Tag: مکہ اور مدینہ

  • سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت نجران، جازان، عسیر اور الباحہ میں کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں تیز بارش کا امکان موجود ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمے کا کہنا تھا کہ ’تیز بارش کے ساتھ گرج چمک ہوگی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا بھی خدشہ ہے‘۔

    محکمے کے مطابق ’مشرقی ریجن، ریاض اور حائل کے بعض علاقوں کے علاوہ قصیم میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    ملک کے ساحلی علاقوں میں مطلع گرد آلود رہے گا جبکہ مغرب میں بالائی علاقوں میں آج دھند چھائی رہے گی۔

    محکمے کے مطابق ’عسیر، جازان میں موسلادھار جبکہ نجران میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جموم، القنفذہ، اللیث اور قرب وجوار میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ طائف، کامل، العرضیات اور قرب وجوار میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے‘۔

    مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش، زائرین کی دعائیں (ویڈیو)

    بیان کے مطابق مدینہ منورہ شہر کے علاوہ بدر، الحناکیہ، المہد اور وادی الفرع میں دوپہر دو بجے سے شام 9 بجے تک بارش کا امکان ہے جبکہ ینبع اور الرایس میں غبار ہوگا۔

  • سعودی عرب: مکہ اور مدینہ کے موسم سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب: مکہ اور مدینہ کے موسم سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج جمعرات کو ریاض اور مشرقی ریجن کے علاوہ قصیم، حائل اور شمالی حدود ریجن میں گرد وغبار کا امکان ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے شہروں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    محکمے کے مطابق گرد وغبار کے طوفان سے تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے بعض شہر بھی متاثر ہوں گے، اس کے علاوہ بحرہ اور اللیث میں 59 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    اس سے قرب وجوار کے شہر بھی متاثر ہوسکتے ہیں جبکہ اس کی تاثیر جدہ کے بعض محلوں میں بھی محسوس کی جائے گی۔

    محکمے کے مطابق جازان، عسیر اور الباحہ کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ ہلکی بارش کا امکان ہوگا۔

    بحیرہ احمر میں شمالی اور شمال مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے اور اس سے ڈیڑھ سے دو میٹر اونچی موجیں اٹھیں گی۔

    خلیج عربی کے سمندر میں رات کو شمالی اور دن کو شمال شرقی ہوا چلے گی اور اس کی رفتار 36 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو آج سے ہیٹ ویو کے خطرے سے خبردار کردیا، گرمی کی لہر 20 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں پندرہ مئی سے ہیٹ ویو کا امکان ہے.

    الرٹ میں کہا گیا کہ۔جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے جبکہ بالائی
    پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    گرمی کے موسم میں دانوں کی مشکل کیسے دور ہو؟

    شددید گرمی کی لہرپندرہ سے بیس مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ انیس اور بیس مئی کو کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے سے برف پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

  • مکہ اور مدینہ میں آج تیز ہوا اور بارش کی پیشگوئی

    مکہ اور مدینہ میں آج تیز ہوا اور بارش کی پیشگوئی

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ آج ریاض، مشرقی ریجن اور نجران میں مطلع گرد آلود ہوگا جبکہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے شہروں طائف اور میسان میں درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے جبکہ الخرمہ، المویہ، تربہ اور اللیث میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جدہ، رابغ اللیث اور دیگر ساحلی علاقوں میں 49 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک تیز ہوا چلے گی۔

    محکمہ موسمیات کا مدینہ منورہ ریجن کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’الرایس اور ینبع میں تیز ہوا چلے گی جبکہ المہد اور وادی الفرع میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی‘۔

    ریاض اور مشرقی ریجن کے بیشتر شہروں میں مطلع گرد آلود رہے گا جبکہ تیز اور گرد آلود ہوا کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی۔

    الباحہ، عسیر اور جازان کے بعض علاقوں میں تیز جبکہ دیگر علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے، جبکہ دل بھر گرج چمک ہوتی رہے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کویت، سعودی عرب اور اردن کے کئی علاقوں کو گردو غبار کے طوفان نے متاثر کیا تھا، کویت میں خراب موسم کے باعث تین پروازوں کو دمام میں اتارا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق گردو غبار کے طوفان باعث کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حفاظی اقدامات کے تحت پروازوں کو دمام جانے کی ہدایت کی گئی۔

    کویتی سول ایوی ایشن کے مطابق مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے تحت مصر کے شہر قاہرہ اور اسیوط سے کویت آنے والی پروازوں کو دمام روانہ کیا گیا۔

    سعودی عرب: حج ضوابط کی خلاف ورزیاں، 42 غیرملکی گرفتار

    واضح رہے ان دنوں کویت میں موسم شدید غبار آلود ہے جس سے حد نگاہ متاثر ہوتی ہے، ہوا کی رفتار بھی 35 ناٹیکل میل (70 کلو میٹر فی گھنٹہ) سے زائد ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ بھی 300 میٹر سے کم تھی۔

  • مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جو موسمیاتی اعتبار سے موسم بہار کا آغاز ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مکہ اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری زیادہ رہے گا۔ مدینہ منورہ میں 24.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 27.8 رہنے کی توقع ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں متوقع بارش کی اوسط 4.9 ملی میٹر اور مدینہ منورہ میں 5.3 ملی میٹر ہے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں بارش معمول کے اوسط سے زیادہ ہوں گی۔

    رپورٹس کے مطابق 1991 سے 2020 کے دوران موسمی حالات کا جائزہ بھی دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ مکہ مکرمہ کا موسم دن کے وقت گرم اور رات کے وقت معتدل جبکہ مدینہ منورہ میں موسم گرم رہتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے تجزیہ کارعقیل العقیل کے مطابق رمصان المبارک کے اختتام سے قبل درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوجائے گا۔

    موسمیات کے ماہر ڈاکٹر خالد الزعاق کے مطابق عید کے پہلے دن سے موسم گرما کا آغاز ہوگا جس میں دن کے وقت موسم گرم اور رات کے وقت متعدل رہنے کی توقع ہے۔

    دوسری جانب اگر پاکستان کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے خبردار کردیا۔

    میڈیا فوکل پرسن محکمہ موسمیات انجم نذیر نے رمضان المبارک کے دوران کراچی میں موسم کے حوالے سے کہا کہ رمضان کا آغاز معتدل موسم سے ہوگا جبکہ آخری عشرے میں شدید گرمی پڑے گی اور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    انجیر : موسم سرما میں یہ پھل سوچ سمجھ کر کھائیں ورنہ !!

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رواں ہفتے مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہوگا لیکن کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

  • مکہ اور مدینہ میں درجنوں ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹ بند کرادیئے گئے

    مکہ اور مدینہ میں درجنوں ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹ بند کرادیئے گئے

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی وزارت سیاحت کی تفتیشی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے 330 ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کو مقررہ سہولتیں فراہم نہ کرنے پر بند کرادیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت سیاحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے 4 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے۔

    رپورٹ کے مطابق تفتیشی ٹیموں کی جانب سے کارروائیوں کے دوران دو ہزار سے زیاد خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جہاں سیاحت کے حوالے سے مقررہ سہولتیں فراہم نہیں کی گئی تھیں۔

    مکہ مکرمہ میں 280 جبکہ مدینہ منورہ میں 50 سے زائد ہوٹلوں اور قیام گاہوں کو مقررہ سہولتیں فراہم نہ کرنے پر بند کیا گیا۔

    وزارت نے سیاحتی خدمات مہیا کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ معیار کے مطابق سیاحوں کو مروجہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    ضابطے کی کارروائی کرتے ہوئے نوٹس جاری کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزی پر ہوٹلوں کو بند بھی کیا گیا۔ انتظامیہ کو ہدایت کردی گئی ہے کہ خلاف ورزیاں دور کیے بغیر ہوٹلوں کو کھولا نہیں جاسکتا۔

    سزا کیوں سنائی؟ مجرم کا جج پر حملہ، ویڈیو وائرل

    وزارت نے اس حوالے سے شکایت درج کرانے کے لیے ٹول فری نمبر 930 جاری کیا ہے، جہاں پر ایسے ہوٹل یا اپارٹمنٹ کے بارے میں شکایت درج کرائی جاسکتی ہے جہاں مقررہ سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔

  • مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 34 خواتین اعلیٰ عہدوں پر تعینات

    سعودی عرب نے مسجدِ الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں خواتین عازمین حج کی آسانی کے لیے اعلی عہدوں پر 34 خواتین تعینات کر دی گئیں۔

    مکہ اور مدینہ کی دونوں مساجد سے متعلق امور چلانے والے ادارے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خواتین کی تقرری کا مقصد خواتین عازمین کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی عرب کی مقامی میڈیا کے مطابق دو سال قبل مسجد الحرام میں باقاعدہ تربیت یافتہ اسی خواتین اہلکار حج و عمرہ زائرین کی سیکیورٹی خدمات پر مامور کی گئی تھیں۔

    جن کا کام مسجد الحرام میں آنے والی خواتین کی مدد کرنا اور مطاف اور مسجد الحرام کے تمام حصوں میں ہجوم کو کنٹرول کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اگست 2021 میں سعودی عرب نے دو خواتین کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ کا لیے معاون مقرر کیا تھا۔

    اس کے علاوہ اس ماہ کے شروع میں سعودی عرب نے حرمین ایکسپریس ٹرین لیڈرز پروگرام میں 32 خواتین کو بطور ڈرائیور تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سعودی نے حالیہ برسوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دینا اور فوجی خدمات میں بھرتی کرنا شامل ہے۔