Tag: موڈرنا کرونا ویکسین

  • موڈرنا ویکسین لگتے ہی امریکا میں ڈاکٹر کی طبیعت خراب ہو گئی

    موڈرنا ویکسین لگتے ہی امریکا میں ڈاکٹر کی طبیعت خراب ہو گئی

    میساچوسٹس: بوسٹن میں ایک ڈاکٹر کی طبیعت کرونا وائرس کی موڈرنا ویکسین لگتے ہی شدید طور پر خراب ہو گئی۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن میں ایک ڈاکٹر کو جمعرات کو موڈرنا کی کرونا ویکسین لگتے ہی شدید الرجی ری ایکشن ہوا۔

    ڈاکٹر حسین صدر زادہ بوسٹن میڈیکل سینٹر میں بڑی عمر کے افراد میں کینسر کے ماہر ہیں، اور انھیں شیل فش سے الرجی ہے، ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی انھیں کرونا ویکسین لگی، انھیں شدید ری ایکشن ہوا۔

    ڈاکٹر کے بیان کے مطابق انھیں موڈرنا کی ویکسین سے چکر آنے لگے تھے اور دل کی دھڑکن تیز ہو گئی تھی۔

    یہ عوامی سطح پر پہلا شدید ری ایکشن تھا جو موڈرنا کی ویکسین سے ہوا، اور یہ امریکا بھر میں ہونے والی ویکسی نیشن مہم کے پہلے ہی ہفتے میں سامنے آیا۔

    بوسٹن میڈیکل سینٹر کے ترجمان ڈیوڈ کبی نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر صدر زادہ نے محسوس کیا کہ انھیں الرجک ردِ عمل پیدا ہو رہا ہے، اور انھیں اس بات کی اجازت دی گئی کہ وہ الرجک ری ایکشن کے لیے اپنی مخصوص دوا خود لیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر صدر زادہ کو اسپتال کے ایمرجنسی شعبے میں لے جایا گیا تھا، جہاں ان کی صحت کی دیکھ بھال کی گئی، اور مناسب علاج کے لیے انھیں گھر جانے دیا گیا اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

    امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے حکام نے چند دن قبل کہا تھا کہ وہ الرجک ری ایکشن کے 5 ایسے کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں، جو فائزر اور بائیو این ٹیک کی کرونا ویکسین لگنے کے بعد سامنے آئے۔

  • فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین سے متعلق امریکی صدر کا بیان آ گیا

    فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین سے متعلق امریکی صدر کا بیان آ گیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوا ساز کمپنی فائزر اور موڈرنا کی کرونا ویکسین کو محفوظ اور کارگر قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایف ڈی اے) نے فائزر کی کرونا ویکسین کے ہنگامی حالات میں استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

    ٹی وی پر ایک خطاب میں انھوں نے کہا آج ہمارے ملک نے میڈیکل سائنس کے شعبے میں ایک معجزہ کر دکھایا ہے، ہم نے صرف 9 ماہ کے اندر ہی ایک محفوظ کارگر ویکسن تیار کر لی ہے، اسے تاریخ میں سب سے بہترین سائنسی کامیابی میں شمار کیا جائے گا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا اس ویکسن سے لاکھوں لوگوں کی زندگی محفوظ ہو جائے گی اور جلد ہی یہ وبا ختم ہو جائے گی۔

    امریکا بھی فائزر کی ویکسین استعمال کرنے والے ممالک میں شامل

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا مجھے یہ بتاتے ہوئے بےحد خوشی ہو رہی ہے کہ ایف ڈی اے نے فائزر کی کرونا ویکسین کے ہنگامی صورت میں استعمال کی منظوری دے دی۔

    امریکی صدر نے کہا فائزر اور موڈرنا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کرونا ویکسین 95 فی صد تک کارگر ہے جو کہ امید سے کہیں زیادہ ہے، یہ دونوں ہی ویکسینز کافی محفوظ بھی مانی جا رہی ہیں، ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ میں حصہ لینے والوں پر اس کے کوئی خطرناک منفی اثرات نہیں پڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایک ہفتہ پہلے ہی فائزر کی کرونا ویکسین کو منظوری دینے والا برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے، برطانیہ میں ترجیح کی بنیاد پر ویکسی نیشن مہم شروع ہو چکی ہے۔