Tag: موٹر سائیکل

  • راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ایف بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہونے والے بہن بھائی کے چچا نے بتایا ہے کہ ڈمپر نے دراصل بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بھائی شاکر (جاں بحق بچوں کا باپ) جناح اسپتال میں ایڈمٹ ہے، اور ان کے دماغ میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وہ کپڑے کا کام کرتے ہیں۔

    چچا ذاکر کے مطابق متاثرہ فیملی ملیر سے واپس گھر جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، اور جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، لوگ صبر کا کہتے ہیں کہاں سے لائیں صبر، کیسے کریں صبر۔


    کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار


    انھوں نے بتایا کہ ابھی تو زخمی والد کو معلوم ہی نہیں کہ ان کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے ہیں، اس لیے میری اپیل ہے کہ ان حادثات کو روکا جائے اور ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

    قبل ازیں ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ بد قسمت باپ بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا، بہن اور بھائی ٹریفک حادثے کی بھینٹ چڑھ کر دم توڑ گئے، جب کہ باپ زخمی ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپروں کو پکڑ کر آگ لگا دی، پولیس نے 10 شہریوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

  • کراچی: راشد مہناس روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا

    کراچی: راشد مہناس روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا

    کراچی(10 اگست 2025): راشد منہاس روڈ پر موٹر سائیکل سوار فیملی کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا تھا جس کے نیتجے میں بہن بھائی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سال کی ماہ نور اور 14 سال کا احمد رضا شامل ہیں۔

    ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا

    اس حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپرز جلا دیے تھے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا اور ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    تاہم اب ڈمپر ڈرائیور نے بتایا کہ میرا نام فردوس اور مالک کا نام سرخان رسول ہے، میں ڈمپر آہستہ چلا رہا تھا، موٹر سائیکل سوار خود نیچے آگئے، موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے کیسے آئی دیکھ نہ سکا تھا۔

    ڈرائیور خان رسول نے گاڑی کے کاغذات سے متعلق بتایا کہ کاغذات گاڑی پر رکھا ہے گھر پر بھی ہے، موبائل اور گاڑی کی چابی وہ سب عوام لے گئے، موبائل تھا، پیسے تھے، شناختی کارڈ، لائسنس تھا اب میرے پاس کچھ نہیں ہے۔

  • کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار

    کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپر جلا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سال کی ماہ نور اور 14 سال کا احمد رضا شامل ہیں۔

    حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپرز جلا دیے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا، ایس ایس پی گلبرگ کے مطابق ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے والے 10 مشتبہ شہریوں کو موقع سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔


    ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا


    ڈمپرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں نے سپر ہائی وے پر دھرنا دے دیا ہے، رہنما لیاقت محسود نے کہا کہ ان کی 7 نہیں 9 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری تک سپر ہائی وے سے نہیں جائیں گے۔

    ادھر ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بد قسمت باپ اپنے بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا۔

  • شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار

    شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار

    کراچی: شہر قائد میں موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر اصل یا اصل جیسی نمبر پلیٹ لگانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف آپریشن کے دوران تھانوں کے احاطے ضبط شدہ موٹر سائیکلوں سے بھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کا فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز ایک ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط کی گئیں، تھانوں کے احاطے ضبط شدہ موٹر سائیکلوں سے بھر گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے بتایا کہ سرکاری سائز کی واضح نمبر پلیٹس لگانا ضروری ہے، نمبر پلیٹ واضح نہ ہونے پر بھی موٹر سائیکلیں ضبط کی گئی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کریک ڈاؤن دراصل ای چالان مرحلے کا آغاز ہے، اور اگلے ماہ سے کیمروں کے ذریعے ای چالان سسٹم شروع کر دیا جائے گا۔


    گھر میں 1 کروڑ روپے، 80 تولہ سونے کی چوری میں سابق ڈرائیور ملوث نکلا


    ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ جاری کریک ڈاؤن کے دوران کسی کا بھی چالان نہیں کیا جا رہا ہے، شہری نمبر پلیٹس بنا کر ضبط موٹر سائیکلیں لے جا سکتے ہیں، تاہم موٹر سائیکل جس کے نام رجسٹرڈ ہوگی صرف اُسے واپس دی جائے گی، جب کہ ای چالان قانون توڑنے والے شخص کے نام اور پتے پر جائے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ آج رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا، اور کل گاڑیوں کے خلاف ایسا ہی آپریشن کریں گے، کریک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ لوگ سرکاری سائز کی نمبر پلیٹس لگائیں۔

  • کراچی میں رات گئے تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے 4 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی میں رات گئے تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے 4 موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں رات گئے تیز رفتار گاڑیوں کی ٹکر سے 4 موٹر سائیکل سوار جان سے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار چوک پر تیز رفتار ڈبل کیبن کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک ڈیلیوری بوائے جاں بحق ہو گیا، حادثے کے ذمہ دار ڈبل کیبن ڈرائیور عثمان شاہ راشدی کو پولیس نے گرفتار کر کے درخشاں تھانے منتقل کر دیا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق موٹرسائیکل سوار ڈیلیوری بوائے کی شناخت مرتضیٰ کے نام سے ہوئی ہے جو حادثے کے بعد موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ گرفتار ڈرائیور عثمان شاہ راشدی سابق ڈی آئی جی پیر حسن شاہ راشدی کا پوتا ہے۔

    کراچی کے علاقے شارع فیصل کار ساز پر بھی ایک تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور ان کے ساتھ موجود خاتون زخمی ہو گئیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کار سمیت فرار ہو گیا، جب کہ جاں بحق شہری اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق شہری کی شناخت محمد شمعون، زخمی خاتون کی انجم کے نام سے ہوئی ہے۔


    خیرپور : جج کے اسکواڈ پر حملہ، پولیس اہلکار شہید 2 زخمی


    قیوم آباد جام صادق پل پر بھی ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اپنی قیمتی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، ریسکیو حکام کے مطابق 25 سالہ نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی، اور اس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

    ادھر بلدیہ 2 نمبر کے قریب بھی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا ہے۔

  • ٹرالر نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، باپ، 2 بیٹے اور بیٹی جاں بحق

    ٹرالر نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، باپ، 2 بیٹے اور بیٹی جاں بحق

    اوکاڑہ میں ٹرالر نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا، موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے قریب ٹرالر اور موٹر سائیکل کے درمیان ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، حادثے میں موٹر سائیکل سوار 4 افراد  جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں باپ، 2 بیٹے اور بیٹی شامل ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرار ہوگیا ہے جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

    اس سے قبل کراچی میں ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارتے ہوئے ایک اور شہری کی جان لے لی تھی، واقعہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد گجر نالے کے قریب پیش آیا تھا۔

    جہاں ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا، ٹکر مارنے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مشتعل افراد کی ٹرالر کو جلانے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-father-and-son-crushed-traffic-accident/

  • ریت سے بھرا ڈمپر چنگچی رکشہ اور موٹر سائیکل پر الٹ گیا

    ریت سے بھرا ڈمپر چنگچی رکشہ اور موٹر سائیکل پر الٹ گیا

    لاہور: لاہور میں رائیونڈ روڈ پر ریت سے بھرا ڈمپر چنگچی رکشہ اور موٹر سائیکل پر الٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں رائیونڈ روڈ پر ریت سے بھرا ڈمپر چنگچی رکشے اور موٹر سائیکل پر الٹنے سے 2 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں 32 سالہ عمیر اور 25 سالہ طیب شامل ہیں، جب کہ 30 سالہ وسیم زخمی ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں بالخصوص کراچی میں ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے، شہر قائد میں ڈمپر اور ٹریلر کے حادثات ایک وبائی صورت اختیار کر چکے ہیں، جس میں رواں برس بھی سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔


    تیز رفتار ڈمپر نے مسافروں سے بھری وین کو کچل دیا، ویڈیو رپورٹ


    چند دن قبل کراچی میں سپر ہائی وے کاٹھور موڑ کے قریب مسافروں سے بھری وین اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 7 خواتین سمیت 15 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ڈمپر تحویل میں لے لیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی غلط سمت پر تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ وین میں سوار جاں بحق افراد کا تعلق حیدر آباد اور ٹنڈو آدم خان سے تھا، جو شادی میں شرکت کے بعد واپس اپنے آبائی علاقوں میں جا رہے تھے۔

  • واٹر ٹینکر اور تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کچل دیے

    واٹر ٹینکر اور تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کچل دیے

    کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں موٹر سائیکل سواروں کی جانیں جانے کا سلسلہ رک نہ سکا، گزشتہ رات دو الگ الگ حادثوں میں واٹر ٹینکر اور تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی سمیت 3 افراد کچل دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سائٹ ایریا میں کوسٹر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس پر سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

    دوسرے واقعے میں کلفٹن میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے منیر نامی شخص جان کی بازی ہار گیا، جو قائد آباد کا رہائشی تھا، حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر سمیت فرار ہو گیا۔


    سواری کے انتظار میں کھڑے رکشے پر تیز رفتار ٹریلر چڑھ دوڑا، ڈرائیور جاں بحق


    سائٹ ایریا سیمنز چورنگی کے قریب پیش آئے واقعے میں دونوں میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے تھے، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، خاتون کے جاں بحق ہونے کے بعد اس کے شوہر نے بھی دوران علاج دم توڑ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں جاں بحق خاتون اور مرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

  • ڈمپر کی رکشا اور موٹر سائیکل کو ٹکر، لڑکا اور لڑکی جاں بحق، 2 زخمی

    ڈمپر کی رکشا اور موٹر سائیکل کو ٹکر، لڑکا اور لڑکی جاں بحق، 2 زخمی

    راولپنڈی میں ڈمپر نے موٹر سائیکل اور رکشے کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ دو ہی زخمی ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ راولپنؔڈی کے جی پی او چوک کے قریب پیش آیا جہاں ڈمپر نے رکشے اور موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں لڑکا اور لڑکی جاں بحق جب کہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    حادثے کے فوری بعد ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا، جب کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا

    پولیس کے مطابق ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے جب کہ حادثے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ تیز رفتار ڈمپر سمیت دیگر ہیوی ٹریفک ملک بھر کی سڑکوں پر دندناتے پھر رہے اور شہریوں کو کچل رہے ہیں۔

    خاص طور پر ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں یہ حادثات تو روز کا معمول بن گئے ہیں اور رواں برس کے ابتدائی 4 ماہ میں 150 زائد افراد ان خونیں حادثات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ مرنے والوں میں خواتین بچوں بوڑھوں سمیت نومولود اور وہ بچے بھی شامل ہیں جنہوں نے ابھی دنیا میں آنکھ کھولنی تھی۔

  • سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں ہولناک تصادم، غلطی کس کی تھی؟ فوٹیج

    سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں ہولناک تصادم، غلطی کس کی تھی؟ فوٹیج

    کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 عزیز نگر میں سوزوکی لوڈر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 3 بائیک سوار طلبہ زخمی ہو گئے۔

    اس ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس سے پتا چلتا ہے کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثہ رانگ سائڈ سے آنے والی سوزوکی لوڈر کے باعث پیش آیا۔

    حادثے میں موٹر سائیکل اور سوزوکی کے درمیان تصادم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، حادثے کے بعد تینوں طلبہ بائیک سے گرتے ہیں، اس واقعے میں سوزوکی میں بیٹھے افراد کو بھی چوٹ لگی۔

    حادثے میں سوزوکی اور موٹر سائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، دو زخمیوں کی شناخت 18 سالہ محمد اسماعیل اور 16 سالہ عبدالرحیم کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں نوجوانوں کو جسم کے مختلف حصوں میں چوٹیں آئی ہیں، جو اسکول یونیفارم میں تھے۔


    اسکول جاتے ہوئے 2 لڑکیاں لا پتا ہو گئیں


    اگرچہ فوٹیج سے واضح ہے کہ سوزوکی لوڈر غیر قانونی طور پر رانگ سائڈ سے سڑک پر آ رہا تھا، تاہم طلبہ بھی ایک ایسے مقام پر تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے آ رہے تھے جہاں انھیں رفتار ہلکی کرنی چاہیے تھی، تھوڑی سی جلد بازی بعض اوقات بڑی تکلیف کا باعث بن جاتی ہے۔