Tag: مکہ مکرمہ

  • زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    زائرین کی سہولت کے لیے مکہ مکرمہ میں میگا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں 7 نئے ہوٹل ٹاورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زائرین کی تعداد اور انہیں فراہم کردہ سہولیات میں اضافہ کیا جاسکے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ام القریٰ تعمیراتی و ترقیاتی کمپنی نے مکہ مکرمہ میں مسار فرنٹ میگا پروجیکٹ کے تحت 7 ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے 7 ہوٹل ٹاور قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    یہ مکہ مکرمہ میں ام القریٰ کمپنی کے ہوٹل منصوبوں کا پہلا مرحلہ ہے۔

    یہ کمپنی مسجد الحرام کے صحنوں سے 500 میٹر کے فاصلے پر اس علاقے میں نئے ہوٹل تعمیر کرے گی جسے حرم مکی کا مرکزی علاقہ کہا جاتا ہے۔

    منصوبے میں 43 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے پلاٹ پر ایک میگا مال بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ بس شٹل سروس سٹیشن بھی بنے گا۔

    کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین یاسر ابو عتیق کا کہنا ہے کہ مسار میگا پروجیکٹ مستقبل میں مقدس شہر آنے والوں کو متعدد آپشن فراہم کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مسار فرنٹ مکمل ہونے پر قابل دید عصری مرکز بن جائے گا، اس سے مکہ مکرمہ کے شہریوں اور زائرین دونوں کو عصری سہولتیں میسر آئیں گی۔

    چیئرمین کے مطابق یہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل اور مکہ مکرمہ میں زائرین کی تعداد 30 ملین تک پہنچانے کے ہدف میں معاون بنے گا۔

  • سعودی عرب: حج و عمرہ کے لیے آنے والدین کے لیے بچوں کی نرسری کا منصوبہ

    سعودی عرب: حج و عمرہ کے لیے آنے والدین کے لیے بچوں کی نرسری کا منصوبہ

    ریاض: سعودی عرب کے مکہ کلاک رائل ٹاور میں بچوں کے لیے نرسری کھولی جائے گی جس کا مقصد یہ ہے کہ وہاں قیام کرنے والے والدین اپنے بچوں کو نرسری میں چھوڑ کر اطمینان سے عبادات کرسکیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مکہ کلاک رائل ٹاور میں فیئر ماؤنٹ ہوٹل کے سی ای او کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں رہنے والے عازمین حج اور عمرہ زائرین آئندہ رمضان 2023 سے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    عبد العزیز الموسیٰ کا کہنا ہے کہ فیئر ماؤنٹ ہوٹل عازمین حج اور عمرہ زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک نرسری بنائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ اگلے سال شروع کیا جائے گا، ہوٹل میں 150 بچوں کی دیکھ بھال کی گنجائش ہوگی، دوسرا مرحلہ 2024 کے وسط میں شروع کیا جائے گا جب اس کی گنجائش 300 سے 500 بچوں تک بڑھ جائے گی۔

    سی ای او کا کہنا ہے کہ اس انیشی ایٹو کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے عازمین حج اور عمرہ زائرین اطمینان سے عبادت کر سکیں گے اور انہیں علم ہوگا کہ ان کے بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نرسری میں بچوں کا خیال رکھا جائے گا اور انہیں ان عبادات کے بارے میں بھی تعلیم دی جائے گی جو ان کے والدین انجام دے رہے تھے۔

    عبد العزیز الموسیٰ کا کہنا ہے کہ ہائی ٹیک بریسلیٹ والدین کو اپنے بچوں کے بارے میں جاننے کی سہولت دے گا اور کیمرے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں کی نگرانی کریں گے۔

  • غار حرا کے قریب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نزول وحی سے متعلق نمائش

    غار حرا کے قریب جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نزول وحی سے متعلق نمائش

    ریاض: سعودی عرب کے اہم مقدس شہر مکہ مکرمہ میں غار حرا کے قریب حرا کلچرل ڈسٹرکٹ ون کے نام سے نیا زون قائم کر دیا گیا جہاں نزول وحی سے متعلق نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں غار حرا کے قریب حرا کلچرل ڈسٹرکٹ ون کے نام سے نیا زون قائم کر دیا ہے، مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا نگران ہے۔

    حرا ڈسٹرکٹ 67 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کیا گیا ہے جس میں زائرین کے لیے مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ غار حرا جانے والی سڑک، قرآن کریم عجائب گھر اور وحی کے موضوع پر نمائش گاہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

    حرا کلچرل ڈسٹرکٹ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ غار حرا کی سب بڑی پہچان اولین نزول وحی کا مقام ہے۔

    وحی نمائش گاہ میں پیغمبروں پر وحی نازل ہونے کا قصہ بیان کیا گیا ہے، پیغمبر اسلام محمد ﷺ پر وحی کے نزول کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وحی سے جڑے ہوئے عناصر غار حرا، ام المومنین حضرت خدیجہؓ اور جبرائیل علیہ السلام کا تعارف دلکش انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

    حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دوسرا اہم مقام القرآن الکریم عجائب گھر ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قرآن کریم کا خوبصورت تعارف دیا گیا ہے، کتاب اللہ کے قلمی نسخوں کو پرکشش انداز میں دکھایا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ میں ریستوان اور قہوہ خانے بھی کھولے گئے ہیں جہاں زائرین کے لیے ملکی اور بین الاقوامی لذیذ کھانوں اور مشروبات کا انتظام ہے، غار حرا کی پہچان اجاگر کرنے والے تحائف اور یادگاری اشیا فروخت کرنے والی دکانیں بھی قائم کی گئی ہیں۔

  • مسجد الحرام میں عصر کی اذان کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مسجد الحرام میں عصر کی اذان کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی ویڈیو

    مکہ مکرمہ: بارش عین اس وقت شروع ہوئی جب نماز عصر کی اذان شروع ہوئی، جبکہ اس دوران بارش کے باوجود عمرہ زائرین خانہ کعبہ کے طواف اور صفا اور مروہ کی سعی میں مصروف رہے۔

    حرمین شریفین کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں عصر کی اذان کے دوروان بارش ہوئی، اس دوران مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش میں ہی طواف کیا۔

    دوسری جانب بارش شروع ہونے کے بعد انتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور زائرین کو بارش کے دوران مسائل سے بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خانہ کعبہ کے اطراف انتظامات کیے گئے۔

    جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔

  • باران رحمت کیلئے حرمین شریفین میں نماز استسقا کی ادائیگی

    باران رحمت کیلئے حرمین شریفین میں نماز استسقا کی ادائیگی

    مکہ مکرمہ:  شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر باران رحمت کے لیے حرمین شریفین میں نماز استسقا ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاست کی تمام مساجد اور درسگاہوں میں نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایات دی، جس کے بعد باران رحمت کیلئے مسجدالحرام، مسجد نبوی سمیت ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کی گئی۔

    نماز استسقاء کی ادائیگی کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام مین میں ہوا جہاں کعبۃ اللہ کے پہلو میں امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے امامت کراوئی اور بعد ازاں خطبہ دیا۔

    مسجد الحرام مین میں نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلمان  اور گورنریٹ کے اعلی عہدیدار نماز میں شریک ہوئے۔

    نماز کا دوسرا بڑا اجتماع مسجد نبوی شریف میں ہوا جہاں شیخ عبد اللہ البعیجان نے امامت کروائی اور خطبہ دیا، جس میں مدینہ منورہ گورنریٹ کے اعلی عہدیداروں سمیت مشائخ  اور سربر آوردہ علما بھی شریک ہوئے۔

    نماز استسقاء کے احکام اور مسائل

    انسان کی ایک بڑی ضرورت پانی ہے، اگر لوگ قحط سے دوچار ہوجائیں تو اور بارش نہ ہورہی ہو تو نبی کریم ﷺ نے اس موقع کے لئے مخصوص نماز ’’استسقاء‘‘ ادا کرنے کا حکم دیا اور خود بھی نماز باجماعت ادا کی۔

    جب نہریں خشک ہوجائیں، انسان و حیوان کے پینے کی ضرورت نیز کاشت کی ضرورت کے لئے پانی میسر نہ ہو یا پانی ہو مگر ناکافی ہو تو ایسی صورت میں استسقاء مسنون ہے۔ جس کا حکم اللہ کے نبی ﷺ نے اصحاب کو دیا اور اپنی اقتدا میں نماز پڑھوائی۔

    نماز استسقاء کے اصل معنی پانی طلب کرنے کے ہیں، اس لئے پانی کے واسطے کی جانے والی دعاء اور نماز دونوں کو استسقاء کہتے ہیں، رسول اللہ ﷺ سے جمعہ کے دن خطبہ میں بارش کی دعا پر اکتفاء کرنا بھی ثابت ہے اور دو رکعت نمازِ استسقاء پڑھنا بھی، اسی لئے امام ابو حنیفہؒ کے نزدیک دونوں باتوں کی گنجائش ہے، یہ بھی کہ دعا پر اکتفاء کیا جائے اور یہ بھی کہ باضابطہ نماز ادا کی جائے۔

  • دی لائن سٹی میں سب سے پہلے مکان بک کرواؤں گا: گورنر مکہ

    دی لائن سٹی میں سب سے پہلے مکان بک کرواؤں گا: گورنر مکہ

    ریاض: مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل کا کہنا ہے کہ دی لائن سٹی میں وہ سب سے پہلے مکان بک کروائیں گے، اس منصوبے میں 90 لاکھ کی آبادی بسائی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے جدہ سپر ڈوم میں منعقد دی لائن سٹی نمائش کا دورہ کیا، یہ نمائش یکم اگست سے شروع ہوئی تھی اور 14 اگست تک جاری رہے گی۔

    گورنر مکہ کا کہنا تھا کہ دی لائن سٹی میں سب سے پہلے مکان بک کرواؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سٹی 34 مربع کلو میٹر ہے، اس کی چوڑائی 200 میٹر اور مجموعی لمبائی 170 کلومیٹر ہوگی۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ دی لائن سٹی سطح سمندر سے 500 میٹر اونچی ہوگی اور اس میں کل 90 لاکھ کی آبادی ہوگی، مستقبل کا منصوبہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا، یہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے بہت منفرد ہے۔

  • لوگوں کو معاف کردیا کرو، انسانیت کی قدر اور احترام مسلمانوں پر لازم ہے: خطبہ حج

    لوگوں کو معاف کردیا کرو، انسانیت کی قدر اور احترام مسلمانوں پر لازم ہے: خطبہ حج

    ریاض / مکہ مکرمہ: دین اسلام کے اہم ترین رکن حج 2022 کا خطبہ میدان عرفات میں دیا گیا، رواں برس حجاج کرام کو جمعے کے روز حج اکبر کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 1443 ہجری کے حج اکبر کے اراکین ادا کیے جانے کے بعد خطبہ حج میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں دیا گیا، رواں برس خطبہ حج کے لیے ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ خطیب مقرر کیے گئے ہیں۔

    رواں برس خطبہ حج میدان عرفات سے براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا گیا جو ڈیڑھ کروڑ افراد تک پہنچے گا۔

    جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے ذریعے حج کا خطبہ انگریزی، فرانسیسی، اردو، فارسی، روسی، چینی، بنگالی، ترکی، ملاوی، ہندی، اسپینی، تامل اور سواحلی زبانوں میں پیش کیا گیا۔

    خطبہ حج

    خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا کہ، اے ایمان والو! اللہ کی عبادت کرو، اللہ ہی واحد معبود ہے، اسی کی عبادت کریں۔ مسلمانوں۔ اللہ تعالیٰ سے ڈرو، بے شک اللہ رب العزت ہر چیز سے واقف ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، وہ تمام عبادات کی جائیں جس کا حکم اللہ نے اپنے نبی ﷺ کے ذریعے دیا۔ اللہ سب کچھ جانتا ہے جو تم کرتے ہو، اللہ نے زکوٰة ادا کرنے کا حکم دیا ہے، اللہ نے نماز اور روزے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ تقویٰ اختیار کرنے والا اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، اسلام کی دعوت عام کرنے کی طرف جائیں، اللہ رب العزت نے فرمایا، لوگوں کو معاف کردیا کرو۔ رسول ﷺ نے فرمایا جن کے اخلاق اچھے ہوں گے وہ قیامت کے دن میرے زیادہ قریب ہوں گے۔ خیر کے کاموں میں مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔

    خطبہ حج میں کہا گیا، مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ لوگوں کو نفع پہنچائیں، انسانیت کی قدر اور احترام کرنا مسلمانوں پر لازم ہے۔ سب سے بڑی نعمت توحید کی ہے۔

    خطبے میں کہا گیا، اسلامی اقدار کا تقاضہ ہے جو چیز نفرت کا باعث بنے اس سے دور ہوجاؤ، اللہ نے فرمایا متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔ سارے انسان آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں، اور آدم علیہ السلام مٹی سے بنے ہیں۔

    خطبہ حج میں کہا گیا، نیکی کرنے میں ہمیشہ جلدی کرو، مصیبت اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی دور نہیں کرسکتا۔

  • دوران حج سیاسی نعرے بازی جرم قرار: سعودی حکام کی سخت وارننگ

    دوران حج سیاسی نعرے بازی جرم قرار: سعودی حکام کی سخت وارننگ

    ریاض: سعودی حکام نے سختی سے انتباہ جاری کیا ہے کہ دوران حج سیاسی نوعیت کی نعرے بازی قابل سزا جرم گردانی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوٹر جنرل شیخ سعود المعجب کا کہنا ہے کہ حج مقامات پر زائرین کو ہر طرح کی جارحیت اور دھوکہ دہی سے قانونی تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوٹر نے حج مقامات سے متعلق پبلک پراسیکیوشن برانچ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی حکومت زائرین کو تمام سہولتیں اعلیٰ معیار کے ساتھ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    المعجب نے توجہ دلائی کہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات مقدس مقامات ہیں، یہاں کسی بھی قسم کی خونریزی اور جارحیت سنگین جرم ہے۔ یہاں درختوں، پودوں، گھاس تک کو کاٹنا منع ہے اور کسی بھی قسم کے شکار کی اجازت نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حج دینی فریضہ ہے، اس دوران سیاسی اور جماعتی نعرے بازیوں کی اجازت نہیں، جو شخص بھی اس کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف فوجداری قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

    المعجب کا کہنا تھا کہ کسی بھی زائر کو نقصان پہنچانا، اس پر جارحیت کرنا یا مذہبی شعائر، یا حج مقامات کا ناجائز فائدہ اٹھانا قابل سزا جرم ہے۔ اس پر پبلک پراسیکیوشن قانونی کارروائی کا مجاز ہے۔

  • حرمین شریفین: زائرین کو وائرس لگنے سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال

    حرمین شریفین: زائرین کو وائرس لگنے سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال

    ریاض: سعودی عرب میں حرمین شریفین میں زائرین اور کارکنان کو وائرس لگنے سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں روبوٹس کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم شروع کی گئی ہے، حرمین شریفین میں اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی تقسیم کرنا عالمی وبا سے بچنے کا محفوظ طریقہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارکنان اور زائرین وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے اور روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کا اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    سیکریٹری ادارۂ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا ہے کہ اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کرونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے اور انسانی مداخلت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم محفوظ طریقے سے ہو رہی ہے۔

    بدر اللقمانی کے مطابق روبوٹ 10 منٹ میں ایک چکر پورا کرتا ہے اور اس دوران 30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کر دیتا ہے، یہ جدید روبوٹ 8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے اور آب زم زم کی بوتل لینے کے لیے 20 سیکنڈ انتظار کرتا ہے۔

    یہ روبوٹ نہ تو زائرین سے الجھتا ہے اور نہ ہی نقل و حرکت میں تعطل پیدا کرتا ہے، اسمارٹ روبوٹ متعدد سرٹیفکیٹ یافتہ بھی ہے اور یورپ سے سی ایس بھی حاصل کیے ہوئے ہے۔

  • سانحہ حرم کرین کیس کا حتمی فیصلہ جاری، بن لادن گروپ بری

    سانحہ حرم کرین کیس کا حتمی فیصلہ جاری، بن لادن گروپ بری

    ریاض: مکہ مکرمہ اپیل کورٹ نے الحرم کرین مقدمے کا حتمی فیصلہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ اپیل کورٹ نے الحرم کرین مقدمے کا حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے بن لادن گروپ کو الزام سے بری کر دیا ہے۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ حرم کرین گرنے کے سلسلے میں بن لادن گروپ کی کوئی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی، اس لیے عدالت بن لادن گروپ کو الزام سے بری کرتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے سانحہ حرم کرین کے حوالے سے فیصلہ جاری کرتے ہوئے 13 ملزمان کو الزامات سے بری کیا تھا۔

    سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجداری عدالت نے بھی بن لادن گروپ کو الزام سے بری کیا تھا، فوجداری عدالت کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ملزمان پر فرد جرم ثابت نہیں ہوئی۔

    بعد ازاں کیس اپیل کورٹ کو ارسال کر دیا گیا، جہاں اس پر مزید بحث کے بعد آج فیصلہ سنایا گیا۔

    یاد رہے 11 ستمبر 2015 کی شام کو مسجد الحرام میں حرم مکی کے توسیعی منصوبہ کے تحت جاری تعمیرات کے مقام پر طوفانی ہواؤں سے کرین چھت پھاڑ کر نیچے حجاج پر گر گئی تھی، حادثے میں 108 سے زائد افراد جاں بحق اور 238 زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق شہر مکہ میں شدید آندھی، طوفانی ہواؤں کے جھکڑ اور زبردست بارش ہو رہی تھی، یہی طوفان اور خرابی موسم اس حادثہ کا سبب بنا، یہ افسوس ناک حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج وہاں موجود تھے، نیز جمعہ کا دن ہونے کی وجہ سے عمرہ کرنے والوں کی تعداد بھی زیادہ تھی۔