Tag: مکان منہدم

  • مودی سرکار کے مظالم سے تنگ مسلمان درزی نے موت کو گلے لگالیا

    مودی سرکار کے مظالم سے تنگ مسلمان درزی نے موت کو گلے لگالیا

    لکھنؤ : مودی حکومت کی جانب سے بھارت کی کئی ریاستوں میں مسلمانوں کے گھروں، دکانوں اور عبادت گاہوں کو منہدم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، لکھنؤ میں ایک مسلم درزی نے اپنا گھر گرنے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرلی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق لکھنؤ کے اکبر نگر میں ہونے والی کارروائی میں مسلمان درزی عبدالعزیز کا مکان منہدم کردیا گیا تھا جس کے چند دن بعد اس نے موت کو گلے لگالیا۔

    انتظامیہ نے عبدالعزیز کی سلائی مشین بھی ضبط کرلی تھی، عزیز کے پسماندگان میں بیوی اور چھ ماہ کی بیٹی شامل ہیں۔

    گزشتہ سال 13 اکتوبر کو لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اکبر نگر میں انہدامی کارروائی کا حکم جاری کیا تھا، یہاں زیادہ تر غریب اور متوسط طبقے کی مسلمان برادری رہائش پزیر ہے۔

    دسمبر 2023ء سے اکبر نگر میں حکومت کی انہدامی کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت زمینوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے والوں کے مکانات پر بلڈوزر چلایا جارہا ہے، جس میں اب تک 15 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    اس کارروائی میں مسلمان درزی عزیز کے گھر کو بھی گرا دیا گیا تھا جس کے بعد عزیز اور اس کی فیملی ٹینٹ میں رہنے پر مجبور ہوگئی۔

    عزیز نے اپنی فیملی کو سہارا دینے کیلئے درزی کا پیشہ اختیار کیا لیکن 20 جولائی کو حکام نے اس کی سلائی مشین بھی ضبط کرلی۔ اس نے 800 روپے بطور رشوت دے کر اپنی سلائی مشین حاصل کی، اس واقعہ کے چند دنوں بعد عزیز نے حالات سے دلبرداشہ ہوکر خودکشی کرلی۔

  • سکھر میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    سکھر میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے ایک گاؤں میاں داد کھوسو میں بارش کے باعث دو منزلہ مکان گر گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان گرنے سے چار افراد جاں بحق اور کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، حادثے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم اسپتال میں بجلی بند ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے، جنریٹر موجود ہونے کے باوجود اسے چلایا نہیں گیا۔

    ادھر ملک بھر میں طاقتور مون سون اسپیل جاری ہے، حالیہ مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصان پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 133 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، مرنے والوں میں 57 مرد، 21 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں۔

    ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 24 افراد جاں بحق

    سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 65 ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 35، بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئیں، سندھ سے 10 اور آزاد کشمیر سے 5 افردا زندگی کی بازی ہار گئے، جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد جان سے گئے۔ دوسری طرف حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 215 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 87 مرد، 56 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں، اور ملک بھر میں مجموعی طور پر 368 گھروں کو نقصان پہنچا۔

  • مردان میں کمرے کی چھت گرنے سے 3 خواتین دب کر جاں بحق

    مردان میں کمرے کی چھت گرنے سے 3 خواتین دب کر جاں بحق

    مردان: خیبر پختون خوان کے شہر مردان میں بھی ایک گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 خواتین دب کر جاں بحق ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مردان میں تخت بھائی کے علاقے میں کمرے کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 3 خواتین جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو اہل کاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا، مون سون بارشوں کے دوران چھت گرنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    ادھر جہلم میں بھی رات گئے طوفانی بارش سے 4 مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں گر گئیں، جن کے ملبے تلے دب کر 9 سالہ بچی جاں بحق، اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے، چھتیں گرنے کے واقعات کھیوڑہ اور جلالپور شریف میں پیش آئے۔

    راولاکوٹ میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دبنے سے 10 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ راولاکوٹ کے علاقے تتہ پانی کے مقام پر بھی شدید بارشوں کی وجہ سے ایک مکان کی چھت گر گئی ہے، جس کے ملبے تلے دب کر 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں 7 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، متاثرہ مکان میں 2 خاندان رہائش پذیر تھے، جب کہ حادثے کے وقت کچھ مہمان بھی گھر میں موجود تھے۔