Tag: مون سون ہوائیں

  • مون سون ہوائیں پاکستان  میں داخل، شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل، شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    اسلام آباد : نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ بنگال کی خلیج اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہورہی ہیں اور آئندہ دو روز تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    این ای او سی نے کہا دریائے راوی واٹرشیڈ میں درمیانی سے شدید بارشیں متوقع ہیں، جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ دو ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی سطح غیر معمولی طور پر بلند ہے جبکہ شاہدرہ اور بلوکی پر درمیانی سطح کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مون سون بارشوں کے 9ویں اسپیل کا الرٹ جاری

    این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ نارووال، شاہدرہ اور لاہور کے شمالی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ لاہور کی ہائی رسک یونین کونسلز میں شاہدرہ، کوٹ محبو، عزیز کالونی، فیصل پارک، جیا موسیٰ، دھیر اور کوٹ بیگم شامل ہیں۔

    شیخوپورہ کے علاقے فیض پور خو، دھمیک اور برج عٹاری کو ہائی رسک زون قرار دیا گیا ہے، جبکہ ننکانہ صاحب کے علاقے گنیش پورا سمیت دیگر مقامات بھی متاثرہ فہرست میں شامل ہیں۔

    اسی طرح قصور اور پتوکی کے علاقے پھولنگر، نتی خالصہ اور لمبے جاگیر، خانیوال کے علاقے غوث پور، امید گڑھ اور کوٹ اسلام اور کبیروالا کے متعدد علاقے بھی سیلاب کے خدشے کے باعث متاثر ہوسکتے ہیں۔

    این ای او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں، ہنگامی کٹ میں پانی، خشک خوراک اور ادویات لازمی رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں کب داخل ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

    بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں کب داخل ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون بارش برسانے والے سسٹم کے حوالے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کالے بادلوں کا راج ہے اور شہر بھر میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت آج چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    شہر میں اس وقت درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

    آج محسوس کیے جانے والا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی تجاوزکرسکتا ہے تاہم شام یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی، کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل 8 جولائی کی شام میں داخل ہوگا، لوپریشرسسٹم کےنمودارہونےسےکراچی میں بارش ہوسکتی ہے۔

  • مون سون ہوائیں کل شدت اختیارکریں گی، گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    مون سون ہوائیں کل شدت اختیارکریں گی، گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں آج رات بالائی ووسطی علاقوں میں داخل ہونگی، مون سون ہوائیں 19 جولائی کو شدت اختیار کریں گی جس کے بعد کل سے کشمیر، جی بی، مری، گلیات  میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، کے پی میں بعض اضلاع، بلوچستان اور سندھ میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ 20 اور 22 جولائی کے دوران شہیر بینظیر آباد، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، اور کراچی میں بارش ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ مری ،گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج ابر آلود رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے، جنوب مغرب سے چلنے والی ہوائیں 8 سے 10 ناٹیکل مائل کی رفتار سے چل رہی ہیں۔