Tag: موٹر سائیکل

  • چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    کراچی: شہر قائد میں گینگ وار کے ملزمان کا نیا دھندہ بے نقاب ہوا ہے، اگر منشیات خریدنے کے پیسے نہیں تو کوئی بھی قیمتی چیز دے کر منشیات لی جا سکتی ہیں، ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے رات گئے جہان آباد میں گینگ وار ارشد پپو گروپ کے اڈے پر چھاپا مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی، کراچی فیضان علی نے بتایا ارشد پپو گروپ کے اڈے پر کارروائی کر کے گینگ وار کے نو ملزمان کو دھر لیا گیا ہے، ملزمان سے چوری کی 20 موٹر سائیکلیں، 50 کلو منشیات، 20 موبائل فون، 4 عدد پستولیں، ایک لاکھ روپے اور رکشہ برآمد کیا گیا ہے، یہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔

    کراچی موٹر سائیکل منشیات گینگ وار

    چھاپا گزشتہ رات مخبر کی اطلاع پر مارا گیا، اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گینگ وار ارشد پپو گروپ کے متعدد کارندے جہان آباد لاشاری محلے میں واقع اڈے پر موجود ہیں، چھاپے کے دوران ایک ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت بلال عرف بلا ولد محمد اقبال، محمد مبارک ولد طفیل، سمیر ولد عبدالرحمان، سید مرین شاہ ولد میاں جان شاہ، عامر سواتی ولد صلاح الدین، علی یاسر ولد حاجی عبدالرحمان، ماجد ولد اسلام الدین، شعیب ولد فاروق، جہانزیب ولد رفیق کے ناموں سے ہوئی، جب کہ فرار ملزم کی شناخت اکرم ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے۔


    کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار


    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نشے کے عادی افراد کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کے عوض نشہ فراہم کرتے ہیں، جب کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد رکشہ منشیات سپلائی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

    گرفتار ملزمان پیشہ ور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

  • ویڈیو: موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام کی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والا شخص کون نکلا؟

    ویڈیو: موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام کی نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والا شخص کون نکلا؟

    حیدرآباد میں موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر گھومنے والے شخص کو یہ سفر مہنگا پڑ گیا پولیس نے پکڑ لیا۔

    حیدرآباد میں گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو موٹر سائیکل پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کے نام سے نمبر پلیٹ لگا کر سڑکوں پر گھومتے دیکھا گیا۔

    ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جب اس سے تفتیش کی گئی تو ڈی سی آفس کا ہی خاکروب نکلا۔

    ملزم نے ڈپٹی کمشنرکے نام کی نمبر پلیٹ لگانے پر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہے اور کہتا ہے کہ گاڑی کے کاغذات گم ہو گئے تھے، اس لیے ڈی سی کے نام کی نمبر پلیٹ لگائی۔ غلطی ہوگئی ہے معاف کریں آئندہ نہیں لگاؤں گا۔

    اس موقع پر پولیس افسر کی آواز سنائی دیتی ہے کہ اگر آئندہ لگائی تو جس پر ملزم کہتا ہے کہ پھر جو آپ سزا دینا چاہیں دے دیجیے گا۔

  • کراچی : شارع فیصل کے قریب کار سوار نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو روند ڈالا

    کراچی : شارع فیصل کے قریب کار سوار نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو روند ڈالا

    کراچی : شارع فیصل کے قریب کار سوار نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو روند ڈالا، جاں بحق ہونے والا بائیک رائیڈر تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے دو مختلف حادثات میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پہلا حادثہ شارع فیصل نرسری کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو کچل دیا ، حادثے میں موٹر سائیکل سوار دونوں افراد جان سے گئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار ایک شخص آن لائن رائیڈر تھا، جس کی شناخت شکیل حیدر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے دوسرے شہری کی شناخت نہ ہوسکی۔

    جاں بحق ہونے والا تشکیل بائیک رائیڈر اور دو بچوں کا باپ تھا اور آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔

    پولیس کے مطابق تیز رفتار کار سوارموٹر سائیکل دور تک رگڑتے ہوئے لے گیا اور کار بھی فٹ پاتھ سے ٹکراہی لیکن کار سوار فرار ہوگیا۔

    عینی شاہد نے کہا کہ حادثہ تیز رفتار کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے باعث پیش آیا، کار سوار تیز رفتاری سے آرہا تھا، موٹر سائیکل کوٹکرماری اور حادثے کے بعد تیز رفتار کار کئی بارکار فٹ پاتھ سے ٹکرائی۔

    دوسرا حادثہ نمائش چورنگی کے قریب ہوا، جہاں دو موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا تاہم لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن میں موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے شہری کو لوٹ لیا، ویڈیو

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کی ایک سڑک پر کراچی جیسا واقعہ دیکھنے کو مل گیا، جس میں دو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک شہری کو دن دہاڑے لوٹ لیا۔

    لندن کے شمال مشرقی پارک میں لاقانونیت کا راج دیکھنے کو مل رہا ہے، دو بائیک سوار چوروں نے دن دہاڑے پارک میں سائیکل سوار کو لوٹ لیا، معروف برطانوی روزنامہ ڈیلی میل نے اس واقعے کی ویڈیو شیئر کر دی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے کس طرح پہلے سائیکل سوار کو آوازیں دیتے اور اس کی سائیکل مانگتے رہے، جب سائیکل سوار نے انکار کیا تو ایک لٹیرے نے ہتھوڑا نکال کر لہرایا۔

    لندن ٹریک ڈومین بائیک
    ٹریک ڈومین بائیک

    اس واقعے میں لٹیروں نے مشرقی لندن کے رہائشی 33 سالہ پیٹرک کونیلی سے 4 ہزار 200 پاؤنڈز کی سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے، واقعے کے بعد سائیکل کلبوں نے پولیس سے صبح کے اوقات میں گشت بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

    میئر لندن صادق خان نے رمضان لائٹس کا افتتاح کردیا

    ڈیلی میل کے مطابق سائیکل کلب کے ممبران شمال مغربی لندن کے مشہور پارک میں ہر روز سویرے جمع ہوتے ہیں، یہاں انھیں متعدد بار مسلح ’بائیک جیکرز‘ کے ہاتھوں پُر تشدد ڈکیتیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ لٹیروں نے جس طرح سائیکل سوار کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس کی ’’ٹریک ڈومین بائیک‘‘ کے برانڈ کا معائنہ کیا تھا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔

  • شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی، ویڈیو

    شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی، ویڈیو

    کراچی: سولجر بازار نشتر پارک کے قریب شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار نشتر پارک کے قریب محض سولہ سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات ہوئی ہے، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح فلمی انداز میں چلتی سڑک پر سیکنڈوں میں لٹیروں نے کیسے موٹر سائیکل چھین لی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    فوٹیج میں شہری کو نئی موٹر سائیکل پر دیکھا جا سکتا ہے، شہری جیسے ہی رکا، 3 لٹیرے پیچھے سے آ گئے، جو کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، ایک نے موٹر سائیکل آگے لگائی اور دو برابر میں رکے۔

    کراچی : غیرقانونی کال سینٹر کا مالک 6 کارندوں سمیت گرفتار، خوفناک حقائق سامنے آگئے

    فوٹیج کے مطابق لٹیروں نے بغیر اسلحہ دکھائے شہری سے بائیک چھینی، اور واردات کے بعد تینوں ملزمان الگ الگ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، چھینی گئی موٹر سائیکل کی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے زائد ہے۔

  • سبزی منڈی میں‌ موٹر سائیکل سوار سے 38 لاکھ چھینے جانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    سبزی منڈی میں‌ موٹر سائیکل سوار سے 38 لاکھ چھینے جانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: گزشتہ پیر کو کراچی کی سبزی منڈی میں‌ موٹر سائیکل سوار سے 38 لاکھ روپے چھینے جانے کی واردات ہوئی تھی، اس واردات کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    سپر ہائی وے سبزی منڈی پولیس پوسٹ نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے واردات کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 26 لاکھ روپے کیش اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق اس ڈکیتی میں تاجر کا منشی اکبر اور سبزی منڈی کا ڈرائیور مراد شامل تھا، 16 دسمبر کو کی گئی اس واردات میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے تاجر کے منشی اکبر سے رقم اور موٹر سائیکل چھینی تھی۔

    معلوم ہوا کہ تاجر کا منشی اکبر مالک کے پیسے بینک میں جمع کرواتا اور نکالتا تھا، اکبر نے منڈی کی سوزوکی کے ڈرائیور مراد کے ساتھ منصوبہ بنایا، اور 3 ملزمان کو باہر سے لاکر ڈکیتی کروائی۔

    38 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان سوزوکی اور موٹر سائیکل پر آئے تھے، اکبر نے منصوبہ بندی کے تحت ملزمان کو کیش اور بائیک دے دی۔ پولیس نے اکبر اور مراد کو تو پکڑ لیا ہے تاہم واردات میں ملوث تین ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

  • بنارس پل پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل نوجوان کو موٹر سائیکل دینے کے باوجود گولی ماری گئی

    بنارس پل پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل نوجوان کو موٹر سائیکل دینے کے باوجود گولی ماری گئی

    کراچی: بنارس پل پر ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان کو موٹر سائیکل دینے کے باوجود لٹیروں نے بے دردی سے گولی مار دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بنارس پل پر ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق نوجوان جمال کی سائٹ کے علاقے میٹروول میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں اہل علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    واردات کیسے ہوئی، اس سلسلے میں مقتول جمال کے ساتھی نے بتایا ’’میں جمال کے ساتھ موٹر سائیکل پر موجود تھا، ملزمان پیچھے سے آئے اور دھکا دے کر موٹر سائیکل کو گرا دیا۔‘‘

    ساتھی نے بیان میں کہا ’’دونوں ملزمان کے پاس پستول تھے، لیکن وہ کافی گھبرائے ہوئے تھے، موٹر سائیکل دینے کے باوجود لٹیرے نے 4 گولیاں ماریں، ایک گولی جمال کو لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔‘‘

    کراچی : ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    بیان کے مطابق زخمی جمال کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آدھے گھنٹے بعد دم توڑ گیا۔ مقتول نوجوان کے والد نے فریاد کرتے ہوئے کہا ’’میرے بیٹے کی کچھ دنوں میں شادی تھی، گھر میں خوشیوں کا ماحول تھا، قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔‘‘

  • تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا

    تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا

    پنجاب کے ضلع میں تیز رفتار مزدا بس نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں تیز رفتار مزدا بس نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل ڈالا حادثے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو اہلکار کا کہنا ہے کہ لاشیں اور زخمی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا ہے،حادثہ میں جاں بحق ہونے والے محمد یوسف اور کوثر پاکپتن کے گاوں ورسیں کے رہائشی تھے۔

    اس سے قبل دیپالپور روڈ پر گاؤں کے قریب تیز رفتار بس نے بے قابو ہو کر دو موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا تھا جس میں دونوں موٹر سائیکل سورا موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

    اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار اپنی لائن میں جارہے تھے کہ تیز رفتار بس نے کچل دیا، جبکہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

  • دو نوجوان موٹر سائیکل بچانے کی خاطر ندی میں کود پڑے، پھر کیا ہوا؟

    دو نوجوان موٹر سائیکل بچانے کی خاطر ندی میں کود پڑے، پھر کیا ہوا؟

    بھارت کے مدھیہ پردیش کے 28 اضلاع شدید بارشوں کے سبب محکمہ موسمیات کے اورنج الرٹ پر ہیں، جس کی وجہ سے پوری ریاست میں سیلابی صورتحال ہے،ایسے میں حادثات بھی رونما ہورہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اشوک نگر ضلع میں دو نوجوان موٹر سائیکل پر ندی پار کرنے کی کوشش میں مصروف تھے، اس دوران بارش کی وجہ سے اچانک ندی کے پانی میں اضافہ ہوگیا۔

    سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو نوجوان اس دوران موٹر سائیکل کی گرفت کھو دیتے ہیں۔ چند سیکنڈ کے دوران ہی موٹر سائیکل ندی میں بہہ جاتی ہے، ایسے میں دونوں موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش میں ندی میں چھلانگ لگادیتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق دونوں افراد ندی سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے کیونکہ دونوں تیراک تھے، مگر انہیں اپنی موٹر سائیکل سے ہاتھ دھونا پڑ ا۔

  • ہینڈل اور پہیے کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کی خوفناک ویڈیو، نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟

    ہینڈل اور پہیے کے بغیر موٹر سائیکل چلانے کی خوفناک ویڈیو، نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟

    قاہرہ : دوستوں کو متاثر کرنے یا تفریح کی غرض سے بہت سے لوگ سڑکوں پر موٹر سائیکل کے کرتب دکھاتے پھرتے ہیں اور اس شوبازی میں وہ اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔

    مصر میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا کہ ایک نوجوان نے اگلے پہیے اور ہینڈل کے بغیر موٹر سائیکل چلا کر دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

    سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ پر بہت سے صارفین نے اپنے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس خطرناک حرکت پر کڑی تنقید کی۔

    مصر کے علاقے میں ایک نوجوان نے حیران کن طور پر ایسی موٹر سائیکل چلائی جس کا ہینڈل اور اگلا پہیہ ہی غائب تھا، یہ ہی نہیں انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے وہ موٹرسائیکل پر کھڑا ہوگیا۔

    اس خوفناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    کمنٹس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے جس کے نتیجے میں کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے اور درجنوں بے گناہ افراد لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔

    مصر کی وزارت داخلہ نے مذکورہ ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور بیان جاری کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ گرفتار ہونے والا نوجوان ڈمیتا کا رہائشی ہے، موٹر سائیکل سوار کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے، تاہم نوجوان نے اپنی اس گھناؤنی حرکت کا اعتراف کیا ہے، مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ اس کے علاوہ بھی مصر میں حکام نے اسی طرح کے مختلف واقعات میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جو مصر کی سڑکوں پر اسی طرح کے خطرناک کرتب کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کررہے تھے۔