Tag: موٹر وے پولیس

  • موٹر وے پولیس کو شراب نوشی کو چیک کرنے والے جدید بریتھ اینالائزر فراہم

    موٹر وے پولیس کو شراب نوشی کو چیک کرنے والے جدید بریتھ اینالائزر فراہم

    کراچی: نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے والے اب قانون سے نہیں بچ سکیں گے، موٹر وے پولیس کو شراب نوشی کو چیک کرنے والے جدید بریتھ اینالائزر آلے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف موٹر وے پولیس نے اہم فیصلہ کر لیا ہے، محکمے کو جدید بریتھ اینالائزر آلے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    آئی جی موٹر وے پولیس انعام غنی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر نشے اور شراب نوشی کے زیر اثر ڈرائیورز کے خلاف اب کارروائی کی جائے گی۔

    موٹروے پولیس کے آئی جی کے مطابق جان لیوا ٹریفک حادثات کی اہم وجوہ میں شراب نوشی کے زیر اثر ڈرائیونگ بھی شامل ہے، انھوں نے کہا کہ اب موٹر وے پولیس کے اہل کار نشے میں دھت ڈرائیورز کو بریتھ اینالائزر آلے کی مدد سے چیک کرے گی۔

    چیکنگ پر اگر ثابت ہو گیا کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی انعام غنی نے کہا کہ موٹر وے پولیس محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

    موٹر وے پر حادثات سے بچاؤ کے سلسلے میں عوامی سطح پر آگاہی بھی پھیلائی جا رہی ہے۔

  • جعلی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کے لیے بری خبر

    جعلی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کے لیے بری خبر

    لاہور: موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اب جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا خاتمہ ممکن ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کو پرکھنے کا ایک نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، اس سلسلے میں موٹر وے پولیس اور پنجاب آئی ٹی بورڈ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کا خاتمہ ممکن ہوگا، نئے نظام کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹ سسٹم کا نفاذ ممکن ہو جائے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے پولیس اور پنجاب آئی ٹی بورڈ نے مشترکہ طور ڈیٹا سرور کے ساتھ ساتھ ویب پورٹل بھی تیار کر لیا ہے، جس کی مدد سے ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ ممکن ہو جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، ان کا کہنا تھا کہ موٹر وے بننے سے سیاحت کو ترقی ملے گی، باہر سے ڈالرآئیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے پروٹوکولز میں کمی کے اعلان کے بعد جولائی میں موٹروے پولیس کی جانب سے بھی اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ اب موٹر وے پولیس کسی بھی شخصیت کو ‏پروٹوکول نہیں دے گی۔

  • لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو تھپڑ مارنے اور لوٹنے والے لٹیروں کو پولیس نے حکمت عملی سے قابو کر لیا (ویڈیو)

    لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو تھپڑ مارنے اور لوٹنے والے لٹیروں کو پولیس نے حکمت عملی سے قابو کر لیا (ویڈیو)

    کراچی: موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر شہری کو لوٹنےاور تھپڑ مارنے  والے 2 لٹیروں کو حکمت عملی سے قابو کر لیا، نوجوان نے لٹیروں کا 7 کلو میٹر سے زائد فاصلے تک پیچھا کیا اور انھیں پکڑوانے میں کامیاب رہا۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے لیاری ایکسپریس وے پر ایک کارروائی کے دوران 2 لٹیرے گرفتار کر لیے، لٹیروں سے موبائل فون اور 30 ہزار نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔

    ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون نے اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا کہ اہل کاروں نے لیاری ایکسپریس وے عیسیٰ نگری ٹول پلازہ پر ایک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن وہ نہ رکی، موٹر سائیکل پر دو افراد سوار تھے۔

    پریس ریلیز کے مطابق کچھ ہی دیر میں ٹول پلازہ پر ایک اور موٹر سائیکل داخل ہوئی، جس پر سوار وجاہت نامی شہری نے اہل کاروں کو بتایا کہ ایک موٹر سائیکل سوار دو لٹیرے انھیں لوٹ کر ابھی بھاگے ہیں۔

    نوجوان وجاہت، جو سہراب گوٹھ سے لٹیروں کا پیچھا کرتا آ رہا تھا اور کامیاب رہا

    شہری نے شکایت کی کہ ان سے سہراب گوٹھ میں لٹیروں نے موبائل فون اور تین ہزار روپے چھینے تھے، اور وہ وہاں سے ان کا پیچھا کرتا ہوا ایکسپریس وے تک آیا، لٹیروں نے لوٹتے وقت تھپڑ بھی مارے۔

    موٹر وے پولیس نے اس شکایت پر فوراً کارروائی شروع کر دی، اور اپنی حکمت عملی کے ذریعے لٹیروں کو ایکسپریس وے ہی پر آگے روک لیا گیا، مشتبہ افراد کی جامہ تلاشی لی گئی تو ان سے چھینا گیا موبائل فون اور تین ہزار روپے برآمد ہو گئے، لٹیروں کی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وے پولیس اہل کاروں نے مذکورہ لٹیروں کو حراست میں لے لیا، جن کی شناخت رشید اور یونس کے ناموں سے ہوئی، جنھیں مزید قانونی کارروائی کے لیے عزیز بھٹی تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔

    دریں اثنا، اہل کاروں نے موبائل فون اور 3000 نقدی شکایت کنندہ وجاہت کے حوالے کی، جس پر انھوں نے اہل کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ محکمے کے افسران بالا کی جانب سے انسپکٹر امجد رؤف اور سب انسپکٹر ظفر امیر کی بروقت کارروائی کو سراہا گیا، اور ان افسران کو تعریفی اسناد اور نقدی انعام سے نوازا گیا۔

  • ٹریفک اہلکار کو کچلنے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا

    ٹریفک اہلکار کو کچلنے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا

    پشاور: پشاور ٹول پلازہ پر موٹر وے پر پولیس اہل کار پرگاڑی چڑھانے والے ڈرائیور کوگرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ این ایچ اے ملازم کو کچلنے والے ڈرائیور جنید ولد عتیق کو موٹر وے پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی گاڑی کو رکاوٹ ڈالتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان محمود علی کھوکھر کے مطابق جنید گاڑی نمبر PV 401 پر موٹر وے کے ذریعے پشاور کی جانب جا رہا تھا، تیز رفتاری کی وجہ سے پولیس کی جانب سے روکنے کا اشارہ کیا گیا، لیکن اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے اس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھی۔

    ڈرائیور جنید ولد عتیق

    ترجمان نے مزید بتایا کہ خلاف ورزی کی اطلاع موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کو دی گئی، جہاں ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش میں این ایچ اے کے میڈیکل ہیلپر عدیل علی شاہ کو کچل ڈالا، حادثے میں عدیل کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جسے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم جنید کا تعلق پشاور کے علاقے گلبہار سے ہے، ملزم اسلام آباد سے پشاور جا رہا تھا، موٹر وے پولیس نے مردان کے پاس بھی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

    پشاور ٹول پلازہ پر شہری نے روکنے پر پولیس اہلکار کو کچل ڈالا

    موٹر وے پر پولیس اہل کار پر گاڑی چڑھانے کا مقدمہ تھانہ چمکنی میں درج کیا گیا۔

  • موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    کراچی: صوبہ سندھ میں شدید دند کا راج جاری ہے، موٹر وے پولیس نے عوام سے احتیاط کرنے اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون کا کہنا ہے کہ سکھر میں سرحد بائی پاس سے سندھ پنجاب بارڈر تک دھند ہے جہاں حد نگاہ 30 میٹر ہے، سکھر میں سرحد بائی پاس سے روہڑی بائی پاس تک حد نگاہ 20 میٹر ہے۔

    ترجمان کے مطابق سکھر میں روہڑی بائی پاس سے ٹنڈو مستی تک حد نگاہ 0 سے 30 میٹر ہے، ٹنڈو مستی سے ہالانی تک حد نگاہ 80 میٹر ہے۔

    اسی طرح سکرنڈ میں سدھوجا سے ہالانی تک حد نگاہ 20 سے 30 میٹر اور سکرنڈ میں مشاق سے سدھوجا تک حد نگاہ 60 سے 80 میٹر ہے۔

    بھالائی موڑ سے بھان سعید آباد کے مقام پر حد نگاہ 15 سے 20 میٹر ہے، خان پور سے نصیر آباد کے مقام پر حد نگاہ 50 میٹر ہے، نصیر آباد سے رتو ڈیرو ٹول پلازہ تک حد نگاہ 10 سے 20 میٹر ہے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

  • موٹر وے: پنکچر گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    موٹر وے: پنکچر گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    راولپنڈی: موٹر وے پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران ایک ملزم گرفتار دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے ایم ٹو چکری کے قریب سڑک کنارے پنکچرگاڑی کھڑی تھی، جس سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق ایک ہنڈا کار میں اسلحہ اسمگل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ پنکچر ہو گئی تھی، پیٹرولنگ کے دوران پولیس اہل کار مدد کی غرض سے رک کر کار کی طرف بڑھے تو کار میں موجود دو افراد نے کار بھگا دی۔

    تاہم اس دوران کار سے اسلحہ گرا، جسے دیکھ کر پولیس اہل کاروں نے کار کا تعاقب شروع کر دیا، کلر کہار کے قریب اسے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ نہ رکی، تاہم موٹر وے پولیس نے ناکہ بندی کر کے ملزمان کے گرد شکنجہ سخت کر دیا، جس پر ملزمان نے گاڑی موڑ کر ون وے پر ڈال دی۔

    موٹر وے پولیس کے تعاقب کے آگے بے بس ہو کر ملزمان نے گاڑی چھوڑ کر فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس اہل کاروں نے ایک ملزم یاسین کو گرفتار کر لیا جب کہ دوسرا فرار ہو گیا۔

    گاڑی کی تلاشی پر 16 رائفلیں، 89 میگزینز، 48 پستول، 15300 راؤنڈ برآمد ہوئے، ابتدائی تفتیش سے پتا چلا کہ ملزمان اسلحہ پشاور سے لاہور اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بعد ازاں، موٹر وے پولیس نے گرفتار ملزم، برآمد شدہ اسلحہ اور گاڑی پولیس چوکی چونترہ کے حوالے کر دیے۔

  • فراڈ کر کے فرار ہونے والی خواتین موٹر وے پولیس کے ہاتھوں گرفتار

    فراڈ کر کے فرار ہونے والی خواتین موٹر وے پولیس کے ہاتھوں گرفتار

    لاہور: جمبر کے نزدیک فراڈ کرنے والے گروہ کی 2 خواتین موٹر وے پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق موٹر وے پولیس نے قومی شاہراہ پر جمبر کے نزدیک فراڈ کر کے فرار ہونے والی دو خواتین کو اتفاقاً دھر لیا۔

    ترجمان موٹر پولیس نے بتایا کہ پٹرولنگ افسران نے غلط سائیڈ سے اوورٹیک کرنے پر کار کو روکا تو اندر موجود ڈرائیور اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھی خاتون ڈر کر گاڑی سے اتر کر بھاگ گئی۔

    معاملہ مشکوک ہونے پر پٹرولنگ افسران نے کار میں موجود دیگر 2 خواتین کو روک کر پوچھ گچھ شروع کی، اس دوران موقع پر چند شہری بھی پہنچ گئے، جنھوں نے بتایا کہ یہ خواتین فراڈ کر کے فرار ہوئی ہیں۔

    ڈاکوؤں نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بزرگ خاتون کو گولی مار دی

    پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے فراڈ کر کے شہریوں کو لوٹنے کا اعتراف کر لیا، معلوم ہوا کہ ملزم خواتین نے پلاٹ کا جھانسا دے کر شہریوں سے 50 ہزار روپے اینٹھ لیے تھے۔

    خواتین کو مزید تفتیش کے لیے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے،علیم خان

    گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے،علیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی خرید کا 45 فیصد ہدف حاصل ہوگیا، قلت کا خطرہ نہیں ہے،جنوبی پنجاب میں گندم کی فصل کی خرید ٹارگٹ سے بھی زیادہ ہو گی۔

    علیم خان کا کہنا ہے کہ وسطی اور سینٹر ل پنجاب میں بارشوں نے فصل متاثر کی ہے،پنجاب گندم کی نقل و حمل کے لیے مربوط پالیسی اپنا رہا ہے،دیگر صوبوں بالخصوص کے پی سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔

    وزیر خوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ کوشش ہےگندم خریداری کے لیے مارکیٹ میں 2 خریدار نہ ہوں،پنجاب حکومت خود گندم خرید کر دیگر صوبوں کو دینا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں،زمینی،دریائی راستے سےگندم پنجاب سے لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے،گندم اسمگلنگ روکنے کے لیے موٹر وے پولیس کا تعاون درکار ہے۔

    عبد العلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ فلور ملز کو 72گھنٹے کا اسٹاک رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

    بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، علیم خان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • موٹر وے پولیس نے صحرائی جہازوں پر پیلی پٹیاں‌ باندھ دیں!

    موٹر وے پولیس نے صحرائی جہازوں پر پیلی پٹیاں‌ باندھ دیں!

    ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لگ بھگ 12 لاکھ اونٹ موجود ہیں اور آبادی کے لحاظ سے 36 فی صد بلوچستان، 33 فی صد پنجاب اور اس کے بعد سندھ اور خیبر پختون خوا میں ملتے ہیں۔

    بلوچستان کے اضلاع گوادر، تربت، آواران، چاغی اور لسبیلہ میں ان اونٹوں سے سواری اور بار برداری کا کام لیا جاتا ہے۔ اسی طرح پنجاب کے چولستان میں اونٹ پالے جاتے ہیں جب کہ سندھ میں خاص طور پر تھر، کوہستان، سجاول اور عمرکوٹ کے باسی اونٹوں سے مختلف کام لیتے ہیں۔

    اس معلوماتی تحریر کی بنیاد وہ خبر ہے جس کے مطابق موٹر وے پولیس نے اونٹوں کی گردنوں اور ٹانگوں پر ریفلیکٹرز پہنانے کا کام شروع کیا ہے تاکہ شاہ راہ پر ڈرائیور دور ہی سے کسی اونٹ کی موجودگی سے باخبر ہوسکے۔ اس کے علاوہ سائن بورڈز بھی اس حوالے سے ڈرائیوروں کی راہ نمائی کرتے ہیں۔ تاہم اس اقدام کی وجہ بلوچستان کے راستے میں گاڑیوں کے اونٹوں سے ٹکرانے کے واقعات ہیں جو انسانی جانوں کے ضیاع اور اونٹوں کی ہلاکت کا باعث بنے ہیں۔

    موٹر وے پولیس نے اونٹوں کے مالکان سے بات چیت کرنے کے بعد ان کی مدد سے پالتوں اونٹوں کو ریفلیکٹرز پہنائے ہیں جو روشنی پڑنے پر چمکتے ہیں اور یہی ڈرائیور کو کسی وجود کی سڑک یا اطراف میں موجودگی سے ہوشیار کرے گی۔

    اونٹ پاکستان کے مخصوص علاقوں میں عام پالے جاتے ہیں۔ تاہم قدیم زمانے میں عربوں کی زندگی میں اس جانور کی بہت اہمیت رہی ہے۔ عربی زبان میں اونٹوں کے لیے کئی لفظ رائج ہیں۔ نر، مادہ اور لمبے یا نسبتاً چھوٹے قد والے اونٹ اور اسی طرح کوہان اور بالوں یا رنگت کے لحاظ سے بھی اس جانور کو مختلف نام دیے گئے ہیں۔

    عربی اور اردو میں اس جانور سے متعلق کئی محاورے اور کہاوتیں بھی موجود ہیں۔ اسے صحرا کا جہاز بھی کہا جاتا ہے۔

  • ہوشیار! موٹر وے پر تیز رفتاری پر بھاری جرمانہ عائد

    ہوشیار! موٹر وے پر تیز رفتاری پر بھاری جرمانہ عائد

    اسلام آباد: موٹر وے پولیس نے قومی شاہراؤں پر نئے جرمانوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز رفتاری پر 10 ہزار اور دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراؤں پر یکم جنوری سے نئے جرمانوں کا اطلاق ہوگا، تیز رفتاری پر بسوں کو 10 ہزار جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق تیز رفتاری پر کار کو ڈھائی ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ پبلک سروس میں مسافروں کی اوور لوڈنگ پر 5 ہزار جرمانہ ہوگا۔

    نئے ضوابط کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر ایک ہزار جرمانہ ہوگا۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر کار، موٹر سائیکل اور ایل ٹی وی کو 5 ہزار جرمانہ ہوگا۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال پر موٹر سائیکل سوار کو 500 جبکہ کار ڈرائیور کو 2 ہزار جرمانہ ہوگا۔