Tag: مکہ مکرمہ

  • حج پر جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے اہم خبر

    حج پر جانے والے پاکستانی عازمین کے لئے اہم خبر

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے لئے قربانی کے جانوروں کے کوپن کی فروخت کا آغاز کردیا ،عازمین 720 ریال جمع کراکر قربانی کا ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے سعودی بینک کے تعاون سے عازمین حج کیلئے قربانی کاانتظام کرلیا۔

    ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ عازمین 720 ریال جمع کراکر قربانی کا ٹوکن حاصل کر سکتے ہیں، قربانی ٹوکن عازمین کو ان کی رہائش گاہ کے قریب قائم بوتھ یاموبائل وین سے ملے گا۔

    عبدالوہاب سومرو کا کہنا تھا کہ عازمین کوٹوکن کے وقت قربانی کا وقت بتایا جائے گا، قربانی کے بعد، حجاج "حلق” کی رسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے، جس میں بال مونڈنا یا تراشنا شامل ہے۔

    ایک بیان میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے جو پاکستانی حکومت کے تعاون سے قربانی کرنا چاہتے ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے منظور شدہ ذرائع جیسے کہ اسلامی ترقیاتی بینک اور سعودی پوسٹ سے قربانی کے مجاز کوپن حاصل کرنے کی اہمیت پر زوز دیتے ہوئے کہا کوپن غیر مجاز چینلز سے حاصل کرنے سے گریز کریں۔

    ڈی جی حج نے یقین دلایا کہ عازمین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے مکہ مکرمہ میں رہائش، خوراک اور آمدورفت سمیت تمام ضروری سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی: 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی: 4 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں ہوٹل میں آتشزدگی سے جاں بحق 8 پاکستانیوں میں سے 4 کی شناخت ہوگئی، تمام لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 8 پاکستانیوں میں سے 4 کی شناخت ہوگئی، واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پاکستان قونصلیٹ جدہ میں قونصل ویلفیئر شیراز علی خان کا کہنا ہے کہ مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا۔

    قونصل ویلفیئر کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔

    مرنے والے پاکستانیوں میں 4 کی شناخت ہوگئی جن میں سے 2 کا تعلق وہاڑی جبکہ 2 کا قصور سے ہے، دیگر چار افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

    شیراز علی خان کا کہنا ہے کہ جھلسنے کے باعث مرنے والوں کی لاشوں کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے تاہم شناخت کا عمل جاری ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے سے مدد لی جائے۔

    قونصل ویلفیئر کا مزید کہنا ہے کہ مرنے والوں کی لاشیں اسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہیں، ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد میتیں پاکستان بھجوانے یا مکہ میں تدفین کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

  • حج 2023: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت

    حج 2023: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت

    ریاض: رواں برس حج کے ایام قریب آنے کے بعد سعودی حکام نے اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کردی گئی، عمرہ یا حج پرمٹ رکھنے والے افراد کے علاوہ کسی شخص کو مکہ مکرمہ نہیں جانے دیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ نے کہا ہے کہ سوموار 15 مئی 2023 سے مقیم غیر ملکی اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ نہیں جا سکتے۔

    محکمہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ جانے کے خواہشمند مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے حج سیزن کی ہدایات پر عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے۔

    حکام کے مطابق 15 مئی سے ایسا کوئی مقیم غیر ملکی جس کے پاس متعلقہ اداروں کے جاری کردہ مکہ جانے کا پرمٹ نہیں ہوگا، اسے مقدس شہر میں داخلے سے روکا جائے گا۔

    امن عامہ کا کہنا ہے کہ حج 1444 ہجری کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کروانے کے لیے مکہ جانے والی چیک پوسٹوں پر پرمٹ چیک کیے جائیں گے۔

    حکام کے مطابق ایسے کسی بھی شخص کو جس کے پاس متعلقہ ادارے کی جانب سے حج مقامات پر جانے کا اجازت نامہ نہیں ہوگا، اسے اور بغیر پرمٹ مکہ جانے والی گاڑیوں کو واپس لوٹا دیا جائے گا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن ضابطے کے تحت ایسے افراد جن کے پاس مکہ سے جاری کردہ اقامہ ہوگا، یا عمرہ پرمٹ یا حج پرمٹ ہوگا تو وہ اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

  • حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    حجاج کی رہائش کے حوالے سے اہم ہدایت

    سعودی عرب: سعودی حکام نے حجاج کے لیے رہائشی عمارتوں کو مختص کرنے کے پرمٹ کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کردی ہے، مذکورہ عمارتوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد ہی رہائش کا پرمٹ فراہم کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی امور کی نگران کمیٹی کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عمارتوں اور مکانوں کے پرمٹ جاری کروانے کے لیے درخواستیں رواں ماہ کے آخر تک جمع کروائی جاسکتی ہیں۔

    کمیٹی کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عمارتوں اور مکانوں کے مالکان جو پرمٹ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ جلد از جلد کمیٹی سے رجوع کریں۔

    حجاج کے رہائشی امور کی نگران کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اور شہری دفاع کے منظور شدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کروائی جائے۔

    رہائشی امور کی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کے لیے جو عمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امور کو مقدم رکھا گیا ہے۔

    متعلقہ منظور شدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اور معیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پر عمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اسکان حجاج کمیٹی کی جانب سے حجاج کے لیے عمارتوں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسی حوالے سے پرمٹ کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔

  • عمرے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلنے والے شخص کا مکہ پہنچتے ہی انتقال

    عمرے کے لیے موٹر سائیکل پر نکلنے والے شخص کا مکہ پہنچتے ہی انتقال

    مکہ مکرمہ: جرمنی سے موٹر سائیکل پر مکہ پہنچنے والا شامی نژاد شہری اپنے رب کے حضور پیش ہونے کے بعد مسجد الحرام میں انتقال کر گئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق جرمنی سے عمرہ ادائیگی کے لیے موٹرسائیکل پر 73 دنوں میں مکہ پہنچنے والا شامی شخص غازی جاسم اپنا سفر مکمل کرتے ہی انتقال کرگیا۔

    رپورٹ کے مطابق غازی جاسم نے جرمنی سے موٹرسائیکل پر مسجد الحرام تک کا سفر 73 دن میں مکمل کیا، اس سفر کے دوران وہ سوشل میڈیا پر لوگوں کو آگاہی بھی دیتے رہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق غازی جاسم کا مسجد الحرام پہنچ کر انتقال ہوا جس کے بعد ان کی نمازِ جنازہ بھی یہیں ادا کی گئی جبکہ انہیں مکہ میں ہی سپردِ خاک کردیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر غازی جاسم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے تاہم ساتھ ہی ان کے سفر کی بھی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ میں دنیا کی سب سے بڑی دیوار زائرین کی توجہ کا مرکز بن گئی

    مکہ مکرمہ : کنگ عبدال العزیز اسٹریٹ پر رنگوں وحرف سے تخلیق کردہ دنیا کی سب سے بڑی دیوار زائرین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں عربی خطاطی اور رنگ برنگ رنگوں سے مزین دنیا کی سب سے بڑی دیوار زائرین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    کنگ عبدال العزیز اسٹریٹ پر رنگوں وحرف سے تخلیق کردہ سب سے طویل خطاطی والی دیواربنائی گئی ہے، جو رنگوں حرف سے تخلیق کردہ فن سے آراستہ ہے۔

    اپنی نوعیت کا یہ منفرد شاہکار سعودی خاتون امل فلمبان کا تخلیق کردہ ہے۔ رنگ و حروف سے تخلیق کردہ فن سے آراستہ یہ دیوار مقدس ترین مقام مسجد حرام کی طرف جاتی ہے۔

    یہ شاندار دیوار عرب دنیا کے لوگوں کے وِرثہ ، نظریات ، تاریخ، اور ثقافتی پیغام کو اپنے اندور سموئے ہوئے ہے، یہاں سے گزرنے والے عمرہ زائرین اس دیوار کے نقش و نگار سے محظوط ہوئے بغیر نہیں رہ پاتے۔

  • روئے زمین کا سب سے پاکیزہ حصہ سر سبز و شاداب ہو گیا (ویڈیوز)

    ریاض: روئے زمین کا سب سے پاکیزہ حصہ مکہ مکرمہ سر سبز اور شاداب ہو گیا ہے۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دسمبر میں والی موسلادھار بارش کے باعث مکہ مکرمہ کے پہاڑ، وادیاں اور گھاٹیاں سرسبز اور شاداب ہو گئی ہیں۔

    مکہ کے پہاڑوں اور صحرائی علاقے میں حد نگاہ ہریالی نظر آ رہی ہے، مسلسل بارش کے باعث مکہ مکرمہ کے پہاڑ اور وادیاں خوب صورتی کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں صحرا کے کچھ حصوں میں ہفتوں کی بارش اور سیلاب کے بعد اچانک گھاس اور پودے اگ آئے ہیں، اس سے قبل شدید بارشوں سے مکہ اور دیگر علاقے بری طرح سیلاب میں ڈوب گئے۔

    سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں مقدس شہر کے اردگرد پہاڑی علاقے کو سبزہ زاروں اور پودوں سے ڈھکا دیکھا جا سکتا ہے، جہاں عام حالات میں بالکل ہریالی نہیں ہوتی۔

  • خانہ کعبہ میں طواف کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی تصاویر

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مقدس مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے طواف اور عبادت کے دوران بادل بھی برستے رہے، حرم کعبہ میں بارش کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں سوموار کے روز شدید بارش ہوئی جس کے دوران بھی عمرہ زائرین طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کر رکھا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔

    انتظامیہ 200 سے زیادہ نگرانوں، 4 ہزار کارکنان اور 500 سے زیادہ مشینوں کے ذریعے بارش کے دوران پیش آنے والے مسائل سے نمٹ رہی ہے۔

    بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات اور داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

  • عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ، تجارتی مراکز میں رونق

    عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ، تجارتی مراکز میں رونق

    ریاض: گزشتہ کچھ روز میں عمرے کے لیے سعودی عرب آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد تجارتی مراکز کی رونقیں بڑھ گئیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے باعث مکہ مکرمہ کے تجارتی مراکز کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔

    مسجد الحرام کے اطراف واقع مالز، تجارتی مراکز اور دکانوں میں پہلے سے زیادہ چہل پہل ہے۔

    علاوہ ازیں المسفلہ، اجیاد، الغزہ اور انفاق المحبس الجن محلوں میں غیر ملکی زائرین بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں، مسجد الحرام کے علاقے میں ہوٹل ٹاورز میں واقع مالز میں بھی زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    العزیزیہ محلے میں ہر طرف زائرین نظر آرہے ہیں، جی سی سی ممالک کے علاوہ کئی عرب ملکوں کے زائرین بڑی تعداد میں عمرے کے لیے پہنچے ہوئے ہیں۔

    ایک تجارتی مرکز کے ذمہ دار فرید محمد نے بتایا کہ غیر ملکی زائرین اپنے عزیزوں کے لیے تحائف، قالین، مصنوعی زیور اور ضرورت کا سامان خرید رہے ہیں، ملبوسات اور زیورات کی خریداری میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔

    فرید محمد نے بتایا کہ تجارتی مراکز کے مالکان زائرین کی آمد سے خوش ہیں اور وہ زائرین کے خیر مقدم کی تیاریاں پہلے سے کیے ہوئے تھے۔

  • مکہ مکرمہ: غار حرا اور جبل نور خوبصورت قرآنی آیات سے روشن

    مکہ مکرمہ: غار حرا اور جبل نور خوبصورت قرآنی آیات سے روشن

    ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں جبل نور کو خوبصورت قرآنی آیات سے روشن کردیا گیا، جبل نور کا غار حرا وہ مقام ہے جہاں حضور اکرم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے غار حرا (جبل نور) کو قرآنی آیات سے منور کردیا گیا، اس کا اہتمام پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کیا گیا۔

    روشنی کے پس منظر کے ساتھ قرآنی آیات مکہ مکرمہ آنے والے زائرین کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہیں۔

    اس مقصد کے لیے قرآن پاک کی ان آیات کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں مختلف حوالوں سے پہاڑوں کا تذکرہ موجود ہے، غار حرا (جبل نور) وہ مقام ہے جہاں نبی کریم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی۔

    پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ پروجیکٹ کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ حرا ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹرسے زائد رقبے پر قائم کیا گیا ہے، جس میں زائرین کے لیے مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ غار حرا جانے والی سڑک، قرآن کریم عجائب گھر اور وحی کے موضوع پر نمائش گاہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

    حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دوسرا اہم مقام القرآن الکریم عجائب گھر ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قرآن کریم کا خوبصورت تعارف دیا گیا ہے، کتاب اللہ کے قلمی نسخوں کو پرکشش انداز میں دکھایا گیا ہے۔