Tag: مون سون

  • کراچی کا ایک علاقہ تالاب بنا تو شہری کو چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی کا ایک علاقہ تالاب بنا تو شہری کو چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کا ایک علاقہ گزشتہ روز کی تیز بارش میں جب تالاب بنا تو ایک شہری کو نقل و حمل کے لیے چھوٹی کشتی بنانی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو ایک ایسی ویڈیو موصول ہوئی ہے جس میں کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ایک شہری چھوٹی سی کشتی بنا کر علاقے میں بارش کے پانی سے بنی سیلابی صورت حال میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہا ہے۔

    کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کا مسئلہ ہمیشہ شہریوں کے لیے پریشان کن ہوتا ہے اور شہری انتظامیہ دعوے تو کرتی ہے لیکن جیسے ہی بارش برستی ہے، سارے دعوؤں کی قلعی کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔

    قائد اعظم کی جائے پیدائش برساتی پانی میں ڈوب گئی

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح اورنگی ٹاؤن کا یہ علاقہ بارش کے بعد سیلاب کی سی صورت حال سے دوچار ہے، اسی دوران ایک شہری نے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کا یہ طریقہ ڈھونڈ نکالا کہ چھوٹی کشتی بنا لی۔

    مون سون کے تیسرے اسپیل کی تیز بارش کے باعث اورنگی کی گلیوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہو گیا تھا، مذکورہ شہری نے اپنی اور دوسروں کی مدد کے لیے فائبر سے بنی پانی کی ٹینکی کے آدھے حصے کو کشتی کے طور پر استعمال کیا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی ناقص رین ایمرجنسی پالیسی کے باعث گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے پانی میں کھارادار میں بنی قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن بھی ڈوب گئی تھی۔

  • بھارت: مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 ہلاکتوں کی تصدیق

    بھارت: مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 ہلاکتوں کی تصدیق

    دہلی: بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 113 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق اتر پردیش اور بہار کی ریاستوں نے میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارشوں نے سو برس کا ریکارڈ توڑ ڈالا.

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ان ریاستوں میں گزشتہ 102 برس میں ہونے والی سب سے زیادہ بارشیں ہیں۔

    بھارتی حکام نے اپنے تازہ اعلان میں کہا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان اتر پردیش اور بہار کی ریاستیں میں ہوا۔

    نشیبی علاقے ڈوب گئے، نظام مواصلات درہم برہم ہوگیا، سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی بند ہوگئی۔ بڑے شہروں میں امدادی کارروائی جاری ہے، البتہ چھوٹے قصبے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جون میں شروع ہو کر ستمبر کے اوائل تک جاری رہتا ہے، البتہ اس برس شدت ماضی سے زیادہ ہے۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں بارشوں کی شدت کم ہو جائے گی۔

  • بھارت: مون سون بارشوں سے درجنوں‌ ہلاکتیں، دہلی میں الرٹ‌ جاری

    بھارت: مون سون بارشوں سے درجنوں‌ ہلاکتیں، دہلی میں الرٹ‌ جاری

    دہلی: بھارت میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا دی، دہلی میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں مون سون کی بارشوں کے تباہی کاری کا سلسلہ رک نہ سکا. مزید 48 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی.

    کیرالا اور کرناٹک میں چند روز قبل دو سو سے زاید افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے، مگر بارشوں کا سلسلہ نہ تھمنے سے شمالی بھارت میں مزید افراد اس کی لپیٹ میں‌ آگئے.

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سیلاب کے خطرے کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا.نشیبی علاقوں کو زیادہ خطرات لاحق ہیں، ہزاروں افراد سے اپنے گھر چھوڑنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارت: بارشوں نے تباہی مچا دی، 200 سے زاید ہلاک

    خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بجلی کا نظام شدید متاثر ہوسکتا ہے، مواصلاتی نظام بھی ناکارہ ہوسکتا ہے، جس سے ہزاروں‌ افراد محصور ہوجائیں گے.

    خیال رہے کہ بھارت میں جون سے لے کر اب تک مون سون بارشوں کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں.

    حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد اٹھارہ ملین سے زائد بتائی گئی ہے، کئی علاقوں میں ابھی اعداد وشمار اکٹھے کیے جارہے ہیں.

  • حیدر آباد میں بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 70 لاکھ کا فنڈ جاری

    حیدر آباد میں بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 70 لاکھ کا فنڈ جاری

    حیدر آباد: سندھ حکومت نے بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حیدر آباد شہر کے لیے 70 لاکھ روپے کا فنڈ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کو 50 لاکھ روپے جاری کیے گئے، ڈپٹی کمشنراعجاز شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو 20 لاکھ روپے فنڈز فراہم کیے گئے۔

    دوسری طرف تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں 2 بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بچیاں آج اسکول جاتے ہوئے بارش کے پانی کے جوہڑ میں گر گئی تھیں۔

    خیال رہے ادھر کراچی میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جمعے کی رات شہر میں داخل ہونے والا سسٹم ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ برسا، بارش سے بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں پھر تیز بارش، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک کا بجلی بند رکھنے کا عندیہ

    اس دوران اورنگی ٹاؤن سیکٹر ای فور میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ریسکیو ذرایع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ شہباز کے نام سے ہوئی، مجموعی طور پر آج کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں سے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی اس کا نوٹس لیا۔

    ادھر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک نے بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں بجلی بند کرنے کا اعلان کر دیا، جس سے تمام علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، کے الیکٹرک ذرایع کے مطابق کراچی کا ہر علاقہ نشیبی ہے، شہر کا 60 فی صد سے زائد علاقہ متاثر ہوگا، کراچی کا 60 فی صد حصہ بجلی سےمحروم ہو سکتا ہے۔

  • 2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    کراچی: موسلا دھار بارش میں شہری و صوبائی حکومت کی طرف سے انتظامی اقدامات نہ ہونے سے کراچی پانی پانی ہو چکا ہے، اس دوران دو روز میں کرنٹ لگنے سے 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں، انڈر پاس ڈوب چکے ہیں، نالے بھی ابل پڑے ہیں، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔

    کئی مقامات پر کے الیکٹرک کی نا اہلی کے باعث بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے ہوئے ہیں، جن کے باعث اب تک چودہ افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کرنٹ لگنے سے اب تک ڈیفنس، گلشن جوہر، محمود آباد، ملیر اور بوٹ بوسن میں اموات واقع ہو چکی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے کرنٹ لگنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مزید بارش ہوئی تو سنبھالنا ناممکن ہو جائے گا، میئر کراچی کی مدد کے لیے وفاق سے اپیل

    ریسکیو ذرایع کے مطابق آج نارتھ ناظم آباد میں کرنٹ لگنے سے 2 لڑکے جاں بحق ہوئے، جن کی عمر 12 سے 14 سال تھی، فشری کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔

    واضح رہے کہ کل سے کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، دادو، نواب شاہ، ٹندو جام اور تھر سمیت اندرون سندھ میں مون سون کے بادل جم کر برسے ہیں، سب سے زیادہ بارش ٹھٹھہ میں 190 ملی میٹر ہوئی، حیدر آباد کی سڑکیں بھی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    کراچی میں انتظامات نہ ہونے کے سبب سڑکوں پر جگہ جگہ تالاب بنے ہوئے ہیں، جس کے باعث بارش شہریوں کے لیے زحمت بن گئی ہے۔

    ادھر میئر کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اور وسائل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نہ فنڈز دیتی ہے نہ مشینری فراہم کر رہی ہے، دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ان کے پاس درکار مشینری دستیاب نہیں ہے۔

  • بھارت: مون سون بارشوں کے دوران عمارت منہدم، 11 فوجیوں سمیت 2 شہری ہلاک

    بھارت: مون سون بارشوں کے دوران عمارت منہدم، 11 فوجیوں سمیت 2 شہری ہلاک

    شملہ: بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران ایک عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 فوجی اہلکاروں سمیت دو شہری ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شمالی ریاست میں بارش کے دوران عمارت زمین بوس ہوگئی، ملبے سے 5 فوجی اہلکاروں اور 12 شہریوں کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے تک بارشوں کے جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

    دو دن سے جاری بارشوں کی ہلاکت خیزی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، تازہ واقعے میں شمالی ریاست ہماچل پردیش میں ایک عمارت گرنے کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔

    بھارتی ریسکیو ادارے این ڈی آر ایف کے اہلکاروں نے عمارت کے ملبے سے 5 فوجی اہلکاروں اور 12 شہریوں کو زندہ نکال لیا ہے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نیپال سے بھارت میں داخل ہونے والے بارشوں کے سبب مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے، سب سے زیادہ نقصان آسام میں ہوا جہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہے۔

    بھارت میں مون سون بارشوں سے خوفناک سیلاب، 76 افراد ہلاک

    محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے تک بارشوں کے جاری رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو اداروں کا کہنا تھا کہ زیادی تر ہلاکتیں گھروں کی دیواریں گرنے اور بجلی کے کرنٹ لگنے کے باعث ہوئیں۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیشگوئی

    ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیشگوئی

    اسلام آباد/ لاہور : محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دن کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مزید مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے بعد محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے بیشتر شہروں کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی کے پی میں اکثر مقامات پر مزید بارش متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی چند مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے، ژوب، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، ملتان،بہاولپور اور ساہیوال میں بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور کشمیرکےندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے جبکہ بارشوں سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، بنوں، ڈی آئی خان میں بھی بارش ہوگی جس سے گرمی اورحبس کی شدت میں کمی آ جائے گی۔

  • کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مشرق سے ہوا 18 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، ڈی جی خان ڈویژن اورکشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ بارشوں سے فیصل آباد، راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔

    واضح رہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔

  • تربیلا ڈیم بھر گیا، مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

    تربیلا ڈیم بھر گیا، مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

    لاہور: حالیہ بارشوں سے ملک کے دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی مسلسل آمد کا سلسلہ جاری ہے ، تربیلا میں پانی جمع کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی۔

    تفصیلات کےمطابق ملک میں ہونے والی بارشوں سے تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم بھرنے کے قریب ہے ، ملک بھر کے دریاؤں میں اس وقت طغیانی کی صورتحال ہے۔

    تربیلاڈیم میں پانی کی آمد دو لاکھ 25 ہزار 100 کیوسک فٹ ہے جبکہ تربیلا ڈیم سےپانی کا اخراج دو لاکھ 24 ہزار 800 کیوسک فٹ ہے۔منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی ابھی 65 فٹ گنجائش موجود ہے ، اس وقت ڈیم میں پانی کی آمد 28 ہزار اوراخراج 10ہزار کیوسک فٹ ہے جبکہ ہیڈمرالہ پر پانی کی آمد 75100 اور اخراج 44500 کیوسک فٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں بھی اس وقت پانی کی یہی صورتحال ہے سکھر اور کوٹر ی کے مقام پر پانی دروازوں کی سطح تک موجود ہے اور بڑی تعداد میں کوٹری بیراج سے پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ، یہ سارا پانی سمند ر میں جاگرے گا۔

    یا درہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل بارشوں میں تاخیر اور گلیشئر نہ پگھلنے سے ملک کے سب سے بڑے ڈیم تربیلا میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے بعد پانی کی سطح ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ پرآگئی تھی۔

    پاکستان میں ہر سال مون سون کے موسم میں بڑی تعداد میں پانی دریاؤ ں سے پانی آتا ہے تاہم طویل عرصے سے ملک محض منگلا اور تربیلا نامی دو بڑے ڈیموں سمیت چند چھوٹے ڈیموں پر انحصا کررہا رہے ، ذخیر ہ کرنے کی گنجائش نہ ہونے کے سبب ہر سال یہ پانی سمندر میں ضائع ہوجاتا ہے۔

  • کراچی میں اگلے 2 روز ہلکی بارش کا امکان

    کراچی میں اگلے 2 روز ہلکی بارش کا امکان

    کراچی: آج رات صوبہ سندھ میں مون سون کا سسٹم داخل ہوگا جس کے بعد کراچی میں بھی اگلے 2 روز تک ابر رحمت برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم آج رات سندھ میں داخل ہوگا جس کے بعد ساحلی پٹی بدین، ٹھٹھہ اور تھر پارکر میں تیز بارش کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سسٹم سندھ میں 2 دن تک موجود رہے گا۔

    کراچی میں نئے سسٹم کے تحت تیز بارش کا امکان نہیں تاہم آئندہ 2 روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    بارش کے باعث کراچی کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیاسسٹم اتوار کی رات تک ختم ہوجائے گا۔