Tag: مولانا فضل الرحمان

  • شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دے کرکامیاب کرائیں گے، مولانا فضل الرحمان

    شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دے کرکامیاب کرائیں گے، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد : جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی ف ہماری جماعت حکومت کے ساتھ کھڑی ہےاور شاہد خاقان عباسی کو مکمل سپورٹ کرے گی، کرپشن کیخلاف جنگ تو عنوان ہے اصل میں کرپشن کی آڑ میں سیاسی جنگ لڑی جارہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو رائے دیتے رہے ہیں اورآئندہ بھی موقع آئے گا تو مزید رائے بھی دینگے، وزیر اعظم کے انتخاب میں جے یوآئی ف شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائے گی۔

    مولانافضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی دھمکی سے ان کی نیت واضح ہوگئی، سیاست بچوں کا کھیل نہیں ہے، ہم نے مردانہ وار سیاست کی ہے، ہم گیڈر بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اب نظریاتی سیاست کاخاتمہ ہوچکا ہے، لیکن ہم نظریاتی سیاست کررہےہیں جس سےہمیں کوئی نہیں روک سکتا، ہم نے ایک مؤقف اپنایا ہے جس پر ہمیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، بھاڑ میں جائے تمہاری دھمکیاں، تمہاری دھمکیوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گدلے قسم کے لوگ ہماری سیاست پرکیچڑ اچھال رہے ہیں، دنیا بھرمیں اب کرپشن جیسے عنوان پر سیاست ہوگی، کرپشن کیخلاف جنگ تو محض عنوان ہے، اصل میں سیاسی جنگ لڑی جارہی ہے، اصل عزائم کیا ہیں اور پس پردہ کیا چھپا ہوتا ہے سب کو معلوم ہے۔


    نئے وزیراعظم کا انتخاب، شاہد خاقان کی فضل الرحمان سے ملاقات


    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے بھی سنجیدہ نہیں تھیں اب بھی نہیں ہیں، اپوزیشن کو پہلے کہا تھا کہ ایک دوسرے کو چور کہنے کا معاملہ بھی طے کرلیں۔


    مزید پڑھیں: ملک میں جان بوجھ کربحران پیدا کیا گیا ہے،  فضل الرحمان


    ملک کوبحران کی طرف نہیں جانے دینا،دشمنوں کو روکنا ہے، ملک کی سلامتی کےلیے ہم ایک صفحے پرہونگے یکسوئی ہوگی، موجودہ حالات میں حکومت کےسامنےکوئی شرائط نہیں رکھ رہے۔

    انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سازشیں ملک میں انتشار لانے کیلئے کی جارہی ہیں، عالمی گریٹ گیم کے تحت ترقی پذیر ممالک کو کمزور کیا جارہاہے۔

  • پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے والے آج استعفی مانگ رہے ہیں، فضل الرحمان

    پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے والے آج استعفی مانگ رہے ہیں، فضل الرحمان

    کراچی : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی صورت استعفیٰ نہ دیں کیونکہ مسئلہ پاناما کا نہیں، پاکستان کو اقتصادی پرواز سے روکنے کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کے اہم اتحادی مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو استعفی نہ دینے اور دباؤ کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈٹ جانے کا مشورہ دے دیا۔

    پیپلز پارٹی پر تعجب ہے، خورشید آج جمہوریت مخالفین کے ساتھ بیٹھے ہیں

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پیپلز پارٹی پر تعجب ہورہا ہے، خورشید شاہ کل جن لوگوں سے جمہوریت کو بچا رہے تھے آج ان ہی کے ساتھ بیٹھے ہیں، جےآئی ٹی رپورٹ بس رپورٹ ہے، جزوی طور پر صحیح اورغلط بھی ہوسکتی ہے۔

    دھرنے کے نام پر دو حملے اوراب یہ تیسرا حملہ

    ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت پر تیسراحملہ ہے، اس سے پہلے دھرنے کے نام پر دو حملے ناکام ہوچکے ہیں، دھرنے ناکام بنا کر سی پیک کا راستہ بنایا ہے، امریکا اوربیرونی قوتیں سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، اس حوالے سے امریکا اوربھارت گٹھ جوڑ کرچکے ہیں۔

    بیرونی اور امریکی پلان کی شروعات ہوچکی

     انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے سامنے پرانا کیس کھولیں تو وہ اس کے لیے نیا ہوتا ہے، ہم پاکستان کے روشن مستقبل کے ساتھ کھڑے ہیں، بیرونی اور امریکی پلان کی شروعات ہوچکی ہے۔

    چینی صدر کے دورے کے وقت بھی ہنگامے کھڑے کیے گئے

    مخالفین کا پلان یہ ہے کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جائے، اس کے لیے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے، حالات کاوسیع تجزیہ کرنا ہوگا، چینی صدرکے دورے کےوقت بھی ہنگامے کھڑے کیے گئے تھے۔

    پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے والے آج کیسے استعفیٰ  مانگ رہے ہیں

    انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے والے آج بھی پارلیمنٹ کے ارکان ہیں، استعفے دینے والوں کے ہاتھوں پارلیمنٹ کی بےعزتی کی جارہی ہے، پارلیمنٹ سے استعفے دینے والے کیسے استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟

    خیبر پختونخوا میں کرپشن کا ذکر کیوں نہیں کیا جارہا؟

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن کا ذکر کیوں نہیں کیا جارہا؟ این جی اوز کے ذریعے خیبرپختونخوا کو چلایا جارہا ہے، ٹوئٹس نے اداروں کو فریق بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔

    جمعیت علمائے اسلام کو حکومت دی جائے تو کرپشن ختم ہو جائے گی

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کو حکومت دی جائے تو کرپشن ختم ہو جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو تنہا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک مزید کسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

    آج جو کچھ ہورہا ہے کل اس پر آپ رو رہے ہوں گے

    جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا فریقین کا کام ہے،انہوں نے اعتماد نہیں کیا، نا اہل قراردینا عوام کی مرضی نہیں،ان کاکام منتخب کرنا ہے، آج جو کچھ ہورہا ہے کل اس پر آپ رو رہے ہوں گے۔

  • تبدیلی عسکری قوت سے نہیں بلکہ عوامی طاقت سے آئے گی، مولانا فضل الرحمان

    تبدیلی عسکری قوت سے نہیں بلکہ عوامی طاقت سے آئے گی، مولانا فضل الرحمان

    کراچی : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تبدیلی عسکری قوت سے نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے لائی جاسکتی ہے اسی لیے ہم پارلیمانی نظام کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔

    وہ قصرِ ناز کراچی میں بشپ نزیر عالم کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ آج 23 مارچ کے موقع پر بشپ نزیر عالم کی جے یو آئی میں شمولیت باہمی وحدت، ملک اور انسانیت کے لئے نیک فعال ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حضور ﷺکی تعلیمات کو کسی ایک مذہب یا فرقے تک محدود نہیں کیا جاسکتا اس لیے ہم نے اپنی مذہبی شناخت کو تحلیل نہیں کیا بلکہ ہمیں دنیا کو اسلام کے مطابق لے کر چلنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکولر اسلام پر تنقید کرتے ہیں تاہم اقلیت اسلام کے متعلق جو پیغام دنیا کو دے گی وہ موثر ہوگا اس کے علاوہ ہمیں خواتین کے حقوق دینے پر بھی کوئی اعتراض نہیں کیوں کہ ہمارا نظریاتی طور پر تو اختلاف ہوسکتا ہے مگر حقوق کے بارے میں نہیں اس لیے ہمارے پلیٹ فارم پر تمام مکاتب فکر کے لوگ آسکتے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ کہا جاتا ہے لیکن ہمیں بتایا جائے کہ 70 سال دور اقتدار میں ہم کتنا عرصہ اقتدار میں رہے اور ہم نے کہاں رکاوٹ کھڑی کی ہم پر وہ الزامات نہ لگائے جائیں جو ہم سے سرزد ہی نہیں ہوئے ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آزادی انسان کا بنیادی حق ہے اور اس سے یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا اس لیے اسلامی ریاست میں تمام لوگ محفوظ ہونے چاہئیے اور سب کو یکساں حقوق حاصل ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمانی اور جمہوری نظام کے حامی ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس ملک کو زندہ رکھنے کے لئے جمہوری اور پارلیمانی نظام لازم اور ملزوم ہے سب جان لیں کہ تبدیلی کا سرچشمہ عوام ہیں اور انقلاب بھی سیاسی قیادت سے آئے گا کسی عسکری قیادت سے نہیں خون بہائے بغیر مستقبل کی جدوجہد کا تعین کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جب خیبر پختون خواہ میں میرے والد وزیراعلیٰ تھے تو اس وقت جب تعلیمی اداروں کو قومی تحویل میں لیا گیا تو میرے والد نے مشنری اسکولوں کو سرکاری تحویل میں لینے کی مخالفت کی اسی طرح ہم بھی اپریل میں کے پی کے میں ہونے والی صد سالہ تقریب میں تمام جماعتوں اور مذاہب کے لوگوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پگڑی اور داڑھی کے بارے میں منفی تاثر پھیلایا جاتا ہے لیکن جب کوئی ہماری صف میں شامل ہوتا ہے تو اسے حقائق کا اندازہ ہوتا ہے کہ ہم کیسے اقلیتوں کو سینوں سے لگاتے ہیں اور ان کا تحٍظ کرتے ہیں۔

  • بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ دنیا کا ایک بڑا منصوبہ ہے، منصوبے کے لئے بیرون ممالک سے پودے درآمد کیےجا رہے ہیں، اب تک 80 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، اس پروجیکٹ سے 5 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا ہے.

    عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا،اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ فاٹا کے عوام کا بھی پاکستان پورا حق ہے۔

    ٍخیال رہے کہ فروری 2015 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سونامی ٹری مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ کے پی کے میں جنگلات کو بچانے کے لئے مقامی لوگوں پر مشتمل نگہبان ٹاسک فورس بنائی جائے گی.

    شجرکاری مہم کے دوران حکومتی سرپرستی کے ذریعے مقامی افراد کو نرسریز بنا کر دی جائیں گی جن سے صوبے کے جنگلات میں ایک ارب درخت لگائیں جائیں گے۔

  • ایم کیو ایم قائد اورکراچی قیادت پرغداری کا مقدمہ ہونا چاہئیے، مولانا فضل الرحمان

    ایم کیو ایم قائد اورکراچی قیادت پرغداری کا مقدمہ ہونا چاہئیے، مولانا فضل الرحمان

    راولپنڈی : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پارلیمنٹرینز بنائی ہے۔ ایم کیو ایم قائد اور کراچی قیادت پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم نہیں ہوا مہاجرین کہاں جائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جنرل ضیاء نے ایم کیو ایم بنائی مشرف نے اسے پالا اب ہم پرائی ملکیت کا کیا کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم کی پی پی پارلیمنٹرینز کی طرح ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی ایم کیو ایم پارلیمنٹرینز بنائی ہے، جتنے بااختیار مخدوم امین فہیم تھے اتنے ہی با اختیار ڈاکٹر فاروق ستار بھی ہیں۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم کےآئین میں ترمیم ہونے تک اصل طاقت ایم کیوایم کے قائد کے پاس ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے لئے ایم کیوا یم کے آئین میں تبدیلی بڑاچیلنج ہو گا۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پارلیمنٹرینز پاکستان مردہ بادکی حمایت کر کے پارلیمنٹ میں کیسے داخل ہو سکتےتھے؟ کراچی میں ایم کیو ایم قائد کی تصویریں اتروانے کا مقصد خوف کی فضاء کاخاتمہ ہے، ایم کیو ایم قائد اور کراچی قیادت پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہئیے۔

    صحافی کے سوال کے جواب میں فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پہلے بھی کئی بار نعرے لگے تب کیا ہوا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغانستان میں امن قائم نہیں ہوا مہاجرین کہاں جائیں،انسانی حقوق پامال ہوتے رہے تو پاکستان ترقی کی راہ پر نہیں جا سکے گا ،افغانستان اورفاٹا سے آنے والوں پرزندگی اجیرن کردی گئی ہے۔

     

  • فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کی کارکردگی بہتری کریں، خورشید شاہ

    فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کی کارکردگی بہتری کریں، خورشید شاہ

    لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جوانی میں خوب غیر ملکی دورے کرتے تھے،انہیں چاہیئے کہ کشمیر کمیٹی کی کارکردگی کو بھی بہتر بنائیں استعفی نہ دیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کافی عرصے سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین ہیں لیکن نہ تو ملکی سطح پر اور نہ ہی عالمی سطح پر کشمیر کے لیے کوئی کام ہوا۔

    ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل میں کسی کی پسند نا پسند کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، ایسا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے گا جو غیر جانب دار ہو گا اور جس سے آنے والی نسلوں کو فائدہ ہو گا۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ پاناما لیکس ہی ایشو ہے، جائز چیزوں کے لیے قانون سازی ہونی چاہئے، ٹی او آر کے معاملے پر اپوزیشن کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

    اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن وزیراعظم نوازشریف کا نام نکالنے پر تیار ہوگئی تھی لیکن وزیراعظم نے دو مرتبہ قوم سے خطاب میں خود کو احتساب کے لیے پیش کیا۔ جس کے بعد ڈیڈ لاک آ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی محاذ پر نہیں بلکہ افہام و تفہیم پر یقین رکھتی ہے اور اسی لیے ہم نہیں چاہتے کہ مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر آنے کی نوبت آئے۔

  • میاں صاحب آپ کو جانا ہوگا، چئرمین پی ٹی آئی عمران خان

    میاں صاحب آپ کو جانا ہوگا، چئرمین پی ٹی آئی عمران خان

    مظفرآباد: عمران خان نے کہا ہےکہ اوپر والے امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے میاں صاحب کو پویلین واپس جانا ہوگا،عمران خان مولانا فضل الرحمان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

    تحریک انصاف نے مظفرآباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جلسے کپتان کا جوش خطابت اور کارکنان کا جوش بھی دیدنی تھا ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب بچ نہیں سکتے انہیں پویلین واپس جانا ہوگا۔

    انکا کہنا تھا کہ نواز شریف ایئرپورٹ اور سڑکوں کا افتتاح کرکے احتساب سے بچ نہیں سکتے جبکہ اُنگلی اٹھ چکی ہے، اب وزیراعظم کو پویلین واپس جانا ہوگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ آزادکشمیر میں آکر ووٹ حاصل کرنے کیلئے جذباتی تقریر کا ڈرامہ نہیں کریں گے۔، وزیراعظم بننے کے بعد بھارت سے مسئلہ کشمیر پرخود بات کریں گے۔ وزیراعظم نواشریف بھارت سے کھل کر بات نہیں کرسکتے کیونکہ ان کے کاروباری مفادات وابستہ ہیں۔

    عمران خان نے مولانا فضل الرحمان پر بھی جم کر گولا باری کی،ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم نوازشریف کو بچانے کے چکر میں ہیں۔

    عمران خان نے جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی کرنےوالوں کو وارننگ دیتے ہوئے خواتین کی حفاظت کیلئے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کردیا۔

  • جمہوری نظام کیخلاف سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان

    جمہوری نظام کیخلاف سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، فضل الرحمان

    ڈیرہ اسماعیل خان : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست پروہ لوگ قبضہ کرناچاہتے ہیں،جوسیاست کاغیرجمہوری عنصر ہیں۔ جمہوری نظام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کی تعریفوں کےپل باندھ دیئے اور اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نہیں آپ خود چورنکلے ہو ترقی کے سفرکاآغازہوچکا ہے۔ کامیابی پر ہی اختتام پذیر ہوگا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم کو اطمینان دلاتا ہوں کہ عوام کی ایک بہت بڑی صف آپ کی پشت پر ہے اور یہ اللہ کی تائید کی علامت ہے ہم اس بات کی حمایت کرتے ہیں کہ پاکستان میں امن و استحکام ہو۔

    مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، چورکی صدا لگانے والے خود چور نکلے ہیں۔

    پاکستان میں یہ آوازیں یہاں کی نہیں بلکہ کہیں باہر کی ہیں اور سب نے دیکھ لیا کہ لندن میں جا کر ایک پاکستانی مسلمان کو چھوڑ کر یہودی سالے کی انتخابی مہم چلائی گئی۔ تمہارے پاس 1983 میں اتنا پیسہ تھا کہ تم نے ٹیکس سے بچنے کیلئے آف شور کمپنی بنائی لیکن 1987 میں تم وزیر اعلیٰ کے آگے پلاٹ کیلئے ہاتھ پھیلا رہے تھے ۔

    مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کی کارکردگی بدترین ہے۔

    اس حکومت کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی سی ایس افسران بائیکاٹ پر مجبور ہوئے اور کالی پٹیاں باندھ کر پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔ مولانا نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف ضرور کریں لیکن حد میں رہیں۔

     

  • مولانا فضل الرحمان کرپشن کی وکالت نہ کریں، عمران خان

    مولانا فضل الرحمان کرپشن کی وکالت نہ کریں، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان توعالم دین ہیں، وہ کرپشن کی حمایت کیسے کرسکتےہیں ؟ کرپشن کی وکالت نہ کریں.انہوں نے دعوٰی کیا اب حکومت لوگوں کو خریدنے کے لئے بازار لگادے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ اسلام آباد میں عمرہ کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ میں عمرہ پر جانے سے پہلے نوازشریف کو کچھ باتوں کے جوابات دینا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اوران کے بچوں کے نام پاناما پیپرز میں آئے ہیں اور یہ پیپرز اپوزیشن نے جاری نہیں کئے ہیں،.

    عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے دیئے گئے ٹی او آرز بالکل ٹھیک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کرپشن کے الزام کا جواب دینے کے بجائے ملک کےدورے کررہےہیں.

    جلسوں میں وزیر اعظم تقریریں کر کے پی ٹی آئی پر الزام لگا رہے ہیں کہ ہم ملکی ترقی میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم یہ بتائیں کہ پیسہ کیسے باہر بھیجا گیا ہے،کیسے کمایااور ٹیکس کتنا دیا؟

    کپتان کو اس موقع پر تین کالے چشموں والے تین رہنماؤں کو دیکھ کرہالی ووڈ فلم بلیوز برادرز کی یاد آگئی۔ عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان توعالم دین ہیں،کرپشن کی حمایت کیسے کرسکتےہیں؟

    حکومت کا کام بلیک میل کرنا نہیں بلکہ مجرموں کو پکرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے دعوٰی کیا کہ اب حکومت لوگوں کو خریدنے کے لئے بازار لگادے گی۔

    کپتان نے کہا کہ اس وقت ملک میں 2 تحریکیں چل رہی ہیں، کرپشن بچاؤ اورکرپشن ہٹاؤ کامقابلہ ہے،ہٹاؤ والےجیتیں گے، اگر آپ کامیاب ہوگئے تو یہ اس ملک کی بدقسمتی ہوگی.

    اس موقع پر عمران خان نے پیشکش کی کہ وزیراعظم اپنے ساتھ میرا کا بھی احتساب کرالیں۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد عمران خان عمرے کےلئے روانہ ہوگئے۔ ان کی واپسی تین روز بعد ہوگی۔

     

  • چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    بنوں : جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کہا چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس خیبر پختونخوا کا مینڈیٹ ہے وہی لوگ اس کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کی خاطر پوری اپوزیشن سے پنگا لے لیا۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم نواز شریف کی بنوں آمد کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے صوبے میں چوہوں سے ڈرنے والے شیروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اس موقع پروزیر اعظم نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کا ہاتھ تھام کر نعرے لگائے، اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو شیرقراردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو جیل بھیجنے کی باتیں کرنے والوں کی باری آئی تو نہ انہیں گھر ملے گا اور نہ ہی پاکستان بلکہ ان کو اپنی سسرال جانا ہوگا۔

    مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کی باعزت طور پر گھروں کی واپسی یقینی بنائی جائے۔

    جلسے کے دوران وزیراعظم اور مولانا کوساتھ اور دونوں رہنماؤں کی محبت دیکھ کر سابق وزیراعلٰی اکرم درانی جذبات میں آگئے۔

    انہوں نے دعا دیتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک جوڑی سلامت رکھے۔ سابق وزیراعلٰی اکرم درانی نےکہا وزیر اعظم حکم کریں ایک مہینے میں صوبائی حکومت گرادیں گے۔

    بنو ں کے مشترکہ جلسےمیں ن لیگ کے کارکن کم اور جے یو آئی کے حامیوں کی تعداد زیادہ نظر آئی۔