چلاس : سیاحتی وادی بابوسر میں مون سون کی بارشوں نے قیامت خیز تباہی مچادی، مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے جبکہ کاشت فصلیں مکمل تباہ و برباد ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے ، دیامر میں سیلاب نے گھروں، فصلوں، باغات اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچایا۔
سیاحتی وادی بابوسر میں مون سون کی بارشوں نے قیامت خیز تباہی مچائی ، تیز بارشوں کے باعث 8 سے 9 مکانات مکمل طور پر زمین بوس ہوگئے اور تقریباً 100 کنال زیر کاشت فصلیں مکمل تباہ و بربا دہوگئیں۔
بٹوگاہ اور کھنیر ویلی میں سیلاب سے رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئیں جبکہ داریل اور ڈوڈشال میں بارشوں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ، انھیں خوراک اور طبی امداد کی ضرورت ہے جبکہ شہر میں صاف پینے کے پانی کی شدید قلت کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں، اےڈی سی نظام الدین کا کہنا ہے کہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ریلیف آپریشن جلد شروع کیا جائے گا۔