Tag: موٹر سائیکل

  • بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    بھارت: پولیس کے جرمانوں سے تنگ آ کر نوجوان نے بائیک کو آگ لگا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک نوجوان نے پولیس کے جرمانوں سے دلبرداشتہ ہو کر اپنی موٹر سائیکل کو ہی آگ لگا دی، نوجوان کو ہزاروں روپے کے چالان ادا کرنے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا، اتوار کی شام موضع گوتاپور کے قریب پولیس گاڑیوں کی تلاشی میں مصروف تھی جہاں اس نے سنگپا نامی نوجوان کو روکا۔

    پولیس نے نوجوان کی موٹر سائیکل روک کر دستاویزات دیکھے اور زیر التوا چالانات کی بھی جانچ کی۔ پولیس کے مطابق نوجوان پر پہلے سے 5 ہزار روپے کے چالان بقایا تھے۔

    پولیس نے زیر التوا چالانات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نوجوان کو وہاں سے روانہ کردیا۔

    تاہم مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے تصاویر لینے اور جرمانے عائد کرنے سے دلبرداشتہ اور جرمانوں کی رقم ادا کرنے سے قاصر سنگپا گھر پہنچا تو سخت غصے میں تھا، گھر پہنچتے ہی اس نے موٹر سائیکل پر پیٹرول چھڑکا اور اسے آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چالان کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھا۔

  • کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر ٹھٹھہ میں بیچنے والے ملزم گرفتار

    کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر ٹھٹھہ میں بیچنے والے ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موٹر سائیکلیں چھیننے والے گروہ کا اہم کارندہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان موٹر سائیکلیں ٹھٹھہ میں بیچتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ میمن گوٹھ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، کارروائی میں 125 سی سی موٹر سائیکلیں چھیننے والے گروہ کا اہم کارندہ گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزم ساجد کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم نے 30 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملزمان موٹر سائیکلیں ٹھٹھہ میں بیچتے تھے، ملزمان نئی موٹر سائیکل 20 ہزار میں فروخت کرتے تھے۔

  • سی سی ٹی وی کیمرے نے وہ منظر قید کر لیا جسے دیکھ کر خوف سے رونگٹے کھڑے ہو گئے (ویڈیو)

    سی سی ٹی وی کیمرے نے وہ منظر قید کر لیا جسے دیکھ کر خوف سے رونگٹے کھڑے ہو گئے (ویڈیو)

    بھارت میں ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے دیکھنے والوں کے خوف سے رونگٹے کھڑے کر دیے، یہ بھارت کے کسی شہر کی ایک گلی کا منظر ہے جس میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی اور پھر گر پڑی، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہوئی، اور بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے دیکھا اور شیئر کیا۔

    سوشل میڈیا پر آئے دن ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں، انھی میں سے کچھ ویڈیوز مافوق الفطرت سرگرمیوں پر بھی مبنی ہوتی ہیں جنھیں دیکھ کر صارفین اس کی توجیہہ نہیں کر پاتے، کبھی حیران ہوتے ہیں اور کبھی خوف زدہ، یہ بھی ایسی ہی ایک ویڈیو ہے۔

    اس ویڈیو میں گلی میں کھڑی بائیک خود بخود چل پڑتی نظر آتی ہے، یہ 30 سیکنڈز کی فوٹیج ٹوئٹر پر ایک صارف نے شیئر کی تو دیکھنے والوں کو اپنی ریڑھ کی ہڈی میں سنسنی دوڑتی محسوس ہوئی۔

    فوٹیج کے مطابق گلی میں ایک گھر کے سامنے دو بائیکس کھڑی ہیں، چند سیکنڈز کے بعد ایک بائیک نے خود سے حرکت شروع کر دی، بائیک دائرے میں تھوڑی سے گھومی اور پھر اچانک زمین پر گر پڑی، ویڈیو میں کوئی انسان نظر نہیں آتا۔

    ویڈیو شیئر کرنے والی صارف نے کیپشن لکھا کہ یہ منظر کیمرے میں قید ہو گیا ورنہ کوئی یقین نہ کرتا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اس پر مختلف تبصرے کیے، کسی نے اسے ناقابل یقین قرار دیا اور کسی نے مافوق الفطرت واقعات کو مذاق کا نشانہ بنایا۔

    ایک صارف نے لکھا بھوت نے پی رکھی تھی اس لیے گر گیا، ایک اور نے لکھا بھوتوں کو بھی ڈرائیونگ لائسنس پاس کرنا پڑتا ہے، تیسرے صارف نے لکھا یہ کس کی روح گھس گئی بائیک میں۔

  • موٹر سائیکل سے گرنے کے بعد اب چوٹ نہیں لگے گی، جانیے کیوں؟ ویڈیو وائرل

    موٹر سائیکل سے گرنے کے بعد اب چوٹ نہیں لگے گی، جانیے کیوں؟ ویڈیو وائرل

    اسٹاک ہوم : موٹر سائیکل کے حادثات میں ہونے والے نقصانات اور سوار کو زخموں سے بچانے کیلئے ایسا ایئر بیگ متعارف کرایا گیا ہے جس میں موٹر سائیکل کے گرتے ہی ہوا بھر جاتی ہے۔

    سویڈن کے ایک ڈیزائنر نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایسی جینز( پینٹ) تیار کی ہے جس میں دونوں جانب لگے ہوئے ایئربیگز کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر پُھول کر موٹر سائیکل سوار کو بچانے میں مدد دیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موسس شاہریور نامی انجینئر نے یہ جینز تیار کی ہے، وہ اس سے قبل بھی موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایسی ہی جیکٹ بناچکے ہیں جس میں ایئربیگ لگا ہوا ہے جو دنیا بھر میں استعمال ہو رہی ہے۔

    اس کی بدولت حادثے کی صورت میں سوار کی گردن، دونوں بازو، کمر، سینہ اور ریڑھ کی ہڈی وغیرہ محفوظ ہو جاتے ہیں۔

    اپنی ایجاد کے حوالے سے موسس کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ جیکٹ بھی کافی مفید ہے تاہم یہ ضرورت بہرحال محسوس کی جاتی تھی کہ کسی بھی حادثے میں بائیکرز کی ٹانگیں بری طرح متاثر ہوتی تھیں اور اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہوں نے ایئربیگ والی جینز پر کام شروع کیا۔

    موسس نے اس جینز کے حوالے سے رپورٹ اپنے یوٹیوب چینل پر بھی شیئر کی ہے۔ موسس کے مطابق موٹر سائیکل چلانے والے کی ایک ڈوری موٹر سائیکل کے ساتھ باندھی جاتی ہے اور حادثے کی صورت میں جب ڈوری کھنچتی ہے تو فوری طور پر سوار کی ٹانگوں کے اوپر ایئربیگز میں ہوا بھر جاتی ہے اور وہ چوٹ سے محفوظ ہو جاتا ہے۔

    اگرچہ ایئربیگ والی جینز فی الوقت سویڈن میں ہی دستیاب ہے تاہم موسس پرامید ہیں کہ جلد ہی انہیں دیگر ممالک تک بھی رسائی مل جائے گی۔ وہ اس حوالے سے اسے یورپی یونین کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی سٹینڈرڈز کے مطابق بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایئربیگ والی جینز مارکیٹ میں آئندہ سال2022 تک آجائے گی۔

  • دور افتادہ علاقوں کے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں

    دور افتادہ علاقوں کے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے دور افتادہ علاقوں اور وسیع علاقہ کور کرنے والے انسداد پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے انسداد پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے احسن اقدام کرتے ہوئے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کر دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل دور افتادہ علاقوں اور وسیع علاقہ کور کرنے والے پولیو ورکرز کو دی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو ورکرز کو موٹر سائیکل 2 مراحل میں فراہم کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 12 سو 54 موٹر سائیکلیں دی جائیں گی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انسداد پولیو ورکرز کو 42 موٹر سائیکلیں اور آزاد کشمیر کے انسداد پولیو ورکرز کو 376 موٹر سائیکلیں دی گئی ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 164 جبکہ قبائلی اضلاع کے انسداد پولیو ورکرز کو 672 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے فنڈ حکومت نے فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ حکومت نے کرونا وائرس سے انسداد پولیو مہم کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متواتر انسداد پولیو مہمات چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

    اس فیصلے کے تحت رواں ماہ قومی انسداد پولیو مہم، اکتوبر اور نومبر میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم جبکہ دسمبر میں پھر قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔

  • سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگ گئی، کمزور دل افراد نہ دیکھیں

    گجرات: بھارتی شہر احمد آباد میں سینیٹائیزر اسپرے سے موٹر سائیکل کو آگ لگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد میں کرونا وائرس کے حوالے سے چلائی جانے والی آگاہی مہم کے دوران اس وقت حادثہ پیش آیا، جب ایک حکومتی اہلکار نے موٹرسائیکل پر سینیٹائیزر اسپرے کیا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔

    واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احمد آباد میں ایک کمپلیکس کے باہر لگے چیک پوائنٹ پر رکنے والے شخص کی بائیک پر سینیٹائیزر اسپرے کرنے سے آگ لگ گئی جس نے موٹر سائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ لگنے کے بعد موٹر سائیکل سوار نے اپنی بائیک سڑک پر پھینک دی جس کے بعد اسپرے کرنے والے اہلکار نے موٹرسائیکل کو کھینچ کر دور کر دیا۔ ویڈیو میں وہاں موجود دوسرے اہلکار کو پانی سے آگ بجھاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

  • ریاض میں خواتین کے لیے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت

    ریاض میں خواتین کے لیے موٹر سائیکل چلانے کی تربیت

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم موٹر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں خواتین کو بھی موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دینے کا آغاز کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں قائم بائیکرز اسکل انسٹی ٹیوٹ سعودی عرب کا پہلا ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ہے۔ یہاں موجود یوکرین کی تجربہ کار انسٹرکٹر ایلینا بکریویا بھی فی الوقت سعودی عرب میں خواتین بائیکرز کے لیے واحد ٹرینر ہیں۔

    انسٹی ٹیوٹ میں ابتدائی طور پر جو خصوصی کورسز سکھائے جا رہے ہیں ان میں بیسک موٹر سائیکل رائیڈنگ، اسمارٹ رائیڈنگ اور ٹاپ گن موٹو جمخانہ جیسے پروگرام شامل ہیں۔

    انسٹی ٹیوٹ میں اس وقت موٹر سائیکل چلانے کی تربیت لینے کے لیے مختلف ممالک کی 43 خواتین بائیکرز میں 20 سعودی خواتین کے علاوہ مصر، لبنان اور برطانوی خواتین بھی شامل ہیں۔

    انسٹرکٹر ایلینا کے مطابق یہاں پر خواتین کے لیے ڈرائیونگ پر پابندی ختم ہونے کے بعد ان تربیتی پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ کورسز بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں اور حفاظت کی بنیادی باتیں سکھانے کے اسباق پر مشتمل ہیں۔

    یہاں موٹر سائیکلوں کے بارے میں ابتدائی معلومات سے لے کر متوقع پیچیدگیوں کے بارے میں بائیک سواروں کو تعلیم دی جا رہی ہے فیلڈ ٹریننگ میں گیئر شفٹوں سے لے کر ایمرجنسی اسٹاپس، یو ٹرنز اور کارنرننگ تک ہر چیز سکھائی جاتی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ درحقیقت نئی اور مفید چیزوں کو اپنانے اور قبول کرنے میں سعودی معاشرے نے اپنی صلاحیت کو ثابت کردیا ہے اور یہ نہایت قابل تعریف ہے۔

  • کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے نئے سال کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے اگلے روز ہی کمشنر کراچی نے پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جارہی ہے۔

    کمشنر کا کہنا ہے کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کا جشن مہذب انداز میں منائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش، آتش گیر مادہ رکھنے اور ون ویلنگ پر پابندی برقرار رہے گی۔ صرف موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فیکیشن واپس لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز سیکیورٹی اقدامات کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔

    ڈبل سواری کے ساتھ نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

    صوبائی حکومت نے پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

  • کراچی : تیز رفتار آئل ٹینکر نے دو بچوں کی جان لے لی، باپ زخمی

    کراچی : تیز رفتار آئل ٹینکر نے دو بچوں کی جان لے لی، باپ زخمی

    کراچی : یوسف پلازہ کے قریب  تیز رفتار آئل ٹینکر نے دو ننھے بچوں کی جان لے لی، موٹر سائیکل سوار باپ بھی شدید زخمی ہوگیا، ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کے شیشے توڑ دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر دندناتے آئل ٹینکر نے دو اور ننھی جانیں نگل لیں، اسکول سےوالد کے ساتھ گھر واپسی کاسفر ننھے علی اورعائشہ کا آخری سفربن گیا۔

    یوسف پلازہ کے قریب تیزرفتار آئل ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار شکیل اوراس کے دو بچوں آٹھ سالہ علی اور چھ سالہ عائشہ کو کچل دیا، ننھا علی اور عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    والد شکیل احمد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، واقعے اطلاع ملنے پر مرحومین گھر میں کہرام مچ گیا۔ حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

    موقع پر موجود مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • لاہور: ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والوں کی موٹر سائیکل بند کرنے کے احکامات

    لاہور: ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والوں کی موٹر سائیکل بند کرنے کے احکامات

    لاہور: ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے، نئے احکامات کے تحت ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کی موٹر سائیکل بند کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانونی گرفت مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    [bs-quote quote=”محکمہ داخلہ کی جانب سے احکامات پر پنجاب بھر میں عمل در آمد کی ہدایت” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    اس سے قبل بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول فراہم کرنے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی جا چکی ہے۔

    ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو احکامات دے دیے، محکمہ داخلہ کی جانب سے ان احکامات پر پنجاب بھر میں عمل در آمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں راولپنڈی اور لاہور میں پابندی عائد کی گئی تھی کہ بغیر ہیلمٹ کسی موٹر سائیکل سوار کو پیٹرول فراہم نہیں کیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں اب موٹرسائیکل سوارکوبغیرہیلمٹ پیٹرول نہیں ملےگا


    جس کے بعد دو روز قبل ڈی آئی جی ٹریفک نے اعلان کیا کہ کراچی میں بھی اب موٹرسائیکل سوار کو بغیر ہیلمٹ پیٹرول نہیں ملے گا، خلاف ورزی کرنے والے پمپ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کمشنر کراچی کوخط بھی ارسال کیا کہ پیٹرول پمپوں کو نوٹی فکیشن جاری کیا جائے، اوگرا نے بھی ہدایت کر دی ہے کہ ہر صورت پابندی کویقینی بنایا جائے۔