Tag: موٹرسائیکلوں

  • تاریخ میں توسیع،  گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کے لئے اہم خبر

    تاریخ میں توسیع، گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کے لئے اہم خبر

    کراچی : سندھ میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بائیو میٹرک کی تصدیق کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ میں 14 اگست 2025 تک توسیع کر دی ہے، اس توسیع کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے مزید وقت دینا ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر آصف علی بھٹی نے اس توسیع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آخری مہلت ہوگی، اور اس کے بعد مزید کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی گاڑیوں کی بائیو میٹرک رجسٹریشن لازمی مکمل کر لیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    آصف علی بھٹی نے مزید کہا کہ جو گاڑیاں ابھی تک اصل مالک کے نام پر رجسٹر نہیں ہوئیں، ان کی منتقلی اور بائیو میٹرک تصدیق فوری طور پر کروانا لازم ہے۔ 14 اگست کے بعد گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کے لیے نئی پریشانی

    محکمہ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں 50 لاکھ سے زائد موٹر سائیکل مالکان نے ابھی تک اپنی سرکاری نمبر پلیٹس وصول نہیں کیں۔ اگرچہ صوبے میں 65 سے 70 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، لیکن اب تک صرف 16 لاکھ پلیٹس ہی جاری کی جا سکی ہیں۔ موٹر سائیکل نمبر پلیٹ کی معیاری فیس 2,450 روپے مقرر ہے۔

    نمبر پلیٹوں کے اجرا کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کراچی میں سوک سینٹر، ایگزیکٹو آفس کلفٹن، اور عوامی مرکز سمیت کئی مقامات پر ڈسٹری بیوشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ شہری آن لائن درخواست بھی دے سکتے ہیں۔

    حکام کے مطابق سوک سینٹر میں بڑھتے ہوئے ہجوم کو دیکھتے ہوئے مزید کاؤنٹرز کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے۔

    محکمہ نے بتایا کہ نئی ڈیزائن کی گئی نمبر پلیٹس میں جدید حفاظتی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جنہیں رات کے وقت بھی کیمرے آسانی سے شناخت کر سکتے ہیں۔ اس کے باوجود، شہریوں کی شکایات ہیں کہ اگرچہ پلیٹیں ایک ہفتے میں جاری کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، مگر حقیقت میں اکثر ایک ماہ یا اس سے زائد کا وقت لگ جاتا ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ محکمہ ایجنٹ مافیا کے اثر و رسوخ کو روکنے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے، مگر یہ گروہ مختلف طریقوں سے دوبارہ متحرک ہو جاتے ہیں۔

  • لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے، 5 افراد جاں بحق

    لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے، 5 افراد جاں بحق

    شہر قائد کے بعد لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے جس کے نیتجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ  3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جی ٹی روڈ آخری اسٹاپ کے قریب ڈمپر نے رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    1122 ریسکیو حکام کے مطابق ڈمپر نے 3 رکشوں اور 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماری، حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر کی بریک فیل کے باعث پیش آیا ہے جبکہ ڈرائیور موقع پر ہی فرار ہوگیا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ڈمپر کے نیچے سے نکالا اور انہیں اسپتالوں میں منتقل کیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں  کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے، عثمان انور نے کہا کہ سی ٹی او لاہور میں تیز رفتار سے گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائی کریں۔

    https://urdu.arynews.tv/hangu-bikes-collision-leaves-3-dead/

  • موٹرسائیکل سوار ہوشیار! یہ سرٹیفکیٹ لازمی لینا ہوگا

    موٹرسائیکل سوار ہوشیار! یہ سرٹیفکیٹ لازمی لینا ہوگا

    لاہور : گاڑیوں کے بعد موٹرسائیکل سواروں کے لئے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازم قرار دے دیا گیا، سرٹیفکیٹ کی میعاد ایک سال تک ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب کا اہم اقدام سامنے آیا۔

    گاڑیوں کے بعد اب موٹرسائیکلوں کیلئے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لینا لازم ہوگا، حکومت پنجاب نے اسموگ روک تھام کے آرڈیننس میں یکے بعد دیگرے ترامیم کا فیصلہ کیا۔

    موٹر گاڑیاں ترمیم ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی، ایکٹ کے تحت آرڈیننس 1965 میں ترامیم کی جائیں گی۔

    متن میں کہا گیا کہ شق 38 اے میں جہاں لفظ گاڑی ہے، وہاں ساتھ موٹر سائیکل بھی شمارکیا جائے۔

    متن میں مزید کہا گیا کہ موٹرسائیکلوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ کی میعاد ایک سال تک ہوگی، پنجاب میں بطور سواری 85 فیصد موٹر سائیکل کا استعمال ہوتاہے، فٹنس سرٹیفکیٹ سے ایئر کوالٹی پر بھی قابو پایا جاتا ہے۔

    ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے ، کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

  • کراچی : ایک  ہی دن میں 4 موٹر سائیکلوں کی بیٹریاں چوری

    کراچی : ایک ہی دن میں 4 موٹر سائیکلوں کی بیٹریاں چوری

    کراچی : عزیز آباد بلاک 2 میں ایک ہی دن میں 4 موٹرسائیکلوں کی بیٹریاں چوری ہوگئیں ، بیٹری چورکی متعددوارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 میں موٹر سائیکل سے بیٹری چوری کی وارداتیں عروج پر ہیں، ایک ہی دن میں 4 موٹرسائیکلوں کی بیٹریاں چوری کی گئیں۔

    بیٹری چور کی متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم ایک ہی گلی سے متعدد موٹرسائیکلوں کی بیٹریز نکال چکا ہے جبکہ 2 موٹر سائیکلوں کےبیٹری کور کھولنے میں ناکام رہا۔

    فوٹیج میں ملزمان کا چہرہ واضح طور دیکھا جاسکتا ہے ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقےمیں گیس کے میٹر بھی چوری ہوچکےہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے عزیزآباد بلاک 8 میں موٹرسائیکل چوری کی واردات ہوئی تھی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا موٹرسائیکل لفٹرز نے پہلے ایک چکر لگایا پھر واپس آئے، ایک ملزم نے اتر کر گلی کا جائزہ لیا پھر ہدف کی جانب گیا۔

    ملزمان اپنی موٹر سائیکل میں چوری کے اوزار ساتھ لائے تھے، ملزمان نے پارکنگ میں کھڑی ایک موٹرسائیکل کھولنے کی کوشش کی تاہم کوشش پر ناکامی ہوئی تو دوسری موٹرسائیکل کی طرف گیا اندر کھڑی موٹرسائیکل پر چابی لگائی تو کامیاب ہوگئے تھے۔