Tag: مولانا محمد حنیف

  • چمن دھماکے میں شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ، آبائی قبرستان میں سپردخاک

    چمن دھماکے میں شہید مولانا محمد حنیف کی نماز جنازہ، آبائی قبرستان میں سپردخاک

    چمن : دھماکہ میں شہید ہونے والے جے یو آئی ایف کے رہنما مولانا محمد حنیف کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، دھماکے کا مقدمہ قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے شہر چمن میں دھماکہ میں شہید ہونے والے جے یو آئی ف کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مولانا محمد حنیف کی جنازہ ملت آباد میں شہید کے مدرسے میں ادا کردی گئی۔

    نماز جنازہ میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اراکین قومی صوبائی اسمبلی سینیٹرز رہنماؤں قبائلی عمائدین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ واقعے کے خلاف جے یو آئی ف کے اپیل پر چمن سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن رہا۔

    مزید پڑھیں: چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    جن کی قوم پرست جماعتوں نے بھی حمایت کی تھی، مولانا کی نماز جنازہ ان کے بیٹے قاری محمد قاسم نے پڑھائی۔ گزشتہ روز تاج روڈ بم دھماکے میں مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ سترہ زخمی ہوئے تھے۔

  • چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریب عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اس سے قبل مئی میں ضلع قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما ولی اچکزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سپینہ غنڈی میں ہونے والے دھماکے میں مقامی قبائلی رہنما حاجی ولی اچکزئی اپنے 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔