Tag: موٹرسائیکل

  • ’’پولیس کو ماتحت کر دیں، پھر دیکھتا ہوں موٹر سائیکل یا فون کیسے چِھنتے ہیں‘‘

    ’’پولیس کو ماتحت کر دیں، پھر دیکھتا ہوں موٹر سائیکل یا فون کیسے چِھنتے ہیں‘‘

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر میں موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز چِھننے کے واقعات پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پولیس کو ان کے ماتحت کر دیا جائے، تو پھر وہ دیکھیں گے کہ کسی سے موٹرسائیکل یا فون کیسے چِھنتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں سے موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز چِھننے پر سخت رد عمل ظاہر کیا، انھوں نے کہا حکومت سندھ اور وزیر داخلہ کی ذمے داری ہے کہ وہ عوام کی موٹر سائیکلیں اور فون بازیاب کرائیں۔

    انھوں نے کہا ’’کیا مجھے نہیں پتا کہ موٹر سائیکل کہاں کھل کر بکتی ہیں، کیا مجھے نہیں معلوم کہ چوری کے موبائل فون کہاں خریدے اور بیچے جاتے ہیں۔‘‘

    کامران ٹیسوری نے کہا ’’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پولیس کو میرے ماتحت کر دیں، اس کے بعد دیکھتا ہوں کہ کیسے کوئی موٹر سائیکل یا موبائل فون چِھن جائے۔‘‘

    گورنر سندھ نے سخت لہجے میں کہا کہ تھانہ ایس ایچ اوز کا کام عوام کی خدمت اور سیکیورٹی ہے، ان کو میں انسان کا بچہ بناؤں گا۔

  • موٹرسائیکل سوار ہوشیار! ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو کتنا جرمانہ ہوگا؟

    موٹرسائیکل سوار ہوشیار! ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو کتنا جرمانہ ہوگا؟

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا اور کہا جرمانہ کریں خلاف ورزی کرنے والے شہری خود ٹھیک ہو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کےخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 5 ہزار روپے جرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    عدالت نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ رولز بنائیں عدالت اس پر حکم جاری کردےگی ، 5ہزار جرمانہ کریں خلاف ورزی کرنے والے شہری خود ٹھیک ہو جائیں گے ، پہلے 10 دن ہیلمٹ کی تشہیر کریں اور شہریوں کوآگاہی دیں۔

    عدالت نے سی بی ڈی کے انڈر پاس میں بارش کا پانی کھڑا ہونے پر سخت اظہار ناراضگی کرتے ہوئے سی ای او عمران امین اور سیکرٹری ہاؤسنگ سے جواب طلب کرلیا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ انڈرپاس پہلی بارش بھی برداشت نہیں کرسکا، چیف انجینئر ایل ڈی اے کو خود مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔

    عدالت نے سٹرکوں پر ٹریفک وارڈنز کا جگہ جگہ سٹرک بلاک کرکے چالان کرنےپراظہارناراضگی کرتے ہوئے کہا آدھی سٹرک بلاک کرکےوارڈنز چالان کررہےہوتے ہیں جس سے ٹریفک جام ہوتی ہے۔

  • جیسی کرنی ویسی بھرنی، خاتون موٹر سائیکل سے کیوں گری؟ ویڈیو دیکھیں

    جیسی کرنی ویسی بھرنی، خاتون موٹر سائیکل سے کیوں گری؟ ویڈیو دیکھیں

    جیسی کرنی ویسی بھرنی، آپ نے یہ محاورہ تو سن رکھا ہوگا، اور کبھی کبھی اسے استعمال بھی کرتے ہوں گے، لیکن ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جو اس محاورے کی بہترین عملی تفسیر بن گئی ہے۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں لوگوں نے دیکھا کہ ایک موٹر سائیکل پر رائیڈر کے ساتھ پیچھے ایک خاتون بیٹھی ہوئی ہیں، پاس ہی ایک اور موٹر سائیکل جا رہی ہے جسے ایک خاتون چلا رہی ہیں۔

    ویڈیو کے مطابق اچانک خاتون نے دوسری موٹر سائیکل والی خاتون کو لات مار دی، یا تو وہ انھیں گرانا چاہ رہی تھیں یا ایسے ہی تنگ کرنے کے لیے لات ماری تھی، تاہم اس عمل کا نتیجہ بہت بھیانک نکل آیا۔

    موٹر سائیکل پر بیٹھی خاتون دوسرے سوار کو لات مارنے کی کوشش میں توازن بری طرح بگڑنے پر موٹر سائیکل سے سڑک پر گر گئیں۔

    انٹرنیٹ پر جب یہ ویڈیو سامنے آئی تو بہت تیزی سے وائرل ہو گئی، کئی صارفین نے اسے ’فوری کرما‘ قرار دیا، یعنی مکافات عمل، تاہم اس طرح کے فوری کرما کے واقعات عموماً کم ہی دکھائی دیتے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ خاتون کو اپنے کیے کا پھل مل گیا، ایک اور صارف نے لکھا کہ خاتون کو وہ مل گیا جس کی وہ حق دار تھی۔

  • کراچی: 5 رکنی  موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ گرفتار ،50 سے زائد موٹرسائیکلوں کے ڈھانچے برآمد

    کراچی: 5 رکنی موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ گرفتار ،50 سے زائد موٹرسائیکلوں کے ڈھانچے برآمد

    کراچی : پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 50 سے زائد موٹرسائیکلوں کے ڈھانچے برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل لفٹنگ گینگ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے 50 سے زائد موٹرسائیکلوں کے ڈھانچے اور 37مسروقہ موٹرسائیکلوں کے چیچس بھی برآمد ہوئے۔

    اس کے علاوہ ملزمان سے 4 مسروقہ موٹرسائیکلوں کے پارٹس اور تالاکاٹنے والے کٹرز بھی برآمد کئے گیے ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گینگ 5 ملزمان پرمشتمل ہے، ملزمان کی شناخت فرحان، شہزاد، اسد، فیصل اورنوید کے نام سے ہوئی۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے کراچی سے موٹرسائیکل چوری کرکے بلوچستان فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کیا تھا۔

    ایس ایس پی طارق نواز نے بتایا تھا کہ ملزمان بلوچستان سے کراچی آکرموٹر سائیکل چوری و چھینتےتھے اور ساکران میں موٹر سائیکل فروخت کرتےتھے۔

    طارق نواز کا کہنا تھا کہ ملزمان سے چوری شدہ موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلیں۔

  • بھارت: شہری ضبط شدہ موٹر سائیکل لینے پولیس اسٹیشن گیا تو کیا دیکھا؟

    بھارت: شہری ضبط شدہ موٹر سائیکل لینے پولیس اسٹیشن گیا تو کیا دیکھا؟

    احمد آباد: بھارت کے شہر احمد آباد میں ایک شہری جب ایک سال بعد اپنی ضبط شدہ موٹر سائیکل لینے پولیس اسٹیشن گیا تو اس پر انکشاف ہوا کہ تھانے سے موٹر سائیکل چوری ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مئی 2019 میں ضبط شدہ بائیک اودھاؤ پولیس اسٹیشن احمد آباد سے چوری ہو گئی، یہ بائیک ماہیساگر کے رہائشی محمد جنید قاضی کی تھی، جس پر جرمانہ کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ موٹر سائیکل 15 مئی 2019 کو ضبط کی گئی تھی کیوں کہ اس پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ نہیں تھی، موٹر سائیکل سوار نے ہیلمٹ بھی نہیں پہنا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بائیک کا مالک جنید قاضی ایک سال تک غائب رہا، وہ دوحا، قطر کام کے لیے چلا گیا تھا، ایک سال بعد وہ موٹر سائیکل لینے آیا اور 6 جون 2020 کو چھ ہزار تین سو روپے جرمانہ ادا کر کے جب اودھاؤ پولیس اسٹیشن آیا تو معلوم ہوا کہ بائیک غائب ہے، پولیس کی جانب سے قاضی کو کہا گیا کہ جب بائیک ملے گی تو انھیں مطلع کر دیا جائے گا۔

    بھارت میں اے ٹی ایم ہیکرز کی شامت آگئی

    تاہم اب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چوری کی ایف آئی آر کاٹ لی گئی ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ مئی 2019 کے بعد پولیس کمپاؤنڈ سے کسی نے موٹر سائیکل کا تالا توڑ کر یا ڈپلی کیٹ چابی سے کھول کر چرا لی ہے، پولیس بائیک کو تلاش کر رہی ہے۔

  • سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والا پل موٹرسائیکلوں کے لیے کھل گیا

    سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والا پل موٹرسائیکلوں کے لیے کھل گیا

    ریاض: سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل کو یکم جنوری سے موٹرسائیکل سواروں کے لیے کھولا جا رہا ہے، دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں نے منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل کو یکم جنوری 2020 سے موٹرسائیکل سواروں کے لیے کھولا جائے گا۔ فیس 25 ریال مقرر کی گئی ہے، بحرینی کرنسی میں دھائی دینار ایک طرف سے لیے جائیں گے۔

    کنگ فہد پل جنرل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین عماد المحیسن نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں نے پل کے ذریعے آمدورفت کی اجازت دے دی ہے

    انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار کے پاس لائسنس اور دونوں ملکوں میں رائج قوانین وضوابط کے مطابق نمبر پلیٹس نصب ہوں۔ موٹرسائیکل سوار روزانہ آجاسکیں گے تاہم موسم خراب ہونے کی صورت میں عارضی طور پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔

    عماد المحیسن کا کہنا تھا کہ کہ موٹرسائیکل ڈرائیوروں کی امیگریشن کی کارروائی کے لیے باقاعدہ ایک لائن متعین کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل سوار مناسب لباس اور ہیلمٹ کا استعمال کریں۔

  • لاہور: ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکر،4 افراد جاں بحق

    لاہور: ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکر،4 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو کچل دیا، حادثے میں خاتون اور تین بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکرسے خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ گجرکالونی کے قریب اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹریکٹرٹرالی ڈرائیور سے بےقابو ہو کر موٹرسائیکل سے جا ٹکرائی حادثے میں خاتون اور تین بچے جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بائیک کمسن لڑکا چلا رہا تھا، پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار دو خواتین جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

    حادثے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا تھا۔ پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا تھا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

  • کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دینے کی تجویز

    کراچی: سندھ پولیس نے موٹر سائیکل مینو فیکچررز کو تجویز دی ہے کہ نئی موٹر سائیکل کے لیے لرننگ لائسنس لازمی قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی زیر صدرات اجلاس منعقد ہوا جس میں موٹر سائیکل لفٹنگ اور اس کے انسداد کے لیے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئی موٹر سائیکل کی خریداری کے وقت لائسنس لازمی قرار دیا جائے، آئی جی سندھ نے کہا کہ مرکزی مارکیٹوں میں لرننگ لائسنس ٹیمز کی سہولتیں دی جائیں گی۔

    اجلاس میں متعلقہ افسران اور موٹر سائیکل مینو فیکچرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کہا کہ نئی موٹر سائیکل میں پائیدار کنڈا لاک تنصیب کیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث پاکستان میں ٹریفک حادثات میں تشویش ناک اضافہ

    ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکلز میں ٹریکنگ ڈیوائس کی تنصیب کے لیے مؤثر اقدامات پر مبنی مسودہ ترتیب دے کر قانون سازی کے لیے حکومت سندھ کو ارسال کیا جائے۔

    خیال رہے کہ شہرِ قائد کراچی میں جہاں ایک طرف موٹر سائیکل سواروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے وہاں دوسری طرف حادثات بھی بڑھتے جا رہے ہیں جس کا سبب موٹر سائیکل سواروں کی عدم تربیت ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹریفک حادثات کا شکار ہونے والوں کی بڑی تعداد 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، اور ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں اپنی جان کھو دیتے ہیں۔

  • لاہور: تیزرفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار بچہ جاں بحق

    لاہور: تیزرفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار بچہ جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیزرفتاری کے باعث ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل سوار بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہ عالم چوک کے قریب تیزرفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار بچہ جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق بچے کی شناخت 7 سالہ احسان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت 14 سالہ ابراہیم کے نام سے ہوئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    لاہور کے علاقے شاہ عالم چوک میں رواں ہفتے ٹریفک حادثے میں بچے کی موت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، ٹریفک حادثےمیں بچے کے جاں بحق ہونے کے خلاف اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا۔

    لاہور: میٹرو بسیں آپس میں ٹکراگئیں‘ خاتون جاں بحق‘ 10 افراد زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے فیروز پور روڈ پرگجومتہ کے قریب دو میٹرو بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ پر بحریہ آرچرڈ کے قریب منی ٹرک تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

  • ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    ٹرک آرٹ پر مبنی ویسپا تیار ہو گئی، برلن کی سڑکوں پر چلاؤں گا: جرمن سفیر

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر کی ویسپا پر پاکستان کا روایتی ٹرک آرٹ مکمل ہو گیا ہے، ٹرک آرٹ کے لیے جرمن سفیر نے اپنے ایک مقامی کاریگر دوست سے رابطہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن سفیر مارٹن کی ویسپا موٹر سائیکل پر پاکستانی ٹرک آرٹ کے کاریگروں رئیس اور جاحی پرویز نے اپنی مہارت دکھائی، جرمن سفیر نے ویسپا پر کام مکمل ہونے کے بعد دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

    جرمن سفیر نے ٹویٹر پر اپنی پوسٹ میں ویسپا موٹر سائیکل اور دونوں پاکستانی کاریگروں کے ساتھ تصویریں بھی شیئر کیں۔

    مارٹن کوبلر نے لکھا کہ ان کی ویسپا تیار ہو کر آگئی ہے، اور اب وہ خوب صورت موسم بہار میں ویسپا پر اپنے پہلے سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

    جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ وہ جرمن شہر برلن کی سڑکوں پر اپنی فیملی کے ساتھ رنگین ویسپا چلانے کا مزا لیں گے۔

    خیال رہے کہ جرمن سفیر نے جرمنی میں اپنے گھر کے لیے فرنیچر مارکیٹ سے ایک کلاسک روایتی پرانا دروازہ بھی خریدا ہے۔ مارٹن کا کہنا تھا کہ یہ دروازہ انھوں نے اپنے دوست بختیار سے خریدا۔ خیال رہے کہ جرمن سفیر پاکستان میں عام شہریوں کے ساتھ بھی دوستانہ رویہ رکھنے کے لیے مشہور ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جرمن سفیر نے اپنی موٹر سائیکل پر “ٹرک آرٹ” بنوا لیا

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کے حوالے سے جرمن سفیر نے کہا ہے واقعے کا سن کر دھچکا لگا، اموات پر غم زدہ ہوں۔ تشدد اور دہشت گردی کہیں بھی قابل قبول نہیں۔ میری دعائیں غم گین خاندانوں کے ساتھ ہیں۔