Tag: مکہ

  • مکہ سے مدینہ سفر کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    مکہ سے مدینہ سفر کرنے والوں کے لیے سعودی حکومت کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران مکہ اور مدینہ کے درمیان روازنی 16 ٹرینیں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین اسپیڈ ٹرین سروس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے دوران مکہ اور مدینہ کے درمیان روازنہ 16 ٹرینیں چلیں گی۔

    حرمین اسپیڈ ٹرین سروس کی جانب سے اس سروس کا آغاز3 جنوری 2020 سے ہوگا جو 19 جنوری تک جاری رہے گی۔ ٹرین سروس صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک ہوگی۔

    ٹرین سروس کنگ عبدالعزیز انٹرنیشل ایئرپورٹ جدہ ریلوے اسٹیشن اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے ریلوے اسٹیشن سے مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر جاری رکھے گی۔

    حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین سروس الیکٹرک انجن کے ذریعے 300 کلو میٹر فی گھنٹی کی رفتار تک چلتی ہے۔

    اس سے قبل رواں سال 29 ستمبر کو جدہ سٹی کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سلیمانیہ میں حادثاتی طور پر آگ لگنے کے باعث ٹرین سروس کو معطل کر دیا گیا تھا، ڈھائی ماہ کے وقفے کے بعد 11 دسمبر 2019 سے ٹرین سروس دوبارہ شروع کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ 26 ستمبر 2018 کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ سے مدینہ کے درمیان تیز ٹرین سروس کا افتتاح کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ 35 ٹرینوں پر مشتمل حرمین ایکسپریس میں سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کریں گے۔

  • 46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں، ترجمان وزارت مذہبی امور

    46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں، ترجمان وزارت مذہبی امور

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ 46 ہزار سے زائد حجاج وطن واپس پہنچ چکے ہیں جن میں سرکاری اسکیم سے 27 ہزار اور نجی اسکیم سے 19 ہزارحجاج وطن پہنچے۔

    ترجمان کے مطابق 22 ہزار سے زائد حجاج مدینہ منورہ پہنچ گئے، عازمین 8 دن قیام کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

    وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ مدینہ منورہ ایئرپورٹ سے وطن واپسی کی پروازیں شروع ہوگئیں، سرکاری حج اسکیم کے 74 ہزار حجاج مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ملک بھر کے 10 ایئر پورٹس سے حج فلائٹ آپریشن 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    حج 2019 میں بدانتظامی، وفاقی وزیر کا شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ہمیں 47 مکاتب دیئے گئے تھے ، دوران حج 4 سے 5 مکاتب کی شکایات موصول ہوئیں ہیں جن کا اندراج کر لیا گیا ہے، شکایات والے مکاتب کے خلاف کارروائی کی جائے گی، منیٰ میں جو شکایات موصول ہوئیں ان کا فوری ازالہ کیا گیا۔

    نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ چند عناصر نے سیاسی مقاصد کے لیے مسائل کو سوشل میڈیا پر اچھالا، حج کو بدانتظامی کا شکار حج بنانے کی کوشش کی گئی، یکطرفہ، منفی سیاسی پروپیگنڈہ کیا گیا۔

  • سعودی عرب میں ہوا صاف کرنے کے میگا منصوبے کا افتتاح

    سعودی عرب میں ہوا صاف کرنے کے میگا منصوبے کا افتتاح

    ریاض: سعودی عرب میں ہوا صاف کرنے کا ایک بڑا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مکہ مکرمہ کی مختلف مساجد کو صاف اور ٹھنڈی ہوا کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ معظمہ میں ہوا صاف کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر اور مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کیا۔

    اس موقع پر سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ عبداللطیف آل الشیخ اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس منصوبے کے ذریعے مسجد نمرہ اور مشاعر مقدسہ میں الخیف مسجد کو تازہ اور صاف ہوا فراہم کی جاسکے گی۔

    مکہ معظمہ میں ہوا کو صاف کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت مسجد نمرہ اور مسجد الخیف کو تازہ ہوا فراہم کی جاسکے گی۔ ایک منٹ میں ان دونوں مساجد کو ایک منٹ میں 10 لاکھ ساڑھے تین مکعب فٹ تاز فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ مسجد نمرہ میں ایئرکنڈیشن کے 60 یونٹ لگائے جائیں گے جو سو فیصد تازہ اور صاف ہوا فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ 122 ایگزاسٹ فین لگائے جائیں گے جو گرم اور آلودہ ہوا کو خارج کریں گے۔ یہ ایگزاسٹ فین ایک گھنٹے میں دو بار چلائے جائیں گے۔

    مسجد خیف میں 13 ایئرکنڈیشن یونٹ لگائے جائیں گے جبکہ گرم اور آلودہ ہوا کو نکالنے کے لیے 30 ایگزاسٹ فین لگائے جائیں گے۔

  • حرمین ٹرین عازمین حج کے پہلے قافلے کے ساتھ مدینہ سے مکہ پہنچ گئی

    حرمین ٹرین عازمین حج کے پہلے قافلے کے ساتھ مدینہ سے مکہ پہنچ گئی

    ریاض:سعودی عرب میں عازمین حج وعمرہ کے لیے تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی نئی سروس ‘حرمین ٹرین’ نے اپنی باقاعدہ حج سروس کا آغاز کر دیا ہے،حرمین ٹرین نے مختلف ممالک کے 170 مردو خواتین عازمین حج کو مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عازمین حج نے جدید ترین ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز حکومت کا شکریہ ادا کیا، حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ معظمہ پہنچنے والے اللہ کے مہمانوں کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔

    پاکستان سے آئے عازم حج مروان نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے حجاج کرام کی ٹرانسپورٹ کے لیے جو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں، ہرمسلمان ان سہولیات کی تحسین اور تعریف کرتا ہے۔

    حج کے لیے برطانیہ سے آئے مختار احمد نے بھی حرمین ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ کا سفر کیا،انہوں نے کہا کہ حرمین تیز رفتار ٹرین عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں سفر کا بہترین تحفہ ہے۔

    سعودی عرب کی حکومت نہ صرف حج بلکہ ماہ صیام میں عمرہ سیزن میں بھی زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

    بھارتی مسلمان برھان سلیم نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے عازمین حج کے لیے فراہم کردہ تمام سہولیات غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہیں، انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے مسلمانوں کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ سعودی حکومت کے حج انتظامات سے خادم الحرمین کی اللہ کے مہمانوں کی دینی خدمت کے جذبے کی عکاسی ہوتی ہے۔

    لندن سے آئی امیمہ فاروق نے کہا کہ بلاد حرمین پہنچنے پر میں اپنے خوشی بیان نہیں کرسکتی، ہمارے لیے فرئضہ حج کی ادائی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بہت بڑی سعادت ہے۔

    ان کا کہناتھا کہ میں سعودی حکومت کی طرف سے بہترین سفری اور ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی پرحکومت کی شکر گذار ہوں۔

  • مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    ریاض : سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایات کی روشنی میں اس مرتبہ جدہ کے شاہ عبدالعزیزایئرپورٹ پر اترنے والے عازمین حج میں سم کارڈز تقسیم کیے جارہے ہیں اور انھیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے بتایاکہ امسال حجاج کرام کی خدمت کے پروگرام کے تحت ان میں دس لاکھ سمیں تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے آبائی ممالک میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہیں اور انھیں اپنے روحانی تجربات اور حجاز مقدس میں اپنی مصروفیات سے آگاہ کرسکیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حج سیزن کے دوران میں فیلڈ ٹیمیں پورے چوبیس گھنٹے کام کریں گی اور وہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین میں موبائل فون کی سمیں تقسیم کریں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور دوسرے ممالک سے مکہ مکرمہ سے پہلے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے والے عازمینِ حج کو سعودی حکومت کے اس پروگرام کے تحت تو سمیں مہیا نہیں کی جارہی ہیں،البتہ وہ سعودی موبائل فون کمپنیوں کے ہوٹلوں کے باہر جگہ جگہ بنے بوتھ سے یہ سمیں مفت حاصل کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیمیں ہوٹلوں کے چکر بھی لگاتی رہتی ہیں اور وہ معمول کی تصدیق کے بعد حجاج کرام کو سم کارڈ جاری کردیتی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ چار سعودی موبائل فون کمپنیوں موبائلی ، زین ، لیبارا اور ایس ٹی سی کے نوجوان کارندے الحرم النبوی الشریف کی جانے والی شاہراہوں پر جگہ جگہ موجود نظر آتے ہیں اور وہ پاسپورٹ نمبر کی بنیاد پرعازمینِ حج کو انگلیوں کے نشان لے کر سمیں جاری کردیتے ہیں۔

  • ایران خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی آبیاری کرتا ہے، شاہ سلمان

    ایران خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی آبیاری کرتا ہے، شاہ سلمان

    مکہ : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پامالی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق مکہ معظمہ میں شروع ہونے والے عرب سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی آبیاری کرتا ہے، ایران کا سامنا کرنے کے لیے عالمی برادری سعودی عرب کی مدد کرے۔

    شاہ سلمان نے کہا کہ ایران دہشت گردوں کو مالی معاونت کے ساتھ اسلحہ بھی فراہم کررہا ہے جس سے تجارتی جہاز رانی اور تیل کی عالمی سپلائی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، تہران کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔

    سعودی فرمانروا نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور سلامتی قائم رکھنے کا خواہش مند ہے، ہم جنگ کی ہولناکیوں سے بچنا چاہتے ہیں، امن کے لیے سعودی عرب ہمیشہ پیش قدمی کرتا رہے گا، حالیہ واقعات ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ خلیج تعاون کونسل کی کامیابیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

    اجلاس کے اعلامیے میں عرب رہنماؤں نے متفقہ طور پر ایران کے شام اور بحرین میں منفی کردار کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کے تین جزیروں پر ناجائز قابض ہونے پر ایران کو باز رہنے کی تنبیہ کی گئی۔

    عرب سربراہ اجلاس سے تیونس کے صدر الباجی قاید السیسی نے سعودی عرب کی طرف سے اجلاس بلانے کا خیرمقدم کیا اور کہا سعودیہ نے تمام عرب اقوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے عرب لیگ کا اجلاس منعقد کیا، انہوں نے شاہ سلمان کا عرب سربراہ اجلاس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی

    وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی

    مکہ: وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی اور وفاقی وزرا کے ہمراہ عمرہ ادا کیا اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی اور وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ اس سے قبل عمران خان نے روضہ رسول پر حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔

    وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے بھی عمرہ ادا کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کی مسجد نبوی آمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم او آئی سی کانفرنس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے۔ عمران خان نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل بھی ادا کیے۔

    عمران خان کی مسجد نبوی آمد کے موقع پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد ان کے ارد گرد جمع ہوگئی، وزیراعظم نے مسجد نبوی کے احترام میں پاکستانیوں کو نعرے لگانے سے روک دیا۔

    وزیراعظم عمران خان آج او آئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے ، جس میں مسلم امہ میں اتحاد اور یکجہتی پر زور دیں گے جبکہ مسلم دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سےآگاہ کریں گے۔

  • سعودی عرب نے مکہ کی طرف داغے گئے حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو مار گرایا

    سعودی عرب نے مکہ کی طرف داغے گئے حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو مار گرایا

    ریاض: سعودی عرب کی ایئرڈیفنس فورسز نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے طائف کی فضاؤں میں دو بیلسٹک میزائل مار گرائے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ طائف کے علاقے میں دو میزائلوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک میزائل کا رخ مکہ اور دوسرے کا رخ جدہ کی جانب تھا۔

    حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

    حوثی باغیوں کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے سعودی دعوے کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکہ کی جانب کوئی میزائل فائر نہیں کیا گیا سعودی حکومت عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جھوٹا دعویٰ کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر 7 ڈرون حملے کیے، حوثی باغیوں کا دعویٰ

    عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

    عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوششش کی، اس مقام کو سعودی شہری اور غیرملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔

    کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سخت جواب دیا جائے گا اور مشترکہ فورسز کی کمان تمام تر جوابی اقدامات کرے گی۔

  • سعودی عرب میں 37 دہشت گردوں‌ کے سر قلم کردئیے گئے

    سعودی عرب میں 37 دہشت گردوں‌ کے سر قلم کردئیے گئے

    ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 37 دہشت گردوں کے سر قلم کردئیے گئے۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ کرنے والے 37 افراد کے سر قلم کردئیے گئے، سعودی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ تمام افراد سعودی شہری ہیں۔

    سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے چھ شہروں ریاض، مکہ، مدینہ، الشرقیا اور القاسم عصر میں سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔

    ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب: دہشت گردی کے الزام میں 13 مشتبہ افراد گرفتار

    واضح رہے کہ سعودی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز دہشت گردی کے الزام میں 13 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ہونے والے ملزمان بھی مقامی شہری تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی سیکیورٹی فورسز نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

    بین الاقوامی طور پر دہشت گرد قرار دی جانے والی عسکری تنظیم داعش نے گزشتہ روز سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

    حملے کے بعد داعش سے تعلق رکھنے والی نیوز ایجنسی عماق نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں حملہ آوروں کو شہید قرار دیا گیا تھا۔

  • صدرِمملکت عارف علوی کی غلاف کعبہ تیار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    صدرِمملکت عارف علوی کی غلاف کعبہ تیار کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    مکہ المکرمہ: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے امورِ مملکت نبٹانے کے ساتھ ساتھ غلافِ کعبہ کی تیاری میں بھی حصہ لیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی کی ویڈیو اس وقت انٹرنیٹ پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ مکے کی الجود فیکٹری میں، جہاں غلاف کعبہ کی تیاری کا عمل سارا سال جاری رہتا ہے، کاریگروں کے ساتھ بیٹھ کر سونے کے تاروں سے غلاف ِ کعبہ پر نقش کاری کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ غلافِ کعبہ پر سونے کے تاروں سے انتہائی عمدگی کے ساتھ قرآنی آیات کڑھی جاتی ہیں اور اس کے لیے الجود نامی قوم کے افراد طویل عرصے سے یہ خدمت انجام دے رہے ہیں، اس غلاف کو کسوہ کہا جاتا ہے۔

    اس کام کے لیے بے پناہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور صدر مملکت عارف علوی یہ خد مت علامتی طور پر انجام دے رہے ہیں کہ ان کا شمار بھی ان افراد میں ہوجائے جنہوں نے اس متبرک غلاف کی تیاری میں حصہ لیا۔

    غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 40 فٹ تک ہوتی ہے جب کہ اس تیاری پر ایک محتاط تخمینے کے مطابق 60 لاکھ ڈالر تک کی لاگت آتی ہے۔

    غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے 30 سال قبل  نئی اور جدید مشینیں لگائی گئی  تھیں جس سے غلاف کعبہ میں مزید نفاست اور خوبصورتی کا اضافہ ہوا ہے۔