Tag: مکہ مکرمہ

  • مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    ریاض: مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، ایک بار 15 شعبان اور دوسری بار 15 محرم کو غسل دیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب ہوئی۔ تقریب میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ غسل کعبہ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نےخادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں انجام دیا۔

    غسل کعبہ کی رسم میں نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان، مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس، سعودی عرب میں متعین مسلم سفارتکار، ممتازعلما، وزرا اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں 2 مرتبہ ہوتی ہے۔ پہلی مرتبہ ماہ رمضان سے قبل اور دوسری مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز یعنی محرم میں خانہ کعبہ کو غسل دیا جاتا ہے۔

    غسل کعبہ کو حضور اکرم ﷺ کی سنت کے طور پر ہر سال دہرایا جاتا ہے، جب 8 ہجری میں فتح مکہ کے روز رسول اللہ نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا تاکہ ان سے بیت اللہ کی چابی لی جائے۔

    اس کے بعد اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت اللہ کو کھولا اور اس میں داخل ہو کر اندر موجود تمام بتوں کو توڑ ڈالا اور خانہ کعبہ کو آب زم زم سے دھویا۔ اس کے بعد 2 رکعت نماز پڑھی۔

    غسل کعبہ حضور اکرم ﷺ کی اسی سنت کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔

  • ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد حجاج واپس وطن پہنچ گئے، ترجمان وزارت مذہبی امور

    ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد حجاج واپس وطن پہنچ گئے، ترجمان وزارت مذہبی امور

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ ایک لاکھ 29 ہزار حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں جن میں سرکاری اسکیم سے 68 ہزار اور نجی اسکیم سے 61 ہزارحجاج وطن پہنچے۔

    ترجمان کے مطابق 56 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ گئے، عازمین 8 دن قیام کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

    وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے وطن واپسی کی پروازیں شروع ہوگئیں، سرکاری حج اسکیم کے 13ہزار حجاج مکہ مکرمہ جبکہ 42 ہزار مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    حج 2019 میں بدانتظامی، وفاقی وزیر کا شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہمیں 47 مکاتب دیئے گئے تھے ، دوران حج 4 سے 5 مکاتب کی شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کا اندراج کر لیا گیا ہے، شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کی جائے گی، منیٰ میں جو شکایات موصول ہوئیں ان کا فوری ازالہ کیا گیا۔

    نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ چند عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے مسائل کو سوشل میڈیا پر اچھالا، حج کو بدانتظامی کا شکار حج بنانے کی کوشش کی گئی، یکطرفہ، منفی سیاسی پروپیگنڈہ کیا گیا۔

  • مکہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ: خالص سونے، چاندی کے تاروں اور 670 کلو گرام ریشم سے تیار کردہ غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہوئی، غلاف کی تیاری میں 120 کلو خالص سونا، 100 کلو چاندی اور 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال ہوا۔

    غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریباََ 70 لاکھ سعودی ریال لاگت آئی، غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔

    غلاف کعبہ میں قرآن پاک کی آیات کو سونے، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کو مکہ مکرمہ کی دارالکسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا۔

    غلاف کعبہ ہرسال 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔

    اتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ ہرسال اس اہم اور روحانی منظر کے لیے بے چین رہنے والے کروڑوں مسلمان تبدیلی غلاف کعبہ کا منظر براہ راست ٹی وی اسکرین پر دیکھتے ہیں یہ مناظر دنیا بھر میں براہ راست دکھائے جاتے ہیں جو توحید کے پروانوں کے دلوں کی تسکین اور آنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث بنتے ہیں۔

  • وزیر اعظم مکہ مکرمہ میں  اوآئی سی کےسربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے،ترجمان

    وزیر اعظم مکہ مکرمہ میں اوآئی سی کےسربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے،ترجمان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان اکتیس مئی کومکہ مکرمہ میں اسلامی کانفرنس تنظیم کے چودہ ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، سربراہ اجلاس سے پہلے آج وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا وزیر اعظم عمران خان اسلامی کانفرنس تنظیم کے چودہ ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، سربراہ اجلاس اکتیس مئی کومکہ مکرمہ میں منعقد ہورہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا وزیر اعظم اوآئی سی سربراہ اجلاس میں اپنے خطاب میں اتحاد اور درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور امت مسلمہ کے مشترکہ مقاصد اور مسائل بشمول کشمیر اور فلسطین پر بھی بات کریں گے۔

    دوہزار انیس او آئی سی کے قیام کا پچاس واں سال ہے، او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کو دوسرا بڑا فورم ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان 30 مئی کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، ذرائع

    سربراہ اجلاس سے پہلے آج وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی )کی وزرائےخارجہ کونسل کا اجلاس آج سعودی عرب میں ہورہاہے ، اس اجلاس میں باہمی مشاورت سے اسلامی سربراہی کانفرنس کے مسودہ “مکہ اعلامیہ” کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچے تھے، سعودی وزارت خارجہ کے چیف آف پروٹوکول جمال ناصر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان کے سفیر علی اعجاز اور جدہ قونصل خانےکےقونصل جنرل شہریار اکبر موجود تھے۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ اوآئی سی سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کوحتمی شکل دی جائے گی، جلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا، ایران کی صورت حال اورخطے میں کشیدگی پربات چیت ہوگی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا جلاس کی سائیڈ لائنزپرکچھ وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، سعودی عرب میں کشمیررابطہ گروپ کا اجلاس بھی متوقع ہے، کشمیر رابطہ گروپ کے ارکان اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

  • مقام ابراہیم کی تزئین و آرائش جاری،  سنہری خول کا شیشہ تبدیل

    مقام ابراہیم کی تزئین و آرائش جاری، سنہری خول کا شیشہ تبدیل

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد الحرام میں مقام ابراہیم کی مرمت کا کام جاری ہے، مقام ابراہیم  میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل کیا جائےگا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مقام ابراہیم سمیت مکبریہ(مؤذن اور مکبر کی جگہ) کے علاوہ حجر اسماعیل کے پتھروں کی تبدیلی اور مرمت کا آغاز کردیا گیا۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اور مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مقام ابراہیم میں جاری کام کا جائزہ لیا، انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل مرمت کا کام مکمل ہونا چاہیے۔

    حرمین انتظامیہ نے کہا کہ مقام ابراہیم میں جاری مرمت میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل ہوگا۔ علاوہ ازیں نیا سنہری خول چڑھایا جائے گا۔

    مقام ابراہیم کی بنیاد میں سنگ مرمر کی تبدیلی کی جائے گی۔ دوسری طرف مکبریہ میں بھی شیشے کی تبدیلی کے علاوہ بنیادی آلات کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے۔

    اسلامی علمائے کرام کے مطابق مقام ابراہیم میں موجود پتھر پر کھڑے ہوکر حضرت ابراہیم نے کعبے کی دیواریں تعمیر کی تھیں اور اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قدموں کے نشانات آج بھی موجود ہیں جبکہ ان قدموں کے نشانات پر پیتل کا خول چڑھایا گیا ہے۔

    مختلف ادوار میں اس مقام کی تزئین و آرائش کا کام ہوتا رہا،اور اسے سیسے کی پلیٹوں سے بنی کرسی پر چسپاں کرایا، خلیفہ منتصر باللہ نے 241ھ میں سیسے کے بجائے چاندی کی پلیٹیں تیارکرائیں۔

    بعد ازں مقام ابراہیم کے لیے ایک کمرہ بنوایا گیا۔900ھ میں اسے از سرنوتعمیر کرایا گیا۔ عثمانی سلطان عبدالعزیز نے گنبد کو ڈیڑھ میٹر اونچا کرادیا پھر جب امیر سعود بن عبدالعزیز آل سعود نے حج کیا تو انہوں نے گنبد ختم کرادیا۔18

    رجب 1387ھ کو مقام ابراہیم کو اعلیٰ درجے شوکیس میں رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کی بدولت حرم شریف میں تقریباً پانچ مربع میٹر کا رقبہ خالی ہوگیا۔

  • سعودی عرب: عمرہ زائرین کو بس سروس فراہم کرنے کا فیصلہ

    سعودی عرب: عمرہ زائرین کو بس سروس فراہم کرنے کا فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ کی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت عمرہ زائرین کے لیے بس سروس کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے نئی بس سروس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، منصوبے پر 87 ملین ڈالر لاگت آئے گی اور اسے 18 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال کے آخر تک بسیں تیار ہوکر سعودی عرب پہنچ جائیں گی، 2020 کے اوائل میں بس سروس کا آغاز کردیا جائے گا اور 400 بسیں طلب کی جائیں گی۔

    شہزادہ خالد الفیصل کے مطابق 160 بسیں 60 نشستیں والی ہوں گی، بس سروس کی بدولت مقدس شہر میں عمرہ زائرین اور حجاج کرام کو سہولت میسر آسکے گی، بس سروس میں معذوروں کے لیے سہولتیں ہوں گی۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: عمرہ زائرین کو کسی بھی شہر میں جانے کی اجازت

    رپورٹ کے مطابق نئی بسیں یورو 4 ایندھن استعمال کریں گی، مکہ مکرمہ موسم سے ہم آہنگ جدید ترین ایئرکنڈیشن سسٹم سے آراستہ بسوں میں مسافروں کو سفر کے دوران آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو اپنے تیس روزہ ویزے کے دوران کسی بھی شہر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

  • مکہ مکرمہ: ایک سے زائد عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    مکہ مکرمہ: ایک سے زائد عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ایوان صنعت و تجارت میں حج و عمرہ قومی کمیٹی کے وسیع البنیاد اجلاس کے شرکاء نے ایک سے زائد بار عمرے کی فیس پر نظرثانی سمیت 19 ہنگامی مطالبات پیش کردئیے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایوان صنعت و تجارت میں 26 سفارشات پیش کی گئیں، شرکاء نے ایک سفارش یہ کی کہ وزارت حج و عمرہ قومی کمیٹی کے درمیان عملی شراکت کو موثر کیا جائے۔

    شرکاء نے وزارت حج و عمرہ سے مطالبہ کیا کہ ایک سے زائد بار عمرے کی فیس پر نظرثانی کی جائے، عمرہ فیس کی وجہ سے عمرہ کمپنیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

    ایک سفارش یہ پیش کی گئی کہ مارکیٹ کے موجودہ حالات کے پیش نظر اگر کوئی اجازت یافتہ کمپنی تین سال تک کام سے معذرت کرے تو اس کی معذرت قبول کی جائے۔

    وزارت حج و عمرہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب میں مختلف خدمات فراہم کرنے والوں پر یہ پابندی عائد کی جائے کہ وہ صرف سعودی کمپنیوں سے ہی لین دین کے پابند ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: عمرہ زائرین کو کسی بھی شہر میں جانے کی اجازت

    آن لائن کا دائرہ وسیع کرنے اور رابطہ منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے، بعض ممالک کو سرکاری ایجنٹوں کی شرط سے آزاد کرنے کے لیے بھی کہا گیا۔

    یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ عمرہ کمپنیوں کو مالی ضیاع سے بچانے کی تدابیر کا جائزہ لینے کے لیے وزارت حج و عمرہ اور نجی ادارے مشترکہ کمیٹی تشکیل دیں۔

    ایک مطالبہ یہ کیا گیا کہ بعض ممالک سے معتمرین کی عمر پر پابندی کا فیصلہ واپس لینے کے لیے غورو خوض کیا جائے، ایسے ممالک سفارت خانوں کو جہاں ان کے نمائندہ نہ ہوں معتمرین کی آمد میں سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

  • مسجد الحرام میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی

    مسجد الحرام میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی

    مکہ مکرمہ : مسجد الحرام کے شمال مغربی صحن میں دنیا کی سب سے بڑی چھتری چند روزمیں نصب کردی جائے گی، جس کے سائے میں ساڑھے تین ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسجدالحرام کے وسیع و عریض صحن میں دُنیا کی سب سے بڑی چھتری عنقریب نصب کر دی جائے گی، جس کے باعث صحن میں نماز ادا کرنے والے حاجیوں اور عمرہ زائرین کو شدید گرمی اور دھوپ سے بچایا جا سکے گا۔

    سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے مسجد الحرام میں جاری توسیع کے تیسرے مرحلہ میں لگائی جانے والی چھتری کے سائے میں ساڑھے تین ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔

    چھتری کا رقبہ 53×53میٹر اور وزن تقریبا 600 ٹن ہوگا جبکہ اونچائی 45 میٹر ہوگی۔

    صحن میں دی جانے والی دیگر سہولیات میں آب زمزم کی مستقل فراہمی ،وضوخانے،اطلاعاتی بورڈز،صوتی نظام اور سی سی ٹی وی کیمرے لگےہوں گے۔

    دُنیا کی سب سے بڑی چھتری جرمنی میں خصوصی طور پر تیار کی گئی ہیں، جس کو کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں، لاؤڈ سپیکر سسٹم، ہوا کو معطر رکھنے کے نظام سے بھی آراستہ کیا گیا ہے۔

    جس کمپنی نے اسے ڈیزائن کیا ہے، سعودی حکومت نے انہیں پابند کیا ہے کہ اس کا ڈیزائن صرف اور صرف خانہ کعبہ کیلئے ہی کریں گے۔

    واضح رہے کہ 2008 کے دوران سعودی حکومت نے مسجد حرام کے صحن کو ڈھانپنے کیلئے بہت ہی بڑی بڑی چھتریاں لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    سال 2014 میں اپنی وفات سے کچھ روز قبل سعودی فرماں روا شاہ عبداللہ نے مسجد الحرام میں عبادت گزاروں کی سہولت کے لیے خصوصی چھتریوں کی تنصیب کا فرمان جاری کیا تھا۔

    اس سے قبل مدینہ منورہ میں تقریباً 250 ایسی ہی چھتریاں نصب کی گئی تھیں۔

  • مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مسجد الحرام میں غسلِ کعبہ کی روح پَرور تقریب

    مکہ مکرمہ : کائنات کے مقدس ترین مقام بیت اللہ شریف میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز  نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسلِ کعبہ کی روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز شاہ سلمان نے خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

    خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب سمیت عطر سے غسل دیا گیا جب کہ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں سے صاف کیا گیا۔

    تقریب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سرابرہ شیخ عبدالرحمان السُدیس، مسلم ممالک کی سفارتی شخصیات کے علاوہ شاہی خاندان کے افراد اور مشائخ عظام بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے سے قبل گورنر خانہ کعبہ کا طواف کیا اور حجر اسود کو بوسہ دیا، اس کے بعد انہیں خانہ کعبہ کی چابی پیش کی گئی، خانہ کعبہ میں داخل ہوکر شہزادہ خالد الفیصل دورکعت نوافل ادا کی ۔

    خیال رہے خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، پہلی مرتبہ پندرہ شعبان اور دوسری مرتبہ وسط محرم میں غسل دیا جاتا ہے جبکہ نو ذوالحج کو خانہ کعبہ پر نیا غلاف چڑھایا جاتا ہے۔

    گذشتہ روز حج کے موقع پر خانہ کعبہ کے زیریں حصے سے اوپر اٹھائے گئے غلاف کعبہ کو نیچے تک لٹکا کر خانہ کعبہ کو مکمل طورپر ڈھانپ دیا گیا تھا۔

    یاد رہے 20 اگست کو حرم شریف میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب میں پُرانے غلاف کو اتارنے کے بعد خانہ کعبہ کو نئے غلاف سے آراستہ کیا گیا تھا۔

    غلاف کعبہ خالص ریشم سے تیار کیا گیا، جس میں 670 کلو ریشم استعمال ہوا ہے اور اس کی تیاری میں 20 لاکھ ریال لاگت آئی، نئے غلاف کو حرم میں لانے کے اہتمام میں کسوہ فیکٹری کے اہلکار پیش پیش تھے۔

    نئے غلافِ کعبہ کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100 چاندی استعمال ہوا تھا اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    مکہ مکرمہ : وزیر اعظم پاکستان عمران خان عمرے کے ادائیگی کے لیے پہنچے تو بیت اللہ خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھول دیا گیا، عمران خان وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں داخل ہوئے ، نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

    وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جب کہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے سعودی عرب پاکستان کی حکمرانی کو اس کا اندرونی معاملہ تصور کرتا ہے، پاکستانی عوام جسے حکمران منتخب کریں گے، اس کےساتھ تعاون کریں گے۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے عوام پرپورا یقین ہے، گزشتہ ادوارمیں جو کچھ سعودی عرب نے پیش کیا وہ انسانی محبت کی عکاسی ہے، عمران خان کا سعودی قیادت کے ساتھ تعلق باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پرگورنرشہزادہ فیصل بن لمنان نے استقبال کیا تھا، وفاقی وزراٗ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، مشیر عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، عمران خان ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوئے۔

    جدہ ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر مکہ اور دیگر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    خیال رہے عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔