Tag: مکہ

  • زائرین کو مکہ اور مدینہ میں نکاح پڑھانے کی سہولت مل گئی

    زائرین کو مکہ اور مدینہ میں نکاح پڑھانے کی سہولت مل گئی

    سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ و حج پر آنے والے زائرین کو خوشخبری سناتے ہوئے نئی سہولتیں متعارف کرانے کی ترغیب دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس و نمائش کے ایک مباحثے کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ بعض زائرین مکہ یا مدینہ میں نکاح پڑھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے انہیں یہ سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ نجی فوٹو گرافرکا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت مملکت کے کسی بھی علاقے کے لیے سیاحتی پروگرام منظم کیے جاسکتے ہیں۔

    زائرین کو سہولتوں کی فراہمی میں انفرادیت کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے تین ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منفرد خدمات کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبات اہمیت رکھتی ہیں۔ ’نسک اعمال‘ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

    نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔’سب سے اچھے منصوبے پر دس لاکھ ریال، دوسرے بہترین منصوبے پر پانچ لاکھ اور تیسرے منصوبے پر ڈھائی لاکھ ریال کا انعام ہوگا۔

    سعودی وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ ’سرمایہ کار مختلف حوالوں سے منفرد سہولتیں فراہم کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر رہائش سے حرم تک ویل چیئر کی سہولت دی جاسکتی ہیں، ٹورسٹ گائیڈز، طبی سہولتیں، موبائل فارمیسیاں، بچوں کی نرسریاں۔‘

    مسجد نبویؐ میں گزشتہ ہفتے لاکھوں زائرین نے حاضری دی

    سعودی وزیر نے کہا کہ ’عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سرمایہ کاروں کے لیے کافی کچھ کرنے کا ایک بڑا محرک ہے۔‘

  • مکہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر کا انکشاف

    مکہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر کا انکشاف

    سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں بڑے پیمانے پر سونے کے ذخائر موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، قیمتی دھاتوں کے ادارے ’معادن‘ کے مطابق بڑے پیمانے پر سونے کی موجودگی کے امکانات پائے گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قیمتی دھاتوں سے متعلق سعودی کمپنی ’معادن‘ نے اس حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ماہرین کی جانب سے مکہ ریجن کے 100 کلو میٹر کے علاقے میں قیمتی دھات سونے کی بڑی مقدار موجود ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

    جیالوجیکل سروے ٹیم کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں 100 کلو میٹر کے رقبے میں سونے کی بڑی مقدار کا سراغ ملا ہے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ماہرین اس حوالے سے سرگرم ہوگئے ہیں تاکہ اس حوالے سے یہ معلوم ہوسکے کہ کہاں کہاں سونے کے ذخائر موجود ہیں۔

    سعودی کمپنی ’معادن‘ کے مطابق گزشتہ برس 2022 میں معادن کی جانب سے قیمتی دھاتوں کی تلاش کا منصوبہ سامنے آیا تھا۔

    بارش کے دوران زائرین کا طواف، روح پرور مناظر کیمرے میں محفوظ

    منصوبے کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں میں سونا اور دیگر قیمتی دھاتوں کی تلاش کے لیے ماہرین کی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جن کے ذمہ مختلف میدانی اور پہاڑی علاقوں کا سروے کر کے یہ معلوم کرنا ہے کہ کن علاقوں میں قیمتی دھاتیں پائی جاتی ہیں۔

  • مکہ میں موسلا دھار بارش، عمرہ زائرین کے طواف جاری رکھنے کے روح پرور مناظر

    مکہ میں موسلا دھار بارش، عمرہ زائرین کے طواف جاری رکھنے کے روح پرور مناظر

    مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث عمرہ زائرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث عمرہ زائرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، بارش کے دوران عمرہ زائرین کے حرم کے صحن میں ایمان افروز مناظر دیکھنے میں آئے۔

    سعودی عرب کے دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں، بارش کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین اور نمازیوں کی سہولت کے لیے مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر پانی کی فوری نکاسی اور فرش خشک کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔

  • حج کیلئے مکہ پہنچنے والی خاتون کے یہاں بچے کی ولادت

    حج کیلئے مکہ پہنچنے والی خاتون کے یہاں بچے کی ولادت

    اس سال مناسک حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے والی نائجیرین خاتون کے یہاں مکہ مکرمہ میں بچے کو ولادت ہوئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر نے اپنی 7 ماہ کی حاملہ خاتون کو مکہ مکرمہ میں نیشنل حج کمیشن آف نائیجریا کے کلینک میں داخل کرایا گیا جہاں بچے کی پیدائش کے لیے نائیجیریا کی میڈیکل ٹیم نے اس کی مدد کی۔

    میڈیکل ٹیم کے سربراہ نے ڈاکٹر عثمان گلادیما نے حج آپریشن کوریج کرنے والی ٹیم کو بتایا کہ حاملہ عازمین نے اس مشورے کو نظر انداز کیا کہ حاملہ خواتین کو حج کے لیے نہیں آنا چاہیے۔

    میڈیکل ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ  مکہ میں ہم نے تین کلینکس قائم کیے ہیں اور ہم نے مزید حاجیوں کے آنے کے بعد سات کلینک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    حج 2023: مکہ مکرمہ جانے والوں کے لیے سعودی حکام کی ہدایت

    ڈاکٹر عثمان گلادیما نےت بتایا کہ ہمارے پاس ایسی خواتین کے کیسز بھی ہیں جن کا حمل بہت زیادہ ہے، ان میں سے ایک یہ سات ماہ کی حاملہ تھی جسے داخل کر کے بچے کی پیدائش کرنی پڑی۔

    انہوں نے بتایا کہ حاملہ خواتین کے مملکت میں آنے کے جسمانی تھکن کے ساتھ حمل سے متعلق پیچیدگیوں کا رجحان بڑھ جاتا اس لیے انہیں  یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ حاملہ خواتین کو حج کے لیے نہیں آنا چاہیے۔

     ڈاکٹر گلادیما نے کہا کہ لیکن ہم ایسا دیکھ رہے ہیں اس حج کے لیے آنے والی حاملہ خواتین کے تعداد بہت زیاردہ ہے۔

  • مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر: حرمین ٹرین کی استعداد میں اضافہ

    مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر: حرمین ٹرین کی استعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان چلائی جانے والی حرمین ایکسپریس ٹرین کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی ریلوے کمپنی سار نے حرمین ایکسپریس ٹرینوں کی یومیہ تعداد بڑھا کر 126 کردی ہے جن میں 1.5 ملین سے زیادہ نشستیں مہیا ہوں گی۔

    مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے روزانہ 126 ٹرینیں چلائی جائیں گی، اس سے عازمین حج کو بڑی سہولت ہوگی۔

    سعودی ریلوے کمپنی سار کے ڈپٹی ایگزیکٹو چیئرمین انجینیئر ریان الحربی نے کہا کہ اس سال حج سیزن کے دوران حرمین ایکسپریس ٹرین کی تمام آپریشنل اسکیمیں مکمل ہیں۔

    حرمین ایکسپریس ٹرینوں کو بس سروس سے منسلک کیا گیا ہے، مکہ مکرمہ میں حرمین ایکسپریس ٹرین اسٹیشن سے عازمین کو مسجد الحرام براہ راست پہنچانے کا انتظام ہے۔

    یاد رہے کہ رمضان کے دوران حرمین ایکسپریس سے 8 لاکھ سے زیادہ افراد نے سفر کیا، اوقات کی پابندی کا گراف 95 فیصد سے زیادہ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ حرمین ایکسپریس ٹرین دنیا کی دس تیز رفتار ٹرینوں میں سے ایک ہے۔

  • عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوش خبری

    عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوش خبری

    مکہ: زائرین کے لیے خوش خبری ہے کہ اب وہ حجر اسود کو بوسہ دے سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب خانہ کعبہ کے گرد عارضی حفاظتی رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا، یہ رکاوٹیں کرونا وبا سے حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر کھڑی کی گئی تھیں۔

    تقریباً ڈھائی سال بعد رکاوٹیں ہٹنے پر اب زائرین حجر اسود اور خانہ کعبہ کو ہاتھ لگا سکیں گے، اور بوسہ دے سکیں گے۔

    رکاوٹیں ہٹنے پر عمرہ زائرین والہانہ انداز میں بیت اللہ کی دیواروں اور حجر اسود کی طرف امڈتے چلے آئے، زائرین اب حطیم میں نوافل بھی ادا کر سکیں گے۔

    سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی نے خانہ کعبہ کے اطراف رکاوٹیں ہٹانے کی منظوری دی۔

  • عربی، فارسی اور اردو میں سفر نامۂ حج کی خوب صورت روایت

    عربی، فارسی اور اردو میں سفر نامۂ حج کی خوب صورت روایت

    جب کوئی مسلمان سرزمینِ حجاز کے سفر اور بیتُ اللہ کی زیارت (حج) کر کے واپس آتا ہے تو اہلِ‌ خانہ، اس کے قرابت دار اور دوست احباب سبھی اس بات کے شدید مشتاق رہتے ہیں کہ وہ انھیں اپنے اس سفر اور زیارتوں کا حال سنائے اور مکّہ و مدینہ کے حالات تصیل سے بتائے۔

    خاص طور پر لوگ حاجی سے چاہتے ہیں کہ وہ خانۂ کعبہ اور روضۂ رسولﷺ کا آنکھوں دیکھا حال انھیں سنائے۔ اسی طرح جب کوئی ایسا مسلمان حج سے لوٹتا ہے جو علمی و ادبی شوق رکھتا ہو یا قلم کار ہو تو وہ کوشش کرتا ہے کہ سفر نامہ لکھ کر نہ صرف بلاوے کے آرزو مندوں اور مشتاق مسلمانوں‌ تک اپنے جذبات پہنچائے بلکہ عازمینِ حج کی راہ نمائی بھی کرسکے۔

    اردو میں حج کے سفر کی روداد رقم کرنے کا آغاز تو انیسویں صدی کے وسط میں ہوا، لیکن عربی اور فارسی میں سفر نامۂ حج کی روایت پہلے سے موجود تھی جس سے اردو داں طبقہ بھی متاثر ہوا۔ عربی اور فارسی زبانوں میں سفر نامۂ حج کے بعد اردو میں‌ بھی اس کا رواج پڑا۔ یہاں‌ ہم عربی اور فارسی زبانوں‌ کے چند مشہور سفر ناموں کے ساتھ اردو کے سفر ناموں‌ کا تذکرہ کر رہے ہیں۔

    ’’سفر نامۂ حکیم ناصر خسرو‘‘ حج کا یہ سفر نامہ قدیم فارسی زبان میں تحریر کیا گیا تھا۔ حکیم ناصر خسرو نے 1047ء میں اپنا سفر شروع کیا تھا اور پانچ برس بعد وہ ایران، آذربائیجان، شام، مصر، عرب اور عراق سے ہوتے ہوئے لوٹے تھے۔ یہ فارسی کا قدیم ترین سفرنامۂ حج ہے جو آج سے تقریباً ہزار سال پہلے لکھا گیا تھا۔

    ’’رحلۃ ابنِ جبیر‘‘ جسے المعروف ابنِ جبیر اندلسی نے تحریر کیا تھا، عربی زبان میں حجِ بیتُ اللہ کی غرض سے کیے گئے سفر کی روداد ہے۔ ابنِ جبیر نے 1183ء میں یہ سفر شروع کیا اور 1185ء میں واپس ہوئے۔ اس سفر میں انھوں‌ نے حجاز کی سرزمین کے علاوہ مصر، عراق اور شام کی بھی سیّاحت بھی کی۔

    ابنِ‌ بطوطہ کے نام سے تو سبھی واقف ہیں۔ انھوں نے عربی زبان میں جو سفر نامہ تحریر کیا تھا، اس کا کئی زبانوں‌ میں‌ ترجمہ کیا گیا اور یہی ان کے حج اور زیارتوں‌ کے لیے کیے گئے سفر کی کہانی بھی بیان کرتا ہے۔ اس سفر نامۂ حج کے ساتھ مصنّف نے کئی ممالک کی سیر کی اور خاص طور پر مکّہ، مدینہ، خانۂ کعبہ اور مسجدِ نبوی سے متعلق اپنے مشاہدات اور معلومات کو اپنی کتاب میں‌ بیان کیا ہے۔

    حج کا ایک سفر نامہ ’’فیوض الحرمین‘‘ بھی ہے جس کے مصنّف شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ہیں۔ 1730ء میں انھوں‌ نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد عربی میں اپنا سفر نامہ رقم کیا تھا۔

    فارسی زبان کا ایک قدیم سفرنامۂ حج عبد الحق محدث دہلوی کا بہ عنوان ’’جذبُ القلوب الیٰ دیارِ المحبوب‘‘ ہے۔ مصنّف نے 1590ء میں‌ حج کیا تھا۔

    اردو زبان کے اپنے زمانے کے مشہور شاعر اور نثر نگار نواب محمد مصطفیٰ خان شیفتہ نے جو سفرنامۂ حج تحریر کیا تھا، وہ بہت مشہور ہوا۔ انھوں نے اپنا سفر 1839ء میں شروع کیا تھا اور حجاز سے دو سال چھے دن بعد وطن لوٹے تھے جہاں آکر اس سفرِ حج کی روداد کو تحریری شکل میں پیش کیا۔ ان کے سفرنامۂ حج کا نام ’’ برہِ آورد ‘‘ ہے جو فارسی زبان میں لکھا گیا تھا۔

    بعد کے ادوار میں‌ جب عربی و فارسی کی جگہ اردو فروغ پائی تو 1847ء میں یوسف خان کمبل پوش کا پہلا سفر نامہ ’’تاریخِ یوسفی‘‘ شائع ہوا۔ نواب سکندر بیگم نے ’’یادداشتِ تاریخ و قائع حج‘‘ کے عنوان سے 1864ء میں اپنا سفرنامۂ حج لکھا، لیکن یہ مخطوطات کی شکل میں‌ ہی رہے۔ حاجی منصب علی خان کے سفر نامۂ حج کو اردو کا پہلا سفر نامہ کہتے ہیں جس کا نام ’’ماہِ مغرب المعروف بہ کعبہ نما‘‘ تھا۔ یہ 1871ء میں میرٹھ سے شائع ہواتھا۔

    اسی ابتدائی دور کا ایک سفر نامۂ حج تجمل حسین کا ’’سراج الحرمین‘‘ ہے۔ اس کے بعد ’’سفر نامۂ حرمین‘‘ جو حاجی محمد زردار خان کا تحریر کردہ ہے شایع ہوا۔ اسے 1873ء میں طبع کیا گیا تھا۔ انیسویں صدی میں برصغیر کی تقسیم سے پہلے اور بعد میں اردو زبان میں کئی سفرنامے سامنے آئے جو مستند اور جیّد علما اور روحانی ہستیوں کے علاوہ علمی و ادبی شخصیات کے تحریر کردہ تھے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

    بیسویں صدی کے آغاز میں نواب احمد حسین خان نے ’’سفر نامۂ حجاز و مصر‘‘ تحریر کیا جو 1904ء میں شائع ہوا۔ ’’الفوزُ العظیم‘‘ کے نام سے مولانا حبیب الرحمٰن شیروانی کا تحریر کردہ سفر نامۂ حج 1967ء میں‌ شائع ہوا۔ اسی طرح مصنّف و ادیب مولانا عبد الماجد دریا بادی، مشہور محقق و مؤرخ مولانا غلام رسول مہر، مشہور عالمِ دین مولانا سید ابوالحسن ندوی، مشہور شاعر ماہرُ القادری، مشہور عالمِ دین اور مایہ ناز ادیب مولانا ابو الاعلیٰ مودودی، معروف فکشن نگار ممتاز مفتی، معروف ادیب مختار مسعود اور دیگر نے بھی سرزمینِ‌ حجاز کے سفر اور حج و زیارتوں سے متعلق ذاتی کیفیات اور قلبی تاثرات کو مختلف پیرائے اور اسلوب میں پیش کیا ہے۔

    (صلاح الدّین خان کے تحقیقی مضمون سے ماخوذ)

  • مسجد الحرام میں مزید روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں

    مسجد الحرام میں مزید روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں

    مکہ: مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کے لیے مزید 10 روبوٹس کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں مزید دس روبوٹ فراہم کیے ہیں، یہ روبوٹس خود کار پروگرام کے تحت مسجد کے مختلف حصوں کو سینیٹائز کر رہے ہیں۔

    مسجد الحرام میں وباؤں کے انسداد اور ماحولیاتی تحفظ ادارے کے ڈائریکٹر حسن السویھری نے بتایا کہ روبوٹ سے زائرین کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوگا، ان کی کارکردگی اور معیار بہترین ہے۔

    یہ روبوٹ بیٹری سے چارج ہوتے ہیں، ایک روبوٹ انسانی مداخلت کے بغیر 5 سے 8 گھنٹے تک ڈیوٹی انجام دیتا ہے، اور ان سے کام لینا بھی آسان ہے، ہر روبوٹ میں 23.8 لیٹر سینیٹائزنگ مواد موجود ہوتا ہے، یہ فی گھنٹہ 2 لیٹر استعمال کر کے 600 مربع میٹر کے دائرے میں بیکٹیریا کا خاتمہ کر دیتے ہیں۔

    ان روبوٹس میں کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اور یہ 192.64 ڈگری تک سامنے کے زاویے کی نشان دہی کر کے اس پر کام کرتے ہیں، یہ اسمارٹ روبوٹس یورپ سے (سی ای) اسٹینڈرڈ کے حامل ہیں۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ ان روبوٹس کا بنیادی مقصد عمرہ زائرین اور نمازیوں کو کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنا اور وباؤں کا خاتمہ ہے۔

  • مکہ میں سعودی گلوکارہ کو گرفتار کرنے کا حکم

    مکہ میں سعودی گلوکارہ کو گرفتار کرنے کا حکم

    مکۃ المکرمہ کے گورنر نے مقدس شہر میں غیر مہذب میوزک ویڈیو ریلیز کرنے والی خاتون گلوکارہ کو گرفتار کرنے کا حکم دےد یا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے خاتون کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانے "بنت مکہ یا گرل فرام مکہ” کو مقدس شہر کے رسم و رواج اور معاشرتی روایت کے برخلاف اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔

    چند روز قبل یوٹیوب پر ایاسل سلے نامی سعودی خاتون نے مکہ میں تیار کیا گیا ایک ویڈیو سانگ اپنے چینل پر اپ لوڈ کیا تھا جس میں مقدس شہر کی خواتین کی تعریفیں کی گئی تھیں جب کی کیفے میں فلمائی گئی ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں مسکراتے ہوئے بچوں کے ساتھ ساتھ رقص بھی نظر آرہا تھا۔

    ویڈیو وائرل ہونے پر حکام نے نوٹس لیا اور یوٹیوب سے گانے کو ڈیلیٹ کردیا گیا جب کہ گلوکارہ کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے پروڈکشن ٹیم کو بھی شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    مکہ کے پرنس خالد بن فیصل نے گانے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیت مقدس شہر کی رسم و رواج کو مجروح کرنے کے ساتھ ساتھ معزز آبادی کی شناخت اور روایات سے متصادم ہے۔

  • مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

    ریاض: سعودی محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ کے محکمہ شہری دفاع نے متعدد ضلعوں میں بارش کے بعد سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج پیر سے بدھ تک متعدد کمشنریوں میں بارش کی توقع ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ، طائف، الکامل، اضم، میسان، اللیث، القنفذہ، المویہ اور الخرمہ کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پر خطر مقامات سے دور رہیں۔

    محکمہ شہری دفاع کے مطابق موسمی نقشوں کا مطالعہ کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے تاہم اس کے باعث سیلابی ریلوں کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

    شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ بارش کے وقت وادیوں، ڈھلانوں، نشیبی علاقوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہیں، سیلابی ریلوں سے بچنے کے لیے سلامتی کے ضوابط اور موصول ہونے والی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔