Tag: مچھلی کا شکار

  • مچھلی کا شکار کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    مچھلی کا شکار کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کراچی: سندھ کے سمندری علاقوں میں ماہی گیری پر پابندی عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن میں سندھ میں سمندر میں مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم یہ پابندی اب عارضی طور پر اٹھالی گئی ہے۔

    محکمہ لائیو اسٹاک اور فشریز کی جانب سے 20 دن کے لیے ماہی گیری پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ کا کہنا ہے کہ ماہی گیری پر عائد پابندی یکم جون سے 20 جون تک ختم کی گئی ہے۔

    پابندی کے عارضی خاتمے کے بعد اب بیس جون تک ماہی گیر سمندر میں مچھلی کا شکار کر سکیں گے، واضح رہے کہ مچھلی پر پابندی کے باعث مارکیٹ میں مچھلی کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا تھا، جس میں اب کمی کا امکان ہے۔

  • شوہر کے مچھلی پکڑنے کی عادت سے بیزار بیوی نے طلاق لے لی

    شوہر کے مچھلی پکڑنے کی عادت سے بیزار بیوی نے طلاق لے لی

    بیجنگ: چین میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی مچھلی پکڑنے کی عادت سے تنگ آکر طلاق لے لی، خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ملازمت کرتے ہوئے دو بچے بھی پال رہی ہیں جبکہ شوہر کو کسی چیز کا احساس نہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک چینی خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ 10 سالہ ازدواجی زندگی کا اختتام کرتے ہوئے طلاق لے لی۔

    اس انتہائی اقدام کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ خاتون کا شوہر مچھلی کے شکار کا شوقین تھا اور اپنے مشغلے کی تکمیل کے لیے وہ اپنے خاندان کو بھی بھول جاتا اور مچھلی کے شکار کے لیے نکل جاتا تھا۔

    چین کے صوبے شانڈونگ کی جوئی کاؤنٹی کی عدالت میں دائر کیے گئے طلاق کے کیس میں ژانگ نامی خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے شوہر کی مچھلی کے شکار کی عادت سے تنگ آچکی تھی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ وہ گھر کے تمام کام کاج کے علاوہ اپنی ملازمت اور دونوں بچوں کو بھی سنبھالتی ہے جبکہ اس کا شوہر صوفے پر بیٹھ کر اپنے اسمارٹ فون سے دل بہلاتا رہتا ہے اور روزانہ شام کو ڈنر کے بعد اپنے دوستوں کے ساتھ مچھلی پکڑنے نکل جاتا ہے۔

    خاتون کے مطابق اس نے کئی بار اپنے شوہر کو یہ بات سمجھائی کہ وہ شکاری دوستوں کے بجائے اپنے بچوں اور اس کے ساتھ وقت گزارے لیکن وہ باز نہ آیا جس کے بعد میرے پاس طلاق لینے کے سوا کوئی اور قابل عمل راستہ نہیں بچا تھا۔

  • سفاک امریکی نے ماں کو مچھلی کے شکار پر لے جا کر سمندر میں پھینک دیا

    سفاک امریکی نے ماں کو مچھلی کے شکار پر لے جا کر سمندر میں پھینک دیا

    ورمونٹ: امریکی شہر رٹلینڈ میں ایک سفاک شخص نے اپنی ماں کو مچھلی کے شکار پر لے جا کر قتل کر کے سمندر میں پھینک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک امریکی شہری 28 سالہ ناتھن کارمین نے خاندان کی جائیداد ہتھیانے کے لیے اپنی والدہ لِنڈا کارمین کو سمندر میں قتل کر کے پھینک دیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ناتھن کارمین کو منگل کو گرفتار کیا گیا ہے، اور اس پر 6 الزامات میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    ناتھن کارمین نے 2016 میں اپنی ماں لِنڈا کارمین کو اس وقت قتل کر کے سمندر میں پھینک دیا تھا جب وہ دونوں ملک کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک جزیزے پر ماہی گیری کے ایک ’ٹرپ‘ پر تھے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارمین اپنی والدہ کے ساتھ مچھلی پکڑنے کے ’ٹرپ‘ کے آٹھ دن بعد اکیلا پایا گیا تھا جب کہ اس کی والدہ کی لاش نہیں مل سکی۔

    پراسیکیوٹرز نے ایک اور بیان میں کہا کہ کارمین نے اس سے قبل 2013 میں اپنے دادا جان چکالوس کو بھی ونڈسر میں واقع ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا، نئی فرد جرم میں کارمین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے پیسے اور دیگر جائیداد حاصل کرنے کے لیے اپنے دو رشتہ داروں کو قتل کیا ہے۔

    پراسکیوٹرز کے مطابق کارمین نے اس کمپنی کو بھی دھوکا دینے کی کوشش کی ہے جس سے اس نے اپنی کشتی کی انشورنس کرا رکھی ہے۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق اگر کارمین پر قتل کا الزام ثابت ہو گیا تو لازمی طور پر اسے عمر قید کا سامنا کرنا ہوگا، جب کہ دھوکا دہی کے الزامات میں سے ہر ایک میں اسے 30 برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

    کارمین کو بدھ کو ورمونٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • سخت سردی میں دریا میں پھنسے لڑکے کی جان کیسے بچائی گئی؟

    سخت سردی میں دریا میں پھنسے لڑکے کی جان کیسے بچائی گئی؟

    یوکرین میں ایک شخص نے جمے ہوئے دریا سے لڑکے کو نکالنے کے لیے نہایت انوکھا طریقہ استعمال کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ڈیڑھ منٹ کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک لڑکا دریا کے بیچوں بیچ برف کے تیرتے ہوئے ٹکڑے پر کھڑا ہے اور پریشان ہے کہ اب کنارے تک کیسے جائے۔

    رچرڈ گورڈا نامی یہ شخص وہاں مچھلیوں کے شکار کے لیے پہنچا جب اس نے یہ منظر دیکھا۔

    اس نے لڑکے کو کنارے تک لانے کے لیے نہایت انوکھا طریقہ استعمال کیا، رچرڈ نے مچھلی پکڑنے والے کانٹے کو برف کے ٹکڑے میں پھنسایا اور اسے آہستہ آہستہ اپنی طرف کھینچنے لگا۔

    اس دوران وہ لڑکے سے کہتا رہا، حرکت مت کرو، اپنی جگہ کھڑے رہو۔

    اس طرح وہ لڑکے کو بحفاظت کنارے تک لے آیا، سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رچرڈ کی حاضر دماغی کی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔

  • ماہی گیروں کی قسمت چمک اٹھی، بڑ ی تعداد میں نہایت اعلیٰ ذائقے والی مچھلی پکڑی گئی (ویڈیو)

    ماہی گیروں کی قسمت چمک اٹھی، بڑ ی تعداد میں نہایت اعلیٰ ذائقے والی مچھلی پکڑی گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے مچھیروں کی قسمت چمک اٹھی ہے، کراچی کی حدود میں ماہی گیروں کے جال میں مشہور اور نہایت اعلیٰ ذائقے والی کھگا مچھلیاں پکڑی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی حدود میں سمندر میں کھگا مچھلیاں بڑی تعداد میں جمع ہو گئیں تھیں، جنھیں اکٹھا کرنے ماہی گیروں کی کئی لانچیں پہنچ گئیں۔

    ماہی گیروں نے مچھلیوں کے ڈھیر کے گرد لانچوں کا گھیرا بنایا اور پھر اطمینان کے ساتھ بڑی تعداد میں مچھلیاں پکڑ لیں۔

    مچھلیوں کا ڈھیر اکٹھا کرتے ماہی گیروں کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے، ترجمان فشر فوک فورم کا کہنا ہے کہ ذائقے دار کھگا مچھلی برسوں میں ایک ہی بار ماہی گیروں کے شکار میں آتی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ خریدار اس ذائقے دار مچھلی کی خریداری بڑی تعداد میں کرتے ہیں۔

    کھگا مچھلی

    یہ مچھلی اپنے ذائقے کے لیے نہایت مشہور ہے، گرم تاثیر والی اس مچھلی کا مسکن دریائے سندھ ہے، بلوغت میں پہنچنے پر اس کا وزن 2 کلو اور جسامت ایک فٹ تک ہو جاتی ہے، اور اس کا ذائقہ نہایت اعلیٰ ہوتا ہے، لوگ بہت شوق سے اسے کھاتے ہیں۔

    اس کی جلد چکنی ہوتی ہے، ریڑھ کی ہڈی قدرے ابھری ہوتی ہے، اور شکل کسی جنگی جہاز کی مانند ہوتی ہے، اس میں کانٹے کم اور موٹے ہوتے ہیں۔

  • نیوزی لینڈ: کرکٹ کے علاوہ مصباح الحق اور یونس خان کی مصروفیات

    نیوزی لینڈ: کرکٹ کے علاوہ مصباح الحق اور یونس خان کی مصروفیات

    ولنگٹن: قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئی تاہم نیٹ پریکٹس میں کچھ دن باقی ہونے کے باعث کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے سمندر کا رخ کر کے مچھلی کا شکار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورے پر گئی قومی کرکٹ ٹیم نے پریکٹس سے قبل تفریح مقامات کا رخ کیا، اس ضمن میں  کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے سمندر کا رخ کر کے مچھلی کا شکار کیا۔

    misbah-2

    اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے مچھلی کا شکار کر کے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو بہت تیزی سے وائرل ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں کے کامیاب شکار پر حیرانی کا اظہار بھی کیا۔یونس خان ، مصباح الحق کے علاوہ کپتان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔

    misbah-3

    یار رہے 2009 میں یونس خان نے مچھلی کے شکار کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مچھلی کے شکار کا شوق سر پر سوار ہوگیا ہے۔ اس بیان کے بعد کرکٹ بورڈ نے انہیں طلب کیا اور وضاحت مانگی تھی۔

    یونس خان کے بیان کی روشنی میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ مچھلی کے شکار کا بہت شوق رکھتے ہیں۔