Tag: مولانا فضل الرحمان

  • مولانا فضل الرحمان بلاول اور مریم سے نالاں، بڑی دھمکی دے دی

    مولانا فضل الرحمان بلاول اور مریم سے نالاں، بڑی دھمکی دے دی

    اسلام آباد : جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول اور مریم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دے دی اور آصف زرداری اور نواز شریف کو خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا اگر بلاول اور مریم نے خود فیصلے کرنے ہیں تو انہیں سربراہی کیوں دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا کہ دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کے بھی خدشات ہیں ، ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیے بغیرکیا گیا اور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان میڈیا میں کیا گیا۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ فیصلے پی ڈی ایم پرمسلط کر رہے ہیں، طے ہوا تھا ہر فیصلہ پی ڈی ایم جماعتوں کی مشاورت سے ہوگا ۔

    فضل الرحمان نے گلہ کیا چھوٹی جماعتوں کو خدشات ہیں پی پی ،ن لیگ استعمال کر رہی ہے۔

    آصف زرداری اور نواز شریف سے گفتگو میں مولانا نے کہا اتحاد برقرار رہنا چاہیے، آصف زرداری نے کہا آپ کی شخصیت ہی پی ڈی ایم کو آگے لیکر چل سکتی ہے اور مولانا کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ شکایت نہیں ملے گی،ہر فیصلہ مشاورت سےہوگا۔

  • مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا، پولیس کا چھاپا

    مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا، پولیس کا چھاپا

    بنوں: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختون خوا کے شہر بنوں میں بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بنوں میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بنیادی مرکز صحت پر پولیس نے آج چھاپا مارا، تو وہاں سے کھانے پینے کے برتن برآمد ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے آئے مولانا فضل الرحمان نے بنیادی مرکز صحت کو باورچی خانہ بنا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق بنیادی مرکز صحت اکرم درانی کےگھر کے ساتھ واقع ہے، ڈی ایچ یو خلیفہ گل نواز سمیت بنیادی مرکز صحت کے تمام عملے کو معطل کر دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق فضل الرحمان کے لیے بی ایچ یو کو کچن بنانے والے 10 اہل کار معطل کر دیے گئے ہیں، ویمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شمع ناہید کو بھی معطل کر دیاگیا۔

    معطل ہونے والوں میں ٹیکنیشن افتخار، دفتر علی، نائلہ نور، دل روجانہ، شمع پروین، مطیع اللہ، ہارون راشد، نور رحمت اور نعیم اللہ بھی شامل ہیں۔

    معاملے پر ڈپٹی بی ایچ او بنوں کی سربراہی میں 2 رکنی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

  • مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر دیا

    مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر دیا

    پشاور: مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی موسیٰ خان کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی موسیٰ خان پر بطور سرکاری افسر خورد برد سے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب نے ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ خان نے اپنے بیٹے اور بھتیجے سمیت من پسند افراد کو بھرتی کیا، موسیٰ خان اور دیگر ملزمان نے مختلف پراجیکٹس میں خورد برد کی۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ خان نے اپنے بیٹے کو جعلی دستاویز پر بی پی ایس 10 اور بھتیجے کو بی پی ایس 8 میں غیر قانونی طور پر بھرتی کیا، انھوں نے سسٹینبل لینڈ منیجمنٹ پروگرام (سلیمپ) میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی، موسیٰ خان کے اثاثے ان کی آمدن سے کئی گنا زیادہ ہیں۔

    ریفرنس کے مطابق موسیٰ خان کی ایک کروڑ 92 لاکھ 97 ہزار 677 روپے کی جائیداد کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 29 لاکھ 53 ہزار روپے کے ٹرانزیکشنز ہوئیں، موسیٰ خان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے 5 کروڑ 60 لاکھ 33 ہزار 835 روپے کی کرپشن کی۔

    یاد رہے کہ موسیٰ خان نے نیب کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی دی تھی جس پر عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ موسیٰ خان نے درخواست میں الزام لگایا تھا کہ ان کے خلاف نیب کی کارروائی سیاسی انتقام ہے، انھوں نے مؤقف پیش کیا کہ میرے بیٹے جے یو آئی ف سے منسلک ہیں، حکومت نے جے یو آئی ف کی خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔

    مولانافضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کی ممکنہ گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں

    پشاور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ موسیٰ خان کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، ریکارڈ کے مطابق تفتیش سے پتا چلا کہ موسیٰ خان کے خریدے گئے اثاثے آمدن کے مطابق نہیں۔

    درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ موسیٰ خان نے حکومتی فنڈ میں خورد برد کی ہے، اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے بھی ہیں، جب کہ یہ سرکاری افسر تھے، انھوں نے اعتراف جرم کر کے درختوں کی کٹائی کی رقم بھی پلی بارگین کر کے واپس کر چکے ہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ موسیٰ خان خود پر لگائے گئے الزامات پر مناسب جواب نہیں دے سکے، ایسے میں سیاسی انتقامی کارروائی کا مؤقف بے بنیاد ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے موسیٰ خان کی نیب کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے نیب کو احتساب عدالت میں 7 روز کے اندر ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔

  • پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان

    پی ڈی ایم کا 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان

    بہاولپور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج بہاولپور ریلی سے خطاب میں اعلان کیا کہ انیس جنوری کو فارن فنڈنگ کیس کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا بہاولپور کے عوام نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، پی ڈی ایم حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حکومت صرف عوامی نمائندہ ہی چلا سکتا ہے، عوام کے نمائندے وہی ہیں جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہیں۔

    فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہتا ہے اسٹیبلشمنٹ میری پشت پر کھڑی ہے، اگر ایسا ہے تو اسٹیبلشمنٹ اپنی پوزیشن واضح کرے، اگر آپ اس حکومت کی پشت پر ہیں تو کیا ہم تحریک آپ کے خلاف چلائیں۔

    سربراہ پی ڈی ایم نے کہا وزیر اعظم نے بیان دیا کہ انھیں حکومت چلانی نہیں آتی، انھیں وقت چاہیے، یہ کیسی حکومت ہے، اس کے خلاف تحریک جہاد ہے اور جہاد سے پیچھا ہٹناگناہ کبیرہ ہے، یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں، اس حکومت کو جانا ہوگا اور نئے الیکشن ہونے چاہیئں۔

    پی ڈی ایم نے استعفے دئیے تو حکومت کا کام تمام ہوجائیگا، مریم

    فضل الرحمان نے حکومتی پالیسیوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کشمیر کو مودی کے ظلم و ستم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کشمیر کا سودا کیا گیا ہے، کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا عمران خان کا ہی تھا، انھوں نے کہا تھا مودی الیکشن میں کامیاب ہو تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، وہی ہوا مودی نے الیکشن جیت کر کشمیر پر قبضہ کر لیا۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم کی سربراہی میں ملک بھر میں کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے مظاہرہ کریں گے، 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی نکالی جائے گی۔

  • مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کے بغیر پارٹی سے نکالنے کے اثرات ضرور مرتب ہوں گے، مولانافضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے۔

    کوئٹہ میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے موروثی سربراہ بننے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، پارٹی میں موروثیت کے خلاف ہیں، دستور کے مطابق جو بھی پارٹی کا سربراہ بنے اس کا ساتھ دیں گے۔

    انھوں نے کہا موروثی لیڈر شپ کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے حالات سب کے سامنے ہیں جہاں اہم ارکان پیچھے کھڑے ہوتے ہیں جب کہ معاملات لڑکے اور لڑکیاں دیکھتی ہیں۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ویٹو پاور مریم نواز اور پیپلز پارٹی کی بلاول کے پاس ہے، مریم نواز کی کوالیفیکیشن صرف یہ ہے کہ وہ میاں نواز شریف کی بیٹی ہیں۔

    پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں تلخیاں مزید بڑھنے لگی

    حافظ حسین کا کہنا تھا کہ ماضی میں مولانا شیرانی کو مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں پارٹی سربراہ بنانے کی بات کرنے والے ساتھیوں کو خاموش کروایا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا جے یو آئی کو ن لیگ، پی پی جیسی نہج پر پہنچایا جا رہا تھا، میں نے اس کے خلاف آواز بلند کی، مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے تو اپنی پارٹی کو اتنا نقصان نہ پہنچتا۔

    حافظ حسین نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ جے یو آئی کو نقصان نہ پہنچے، الگ گروپ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

  • 31 دسمبر تک ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے: مولانا فضل الرحمان

    31 دسمبر تک ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے: مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے استعفوں سے متعلق فیصلہ کر لیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 31 دسمبر تک ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس کے بعد قیادت نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اکتیس دسمبر تک ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیں گے، اسی دن پی ڈی ایم کا پھر اجلاس ہوگا جس میں مزید فیصلے ہوں گے۔

    مولانا فضل الرحمان نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، حکومت نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو ملتان سے بھی برا حشر ہوگا۔

    انھوں نے کہا اکتیس دسمبر کے اجلاس میں پہیہ جام، شٹر ڈاؤن، جلسے اور جلوسوں کا شیڈول طے ہوگا، لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ اور تاریخ کا تعین بھی ہوگا۔

    اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، انھوں نے استعفے دیے تو الیکشن کرا دیں گے: وزیر اعظم

    مولانا کا کہنا تھا آج وزیر اعظم نے پھر کچھ غلط باتیں کی ہیں، ہم نے حکومت کی ڈائیلاگ کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے، موجودہ حکومت اس قابل نہیں کہ ان سے بات ہو۔

    انھوں نے کہا ہم اتفاق رائے کے ساتھ اپنے فیصلوں پر آگے بڑھ رہے ہیں، استعفے دے بھی دیے تو واپس نہیں چاٹیں گے، موجودہ حکومت ہل چکی ہے بس ایک دھکے کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم نے سینئر کالم نگاروں کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے، میں اپوزیشن سے زیادہ پُر اعتماد ہوں، اپوزیشن نے استعفے دیے تو ہم الیکشن کرا دیں گے، اگر ان کو این آر او دیا تو یہ ملک کے ساتھ غداری ہوگی، آج ان کے مطالبات مان لوں تو یہ ہر احتجاج ختم کر دیں گے۔

  • اپوزیشن نے طبل جنگ بجا دیا

    اپوزیشن نے طبل جنگ بجا دیا

    ملتان: آج ملتان میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ روکنے کے لیے اگر ڈنڈے کا استعمال کیا گیا تو آپ کو بھی ڈنڈا استعمال کرنے کی اجازت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان جلسے کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کرنے کے لیے پی ڈی ایم اجلاس کی صدارت کے بعد جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے پریس کانفرنس میں طبل جنگ بجا دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کل 30 نومبر کو ملتان میں عظیم الشان جلسہ ہونے جا رہا ہے، اس جلسے سے روکا گیا تو عوام کا سیلاب بہا کر لے جائے گا، کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے ڈنڈے کے جواب میں ڈنڈا استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا پولیس یا کوئی بھی قوت راستے میں آئے توان کی قوت توڑ دیں۔

    مولانا نے کہا کہ ہم لاقانونیت اور پولیس گردی کو قبول نہیں کریں گے، اگر ہم جلسے کا رخ نہ کر سکے تو جیلوں کا رخ کریں گے، میں جمعہ اور اتوار کو پورے ملک کے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاج کا اعلان کرتا ہوں۔

    کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    انھوں نے کہا ہم ہر صورت حال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، کل میدان گرم ہو جائےگا، انھوں نے جنگ چھیڑ دی اور ہم نے بھی جنگ چھیڑ دی ہے۔

    فضل الرحمان کا کہنا تھا ملتان میں ہمارے لیے کرونا ہو رہا ہے لیکن دیر اور لاہور میں جلسہ ہو رہا ہے کیا وہاں کرونا نہیں، کو وِڈ 19 سے زیادہ کو وِڈ 18 خطرناک ہے، کل ملتان میں جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔

    سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو علیل ہیں، تاہم آصفہ بھٹو کل ملتان جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گی، حکومت کا مشکور ہوں ملتان جلسے سے پہلے ہی جلسہ کامیاب کر دیا، عمران خان نے کہا تھا جلسے کریں کنٹینر اور کھانا دیں گے، ملتان میں کنٹینر پہنچا کر حکومت نے آدھا وعدہ پورا کر دیا۔

  • کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ سامنے آ گیا

    کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ سامنے آ گیا

    کراچی: مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو فوری طور پر رہا کیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں پی ڈی ایم رہنماؤں نے کیپٹن محمد صفدر کی گرفتاری پر ردِ عمل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صفدر کی گرفتاری کے ذریعے ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے بات ہوئی تو انھوں نے اس پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کیا۔

    مولانا کا کہنا تھا کہ یہ صرف مریم پر نہیں بلکہ پوری پی ڈی ایم پر حملہ ہے، مریم نواز یہاں آئی ہیں تو پیپلز پارٹی اور ہم میزبان ہیں، جس کی مدعیت میں ایف آئی آر کٹی، وہ مدعی کون ہے ہم عوام کو بتائیں گے۔

    مزارقائد کے تقدس کی پامالی سے متعلق کیس :کیپٹن (ر) صفدر کوعدالت میں پیش کردیاگیا

    مولانا فضل الرحمان نے کہا پی ڈی ایم رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا، کمرے پر دھاوا بول کر دروازہ توڑا گیا، ان کی گرفتاری قابل مذمت اور شرم ناک ہے، گرفتاری سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی لاعلم رکھا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ مزار قائد پر ہلڑ بازی کی گئی، پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہلڑ بازی کا کلپ بھی موجود ہے۔

    واضح رہے کہ مزار قائد کے تقدس کی پامالی پر کیپٹن (ر) صفدر کو کراچی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، آج اس کیس میں صفدر کو عدالت میں بھی پیش کیاگیا۔ مریم نواز اور ان کے شوہر کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں مقدمہ درج ہے، جس میں مزار قائد کی بے حرمتی، املاک کو نقصان پہنچانے اور دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ اس مقدمے میں 200 نامعلوم افراد بھی نامزد ہیں۔

  • غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    غداری کے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ غداری کا کیس کرنے والے خود غدار ہیں، ہم ایسے مقدمات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر مقدمات بنا کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ہم آئین کی حدود سے باہر نہیں جارہے تو کوئی ادارہ بھی باہر نہ جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پلاننگ میں ہے کہ اسلام آباد جائیں گے، غیرت مند لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، عوام کی خوشحالی ہمارا ہدف ہے، حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اترسکی، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

    پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ 16 اکتوبر کو پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوگا، حقیقی حکومت کے قیام کے لیے قومی سطح پر سفر کا آغاز کیا جارہا ہے، پی ڈی ایم کی طرف سے پورے ملک میں جلسے، مظاہرے ہوں گے۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ پہلے ہی دو تین جلسوں سے تبدیلی کے اثرات پیدا ہوجائیں گے، یہ تاثر غلط ہے کہ سیاسی، جمہوری لوگ اداروں کے خلاف بات کررہے ہیں، ہم اداروں کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ ملکی سیاست پر اثر انداز ہوتا ہے تو یہ حلف کی مخالفت ہے، شکایتیں سنجیدہ ہیں، ان معاملات پر ٹھنڈے دل سے سوچنا چاہئے۔

  • مولانا فضل الرحمان آج  مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے

    مولانا فضل الرحمان آج مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے

    لاہور : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج جاتی عمرہ میں مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے، ملاقات میں شہبازشریف کی گرفتاری، دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وفد کے ہمراہ آج مریم نواز اورمسلم لیگ (ن) کے قائدین سے رائے ونڈ میں ملاقات کریں گے۔

    پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی۔ڈی۔ایم) کے سربراہ کے طورپر مولانا فضل الرحمن کی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہے، ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی موجود ہوں گے جبکہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے اہم قائدین بھی ملاقات میں شرکت کریں گے۔

    ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی جبکہ شہبازشریف کی گرفتاری، دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا اور پی ڈی ایم کے جلسوں اور دیگر سرگرمیوں پر مشاورت ہوگی۔

    مولانا فضل الرحمن اور ان کے وفد کو مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے عشائیہ دیا جائے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات نواز شریف کے کہنے پر ہو رہی ہے ، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ وہ مریم سے ملاقات کریں۔

    مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔