Tag: مکا

  • آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکرز 2022: اہلیہ کے لیے نامناسب مذاق پر ول اسمتھ نے میزبان کو مکا جڑ دیا

    آسکر ایوارڈز 2022 کی براہ راست تقریب کے دوران امریکی اداکار ول اسمتھ نے اہلیہ کے خلاف نامناسب مذاق پر میزبان کرس راک کو مکا جڑ دیا۔

    94 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب گزشتہ شب ہر بار کی طرح اس بار بھی لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوئی جہاں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

    تقریب کی میزبانی کامیڈین کرس راک کر رہے تھے، ایک موقع پر انہوں نے بہترین اداکار نامزد ہونے والے ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے لیے نہایت حساس مذاق کر ڈالا۔

    انہوں نے جاڈا کے بالوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فلم جی آئی جین کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اس کے سیکوئل میں جلد انہیں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ جو خود بھی اداکارہ ہیں، گنج پن کی بیماری ایلوپیشیا کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے سنہ 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔

    کرس کے اس بھونڈے مذاق پر لمحے بھر کو ڈولبی تھیٹرز میں خاموشی چھا گئی، جاڈا اور ول اسمتھ بھی اس پر خفا دکھائی دیے، اگلے ہی لمحے ول اسمتھ اپنی جگہ سے اٹھے، اسٹیج پر گئے اور میزبان کو زوردار مکا دے مارا۔

    مکا کھانے کے بعد کرس کھسیانے انداز میں وضاحت پیش کرتے دکھائی دیے تاہم ول اسمتھ نے چلا کر انہیں اپنی اہلیہ کے بارے میں بات کرنے سے باز رہنے کو کہا اور نازیبا زبان بھی استعمال کی۔

    ول اسمتھ کے جملے کے دوران امریکا بھر میں آسکرز کی نشریات کو مختصر وقفے کے لیے سنسر بھی کیا گیا۔

    واقعے کی ویڈیو دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اچھنبے میں ہیں کہ آیا یہ واقعہ سچ مچ ہوا تھا یا پہلے سے اسکرپٹڈ تھا۔

  • نوجوان نے مکا مار کر دوست کو ہلاک کردیا

    نوجوان نے مکا مار کر دوست کو ہلاک کردیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں دوست دشمن بن گیا، کان کے نیچے گھونسا مار کر شہری نے اپنے ہی دوست کو موت کے گھاٹ اتار دیا، معاملہ عدات پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں نشے میں دھت دونوں دوست آپس میں لڑ پڑے۔ میکسیکیو سے تعلق رکھنے والے دونوں شہریوں نے آپس میں خوب ہاتھا پائی کی۔ سیدھے کان کے نیچے مکا لگنے سے ایک شہری ہلاک ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد فوری طور پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور 36 سالہ مبینہ قاتل کو گرفتار کیا، معاملہ عدالت پہنچ چکا ہے، اگلی سماعت 27 جنوری کو ہوگی۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں دوست مقامی ہوٹل میں بیٹھے گپ شپ کررہے تھے، اتنے میں دونوں کسی بات پر جھگڑ گئے اور بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں آپس میں ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری کررہے تھے کہ اچانک گتھم گدتھا ہوگئے۔

    مبینہ قاتل کا کہنا ہے کہ مقتول میری قابلیت اور میری شخصیت کا مذاق اڑا رہا تھا۔ جس پر میں آگ بگولہ ہوگیا لیکن میرا ارادہ اسے مارنے کا نہیں تھا، اتفاقاً موت واقع ہوئی۔ مکا لگنے سے مقتول کا چہرہ لہولنا جبکہ آنکھیں پھول گئی تھیں۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق دونوں آپس میں بہت قریبی دوست تھے جبکہ ایک ساتھ ہوٹل میں رہتے بھی تھے۔