Tag: مکہ مکرمہ

  • مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام

    ریاض: مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور پر ’گھر پر رہو‘ کا پیغام درج کردیا گیا، اقدام کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے گھر پر رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مکہ کلاک ٹاور کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں کلاک ٹاور پر یہ پیغام درج ہے خلیک بالبیت یعنی ’گھر میں رہو‘۔

    مکہ کلاک ٹاور پر گھر میں رہو کا پیغام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گھروں میں رہنے کی پابندی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے دیا گیا ہے۔

    ٹاور کی تصاویر برج الساعۃ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔

    صارفین نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے گھر تک محدود رہنے کی اس تاکید کے منفرد انداز پر پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل کلاک ٹاور پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر سے متعلق پیغام بھی دیا گیا تھا۔

    یہ کلاک ٹاور مسجد الحرام کے سامنے ہے اور دنیا کے بلند ترین ٹاورز میں سے ایک ہے، اس کے بالائی حصے میں دنیا کی سب سے بڑی گھڑی نصب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 4 ہزار 934 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے 65 اموات ہوچکی ہیں۔

  • مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    ریاض: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام رہنما ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام میں نصب یہ رہنما اسکرینز رہنمائی اور معلومات کے لیے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر نصب ہیں۔

    سعودی عرب کے دونوں مقدس شہروں میں موجود مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے معاملات کی جنرل پریذیڈنسی اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں مساجد میں آنے والے زائرین کی صحت کی حفاظت کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    محکمہ کے ڈائریکٹر علی بن حمید النافعی کے مطابق انتہائی مہلک وائرس کو محدود کرنے اور زائرین کے لیے پرامن ماحول رکھنے کے لیے یہ احتیاطی تدبیر اپنائی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ نصب اسکرین پر نظر آنے والی ہدایات اور معلومات کو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔

    دونوں مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے کارکنوں کے لیے فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کا عمل بھی وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔

  • جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    جبل نور پر قائم عارضی دکانیں ہٹا دی گئیں

    ریاض: مکہ مکرمہ میں جبل نور پر قائم کچی اور عارضی دکانیں اور گیسٹ ہاؤسز ہٹا دیے گئے، مذکورہ مقام پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ماتحت ممنوعہ سرگرمیوں کے انسداد پر مامور کمیٹی کے ارکان نے جبل نور کے علاقے میں قائم عارضی دکانیں اور دیسی طرز کے گیسٹ ہاﺅسز ہٹا دیے ہیں۔

    یہاں پر مقیم غیر ملکی یہاں زائرین کو کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے کے لیے فرشی دکانیں قائم کیے ہوئے تھے۔

    مکہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے میدان عرفات میں جبل رحمت اور مکہ مکرمہ میں جبل ثور اور غار ثور کے راستوں پر واقع کچی دکانیں بھی ہٹا دی ہیں۔

    ان تمام مقامات پر صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ بھی کروایا گیا۔

    حکام نے ان تمام مقامات پر زائد المیعاد غذائی اشیا ضبط کر کے تلف کروائیں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی تیاری میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈر بھی ضبط کرلیے گئے۔ غیر قانونی طریقے سے یہاں قائم جھونپڑے بھی ہٹا دیے گئے۔

    خیال رہے کہ جبل نور مکہ مکرمہ میں واقع ہے، دنیا بھر سے حج، عمرے اور زیارت پر سعودی عرب آنے والے لاکھوں افراد جبل نور اور غار حرا کی زیارت کو بھی اپنے پروگرام میں شامل رکھتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں پرندوں کی مارکیٹس کیوں بند کردی گئیں؟

    سعودی عرب میں پرندوں کی مارکیٹس کیوں بند کردی گئیں؟

    ریاض: مکہ مکرمہ میں پرندوں کی خرید و فروخت کے بازار بند کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی، انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انفلوائنزا کا شکار پرندوں سے نجات حاصل کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق میئر مکہ انجنیئر محمد عبداللہ القویحص نے بلدیہ کے زیر انتظام پرندوں کی مارکیٹوں اور یومیہ بنیاد پر لگنے والے پرندوں کے بازار کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    میئر مکہ کی جانب سے ریجنل بلدیاتی اداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر مکہ میں پرندوں کی راویتی مارکیٹوں کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے۔

    میئر کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ احتیاط کے طور پر پرندوں کے جمع ہونے والے مقامات پر بھی جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔

    ہدایت میں کہا گیا کہ ایسے پرندے جن کے بارے میں شبہ ہو کہ وہ انفلوائنزا کا شکار ہیں ان سے نجات حاصل کی جائے، بلدیہ کی ٹیمیں جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں جبکہ تمام اقسام کے پرندوں کی خرید و فروخت کو عارضی طور پر روک دیا جائے۔

    میئر نے وزارت پانی و ماحولیات اور زراعت کے تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کر کے اس پر فوری عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ادھر فیملی میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر احمد عبدالملک نے پالتو جانوروں کے حوالے سے کہا ہے کہ گھریلو جانوروں سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، گھروں میں رہنے والے جانوروں سے کرونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ نہیں تاہم اس ضمن میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

    ان کے مطابق گھریلو جانوروں کو عام جانوروں کے ساتھ باہر نہ رکھا جائے تاکہ وہ کسی قسم کے جراثیم سے متاثر نہ ہوں، پالتو جانوروں سے کھیلنے اور ان کے کام کرنے کے بعد ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک جراثیم کش محلول سے دھویا جائے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 21 مریض سامنے آچکے ہیں۔

  • سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    سعودی عرب: گھر میں پانی کی ٹنکی سے لاش برآمد

    ریاض: مکہ مکرمہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹنکی سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایک مکان کی ٹنکی میں نامعلوم شخص کی لاش پائی گئی، واقعہ مسفلہ محلے کے ایک مکان میں ہوا۔

    ابتدائی جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ لاش کسی افریقی تارک وطن کی ہے،  مقامی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع مکان کے رہائشیوں نے دی ہے کہ انہیں گھر کی زیر زمین ٹنکی میں کسی نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شہری دفاع کی مدد سے لاش کو نکال لیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ تفتیشی کارروائی ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واقعہ میں کون ملوث ہے جبکہ لاش کی شناخت کرنا بھی باقی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مکہ مکرمہ میں ہی ایک کمپنی کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش پائی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ الشرائع محلے کے مخطط 5 میں پیش آیا تھا جہاں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مسجد بنا رکھی تھی۔

  • حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    ریاض: مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والا حصہ مطاف کھولنے کے لیے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، ایک روز قبل زائرین سے خالی مطاف کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزو مند ہے۔

    اس سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ شاہی ہدایت ہے کہ مطاف کو محدود پیمانے پر مرحلہ بہ مرحلہ کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

    خیال رہے کہ جمعرات کو نماز عشا کے بعد صفائی کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ ﷺ کی مسجد نبوی بند کردی گئی تھی، تاہم خانہ کعبہ میں پہلی منزل پر طواف جاری رہا۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کا مقصد مقدس مقامات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔

    بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھول دیا گیا تاہم غیر ملکیوں سمیت سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کا فیصلہ

    ریاض: سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ پورا کرتے ہوئے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور شروع کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے، ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرمایہ کار سامنے نہیں آیا۔

    ذرائع کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس کرنل فواز الحازمی نے لیڈیز ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے پراپرٹی سیکٹر میں کام کرنے والی ایک نجی کمپنی کے صدر دفتر کا دورہ اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مابین خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکول کے قیام اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے غور کیا گیا اور اس حوالے سے اہم پیشرفت بھی کی گئی۔

    متوقع ڈرائیونگ اسکول کے قیام کے حوالے سے تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا، توقع ہے منصوبے پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد مکہ مکرمہ میں مقیم خواتین کا مطالبہ ہے کہ انہیں ڈرائیونگ سکول کی اشد ضرورت ہے۔

    فی الوقت سب سے قریبی اسکول طائف اور جدہ میں ہے جہاں داخلہ لینا مشکل ہے، اگر داخلہ مل جائے تو روزانہ کلاسوسز میں شرکت کرنا اس سے زیادہ مشکل ہے۔

  • مکہ مکرمہ کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش برآمد

    مکہ مکرمہ کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن کی لاش برآمد

    ریاض: مکہ مکرمہ کی ایک مسجد میں ایک پاکستانی تارک وطن کی لاش پائی گئی، پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق الشرائع پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک کمپنی کی مسجد میں پاکستانی تارک وطن مردہ پایا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ الشرائع محلے کے مخطط 5 میں پیش آیا جہاں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کے لیے مسجد بنا رکھی ہے۔

    پولیس کے جائے وقوع پر پہنچنے سے پہلے ہلال احمر کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، طبی ٹیم نے ابتدائی معائنے کے بعد مذکورہ شخص کی موت کی تصدیق کردی جس کے بعد لاش کو کنگ فیصل اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد اس کے نتائج سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب جدہ میں بھی ایک اپارٹمنٹ سے ایک بھارتی تارک وطن کی لاش برآمد ہوئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تارک وطن کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے۔ کیس ممکنہ طور پر خودکشی کا لگتا ہے۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔