Tag: مچھلیاں‌ ہلاک

  • فش ہچری میں پانی کی شدید قلت،  سینکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوگئیں

    فش ہچری میں پانی کی شدید قلت، سینکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوگئیں

    سکھر : روہڑی کے قریب فش ہچری میں پانی کی قلت کے باعث سینکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوگئیں، ہچری کے 8 سے زائد تالاب مکمل طور پر سوکھ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی کے قریب فشریز ڈپارٹمنٹ کے قائم فش ہچری میں پانی کی شدید قلت کے باعث مچھلیاں مرنے لگی ، فش ہچری کے 8 سے زائد تالاب مکمل طور پر سوکھ گئے ہیں جن میں موجود سینکڑوں مچھلیاں مر چکی ہے.

    ڈائریکٹر فشریز سکھر محمد علی شیخ نے بتایا کہ پانی کی شدید قلت کے باعث سینکڑوں مچھلیاں ہلاک ہو گئی ہیں، جبکہ مزید نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے.

    محمد علی شیخ کا کہنا تھا کہ ہچری کے پانچ تالابوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ مسلسل بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے۔ ان تالابوں کو ٹیوب ویلز کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، لیکن بجلی کی عدم دستیابی کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پانی کی قلت اور سخت گرمی کی وجہ سے مچھلیاں تڑپ تڑپ کر مر رہی ہیں، مچھلیوں کی انڈے دینے کا سیزن بھی شروع ہونے والا ہے اور اگر فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو مزید مچھلیاں مرنے کا خدشہ ہے۔

    فشریز سے حکام اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں سے آبی حیات اور فش ہچری کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

  • کیا راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ زہر ملایا جانا تھا؟

    کیا راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ زہر ملایا جانا تھا؟

    اسلام آباد: راول ڈیم میں مبینہ طور پر زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے راول ڈیم کے پانی میں زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    پاک ای پی اے کی ٹیم نے ڈاکٹر ضیغم عباس کی قیادت میں راول ڈیم کا دورہ کیا، ٹیم نے ڈیم میں 3 مقامات پر پانی کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے حاصل کر لیے۔

    کشمیر چوک، ڈپلومیٹک انکلیو اور کورنگ روڈ پوائنٹس سے پانی کے نمونے لیے گئے ہیں، جو پاک ای پی اے کی لیبارٹری کو ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں، انوائرنمنٹل پروٹیکش ٹیم نے ڈیم کے پانی کا آن سائٹ فیزیو کیمیکل اینالسسز بھی کیا۔

    لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجوہ کا تعین کیا جائے گا، اور رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی تجویز کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ راول ڈیم میں چند روز قبل مبینہ طور پر زہر ملائے جانے سے ہزاروں مچھلیاں ہلاک ہو گئی تھیں، جب کہ ڈیم کے پانی میں زہر ملانے کے پہلے بھی کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔