Tag: مونٹانا

  • امریکی ریاست مونٹانا میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    امریکی ریاست مونٹانا میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    مونٹانا(2 اگست 2025): امریکی ریاست مونٹانا کے بار میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جان سے گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے علاقے اناکانڈا میں یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نیتجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔

    مونٹانا پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور مشتبہ حملہ آورکی تلاش جاری ہے کئی رہائشی علاقوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو اناکانڈا کے مغرب میں واقع اسٹمپ ٹاؤن کے علاقے میں دیکھا گیا ہے، پولیس اور سیکیورٹی ادارے علاقے کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔

    شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، واقعے کے محرکات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکے، واضح رہے کہ امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات عام ہیں، جہاں اسلحہ رکھنے کے آئینی حق کو اکثر سخت قوانین کی مخالفت میں پیش کیا جاتا ہے۔

  • 88 سالہ بوڑھے کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی

    88 سالہ بوڑھے کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی

    مونٹانا: امریکی ریاست مونٹانا میں ایک بوڑھے آدمی کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ریاست مونٹانا کے رہائشی 88 سالہ اسٹیون وائٹ کلاؤڈ کو گزشتہ برس اگست میں 2 بینک ڈکیتیوں میں کردار پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    مونٹانا کے یو ایس اٹارنی کے مطابق اسٹیون وائٹ کلاؤڈ نے فروری میں صرف ایک بینک ڈکیتی کا جرم قبول کر لیا تھا، امریکی ڈسٹرکٹ جج سوسن واٹرس نے کیس کی سنوائی مکمل ہونے پر وائٹ کلاؤڈ کو دو سال قید کی سزا سنائی، جب کہ رہائی کے بعد بھی اسے تین سال تک نگرانی میں رہنا پڑے گا۔ عدالت نے وائٹ کلاؤڈ پر 3,092 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق 24 اگست 2023 کو وائٹ کلاؤڈ کا شریک 26 سالہ ملزم پیٹرک جسٹس ایک امریکی بینک میں داخل ہوا اور کیشیئر کو ایک پرچی دی جس پر رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، ڈکیتی کے بعد وہ ایک سبز رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گیا۔

    چار دن بعد پیٹرک جسٹس ایک ویلز فارگو بینک میں داخل ہوا اور دوبارہ کیشیئر کو ایک پرچی دی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، جسٹس نے دھکمی بھی دی کہ وہ مسلح ہے جس پر کیشیئر نے اسے پیسے دے دیے، تاہم پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی انھوں نے پیٹرک جسٹس کو ایک سبز رنگ کی فورڈ ٹورس میں داخل ہوتے دیکھا۔ تعاقب کے بعد پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی وائٹ کلاؤڈ چلا رہا تھا جب کہ پیٹرک جسٹس اس میں بیٹھا ہوا تھا، پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔

    حکام کے مطابق دونوں نے دونوں ڈکیتیوں میں مجموعی طور پر 15 ہزار ڈالر لوٹے تھے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ پیٹرک جسٹس دوسرے مجرم وائٹ کلاؤڈ کا پوتا ہے۔ وائٹ کلاؤڈ کو 2008 میں بھی بینک ڈکیتی کے جرم میں 10 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

    وائٹ کلاؤڈ صحت کے سنگین مسائل سے بھی دوچار ہے، انھیں اسٹیج 5 کا پھیپھڑوں کا کینسر ہے، ہیپاٹائٹس سی اور ہائی بلڈ پریشر ہے، گٹھیا کا مرض بھی لاحق ہے، نقل و حرکت کے لیے انھیں اضافی آکسیجن کے استعمال کی ضرورت پڑی ہے۔

    امریکی اٹارنی نے سزا والے میمورنڈم کو پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وائٹ کلاؤڈ کی حالت خستہ ہے، لیکن تمام تر بیماریوں اور کمزوری کے باوجود اس نے خود کو کمیونٹی کے لیے ایک اہم خطرہ ثابت کیا ہے۔ ان کے پوتے کو بھی دو سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔

  • 12 سالہ بچہ دادا دادی کے تشدد سے ہلاک

    12 سالہ بچہ دادا دادی کے تشدد سے ہلاک

    امریکا میں 12 سالہ بچے کو دادا، دادی اور چچا نے تشدد کر کے قتل کردیا، دادی نے تشدد کرتے ہوئے ویڈیوز بھی بنائیں جو اسی کے خلاف بطور ثبوت استعمال کی جارہی ہیں۔

    امریکی ریاست مونٹانا کے علاقے ویسٹ یلو اسٹون میں پولیس نے ایک گھر سے 12 سالہ بچے کی لاش برآمد کی جسے شدید تشدد کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچہ اپنے دادا، دادی، 2 چچاؤں اور ایک پھوپھی کے ساتھ رہ رہا تھا۔

    پولیس کو گھر کی تلاشی لینے پر ویڈیوز اور دیگر شواہد ملے جن سے علم ہوا کہ بچے کے انکل اور دادا دادی اسے مستقل برا بھلا کہتے اور تشدد کا نشانہ رہتے تھے، بچے کو ایک بار لکڑی کے تختے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اکثر اس کا کھانا پینا بھی بند کردیا جاتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منظم اور مسلسل تشدد ہی بچے کی موت کا سبب بنا۔

    دوسری جانب ملزمان کا بیان ہے کہ واقعے کے روز بچے نے اپنے دادا سے بدزبانی کی اور بعد ازاں چھری لے کر دادی کے اوپر سوار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موت سے 24 گھنٹے قبل بچے کے سر پر سخت ضربیں بھی لگائی گئیں، واقعے والے روز بچہ فرش پر سویا اور ساری رات کراہتا رہا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچہ اندرونی طور پر بھی چوٹوں کا شکار تھا۔