Tag: مٹیاری

  • خاتون پر رشتہ داروں کا بدترین تشدد، دونوں ٹانگیں توڑ دیں

    خاتون پر رشتہ داروں کا بدترین تشدد، دونوں ٹانگیں توڑ دیں

    مٹیاری کے علاقے نیو سعیدآباد کے گائوں غلام محمد انڑ میں رشتہ داروں نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی دونوں ٹانگیں توڑ دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 4 سے زائد افراد نے حسنہ نامی خاتون کو رسیوں سے باندھ کر شدید تشدد کیا، رشتے داروں نے خاتون پر اتنا تشدد کیا کہ اس کی دونوں ٹانگیں توڑ دیں، ملزمان نے خاتون پر تشدد کے بعد اس کے سر کے بال بھی کاٹ دیے۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر خاتون کو علاج کےلیے اسپتال منتقل کیا، تشدد کی شکار خاتون اسپتال میں انصاف کے لیے دہائیاں دیتی رہی۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ تشدد کرنے والوں نے الزام لگایا کہ میں نے ان کی بیٹی کو بھگایا ہے، لڑکی نے چند روز قبل پسند کی شادی کی جس سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا۔

    زخمی ہونے والی خاتون کا مزید بتایا کہ لڑکی نے خود پسند کی شادی کی مجھ پر تشدد کرکے ظلم کیا گیا، ایس ایس پی مٹیاری کی جانب سے واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے۔

    پولیس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس کی ٹانگیں توڑنے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ باقی تین ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • بینکوں سے اربوں روپے کا  قرضہ لیکر گندم کی خریداری، نیب نے انکوائری شروع کردی

    بینکوں سے اربوں روپے کا قرضہ لیکر گندم کی خریداری، نیب نے انکوائری شروع کردی

    مٹیاری : نیب سندھ نے بینکوں سے قرضہ لے کر گندم کی خریداری میں مبینہ کرپشن پر انکوائری شروع کر دی اور محکمہ خوراک کے افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے بینکوں سے قرضہ لیکر گندم خریدنے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    نیب سندھ نےگندم خریداری میں مبینہ کرپشن پر انکوائری شروع کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

    حکام نے کہا کہ نیب نے سابق سیکریٹری سندھ محکمہ خوراک خرم شہزاد ، سابق ڈائریکٹر محکمہ خوراک اور اسپیشل سیکریٹری محکمہ ایجوکیشن امداد شاہ کو طلب کیا ہے۔

    نیب حکام کا کہنا تھا کہ مختلف اظلاع میں تعینات ڈی ایف سیز کو بھی طلب کیا گیا ہے اور 21 مارچ کو تمام افسران کو سکھر نیب آفس طلب کرلیا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ افسران پر گندم خریداری میں مبینہ کرپشن اور گندم غائب کرنے کا الزام ہے، محکمہ خوراک سندھ نے بینکوں سے اربوں روپے قرضہ لیکر گندم خریدی تھی۔

  • کیا آپ نے کبھی کیڑے مکوڑوں سے کھاد بنتے دیکھی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    کیا آپ نے کبھی کیڑے مکوڑوں سے کھاد بنتے دیکھی ہے؟ ویڈیو رپورٹ

    ویڈیو رپورٹ: امتیاز علی چنہ

    کیا آپ نے کبھی کیڑے مکوڑوں سے کھاد بنتے دیکھی ہے؟ کیا آپ کو پتا ہے کہ زمین کے اوپر اور زمین کے اندر رینگنے والے ان حشرات کی مدد سے ایک ایسی کھاد بھی بنتی ہے، جو زمین پر اُگنے والی فصلوں کے لیے زیادہ فائدہ مند اور منافع بخش ثابت ہو رہی ہے؟ اگر آپ نے ایسی کھاد بنتے نہیں دیکھی ہے، تو آج ہم آپ کو دکھاتے ہیں ان کیڑوں سے بننے والی کھاد کس طرح تیار ہو کر فصلوں میں استعمال ہو رہی ہے!

    مٹیاری اور ٹنڈو الہیار اضلاع کے سنگم پر واقع نواحی گاؤں نوبت مری میں اسکول کے ریٹائرڈ کیمسٹری ٹیچر محمد حسین خاصخیلی نے اپنے زرعی فارم پر کیڑے مکوڑوں سے کھاد بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ محمد حسین کھاد بنانے کا پلانٹ لگا کر نہ صرف اپنی فصلوں کی مناسب دیکھ بھال کر رہے ہیں بلکہ دوسرے کاشت کاروں کو فروخت کر کے منافع بھی کما رہے ہیں۔

    کیڑوں اور مکوڑوں کی مدد سے بننے والی اس کھاد کو ’ورمی کمپوسٹ آرگینک کھاد‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو دراصل ایک کیڑے سے بنتی ہے جس کو ریڈ رینگلر کہا جاتا ہے۔

    ورمی کمپوسٹ کھاد بنانے کے 3 مرحلے ہوتے ہیں، پہلے مویشیوں کے گوبر کو کھلے آسمان تلے سکھایا جاتا ہے، پھر خشک جگہ پر بیڈ بنانے کے بعد مویشیوں کا گوبر رکھ کر اس پر ریڈ رنگلر چھوڑ دیے جاتے ہیں۔ یہ کیڑے مویشیوں کا گوبر کھاتے جاتے ہیں اور فضلہ نکالتے جاتے ہیں، فضلہ ورمی کمپوز کھاد کی صورت میں نکلتا ہے، جو فصلوں کے لیے کارآمد ہوتا ہے۔

    اسکول ٹیچر محمد حسین نے کہا ’’جب یہ کام شروع کیا تو لوگ مجھ پر ہنس رہے تھے کہ یہ ٹیچر ریٹائرمنٹ کے بعد گوبر صاف کرنے کا کام کر رہا ہے، اور اب وہی لوگ مجھ سے اپنی فصلوں کے لیے ورمی کمپوسٹ کھاد خریدنے آتے ہیں۔‘‘

    محمد حسین نے ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی کو نئے ڈھنگ سے جینا شروع کیا۔ اس بات کی پرواہ نہیں کی کہ لوگ کیا کہیں گے، اپنے دل کی سنی، تعلیم اور تجربے کا استعمال کرتے ہوئے زمین کے اندر رینگنے والے کیڑوں کی مدد سے کھاد بنانے کا کامیاب تجربہ کیا۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • قلعہ نما عمارت میں مسجد مندر ساتھ ساتھ، درخت اور پرانے کنویں سے لوگوں کی عقیدت کیوں؟

    قلعہ نما عمارت میں مسجد مندر ساتھ ساتھ، درخت اور پرانے کنویں سے لوگوں کی عقیدت کیوں؟

    ویڈیو رپورٹ: امتیاز علی چنہ

    حیدر آباد شہر سے ایک گھنٹے کی مسافت پر مٹیاری کے تاریخی شہر اوڈیرولال میں واقع قلعہ نما عمارت مذہبی رواداری کی بہترین مثال سمجھی جاتی ہے۔

    یہاں ایک چاردیواری کے اندر تاریخی مسجد اور مندر دونوں موجود ہیں۔ یہاں مسلمان اور ہندو اپنی اپنی عبادت گاہوں میں عبادت میں مصروف نظر آتے ہیں۔

    اسی چار دیواری میں بزرگ ہستی شیخ محمد طاہر المعروف اوڈیرولال بھی مدفون ہیں، جن سے ہندو اور مسلمان دونوں ہی عقیدت رکھتے ہیں۔ اس مزار کے فن تعمیر کا تعلق مغل دور سے ہے، درگاہ کی سیاہ گنبد اور قلعہ نما اونچی دیواریں مغلیہ دور کی یاد دلاتی ہیں۔

    اس درگاہ میں ایک درخت اور پرانا کنواں بھی ہے جس سے یہاں کے لوگ بہت عقیدت رکھتے ہیں۔

  • لیکچرار بیوی کو قتل کرنے والا شوہر  گرفتار

    لیکچرار بیوی کو قتل کرنے والا شوہر گرفتار

    مٹیاری : لیکچرار بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا، تاہم ابھی تک ملزم کچھ بھی بتانے سے قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیاری کی تحصیل نیو سعید آباد کے نواحی علاقے بکھر جمالی میں لیکچرار بیوی رابعہ افشا کو قتل کرنے والے شوہر امداد جمالی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم امداد جمالی کو گرفتار کر لیا ہے تاہم ابھی تک ملزم کچھ بھی بتانے سے قاصر ہے۔

    مقتولہ نوجوان خاتون کی پوری فیملی دبئی میں رہائش پذیر ہے، جو حال ہی میں وہاں سے سعودی عرب گئے ہیں جہاں پر عمرہ کے فرائض ادا کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ورثاء کو آگاہ کردیا ہے، ان کے آنے کے بعد ہی کیس درج کیا جائے گا، مقتولہ نوجوان خاتون تین بچوں کی ماں تھیں۔

    مزید پڑھیں :بے روزگار شوہر نے اپنی لیکچرار بیوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا

    جو دو ماہ قبل سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان پاس کرکے لیکچرار ہوئی تھیں اور بکھر جمالی ہائر سیکنڈری اسکول میں ڈیوٹی کے فرائض انجام دے رہی تھی۔

    یاد رہے مٹیاری کی تحصیل نیوسعید آباد کے نواحی علاقے بکھر جمالی میں شوہر کی فائرنگ سے اہلیہ جاں بحق ہوگئی تھی، پولیس نے بتایا تھا شوہر نے اپنی لیکچرار بیوی کو گولیاں ماریں، جس سے رابعہ افشاں نامی خاتون موقع پر دم توڑ گئی۔

  • بے روزگار  شوہر نے اپنی لیکچرار بیوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا

    بے روزگار شوہر نے اپنی لیکچرار بیوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا

    مٹیاری : بے روزگار شوہر نے پبلک سروس امتحان پاس کر کے لیکچرار بننے والی بیوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیاری کی تحصیل نیوسعید آباد کے نواحی علاقے بکھر جمالی میں شوہر کی فائرنگ سے اہلیہ جاں بحق ہوگئی۔

    پولیس نے بتایا شوہر نے اپنی لیکچرار بیوی کو گولیاں ماریں، جس سے رابعہ افشاں نامی خاتون موقع پر دم توڑ گئی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ تین بچوں کی ماں مقتولہ رابعہ دوماہ قبل سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے لیکچراربھرتی ہوئی تھی۔

    پولیس کے مطابق قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے، ملزم کی تلاش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے انتہائی قدم اٹھالیا

    یاد رہے صوبہ پنجاب کے شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ضلع چکوال کے نواحی علاقے ندرال میں گھریلو ناچاقی پر میاں بیوی نے تیزاب پی لیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں میاں بیوی کو ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، خاوند کی حالت تشویشناک ہونے پر راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔

  • دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 5 بچے تہز بہاؤ کی زد پر آ گئے

    دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 5 بچے تہز بہاؤ کی زد پر آ گئے

    مٹیاری: دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 5 بچے ڈوب گئے، تین بچوں کو مقامی افراد نے بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں ہالا پرانا پکنک پوائنٹ پر دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے پانچ بچے ڈوب گئے تھے جن میں سے 3 بچوں کو مقامی افراد کی مدد سے فوراً بچا لیا گیا۔

    پکنک منانے والے آنے والی فیملی کے بچے پکنک پوائنٹ پر نہاتے ہوئے اچانک تیز بہاؤ کی وجہ سے گہرے پانی میں چلے گئے تھے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق ڈوبنے والے دو بچوں کی لاشیں رات گئے نکالی گئیں، جن کی شناخت 12 سال کے فیضان قریشی اور 10 سال کے عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے، لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی دوسری بیوی کو آخری کال

    دریائے سندھ میں نہانے کے لیے جانے والے بچوں کا تعلق قریشی برادری سے ہے جو ہالا پرانا کے رہائشی ہیں، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مٹیاری یوسف شیخ کا کہنا تھا کہ ہالا پرانا پکنک پوائنٹ پر دریائے سندھ میں پانی گہرا ہونے کے باعث واقعہ پیش آیا ہے۔

  • 92 کروڑ کی لاگت سے لگائے گئے آراو پلانٹس کا وجود ہی نہیں! حیرت انگیز انکشاف

    92 کروڑ کی لاگت سے لگائے گئے آراو پلانٹس کا وجود ہی نہیں! حیرت انگیز انکشاف

    مٹیاری: آراو پلانٹس کی تنصیب میں 92 کروڑ روپے کی خطیر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، بدعنوانی کی دستاویز سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے پروڈکشن بونس فنڈ میں بدعنوانی کی دستاویز سامنے آگئی ہے۔ تیل و گیس کی رائلٹی سے مختلف علاقوں میں 110 آراو پلانٹس منظور کیے گئے تھے۔

    پہلے مرحلے میں 52 کروڑ روپے کی رقم سے 67 آر او پلانٹس لگائے گئے۔ دوسرے مرحلے میں 25 کروڑ روپے جاری کر کے مزید 43 آراو پلانٹس لگائے گئے۔

    دستاویز سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ 52 کروڑ سے لگائے گئے 67 آر او پلانٹس کا زمین پر کوئی وجود ہی نہیں۔ 67 آر او پلانٹس کا ٹھیکا ایک ہی کنٹریکٹر ایم ایس پرویز بھیو کو جاری کیا گیا۔

    دوسرے مرحلے میں 25 کروڑ روپے جاری کر کے 43 آر او پلانٹس کی تنصیب کی گئی۔ 43 پلانٹس میں سے صرف ایک پلانٹ عوام کو پانی فراہم کررہا ہے۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ نامکمل مشینری کے باعث دیگر تمام آر او پلانٹس غیرفعال ہیں، جن پلانٹس کا کوئی وجود نہیں ان کی مرمت کے لیے چند ماہ بعد 13 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

  • مٹیاری میں مال گاڑی کو حادثہ، 10 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، اپ ٹریک بحال

    مٹیاری میں مال گاڑی کو حادثہ، 10 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، اپ ٹریک بحال

    مٹیاری: سندھ کے شہر مٹیاری میں ایک مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، مال گاڑی کی 10 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیار میں پلیجانی ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی 10 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، جس سے اپ اور ڈاؤن ٹریک متاثر ہوئے اور ٹرینوں کی آمد و رفت رک گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد اپ ٹریک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جب کہ ڈاؤن ٹریک کی بحالی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جلد ہی اسے بحال کر دیا جائے گا۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق ڈاؤن ٹریک مکمل بحال ہونے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت شروع کر دی جائے گی۔

  • تین برقع پوش ڈاکوؤں کا عبرت ناک انجام

    تین برقع پوش ڈاکوؤں کا عبرت ناک انجام

    مٹیاری: صوبہ سندھ کے شہر مٹیاری کے ایک علاقے میں 3 برقع پوش ڈکیت اپنی واردات میں بری طرح ناکام رہے، علاقہ مکینوں نے انھیں واردات کے دوران قابو کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں برقع پوش 3 ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر ڈکیتی کی کوشش کی، تاہم گھر کے افراد اور علاقہ مکینوں نے ڈکیتی ناکام بناتے ہوئے تینوں کو دھر لیا۔

    علاقہ مکینوں نے ملزمان کی پٹائی کر کے خوب درگت بنائی اور پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں برقع پوش ملزمان پر کئی مقدمات درج ہیں، ملزمان میں اللہ ڈنو، عاشق اور ایک نامعلوم ڈکیت شامل ہے۔

    واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کی تلاشی لی تو گھر کی چھت سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جسے قبضے میں لے لیا گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مٹياری شہر میں ایک ہی رات میں ڈکیتی کی 2 وارداتیں کی گئی تھیں، مٹیاری مین شیر شاہ کالونی سے موٹر سائیکل چوری ہوئی، اور شہر کے مین بس اسٹاپ پر ایک بیکری سے 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر 45 ہزار روپے کیش اور 50 ہزار کا موبائل فون لوٹا۔

    گزشتہ ماہ اے آر وائی نیوز کی ٹیم سر عام نے مٹیاری میں ایک اسٹنگ آپریشن بھی کیا تھا، جس میں ٹیم سرِعام نے پولیس افسران کی رشوت خوری کے ویڈیوز سامنے لائے تھے، جس پر ایس ایس پی مٹیاری کے دفتر میں رشوت خور پولیس افسران نے ہنگامہ مچایا تھا۔