Tag: مون سون

  • کراچی میں مون سون کے  ایک اور دھواں دھارا سپیل، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ، شہری رل گئے

    کراچی میں مون سون کے ایک اور دھواں دھارا سپیل، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ، شہری رل گئے

    کراچی : شہر قائد میں مون سون کے ایک اور دھواں دھارا سپیل سے گلیاں اور محلے تالاب بن گئے اور سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں جبکہ انڈرپاس میں بھی پانی بھرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسلادھاربارش کے باعث مختلف علاقے برساتی پانی میں ڈوب گئے، ایم جناح روڈ، صدر، شارع فیصل ، ملیر، گارڈن، نرسری، سندھی مسلم سوسائٹی دریا کا منظر پیش کرنے لگا۔

    گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ڈوب گئیں اور شہری کئی کئی فٹ پانی میں پیدل چلنے پرمجبور ہوگئے تاہم بلدیاتی عملہ کہیں نظر نہیں آیا۔

    تیز بارش کے نتیجے میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    صدرموبائل مارکیٹ کی سڑک پانی میں غائب ہوگئی جبکہ گارڈن پر جاری ترقیاتی کام بھی بہہ گئے اور چڑیا گھر کی طرف سے آنے والی سڑک تالاب بن گئی۔

    پنجاب چورنگی انڈرپاس پانی بھر جانے کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہوگیا ، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔

    بارش سے اولڈ سٹی ایریاز آگرہ تاج کالونی، لیاری کی گلیاں تالاب بن گئیں اور برساتی نالوں کا پانی لوگوں کے گھر اور دکانوں میں داخل ہوگیا جبکہ ملیرندی میں بھی طغیانی سے کورنگی کراسنگ اور کازوے بند کردیا گیا اور کئی علاقوں میں سیوریج لائنیں دھنس گئی۔

  • کراچی میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری

    کراچی میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری

    کراچی: شہر قائد میں بارش کے ایک اور سسٹم کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ کراچی میں 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس دوران تیز اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، اور طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

    صوبے کے محکمہ موسمیات نے میرپورخاص، بدین، تھر پارکر، ٹھٹھہ، شہید بے نظیر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، اور مٹھی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ قلات، خضدار اور لسبیلہ میں 28 ستمبر سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ سسٹم کے تحت مزید بارشیں بھی ہوں گی، موسلادھار بارش کے باعث کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

    اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

  • بارشوں کے دوران گھر کا خیال کیسے رکھا جائے؟

    بارشوں کے دوران گھر کا خیال کیسے رکھا جائے؟

    مون سون کی بارشوں کے دوران جہاں ہر طرف ہریالی دکھائی دیتی ہے وہیں اس موسم میں گھروں کی چھت ٹپکنے اور پھپھوندی لگنے کا خطرہ بھی رہتا ہے، تاہم اس موسم میں آپ اپنا گھر میں گزارا گیا وقت بہترین بھی بنا سکتے ہیں۔

    اس کے لیے آپ کو کچھ طریقے اپنانے ہوں گے۔

    بارشوں کے بعد اپنے فرینچر کو دوبارہ پینٹ کریں، بارشوں میں نمی کے باعث دیمک یا دیگر قسم کے کیڑے لکڑی کی میز اور دھات کی کرسی پر حملہ کرنے کا انتظار کرتے ہیں۔ ایسے میں فرنیچر پر پینٹ کرنے سے یہ کیڑوں کا شکار ہونے سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔

    لیمی نیٹڈ پینٹ، وارنش اور لیکویر کی کوٹنگ فرنیچر کو دوسری جلد دیتی ہے اور کیڑوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

    بارشوں کے دوران ہم گھر کی کھڑکیوں کے قریب زیادہ وقت گزارتے ہیں لہٰذا کوشش کریں کہ کھڑکیوں کو خوبصورت بنائے رکھیں۔ کھڑکی پر رولر بلائنڈز اور ملٹی لیئر والے پردے کھڑکی کی خوبصورت کو چار چاند لگا دیں گے۔

  • کراچی والے ہوشیار! گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

    کراچی والے ہوشیار! گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں کل سے 26 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کل سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ میں 23 جولائی سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جبکہ کراچی میں 24 جولائی سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی راجھستان سے ہوتا ہوا کل صبح سندھ میں داخل ہوگا، جمعہ کی صبح سے بالائی سندھ میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔ جمعہ کی رات تک ہوا کا دباؤ کراچی اور حیدر آباد پہنچے گا۔

    کراچی میں کل رات سے 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔

  • بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    کراچی: شہر قائد کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو لاحق خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

    منصوبے کے تحت کراچی شہر کے مختلف مقامات میں ایریل بنڈلڈ کیبلنگ کی تنصیب، سب اسٹیشنز کی سطح میں بہتری اور دیگر تکنیکی کام سر انجام دیے جارہے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے منصوبے کے تحت 9 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی تاہم پہلے مرحلے میں سسٹم میں بہتری کے حوالے سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    پروجیکٹ کی شروعات میں کورنگی انڈسٹریل ایریا، ڈیفنس فیز 8، خیابان اقبال اور قاسم کے مختلف مقامات پر کام شروع کردیا گیا ہے جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

  • سندھ میں آج سے پھر بارشوں کا امکان

    سندھ میں آج سے پھر بارشوں کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث کل رات تک بارش ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بے آف بنگال میں بننے والے سسٹم کے اثرات آج کراچی میں بارش کا سبب بنیں گے، بارش کا سلسلہ 2 سے 3 دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات کو مون سون کے ساتویں اسپیل کے داخل ہونے کا امکان ہے، ساتویں اسپیل کے باعث کراچی میں کل رات تک بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ساتویں اسپیل کی شدت گزشتہ اسپیل سے کم ہوگی، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے، دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب سندھ میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ڈی ایم ایز کو الرٹ جاری کردیا، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام ادارے اپنے انتظامات پورے رکھیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زیریں سندھ کے علاقے بارشوں سے دوبارہ زیر آب آسکتے ہیں۔

  • سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق

    سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں مون سون بارشوں میں 80 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بارشوں کے دوران کراچی میں 47 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، شہر میں بارشوں کے باعث صرف گزشتہ روز 17 افراد جاں بحق ہوئے۔

    بارشوں کے دوران حیدر آباد میں 10، میرپور خاص میں 5، لاڑکانہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ ادھر ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں مختلف واقعات میں 10 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے نیوز کانفرنس میں اقرار کیا کہ اس سال کراچی میں زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، کل کی بارش نے احساس دلایا کہ ابھی کراچی میں مزید کام کرنا ہے، کل کی بارش سے قبل حکومت مطمئن تھی کہ ہم سنبھال لیں گے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈوب کر 10 افراد جاں بحق

    مراد علی شاہ نے کہا شہر میں نالوں پر قبضے کیے گئے ہیں اور ان پر ہوٹلز بنائے گئے، ایسے بہت سے نالے ہیں جن پر قبضہ ہو چکا ہے اور ان پر تعمیرات ہو چکی ہیں، میں کراچی شہر کی ایک اسٹڈی کراؤں گا اور مسائل حل کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایک اور اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ بھی نالے پر بنا ہوا ہے، یہ ہماری کوتاہی ہے۔

    انھوں نے کہا اگست کے مہینے میں کراچی میں 604 ملی میٹر بارش ہوئی، کراچی میں 1931 اور 1977 میں بہت زیادہ بارش ہوئی تھی، اب کہ کراچی میں اوسط بارش 150 ملی میٹر ہوئی ہے۔

  • ترقی پذیر ممالک میں تیز بارش کیا غضب ڈھاتی ہے(تصاویر)

    ترقی پذیر ممالک میں تیز بارش کیا غضب ڈھاتی ہے(تصاویر)

    دنیا کے پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کا ایک بڑا مسئلہ کسی منصوبہ بندی کے بغیر آباد کاری اور تعمیرات ہیں جہاں ناگہانی آفات یا حادثات کی صورت میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوتا ہے۔ اسی طرح شہری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی غفلت اور کوتاہیاں، منصوبہ بندی کا فقدان ان ممالک میں تیز اور مسلسل بارشوں کی صورت میں بھی بڑی تباہی کا باعث بنتا ہے۔

    پاکستان میں بارشوں کی وجہ سے کچّی آبادیاں اور چھوٹے شہر ہی نہیں‌ بلکہ کراچی جیسے شہر میں‌ بھی مختلف علاقے اور سڑکیں ڈوب چکی ہیں اور ابھی مزید بارش کی پیش گوئی ہے۔

    ہم جو تصاویر آپ کے سامنے پیش کررہے ہیں، ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہمارے پڑوسی اور خطّے کے دیگر ممالک میں مختلف برسوں کے دوران بارشوں نے لوگوں کو کن مشکلات سے دوچار کیا تھا۔

    انڈونیشیا میں برسات کا ایک منظر

     

    افغانستان کے شہر کابل میں سڑک پر پھنسی ہوئی کار

     

    طوفانی بارش کے بعد میانمار کی ایک شاہ راہ پر پریشان حال شہری

     

    بارش میں‌ ڈوبی ہوئی نیپال کی ایک سڑک

     

    فلپائن کے شہری اپنی موٹر گاڑیوں کے انجنوں کی آزمائش پر مجبور ہوگئے

     

    ممبئی کے باسی بارش کے پانی سے گزر رہے ہیں

     

    سری لنکا کی ایک کشادہ سڑک جو زیرِ آب آچکی ہے

  • کراچی میں مون سون بارش کے چھٹے اسپیل کا دورانیہ بڑھ گیا

    کراچی میں مون سون بارش کے چھٹے اسپیل کا دورانیہ بڑھ گیا

    کراچی: شہر قائد میں مون سون بارش کے چھٹے اسپیل کا دورانیہ بڑھ گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے جمعرات تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا چھٹا اسپیل طویل ہو گیا ہے، سندھ اور راجستھان میں بارشوں کے نظام اور بحیرہ عرب میں نمی کی وجہ سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

    موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں 25 اگست کو گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہو سکتی ہے، اور شہر سمیت سندھ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، ڈائریکٹر موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج تیسرے روز بھی بارش کی پیش گوئی کی تھی، کہا گیا تھا کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا، تاہم بارش نہیں ہو سکی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کر دی

    محکمے کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال نہیں ہو سکی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فی صد رہا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد بھی کراچی میں ندی نالے ابل پڑے تھے، سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، بلدیہ ٹاؤن سمیت مضافاتی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا۔

    نارتھ کراچی ناگن فلائی اوور سے پاور ہاؤس چورنگی جانے والی سڑکوں پر بارش کا پانی تا حال جمع ہے، برساتی پانی کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، بارش کے پانی کے سبب متعدد گاڑیاں خراب ہو کر بند ہو گئیں۔

    گزشتہ روز صوبے بھر میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آئے تھے اور شہر قائد میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    مون سون کے چھٹے اسپیل میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟

    کراچی: مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوسرے روز اب تک کہاں کتنی بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی شہر میں آج سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ گلشن حدید میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 16.5 ملی میٹر، صدر میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی میں 9.6 ملی میٹر، کیماڑی میں 8 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی میں بارش ، پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں مصروف

    پی اے ایف فیصل بیس میں 5 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 3 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 2.4 ملی میٹر، مسرور بیس 2 ملی میٹر، یونی ورسٹی روڈ اور جوہر میں 1.4 ملی میٹر، جب کہ ناظم اباد میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد شہر میں حکام کے دعوؤں کے برعکس ایک بار پھر سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی تھی، مختلف علاقوں میں نالے ابل پڑے تھے اور گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا تھا، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں، جس سے کراچی کے شہری ایک بار شدید تکلیف میں آ گئے۔