Tag: مڈ ٹرم الیکشن

  • مڈ ٹرم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، امریکی صدر ٹرمپ

    مڈ ٹرم الیکشن جیت کر دکھائیں گے، امریکی صدر ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈ ٹرم الیکشن جیتنے کے لیے تیاری شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے نیشنل ریپبلکن کانگریشنل کمیٹی کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم مڈ ٹرم الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پورے امریکا میں مڈ ٹرم الیکشن کے لیے انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے، انھوں نے کہا ڈیموکریٹس کے مقابلے ریپبلکن پارٹی کی پوزیشن بہت بہتر ہے، کانگریس میں اگلی بار ڈیموکریٹس پر 100 سے زائد نشستوں کی برتری حاصل کریں گے۔

    صدر امریکا نے کہا کہ ڈیموکریٹس پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، انھوں نے ٹیرف کے حوالے سے بھی کہا کہ وہ امریکیوں پر جو بڑے پیمانے پر درآمدی ٹیکس عائد کر رہے ہیں، وہ اگلے سال کے وسط مدتی انتخابات میں ان کی ریپبلکن پارٹی کے لیے زبردست فتح کا باعث بنے گی۔


    ٹیرف کی مد میں یومیہ 2 ارب ڈالر حاصل کررہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ


     

    ایک طرف جب ماہرین اقتصادیات خبردار کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کی تجارتی جنگ سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچے گا، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’’مجھے واقعی لگتا ہے کہ ہمیں ٹیرف کی صورت حال سے بہت مدد ملی ہے، یہ بہت اچھا ہے۔‘‘

    دوسری طرف امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہاؤس ڈیموکریٹس نے بھی کچھ اضلاع پر اپنی نگاہیں جما رکھی ہیں جن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں کامیابی حاصل کی تھی، ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی نے منگل کو اعلان کیا کہ ان کا ہدف ریپبلکنز کے زیر قبضہ ایوان کی 35 نشستیں ہیں۔

    دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف کی مد میں روزانہ 2 ارب ڈالر حاصل ہو رہے ہیں۔

  • امریکی مڈ ٹرم الیکشن: سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر

    امریکی مڈ ٹرم الیکشن: سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر

    واشنگٹن: امریکی مڈ ٹرم الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر ہوگئیں، نائب صدر کے ٹائی بریکنگ ووٹ کے باعث ڈیمو کریٹس کو اکثریت کے لیے مزید 1 نشست درکار ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی مڈ ٹرم الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کی نشستیں برابر ہوگئیں۔

    سوئنگ اسٹیٹ ایریزونا میں کامیابی سے ڈیمو کریٹس کے ووٹ بڑھ کر 49 ہوگئے، ریاست نیواڈا کے نتائج فی الحال واضح نہیں ہوئے جبکہ جارجیا میں انتخابی معرکہ 6 دسمبر کو ہوگا۔

    سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کو اکثریت کے لیے 1 اور ری پبلکنز کو 2 سیٹیں درکار ہیں۔

    سنیٹ کی 100 نشستوں میں سے دونوں جماعتوں کے پاس 49، 49 نشستیں ہیں، نائب صدر کے ٹائی بریکنگ ووٹ کے باعث ڈیمو کریٹس کو مزید 1 نشست درکار ہے۔

  • امریکی مڈ ٹرم الیکشن، حالات بدترین ہونے کا خدشہ

    امریکی مڈ ٹرم الیکشن، حالات بدترین ہونے کا خدشہ

    نیویارک: امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تشدد اور تنازعات کی خوف ناک لہر چل سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی مالیاتی خبروں کی ویب سائٹ بزنس انسائیڈر نے منگل کو ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ امریکا میں 2022 کے وسط مدتی انتخابات سے قبل بدترین حالات رونما ہو سکتے ہیں، جس میں سیاسی تشدد میں بے پناہ اضافہ اور سیاسی تفریق کی صورت حال پیدا ہونا شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق متعدد امریکی ریاستوں میں قانون ساز ارکان نے ملک سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا ہے، تاہم وفاقی حکومت نے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے مڈ ٹرم الیکشن سے قبل ملک میں حالات بد ترین ہو سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی تفریق کا تصور مکمل طور پر پھیلی ہوئی خانہ جنگی کا سبب بننا ممکن نہیں، حتیٰ کہ اسے سوچا بھی نہیں جا سکتا، لیکن کچھ سیاسی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ وہ اسے مکمل طور پر مسترد بھی نہیں کر سکتے۔

    رپورٹ کے مطابق دائیں بازو کی انتہا پسندی کے عروج کے ساتھ ساتھ 2022 کے وسط مدتی انتخابات آئندہ مہینوں میں مزید تشدد کا سبب بن سکتے ہیں اور ملک کو بدل سکتے ہیں۔ بفیلو یونیورسٹی میں تاریخ کی پروفیسر اور امریکی خانہ جنگی کی ماہر کیرول ایمبرٹن نے جنوری 2021 میں امریکی کیپیٹل پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ تشدد کے دیگر واقعات بھی ہوں جیسا کہ ہم نے 6 جنوری کو دیکھا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جب آپ کے پاس ایسے سیاست دان ہوتے ہیں جو سب کو مشتعل کر رہے ہوتے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے کمزور ہوں تو اس قسم کے گروہوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

    دریں اثنا برائٹ لائن واچ اور یو گورنمنٹ کے 2021 کے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ 37 فی صد جواب دہندگان نے یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کی رضا مندی کا اظہار کیا، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنوب میں رہنے والے لوگ زیادہ تر ممکنہ طور پر علیحدگی پسند جھکاؤ کی نشان دہی کرتے ہیں۔

  • وسط مدتی انتخاب کا مطالبہ ذہنی دیوالیہ پن ہے: نعیم الحق

    وسط مدتی انتخاب کا مطالبہ ذہنی دیوالیہ پن ہے: نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وسط مدتی انتخاب کا مطالبہ ذہنی دیوالیہ پن کا اظہار ہے، قوم آگاہ ہے حزب مخالف کا ایجنڈا انتشار اور فساد سے زیادہ کچھ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخاب کا مطالبہ ذہنی دیوالیہ پن کا اظہار ہے، الیکشن میں شکست کے زخم چاٹنے والے نئے انتخاب کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وہ جانتے ہیں انتخاب ہوا تو عمران 2 تہائی سے زیادہ اکثریت لے جائیں گے، شہباز شریف کے مطالبے کو سنجیدگی سے لینا ممکن نہیں۔ پی اے سی کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان بھی انتشار کی کڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں نے عہدے کے لیے ہفتوں پارلیمان کو یرغمال بنایا۔ بجٹ منظوری پر وزیر اعظم، تحریک انصاف اور اتحادی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حزب اختلاف بجٹ منظور نہ ہونے دینے کی کھلی دھمکیاں دیتی رہی۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے پارلیمان کی پوری کارروائی براہ راست نشر کی، قوم نے دیکھا کس طرح پارلیمان کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی۔ قوم آگاہ ہے حزب مخالف کا ایجنڈا انتشار اور فساد سے زیادہ کچھ نہیں۔ حزب مخالف کی اسلام آباد میں نشست سے بھی انتشار کے سوا کچھ نہ نکلا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹولہ ایوان بالا کے چیئرمین کے خلاف محاذ کی دھمکیاں دے رہا ہے، جو مرضی سازش کرلیں، قومی اداروں کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ معاشی ترقی کی منزل کھوٹی کرنے کی سازش بھی ناکام بنائیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ مجرموں کے لایعنی حربوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، مک مکا کریں گے نہ ہی احتساب کے عمل میں کوئی نرمی برتی جائے گی۔

  • مڈ ٹرم الیکشن نہیں ہوں گے حکومت 5 سال پورے کرے گی‘  گورنرپنجاب

    مڈ ٹرم الیکشن نہیں ہوں گے حکومت 5 سال پورے کرے گی‘ گورنرپنجاب

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پرویز الہیٰ منجھے ہوئے سیاست دان ہیں، ان کی شکایت دورکریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت مدت پوری کرے گی، اتحادی جماعتیں ساتھ رہیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں بھی شکوے شکایت جاری رہتے ہیں، یہ جمہوریت کا حسن ہے، شکوے شکایات کریں تو کام آسان اوردلوں میں رہ جائیں تو مشکل ہوتی ہے۔

    گورنرپنجاب کسی بھی معاملے میں سیاسی مداخلت نہیں کی جائے گی، ملک میں آئین اور قانون موجود ہے تمام فیصلے اسی کے تحت ہوں گے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مڈ ٹرم الیکشن نہیں ہوں گے حکومت 5 سال پورے کرے گی،حکومت جو ابھی جو کام کرے گے وہ کام بعد میں نظرآئیں گے۔

    گورنرپنجاب نے کہا کہ وہ نوازشریف کی صحت یابی کے لیے دعا گوہیں، ان کی صحت سے متعلق میڈیکل بورڈ جو سفارشات کرے گا اسی پر عمل کیا جائے گا۔

    قوم جلد حکومت کی پالیسیوں کےثمرات سےمستفید ہوگی‘ وزیردفاع

    یاد رہے کہ رواں ماہ 13 جنوری کو وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں سے بدعنوانی اور رشوت ستانی جیسی سماجی برائیوں کا خاتمہ ہوگا۔

  • وسط مدتی انتخابات: ایوان نمائندگان ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن سے چھن گیا

    وسط مدتی انتخابات: ایوان نمائندگان ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن سے چھن گیا

    واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق سینیٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن کو برتری حاصل ہے تاہم ایوان نمائندگان ان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کی سینیٹ کی 35، ایوان نمائندگان (ہاؤس آف ری پریزینٹیٹوز) کی تمام 435 نشستوں اور 36 امریکی ریاستوں میں گورنرز کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔

    اب تک کے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق 24 ریاستوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پارٹی ری پبلکن اور 19 میں ان کی مخالف ڈیمو کریٹس کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

    سینیٹ کی 100 میں سے 94 نشتوں کے نتائج جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق سینیٹ میں ری پبلکنز پارٹی نے 51 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کرلی۔

    اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ووٹ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

    امریکی سینیٹ میں ڈیمو کریٹس پارٹی 43 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

    ایوان نمائندگان ری پبلکن سے چھن گیا

    دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی 435 میں سے 416 نشستوں کے نتائج جاری کردیے گئے۔ یہاں پر ڈیموکریٹس کا پلہ بھاری رہا اور ڈیمو کریٹس نے 222 نشستیں اپنے نام کرلیں۔

    ایوان نمائندگان میں ڈیمو کریٹس نے ری پبلکنز کی 13 نشستیں چھین لیں جس کے بعد ری پبلکنز نے 199 نشستیں حاصل کیں۔

    امریکی تاریخ میں پہلی بار انتخابات میں خواتین کی بھی بڑی اکثریت کامیاب ہوئی اور 92 نشستوں پر خواتین نے فتح حاصل کرلی۔

    خیال رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات کا انعقاد صدارتی انتخابات کے 2 سال بعد ہوتا ہے۔

    مڈ ٹرم انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں سینیٹ اور ایوان نمائندگان (ہاؤس آف ری پریزینٹیٹوز) کے لیے نمائندے چنے جاتے ہیں۔

    سینیٹرز کو 6 سال کی مدت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے جبکہ ایوان نمائندگان کے ارکان 2 سال کی مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔

    حالیہ انتخابات میں ملک بھر سے 60 سے زائد مسلمان بھی انتخابی امیدواروں میں شامل ہیں۔

  • امریکا مڈ ٹرم الیکشن، غیر حاضر ووٹر کے لیے پہلے ووٹنگ کی سہولت

    امریکا مڈ ٹرم الیکشن، غیر حاضر ووٹر کے لیے پہلے ووٹنگ کی سہولت

    ورجینیا: امریکا  میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں  الیکشن کے روز ملازمت یا دیگر مصروفیات کی بنا پر غیر حاضر ہونے والے ووٹرز کے لیے پیشگی حق رائے دہی استعمال کرنے کا انتظام کیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی جہاں زیب علی کے مطابق امریکا میں چھ نومبر کو وسط مدتی انتخابات (مڈٹرم الیکشن) کا انعقاد کیا جائے گا جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں، الیکشن کے دن مصروف یا غیر حاضر رہنے والے شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا شروع کردیا۔

    حکام کے مطابق 6 نومبر کو مصروفیات کے باعث متعدد شہری ووٹ نہیں کاسٹ کرسکیں گے جن کو سہولت دینے کے لیے ورجینیا کی فیئر فیکس کاؤنٹی سینٹر میں Early Voting  کا عمل شروع ہوچکا۔

    فیئرفیکس کاؤنٹی سینٹر میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کے امیدواروں کے پوسٹرز بمعہ تفصیلات آویزاں ہیں اور  دونوں جماعتوں کے کارکنان ووٹرز  کو متاثر کرنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔

    ووٹنگ سینٹر کے جنرل رجسٹرار گیری سکاٹ کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے ووٹ کاسٹ کرنے والے افراد کو پہلے حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے وجہ بتانا ضروری ہے۔ ایک سوال پر رجسٹرار کا کہنا تھا کہ ’ووٹنگ کا یہ طریقہ انتہائی شفاف ہے کیونکہ مشین انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہوتی‘۔

    یاد رہے کہ امریکا میں قبل از وقت اور غیر حاضر ووٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ہزاروں ووٹرز ایسے بھی ہیں جو اپنا حق رائے دہی ڈاک کے ذریعے استعمال کریں گے۔

    انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا مقصد ووٹنگ ٹرن آؤٹ بڑھانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ امریکا کا ہر شہری اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کرے۔

  • چین امریکا کے مڈٹرم الیکشن میں مداخلت کی کوشش کررہا ہے، ٹرمپ

    چین امریکا کے مڈٹرم الیکشن میں مداخلت کی کوشش کررہا ہے، ٹرمپ

    نیو یارک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ چین مجھے اور امریکا کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتا اس لیے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی حریف چین کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین متحدہ ہائے امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کررہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین نہیں چاہتا کہ میں وسط مدتی انتخابات میں کامیاب ہوں، کیونکہ میں پہلا امریکی صدر ہوں جس نے چین کو تجارتی مسئلے پر چیلنج کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین مجھے اور امریکی انتظامیہ کو سیاسی طور پر نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔

    دوسری جانب سے چینی سفارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرتے ہیں اور نہی کریں گے، چین کے خلاف عائد کیے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔

    چینی سفارت کار کا کہنا تھا کہ چین دوسرے ممالک سے بھی گذارش کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دوسرے ممالک کے اندورونی معاملات میں مداخلت کرنا بند کریں۔

  • علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے ۔اس کے ذمے دار ناصرف سیاست دان اور فوجی جرنیل بلکہ علمائے کرام بھی ہیں۔

    اسلام آباد میں علماءومشائخ کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے علماء سے گلہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی میں مثبت کردار اداکرنے میں ناکام رہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مدارس کوبدنام کرنا سراسرظلم ہے۔

     انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کی چوری سے ملک میں جمہوریت کیسےپروان چڑ سکتی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص طبقہ ملک کو لوٹنے میں مصروف ہے، ان کا احتساب کیے بغیر ملک صحیح سمت پرلانا مشکل ہے۔

     عمران خان نے کہا ہے کہ فرانس میں جو کچھ بھی ہوا اس کے ذمہ دار مسلمان رہنماءہیں کیونکہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف مسلم ممالک کے رہنماﺅں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹا سا طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔ دین کے نام پر سیاست کرنے والوں کی قیمتیں لگتی دیکھی گئیں۔

  • سیاسی جماعتوں نےجمہوریت پرخودکش حملہ کیا ہے، فضل الرحمان

    سیاسی جماعتوں نےجمہوریت پرخودکش حملہ کیا ہے، فضل الرحمان

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں اکیسویں آئینی ترمیم امتیازی ہے، تحفظات پر حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی تو معاملات ڈی چوک تک بھی جا سکتے ہیں۔

     اسلام آباد میں دینی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اکیسویں آئینی ترمیم منظور کر کے سیاسی جماعتوں نے جمہوریت پر خود کش حملہ کیا ہے،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک امتیازی قانون ہےجس سے دہشت گردوں کو بچ نکلنے کاراستہ دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترمیمی مسودے پر تحفظات دور نہ ہونے پر حکومت کو مبہم الفاظ میں دھمکی بھی دے ڈالی، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں قومی وحدت پارہ پارہ نہ ہو دینی جماعتوں کے اجلاس میں جے یو آئی جماعت اسلامی اور دیگر جماعتیں شریک ہوئیں،وفاق المدارس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔