لاہور: پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کا شناختی کارڈبلاک کرکے پاسپورٹ بھی کنٹرول لسٹ میں ڈال دیاگیا
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ عدالتی احکامات پر بلاک کر دیا گیا ہے اورپاسپورٹ بھی کنٹرول لسٹ میں ڈال دیاگیا۔
چھ دیگر شریک ملزمان عامر سہیل، عمیر فیاض، امتیاز علی شاہ، فرصت علی اور عابد علی خان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
ملزمان کاشناختی کارڈ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہورمقدمہ میں بلاک کیاگیا ، عامرسہیل،عمیرفیاض،امتیازعلی شاہ،فرصت علی اورعابد علی خان ملزمان میں شامل ہیں۔
ایف آئی اے لاہور کے ڈائریکٹر نے کہا کہ لانڈرنگ میں ملوث افراد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اس سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں پی ٹی آئی رہنما مونس الٰہی کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیتے ہوئے لاہور کی عدالت میں ضمنی چالان جمع کرایا تھا۔
لاہور میں ایف آئی اے کی انسداد منی لانڈرنگ عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں الزام لگایا گیا تھا کہ فراست علی چٹھہ نے مونس الٰہی کی کمپنی کے اکاؤنٹس میں ایک ارب روپے جمع کرائے اور اسے منی لانڈرنگ اسکیم میں مزید ملوث کیا۔
تحقیقاتی ایجنسی نے اس سے قبل الٰہی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے تھے، جو پہلے ہی انٹرپول کو بھیجے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کی خصوصی مرکزی عدالت نے 17 نومبر کو منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر الٰہی کے تمام اثاثے اور بینک اکاؤنٹس ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔