Tag: موٹر سائیکل بم دھماکا

  • کالعدم تنظیم کے خلاف مشن پر جانے والی پولیس ٹیم پر موٹر سائیکل بم حملہ، 3 اہلکار زخمی

    کالعدم تنظیم کے خلاف مشن پر جانے والی پولیس ٹیم پر موٹر سائیکل بم حملہ، 3 اہلکار زخمی

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد میں نادرن بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی انٹیلیجنس ونگ نادرن بائی پاس کچے کے ایریا سے واپس آ رہی تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا، جس کے باعث موبائل کا اگلہ حصہ مکمل تباہ ہو گیا اور تین اہل کار معمولی زخمی ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق حملے میں پولیس کی موبائل کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے، پولیس موبائل بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے نقصان کم ہوا، سی ٹی ڈی کچھ عرصے سے کالعدم تنظیم کے خلاف ایک مشن پر کام کر رہی تھی۔ بم حملہ کالعدم جماعت کے کارندوں کی تلاش میں نادرن بائی پاس کچے کے علاقے میں جانے والی سی ٹی ڈی انٹیلجنس ونگ کی موبائل پر کیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم ٹی ٹی پی کے خلاف ایک مشن پر کام کر رہی تھی، آج واپسی پر موبائل کو نشانہ بنایا گیا، اہل کار شیشے کے ٹکرے لگنے سے زخمی ہوئے، زخمی تمام اہلکار خطرے سے باہر ہیں۔

    انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ ساؤتھ زون غلام مصطفی آرائیں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل میں 2 کلو کمرشل ہائی ایکسپلوزو مواد استعمال کیا گیا، اور دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا ہے۔

    انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق یہ موٹر سائیکل چینی قونصل خانے پر دھماکے کے لیے تیار کی گئی موٹر سائیکل اور اُس بارودی مواد سے مماثلت رکھتی ہے، خوش قسمتی سے چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے تیار کی گئی موٹر سائیکل پھٹ نہیں سکی تھی، کھارادر کپڑا مارکیٹ میں ہونے والا دھماکا بھی اس سے ملتا جلتا تھا۔

  • کراچی بم دھماکے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت ہو گئی

    کراچی بم دھماکے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت ہو گئی

    کراچی: گزشتہ روز شہر قائد کے علاقے صدر میں ہونے والے موٹر سائیکل بم دھماکے میں جاں بحق نوجوان کی شناخت عمر صدیق کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بد قسمت نوجوان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ ان کا تعلق پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے تھا۔

    ڈائریکٹر جناح اسپتال شاہد رسول نے بتایا کہ عمر صدیق جناح اسپتال کا ٹیکنیشن تھا، ان کا تعلق رحیم یار خان سے ہے، شاہد رسول نے یہ بھی بتایا کہ دھماکے کے 5 دیگر زخمی ایمرجنسی وارڈ میں ہیں، جب کہ ایک زخمی کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف عمر صدیق کی لاش رحیم یار خان منتقل کر دی گئی ہے، جاں بحق نوجوان کی تدفین آبائی علاقے میں کی جائے گی، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عمر صدیق کراچی میں بزرٹا لائن میں رہائش پذیر تھا۔

    کراچی دھماکے کی ذمے داری کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی، واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    اہل خانہ کے مطابق جاں بحق نوجوان جناح اسپتال میں ایکسرے کا کورس کر رہا تھا، وہ دھماکے کے وقت جائے وقوعہ سے گزر رہا تھا کہ زد میں آ گیا۔

    خیال رہے کہ صدر کے علاقے داؤ پوتہ روڈ پر ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 13 شدید زخمی ہو گئے تھے، اس دھماکے کی ذمے داری کالعدم سندھو دیش لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے۔

  • چمن بم دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد کا استعمال ہوا

    چمن بم دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد کا استعمال ہوا

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں گزشتہ روز مال روڈ پر موٹر سائیکل بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ چمن بم دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، جس میں دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، خوف و ہراس پھیلانا اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل بم دھماکے میں 7 سے 8 کلو بارودی مواد اور بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

    پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جانے کے بعد مال روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے، ادھر مال روڈ بم دھماکے کے خلاف سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    چمن: مال روڈ پر دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی

    آل پارٹیز تاجر اتحاد کی جانب سے مال روڈ دھماکے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی، مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر گشت اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے شہدا چوک پر دھرنا بھی دیا جس سے ٹریفک معطل ہو گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں میں اے این ایف اہل کار بھی شامل تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا، اور بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    دھماکے میں اے این ایف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے اے این ایف کی گاڑی تباہ ہو گئی اور 3 اہل کار زخمی ہو گئے، جنھیں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

  • چمن میں مال روڈ پردھماکا، ایک شخص جاں بحق، چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ زخمی

    چمن میں مال روڈ پردھماکا، ایک شخص جاں بحق، چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ زخمی

    چمن : بلوچستان کے علاقے چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ایک شہری جان کی بازی ہار گیا، چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے، دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کی خوشیاں سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سرحدی شہر چمن میں مال روڈ پر زور دار دھماکا کیا،

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا، بارود موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، یہ دھماکا مال روڈ پر اسپیشل برانچ پولیس کے دفتر کے سامنے کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار ایف سی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، امدادی ٹیمیوں کے رضاکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    زخمیوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا، بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جائے وقوعہ سے شواہد  اکھٹے کیے جارہے ہیں۔