملک کے مختلف حصوں میں برف باری اور شدید بارشیں جاری تھیں۔ کراچی میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود تھا جبکہ خشک ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔

  • افریقا میں طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی

    افریقا میں طوفان، ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی

    موزمبیق: افریقا میں طوفان اڈائی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، طوفان کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 700 سے بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقا میں طوفان اڈائی کی تباہی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سات سو تک پہنچ گئی ہے، موزمبیق میں ہلاکتوں کی تعداد چار سو سے بڑھ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقی ملک زمبابوے میں 260 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ملاوی میں 60 کے لگ بھگ اموات ہوئیں۔

    مجموعی طور پر موزمبیق، زمبابوے اور ملاوی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات سے متجاوز ہو چکی ہے، مزید اموات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، طوفان کی وجہ سے متعدد شہروں میں درجنوں افراد لاپتا ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل آنے والے تباہ کن طوفان میں مرنے والوں کی اصل تعداد کا پتا تب چلے گا جب سارا پانی نکل جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  افریقا میں فوجی بغاوت ناکام، صورتحال قابو میں ہے، حکومت

    کہا جا رہا ہے کہ طوفان کے باعث جنوبی افریقا میں 17 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، بجلی غائب ہے، گلیوں اور راستوں میں پانی بہہ رہا ہے، گھر بہہ چکے ہیں جب کہ سڑکیں بری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ 14 مارچ کو طوفان اڈائی پانچ لاکھ افراد پر مشتمل ایک شہر بیرا کے قریب 177 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ اترا تھا۔

    ایک اندازے کے مطابق 90 ہزار موزمبیقی باشندے عارضی مقامات پر پناہ گزیں ہو چکے ہیں، جب کہ ہزاروں دیگر تا حال سیلابی پانیوں میں گھرے ہوئے ہیں۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    لاہور / پشاور/ کراچی : آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پنجاب اور کے پی کے میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری اور کراچی کا موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، پنجاب اورخیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

    اس کے علاوہ مری، دیر، چترال، چلاس، سوات، اسکردو، گلگت اور مظفرآباد کے مختلف پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روزسب سے کم درجہ حرارت پاراچنارمیں منفی چارڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    کرک، میرپور آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سوات اور گردونواح میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ شدید برف باری سے ملتان کالام روڈ بند ہو گیا۔

  • کراچی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں‘ محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں‘ محکمہ موسمیات

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا، آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 26 سے 28 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار

    یاد رہے کہ چار روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔

  • آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کا امکان

    آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات نے آج شہرقائد سمیت سندھ بھر میں بارش کی نوید سنا دی، جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ کے علاوہ بھی ملک کے دیگرشہروں میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی ہے۔

    آج کراچی سمیت سندھ بھر میں اور کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

    مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

    گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی میں آج موسم سرد اور ابرآلود رہے گا‘ محکمہ موسمیات

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔

  • سندھ اور پنجاب کا موسم آج سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    سندھ اور پنجاب کا موسم آج سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی : آج سندھ اور پنجاب کا موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ ملک کے بیشتر مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعہ سے پیر کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب ، اسلام آباد، گلگت اور کشمیرمیں اکثرمقامات پر تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

    اس دوران چند مقامات پرموسلادھاربارش کی توقع ہے، اس دوران بلوچستان اور ڈی جی خان میں موسلادھاربارش کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے،

    محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کالام اوراستور میں منفی دس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ آج سندھ اور پنجاب کا موسم سرد اورخشک رہے گا، بلوچستان ، ڈی جی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

  • گلگت بلتستان میں بارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    گلگت بلتستان میں بارش جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان

    اسلام آباد: آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔

    آج ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت بگروٹ، قلات، زیارت منفی 06، کالام منفی05، مالم جبہ منفی04، گوپس منفی03، کوئٹہ، سکردو، میرکھانی، ہنزہ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

    اس دوران کالام 05، مالم جبہ 04، چترال 1.2، دیر 1.0 اور سکردو میں 0.3 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں ہوئی، دیر (بالائی 20، زیریں 02)، مالم جبہ17، بشام، بنیر 16، کالام 10، میرکھانی، بالاکوٹ 09، پٹن 08، دروش 05، کاکول 04، چترال، پاراچنار 03، سیدو شریف 01 ریکارڈ کی گئی۔

    کشمیر کے علاقے چھتر کالاس 23، مظفر آباد 16،چکوٹھی 14، بندی عباسپور 12، ہجیرہ، پنجیرہ 11، راولاکوٹ 10، گڑھی دوپٹہ 06، برارکوٹ 01 ریکارڈ کی گئ۔ جبکہ پنجاب کے علاقے ناروال 09، مری 02 اور گلگت بلتستان سکردو 03 اور بگروٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • اپنا الگ موسم رکھنے والے غار

    اپنا الگ موسم رکھنے والے غار

    غاروں کا اپنا ایک ماحولیاتی سسٹم ہوتا ہے جو زمین پر واقع دیگر مقامات سے کچھ مختلف ہوتا ہے، تاہم دنیا میں ایسے بھی غار موجود ہیں جن کا اپنا علیحدہ موسم ہوتا ہے۔

    ایسے ہی دو غار ار ونگ ڈونگ اور ہان سونگ ڈونگ بھی ہیں جن کا اپنا موسم ہے جبکہ ایک غار کے اندر دریا بھی بہتا ہے۔

    ان میں سے ار ونگ ڈونگ چین جبکہ ہان سانگ ڈونگ ویتنام میں واقع ہے۔

    ہانگ سان ڈونگ غار کے اندر ایک دریا موجود ہے، یہ غار 20 سے 50 سال قدیم ہے۔ یہ غار 150 میٹر گہرا ہے جبکہ اس کی لمبائی 9 کلومیٹر ہے۔

    دوسری جانب چین میں واقع ار ونگ ڈونگ کی گہرائی 441 میٹر جبکہ لمبائی 42 ہزار 139 میٹر ہے۔ ار وانگ ڈونگ غار میں جنگل بھی موجود ہیں۔

    کیا آپ ان غاروں کا دورہ کرنا چاہیں گے؟

  • محکمہ موسمیات نےکراچی میں بارش کی خوشخبری سنا دی

    محکمہ موسمیات نےکراچی میں بارش کی خوشخبری سنا دی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کے لیے خوشخبری سنا دی، رواں ہفتے 30 اور 31 جنوری کو شہر میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بدھ اور جمعرات کو ہلکی بارش کا امکان ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ہوائیں 8 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ زیارت، کوئٹہ ، قلات اور ژوب میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    کراچی میں رات گئے ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

    محکمہ موسمیات کے مطابق کل بارش کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا، 31جنوری تک بلوچستان بھرمیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ ہفتے کو رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔

  • ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا

    ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا

    اسلام آباد: ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، مالا کنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سرد ہوائیں چلیں گی اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری رہے گا۔

    کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے۔

    صوبہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ لاہور میں دن بھر مطلع صاف رہے گا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 2 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، کل سے صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب گلگت، اسکردو، مظفر آباد، چترال، دیر اور مری میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گلگت، اسکردو اور چترال میں آج ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کالام اور قلات میں منفی 11، اسکردو، مالم جبہ اور کوئٹہ میں منفی 08، بگروٹ اور گوپس میں منفی 07، استور میں منفی 06، چترال اور ہنزہ میں منفی 05 اور دالبندین میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسی طرح مری، دیر، پارہ چنار اور ایبٹ آباد میں منفی 03، میر کھانی اور گلگت میں منفی 02 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔