کراچی : وزیرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمارچاولہ نے نئی نمبر پلیٹس کے اجرا کے حوالے سے موٹرسائیکل سواروں کو بڑی خوشخبری سنادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن سندھ مکیش کمار چاولہ نے سندھ میں موٹر سائیکلوں کی نئی نمبر پلیٹس کے اجرا کی تاریخ میں توسیع کا عندیہ دے دیا۔
وزیرایکسائزاینڈ ٹیکسیشن سندھ نے کہا پرسوں ایک میٹنگ میں تاریخ میں توسیع کا فیصلہ ہوسکتا ہے، نئی نمبر پلیٹس کی سپلائی آہستہ ہے تو حکومت کے پاس تاریخ میں توسیع کا آپشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم کراچی سے کشمور تک سندھ بھر کیلیے ہے، اب تک 20 لاکھ نئی نمبر پلیٹس جاری کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں : اجرک والی جعلی نمبر پلیٹ لگوانے والے ہو جائیں خبردار، بڑی خبر آگئی
یاد رہے وزیر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے ایسے شہریوں کو خبردار کیا تھا جو سڑکوں پر اسٹالز اور دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹ خرید کر گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر لگوا رہے ہیں۔
مکیش کمار چاولہ نے نجی نیوز سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ خصوصی فیچر کی حامل اجرک والی نمبر پلیٹ 2022 میں لانچ ہوئی، پچھلے 3 سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکل کو یہ نمبر پلیٹ دی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ یہ سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ ہے جو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، پچھلے ایک سال سے میں اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے بتا چکا ہوں کہ مستقبل میں تمام شہریوں کو یہ والی نمبر پلیٹ لگانی ہوگی۔