Tag: مویشی منڈی

  • بچوں نے مزدوری کے لیے مویشی منڈی کا رخ کر لیا، ننھے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا

    بچوں نے مزدوری کے لیے مویشی منڈی کا رخ کر لیا، ننھے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا

    کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں بچوں نے بھی مزدوری کے لیے جگہ بنا لی، کوئی پھیری لگا کر سموسے بیچ رہا ہے، کسی نے لیموں پانی کا ٹھیلا لگا رکھا ہے، تو کوئی ننھا بیوپاری اپنے چھوٹے جانوروں کے ساتھ انھیں اچھے مول پر فروخت کے لیے سپر ہائی وے مویشی منڈی آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق کراچی سپر ہائی وے سہراب گوٹھ کے قریب ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہے، جس میں سب کے لیے روزگار کے دروازے کھلے ہیں۔

    مویشی منڈی میں ساتویں کلاس کے طالب علم نے بھی لیموں پانی کا ٹھیلا لگا لیا ہے، 7 ویں کلاس کے طالب علم زبیر کا کہنا ہے کہ وہ یہاں روز 500 روپے کی دہاڑی لگا رہا ہے، زبیر نے بتایا کہ میں اسکول سے چھٹی کے بعد یہاں آ جاتا ہوں، اور دیہاڑی لگا کر اپنی کورس کی کتابیں، ٹیوشن کی فیس اور امتحانی فارم کے لیے پیسے جمع کر رہا ہوں۔

    ننھا ارباز سموسے اور پیٹس لے کر روزگار کے لیے مویشی منڈی آ گیا ہے، پھیری لگا کر سموسے اور پیٹس بیچ کر روزی کمانے والے ارباز نامی ننھے بچے کا کہنا ہے کہ جب سے سپر ہائی وے سہراب گوٹھ پر مویشی منڈی لگی ہے، مجھے بھی یہاں روزگار مل گیا ہے، سموسے، پیٹس بیچ کر جو بھی پیسے ملتے ہیں ان سے گھر والوں کے لیے دو وقت کی روٹی مل جاتی ہے اور کچھ پیسے بچا کر دوبارہ پیٹس اور سموسے بنا کر یہاں فروخت کرنے کے لیے آ جاتا ہوں۔

    پنجاب کے شہر بہاولپور کا ننھا زبیر بھی آیا ہے لیکن خوب صورت جانور لے کر، اسی طرح رحیم یار خان کے ننھے بیوپاری نے بڑے جانور کے ساتھ چھوٹا جانور فری دینے پیش کش کی ہوئی ہے۔

    رحیم یار خان کا ننھا بیوپاری عمران اپنے ساتھ چھوٹا سا ایک خوب صورت بچھڑا ساتھ لایا ہے، دن رات اس کی خدمت کرتا ہے، اسے چارہ کھلاتا ہے، پانی پلاتا ہے، اس چھوٹے سے بیوپاری کی آنکھوں میں بھی چھوٹے چھوٹے سے سپنوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ عمران نے بتایا کہ اگر کسی شخص نے اس سے 2 لاکھ روپے میں قربانی کا جانور خریدا تو یہ بچھڑا اسے گفٹ کردوں گا، میں نے اسے بڑے ناز نخروں سے پالا ہے۔

    اس مویشی منڈی میں گھوم پھر کر کچرا اٹھانے والے چھوٹے چھوٹے بچوں کا روزگار بھی لگا ہے، وہ ٹرکوں، ٹرالرز، ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیا کے اسٹالز کے پاس بکھرا ہوا گھاس پھوس اور پلاسٹک اٹھا کر انھیں فروخت کر کے اپنے جیب کا خرچا چلا رہے ہیں۔

    مویشی منڈی کے ترجمان یاور رضا چاؤلہ کا کہنا ہے کہ بیوپاری ہو یا تاجر، پھیری لگا کر اشیا فروخت کرنے والا ہو یا شربت فروش، کوئی طالب عم ہو یا بیروزگار نوجوان یہ سب لوگ اپنے اچھے مستقبل کے خواب لے کر ہر سال سپر ہائی وے مویشی منڈی کا رخ کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی سے لاکھوں، کروڑوں لوگوں کا کاروبار جڑا ہے۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے پر قائم بڑی مویشی منڈی میں رواں سال کا سب سے بڑا اور سب سے مہنگا جانور آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں ایک بیل کی قیمت سوا کروڑ روپے لگا دی گئی ہے، پہلی بار منڈی میں اتنا مہنگا جانور فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، مالک نے جانور کا نام بادل رکھ دیا ہے۔

    قربانی کی غرض سے منڈی میں لائے گئے بیل کی قیمت 1 کروڑ روپے سے بھی زائد دیکھ کر منڈی جانے والے حیران رہ گئے ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں نے بادل نامی اس بیل کو دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کیا۔

    دوسری حیران کن بات یہ ہے کہ ایک شوقین خریدار نے بادل نامی جانور کی 85 لاکھ روپے کی آفر کر دی ہے، تاہم بادل کا مالک کم قیمت پر اسے فروخت کے لیے تیار نہیں۔

    کراچی مویشی منڈی کی جان سمجھے جانے والے بادل کا وزن ایک ٹن سے زائد ہے، مالک کا کہنا ہے کہ یہ دودھ، مکھن اور اصلی گھی بھی کھاتا ہے۔

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈی کے اوقات کار مختص کر دیے گئے ہیں، آج سے منڈی شام 7 بجے بند کر دی جائے گی، منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گزشتہ رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔

  • جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    کراچی: رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے گزشتہ روز کراچی سپر ہائی وے مویشی منڈی شام 7 بجے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، تاہم گزشتہ رات ایک بجے اچانک منڈی کر دی گئی جس سے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا اور مویشی خریدنے کے لیے آنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔

    بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا پہنچے گا، دو چار روز ہی باقی رہ گئے ہیں، 24 گھنٹے بھی خریداری کے لیے کم ہیں۔

    منڈی کے ترجمان نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پریشانی میں ڈالنے کی بجائے وقت میں نرمی کی جائے، شہریوں کی اکثریت آخری دنوں میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کرتی ہے، صبح کے اوقات میں لوگ اپنے روزگار پر جاتے ہیں اور رات میں جانور پسند کرتے ہیں۔

    مویشی منڈی کو شام 7 بجے کے بعد خریداری کے لیے بند کرنے کا اعلان

    دوسری طرف مویشی منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندے بھی شام سات بجے کے بعد منڈی میں تشریف نہ لائیں، مویشی منڈی انتظامیہ حکومتی فیصلوں پر ہر صورت عمل کرے گی۔

  • مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اسد عمر

    مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے حوالے سے وزارت صحت کی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حفاظتی تدابیر کو نظر انداز کیا گیا تو مستقبل میں یہ کرونا وائرس کے سنگین پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے، متعلقہ ادارے کرونا ایس اوپیز پر سختی سے عمل یقینی بنائیں، صوبے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کریں۔

    پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 16 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 53 ہزار مثبت

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 77 ہزار 628 ہے، اب تک 170,656 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 2,151 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • ملک بھر میں مویشی منڈیوں سے متعلق اہم حکمت عملی

    ملک بھر میں مویشی منڈیوں سے متعلق اہم حکمت عملی

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے ملک بھر میں مویشی منڈیاں لگانے سے متعلق سفارشات تیار کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے تیار کردہ سفارشات میں تجویز کی گئی ہے کہ منڈیاں ملک کے تمام بڑے شہروں میں لگائی جائیں گی، منڈیاں شہروں کے داخلی یاخارجی راستوں پر لگائی جاسکیں گی۔

    سفارشات میں شہروں میں سرعام مویشی فروخت کرنے پر مکمل پابندی کی تجویز کی گئی ہے، منڈی کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

    مویشی منڈی اور اجتماعی قربانی کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    عید کی نماز کے لیے علما سے مشاورت کے بعد تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ جبکہ قربانی اور جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے بھی سفارشات تیار ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت کی ذیلی کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے اور اجتماعی قربانوں سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے پہلے منڈیاں لگانے پر پابندی عائد کی تھی بعد ازاں پابندی ختم کردی گئی۔ جبکہ کراچی سپر ہائی وے پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی انتظامیہ نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے رقبے میں مزید توسیع کا کام شروع کردیا، سپرہائی مویشی منڈی میں رواں سال نئے بلاکس تیار کیے جائیں گے۔

  • سندھ حکومت نے مویشی منڈیوں کو جاری نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا

    سندھ حکومت نے مویشی منڈیوں کو جاری نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مویشی منڈیوں کو جاری نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے مویشی منڈیاں نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    محکمہ بلدیات اور ٹاؤن پلاننگ کی جانب سے متعلقہ حکام کو جاری خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں مویشی منڈیوں کو حکومتی ایس او پیز کے تحت لگانے کی اجازت دینے کے لیے 2 اور 3 جون کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کو واپس لیا جاتا ہے۔

    سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات نے مویشی منڈیوں کے حوالے سے اپنی سفارشات واپس لے لی ہیں اور محکمہ داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات نے مویشی منڈیوں کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی سفارش کردی ہے۔

    روشن علی شیخ نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مویشی منڈیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی اسی لیے محکمہ داخلہ سے گزارش کی ہے کہ ایسے تمام اجازت نامے منسوخ کردیے جائیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی محکمہ بلدیات نے سندھ میں ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی تھی۔

    محکمہ بلدیات سندھ نے مویشی منڈیوں کے لیے ایس او پیز بھی تیار کرلی تھیں جس کے مطابق تمام ٹاؤن، میونسپل کمیٹیوں، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز کی حدود میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔

    سندھ حکومت نے کہا تھا کہ ایس او پیز کے مطابق مویشی منڈی میں خریداروں کے لیے الگ اور بیوپاریوں کے لیے دو الگ قطاریں لگائی جائیں گی۔

  • عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی: بقرِ عید پر سنتِ ابراہیمی کی تکمیل کے لیے قربانی کے جانوروں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ شروع ہو گیا، وقت کم مقابلہ سخت کے مصداق منڈی میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے پہلے دن قربانی کرنے کے لیے لوگوں کا مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا، بیوپاریوں نے مویشی کے دام بڑھا کر پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

    منڈی کی قیمتیں بے انتہا بڑھ جانے کی وجہ سے خریدار بھاؤ تاؤ پر مجبور ہوگئے ہیں، خریداروں کی ایک بڑی تعداد کو منڈیوں سے مایوس ہوکر واپس جانا پڑ رہا ہے۔

    مویشی منڈیوں کے ریٹس کے مطابق درمیانے درجے کی گائے بیل کے ایک سے سوا لاکھ تک ڈیمانڈ کی جانے لگی، بکروں کے دام 25 ہزار سے سوا لاکھ تک پہنچا دیے گئے۔

    عوام کے مویشی منڈیوں کے چکر پہ چکر لگ رہے ہیں، عید سے پہلے آخری دن بیوپاریوں نے سیزن بھرپور طریقے سے کیش کرنے کا فیصلہ کر لیا، قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔

    دوسری طرف بچوں کی عید سے پہلےعید ہوگئی، گھروں میں قربانی کے جانوروں کی خوب آؤ بھگت ہونے لگی، ہر گلی محلے میں بچےلاڈ اٹھانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    کوئی اپنی گائے کو سیر کروا رہا ہے تو کوئی بکرے کو گھاس کھلا رہا ہے، جوخود کھانا تھا وہ بھی بکروں کو کھلایا جانے لگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  برطانوی ہائی کمشنر کا مویشی منڈی سے عید پر خصوصی پیغام۔ ویڈیو دیکھیں


    بقرِ عید کے سیزن میں قصاب بھی کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتے، شہریوں کی جیب پرچھریاں چلانے کو تیار ہوگئے، جانور کاٹنے کے ریٹس میں ہوش رُبا اضافہ کر دیا۔

    واضح رہے کہ آج خلیجی و دیگر ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، دنیا بھر میں مقیم فرزندانِ اسلام نے سنّتِ ابراہیمی کے تحت اپنے جانوروں کی قربانیاں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے پیش کیں جب کہ کل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔

  • اے آروائی کیٹل فارم: سنتِ ابراہیمی کی تکمیل، بین الاقوامی معیارات کےمطابق

    اے آروائی کیٹل فارم: سنتِ ابراہیمی کی تکمیل، بین الاقوامی معیارات کےمطابق

    کراچی: اے آروائی کیٹل فارم کا افتتاح کردیا گیا ہے، پہلے دن مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے کیٹل فارم کا وزٹ کیا اور بین الاقوامی معیار کے انتظامات دیکھ کر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی کیٹل فارم کے افتتاح کے موقع پر میوزیکل پروگرام اور میجک شو کا اہتمام کیا گیا تھا، پہلے دن آنے والے افراد پہلے تو شو سے محضوظ ہوئے اس کے بعد خوبصورت اور صحت مند جانوروں کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے۔

    اے آروائی کیٹل فارم میں جانوروں کی نگہد اشت کا انتظام بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا گیا ہے ، ماہر ڈاکٹرز اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے ایکسپرٹ یہاں جانوروں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

    قربانی کے لیے یہاں رکھے گئے جانوروں میں اسلامی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے اور شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کا انتظام کیا گیا ہے جس سے عید ِ قرباں پر جانور خریدنے سے لے کر اسے ذبح کرنے تک کے کئی مسائل ایک ہی چھت کے نیچے حل ہوجائیں گے اور فرزندانِ توحید بغیر کسی فکر کے قربانی کا مقدس فریضہ ادا کرسکیں گے۔

    اے آروائی کیٹل فارم پر آنے والے طلبہ و طالبات نے اس موقع پر بے پناہ خوشی کا اظہار کیا ، بالخصوص طالبات کا کہنا تھا کہ یہاں مکمل محفوظ اور فیملی ماحول مہیا کیا گیا ہے جس کے سبب ہمارا یہاں آنا ممکن ہوا ہے، ورنہ ہم بے پناہ خواہش کے باوجود بھی روایتی مویشی منڈی جانے سے قاصر تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہت عمدہ حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جن کے سبب ہمارا یہاں آنا ممکن ہوسکا ہے ، اور صفائی کا بھی بے پناہ خیال رکھا گیا ہے، طالبات کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو بھی مشورہ دیں گی کہ قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے ایک بار اے آروائی کیٹل فارم کا چکر ضرور لگایا جائے۔

  • کراچی: سپر ہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی قائم

    کراچی: سپر ہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی قائم

    کراچی: شہر قائد میں واقع سپرہائی وےپر ہرسال کی طرح امسال بھی آٹھ سو ایکڑ پرمویشی منڈی قائم کردی گئی، رواں برس جانوروں کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے ساتھ مویشی منڈی آنے والوں سے پارکنگ فیس کے نام پر پانچ ہزار روپے تک وصول کیےجارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں گائے اور اونٹ کی داخلہ فیس 1400 جبکہ بکرے، دنبے اور بھیڑ کی 800 روپے مقرر کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں کو مفت جگہ فراہم کی گئی تاکہ وہ سکون سے جانوروں کی خرید و فروخت کرسکیں۔

    منڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ وی آئی پی بلاکس کے علاوہ بیوپاریوں کو پہلے آئیں اور پہلے پائیں کی بنیاد پر مفت جگہ دی جا رہی ہے، مویشیوں کے لیے جگہ کی فراہمی، سیکورٹی انتظامات، مویشیوں کیلئے پینے کے پانی کا مفت انتظام کیا گیا ہے جبکہ صارفین کے لئے فری پارکنگ کی سہولت دی گئی ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں جانوروں کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل پر مشتمل تین ٹیمیں ہمہ وقت موجود رہیں گی جبکہ رقم کی لین دین کے لیے بینک، اےٹی ایم سروس اور امن و امان کے لیے سیکیورٹی کے خاص انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

    سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں جانوروں کے لیے 28 بلاک بنائے گئے، جس میں سے 6 وی آئی پی اور 22جنرل بلاک ہیں اور بکرا منڈی کے لئے 2 خصوصی بلاک مختص کئے گئے ہیں۔

    سہراب گوٹھ آنے والے خریداروں نے شکوہ کیا ہے کہ جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ انتظامیہ پارکنگ اور دیگر سہولتوں کے نام پر لوٹ مار کررہی ہے۔

    صارفین کے مطابق منڈی میں موٹر سائکل اور گاڑیاں پارک کرنے والوں سے 3000 سے 5000 روپے فیس وصول کی جارہی ہے، مویشی بیوپاریوں نے بھی شکایت کی ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو گاڑیوں سے اتارنے نہیں دیا جا رہا اور جگہ کی عدم دستیابی کا جواز بنا کر ناجائز طور مفت جگہ کے 40000 سے 50000 روپے مانگے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سہراب گوٹھ سے متصل سپرہائی وے کے قریب واقع اراضی پر ہر سال انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈی لگائی جاتی ہے جسے ایشیا کی سب سے بڑی جانوروں کی منڈی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی: ماربل کے دانت لگا کر جانور بیچنے والا گرفتار

    کراچی: ماربل کے دانت لگا کر جانور بیچنے والا گرفتار

    کراچی : مویشی منڈی میں جانوروں کو جعلی دانت لگانے والے ملزم پکڑا گیا، انتظامیہ نے 11 گائیں قبضے میں لے لیں، ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں جعل سازوں نے مویشیوں کو بھی نہ بخشا، منڈی میں جعل سازوں نے قبضہ کرلیا، قربانی کے جانوروں کو ماربل کے دانت لگا کر بیچنے لگے۔

    خریدار کی شکایت پر انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کیا، مویشی منڈی میں ماربل کے جعلی دانت والی 11 گائیں انتظامیہ نے پکڑلیں، جعلی دانت لگانے والے جعل ساز بیوپاری کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    انتظامیہ نے جعلی دانت والی گائیں خریدنے والے خریدار کو پیسے بھی واپس دلا دیئے۔ علاوہ ازیں فراڈیوں نے مویشیوں کو نقلی سینگ لگانے کا بھی دھندا شروع کر رکھا ہے۔

    ہتھوڑے اور چھینی کی مدد سے نقلی سینگ کو اصلی کی شکل دی جاتی ہے خریدار اکثر جعل سازوں کے چنگل میں پھنس کر نقلی دانت اور سینگ والے جانور خریدلیتے ہیں۔