Tag: مومن آباد پولیس

  • پولیس اہل کار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا (ویڈیو)

    پولیس اہل کار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا (ویڈیو)

    کراچی: پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا کر منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے والا ملزم آخر کار گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ساجد کاچک نامی منشیات فروش نے چند ماہ قبل پولیس اہل کار کو بھرے مجمع میں منہ پر زناٹے کا تھپڑ رسید کر دیا تھا، پولیس اہل کار اس کے سامنے بے بس ہو گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔

    ایس ایچ او مومن آباد عبد الخالق انصاری نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مومن آباد پولیس کے ہاتھوں انتہائی مطلوب ملزم ساجد عرف کاچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں۔

    مومن آباد پولیس اسٹیشن کے اہل کار کو یرغمال بنانے اور منہ پر زور کا تھپڑ مارنے والا ملزم ساجد کاچک

    یاد رہے کہ ساجد کاچک نے جون 2020 کو 2 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنایا تھا، اہل کار علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچے تھے، جب ملزم ساجد نے پولیس اہل کاروں کو سرعام تھپڑ مارے اور دونوں اہل کاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس نیوز رپورٹ میں دو ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں سے ایک میں پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم ایک پولیس اہل کار کا پولیس کارڈ بھی دکھاتا ہے۔

    عبدالخالق انصاری کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف درجن سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں، ملزم کو خفیہ اطلاع پر ایک مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا، ساجد کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔

    ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس 5 ماہ سے اس انتہائی مطلوب ملزم کو تلاش کر رہی تھی، آخر کار خفیہ اطلاع ملنے پر اس کے خلاف کی گئی کارروائی میں وہ گرفتار ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: مومن آباد پولیس کی کارروائی، 6 رکنی تالہ توڑ افغانی گروپ گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 رکنی تالہ توڑ گروپ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مومن آباد پولیس نے تالہ توڑ گروپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق تالہ توڑ افغانی گروپ سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے پانچ 30 بور پستول، ایک 9 ایم ایم پستول، ایک لاک کٹر، 14 موبائل فون اور رکشا بر آمد کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 5 افغان شہری شامل ہیں، اس گروہ نے درجنوں موبائل فون شاپس سمیت دیگر دکانوں کے تالے کاٹے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، ماہ اگست میں 36 افراد کو قتل کیا گیا، سی پی ایل سی

    ملزمان دن میں کچرا کنڈی میں سوتے اور رات کو وارداتیں کرتے تھے، ملزمان نے چند ماہ پہلے ایک فیکٹری کا بھی صفایا کیا، پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر 3 ساتھی افغانستان فرار ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف رینجرز نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں، جن سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بر آمد کی گئی۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں گلبہار، بلوچ کالونی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کی گئیں، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔