Tag: مویشی چھین

  • بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار، ویڈیو

    کراچی: عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں مویشی چھیننے کی وارداتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی ڈاکو لیاقت آباد کے قریب چھین کر فرار ہو گئے، ڈاکو کار میں سوار تھے جنھوں نے مویشی لے جانے والی گاڑی کا تعاقب کیا تھا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کر لی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ شہری ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جا رہا تھا، جب راستے میں ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتار کر اپنی کار میں سوار کیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو جانوروں سے بھرا ٹرک خود لے کر روانہ ہو گئے، اور کچھ فاصلے پر جا کر ٹرک ڈرائیور کو اتار کر ڈاکو فرار ہو گئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا ہے۔


    اس سال کراچی مویشی منڈی کی سیکیورٹی کیسی ہوگی؟ اہم خبر


    پولیس حکام کے مطابق چھینے گئے مویشیوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے، متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ مویشیوں کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی۔

  • 2 کروڑ کے مویشی چھین کر فرار ہونے والے 6 ڈاکو گرفتار

    2 کروڑ کے مویشی چھین کر فرار ہونے والے 6 ڈاکو گرفتار

    کراچی: سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے 2 کروڑ کے مویشی چھین کر فرار ہونے والے 6 ڈاکو گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک بڑی کارروائی کی ہے، جس میں چھ ڈاکو پکڑے گئے، اور ان کے قبضے سے 35 بچھڑے برآمد کیے گئے۔

    ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق پکڑے جانے والوں میں ظفر، شاہ مراد، پھنو، قادر بخش، سعید احمد اور عثمان نامی افراد شامل ہیں۔

    معلوم ہوا کہ رحیم یار خان سے بیوپاری اپنے مویشی فروخت کے لیے لایا تھا، ناردرن بائی پاس مویشی منڈی پر کچھ افراد کے ساتھ جانوروں کا سودا کیا گیا، ملزمان نے 41 جانور لوڈ کروائے اور پیسے طے کیے، 4 لاکھ روپے ٹوکن کے بھی دے دیے اور پھر گاڑیاں الاعظم اسکوائر کی طرف لے گئے۔

    متاثرہ بیوپاری کا کہنا تھا کہ راستے میں اچانک ڈاکوؤں نے اسلحہ نکالا اور ان کو گاڑی سے زبردستی اتار دیا، اور تمام مویشی لے کر فرار ہو گئے، معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں نے مویشی چھیننے کے بعد سہراب گوٹھ میں ایک باڑے پر کھڑے کر دیے تھے۔

    سائٹ سپر ہائی وے پولیس کو جب کنٹرول پر اطلاع ملی تو ایس ایچ او پولیس ٹیم کے ہمراہ حرکت میں آ گئے، اور کارروائی کے دوران 35 بچھڑے برآمد کر لیے گئے۔ ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق گرفتار ملزمان سے دیگر مویشیوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔