Tag: مگرمچھ

  • نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    سکھر (10 اگست 2025): نارا کینال صالح پٹ کی حدود میں خاتون پر مگرمچھ کے حملے کے واقعے کے بعد وائلڈ لائف ڈویژن کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔

    سندھ وائلڈ لائف نے بتایا کہ صالح پٹ میں مگرمچھ کے حملے میں متاثرہ خاندان سے بات کرنے جب ٹیم سکھر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ گئی تو معلوم ہوا کہ فیملی اسپتال عملے کو اطلاع دیے بغیر وہاں سے جا چکی تھی، اب ٹیم شواہد جمع کرے گی اور نہر کے مخصوص حصے کی اسکریننگ کرے گی، متاثرہ خاندان سے ملاقات اور میڈیکل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق نارا کینال کے کناروں پر جھگیاں اور غیر قانونی مکانات قائم ہیں، ماضی میں کینال میں بچی پر حملے کی خبر غلط ثابت ہوئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا میں مگرمچھوں کی 18 اقسام موجود ہیں، اور ان میں سے 6 ایشیا میں پائی جاتی ہیں، سندھ کا مقامی مگرمچھ مارش کروکوڈائل کہلاتا ہے، یہ دریائے نیل کے مگرمچھ سے مختلف برتاؤ رکھتا ہے، سائز میں چھوٹا اور مزاجاً کم جارحانہ ہوتا ہے۔


    سکھر میں شوہر نے بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے نکال لیا


    حکام کا کہنا ہے کہ دریائے نیل اور کھارے پانی کے مگرمچھ جارحانہ برتاؤ رکھتے ہیں لیکن مارش کروکوڈائل پورے جانور کو گھسیٹنے جیسا رویہ نہیں رکھتا، یہ مردہ جانور کا گوشت کھانے کو ترجیح دیتا ہے۔

    وائلد لائف حکام کے مطابق مارش کروکوڈائل اپنے علاقے میں دراندازی پر ہی اشتعال میں آتا ہے، اگر اسے خوراک نہ ملے تو کئی مہینے بھوکا رہ سکتا ہے، یہ تیز بہاؤ سے بچنے کے لیے آہستہ پانی والے علاقوں میں رہتا ہے، اور دن کا بڑا حصہ خشکی پر یا اپنے بل میں گزارتا ہے۔

  • مگرمچھ نے کسان کو سالم نگل لیا

    مگرمچھ نے کسان کو سالم نگل لیا

    خونخوار مگرمچھ نے کام میں مصروف کسان پر حملہ کر کے ہلاک کر دیا اور اسے سالم نگل لیا گاؤں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    یہ خوفناک واقعہ بھارت کے ضلع نارائن پیٹ کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں کام میں مصروف ایک کسان پر مگرمچھ نے حملہ کیا اور مارنے کے بعد اس کو سالم نگل لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 55 سالہ گنکا تھمپا نامی کسان اپنے ساتھی کے ہمراہ دریا کے کنارے پانی کھینچنے کے لیے بجلی موٹر سے جڑی پائپ لائن کا والو چیک کر رہا تھا کہ اچانک عقب میں پانی سے ایک بڑے مگرمچھ نے نکل کر اس پر حملہ کر دیا۔

    اس موقع پر اس کا ساتھی کسان کو بچانے میں ناکام رہا تو فوری طور پر گاؤں پہنچا اور گنکا کے اہلخانہ اور دیہاتیوں کو اطلاع دی جو فوری طور پر وہاں پہنچے اور گنکا کی تلاش شروع کر دی۔

    کافی تلاش کے بعد انہیں کسان کی لاش مگرمچھ کے منہ میں نظر آئی اور وہ آدھی سے زیادہ لاش کو نگل چکا تھا۔ دیہاتیوں نے شور مچایا تو مگرمچھ لاش کو لے کر گہرے پانی میں چلا گیا۔

  • کچن میں مگرمچھ گھس آیا، پھر کیا ہوا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو دیکھیں

    کچن میں مگرمچھ گھس آیا، پھر کیا ہوا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو دیکھیں

    مگرمچھ ایسا جانور ہے جس کا نام سن کر ہی لوگوں پر کپکپی طاری ہونے لگتی ہے اگر وہ ایک گھر کے کچن میں گھس آئے تو کیا حال ہو؟

    مگرمچھ کا شمار ان جانداروں میں ہوتا ہے جو خشکی اور تری دونوں جگہوں پر رہتے ہیں۔ اپنی شکار کی فطرت کے باعث ہر انسان اس سے خوف کھاتا ہے۔

    آج سے قبل آپ نے سڑکوں، گلیوں یا نالوں میں مگرمچھ نکلتے دیکھیں ہوں گے۔ مگر ایک مگرمچھ گھر کے کچن میں داخل ہوگیا جس سے اہل خانہ میں خوف پھیل گیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے فورٹ مائرز کا ہے جہاں طویل قامت مگرمچھ گھر کے کچن میں گھس گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پال کوئن نامی ایک شخص نے اپنے گھر کا دروازہ تازہ ہوا کے لیے کھلا چھوڑا اور خود اپنی ای میل چیک کرنے میں مصروف ہوگیا۔

    اسی اثنا میں اس نے گھر میں کچن کی طرف کچھ مشکوک آوازیں سنائی دیں جب نوجوان نے وہاں جاکر دیکھا تو حیران ہونے کے ساتھ خوفزدہ ہوگیا کہ اس کے کچن میں 8 فٹ طویل ایک مگر مچھ موجود تھا۔

    یہ مگرمچھ گھر کا کھلا دروازہ دیکھ کر مٹر گشت کرتا ہوا گھر میں داخل ہوا تھا۔

    پال کوئن نے فوری طور 911 پر کال کی اور اس طویل مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن ٹریپر کو مدد کے لیے طلب کیا۔

    عملے نے آکر طویل جستجو کے بعد مگرمچھ کو قابو کیا اور کیچ پول کی مدد سے گھر سے باہر گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔ اس دوران مگرمچھ کو خود کو چھڑانے کے لیے سخت جدوجہد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

     

  • دو خوفناک مگرمچھ  ٹرالر سے گر کر سڑک پر آگئے، پھر کیا ہوا؟

    دو خوفناک مگرمچھ ٹرالر سے گر کر سڑک پر آگئے، پھر کیا ہوا؟

    بھارت میں خطرناک جانوروں کی منتقلی کے دوران دو مگر مچھ ٹرالر سے باہر نکل کر گر پڑے، گاڑی میں نایاب سفید شیر سمیت دیگر جانور بھی موجود تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بہار سے بنگلور جانے والی مختلف اقسام کے جنگلی جانوروں کو منتقل کرنے کے دوران ٹرالر کو حادثہ پیش آیا۔

    حادثہ تلنگانہ کے ضلع نرمل میں جانوروں کو منتقل کرنے والی گاڑی کو پیش آیا جس کے نتیجہ میں دو مگرمچھ ٹرالر سے باہر نکل پڑے۔

    بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے گاندھی نیشنل زو پارک سے مختلف اقسام کے جنگلی جانوروں کو دو بڑی گاڑیوں میں بنگلور کے نیشنل زو پارک منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ایک گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔

      مگرمچھ

    مذکورہ حادثے میں الٹنے والی گاڑی جس میں 8 خوفناک مگر مچھ موجود تھے اس میں سے دو مگرمچھ میں سے دو باہر نکل آئے، اور سڑک پر گر پڑے۔

    خوفناک مگر مچھوں کو دیکھ کر علاقہ مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تاہم محکمہ جنگلات کے مقامی حکام نے فوری حفاظتی اقدامات کرکے انہیں قابو کرلیا۔

    تمام جانوروں کو دوسری گاڑی میں بحفاظت منتقل کرکے بنگلورروانہ کیا گیا، گاڑی میں موجود تمام دیگر جانور محفوظ رہے، ان میں مگرمچھ اور نایاب سفید شیر بھی شامل تھے۔

  • مالک نے اپنے 125 مگرمچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا

    مالک نے اپنے 125 مگرمچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا

    تھائی لینڈ میں مگرمچھوں کی افزائش کرنے والے ایک فارم کے مالک نے اپنے 125 مگر مچھوں کو کرنٹ لگا کر مار ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی تھائی لینڈ کے صوبہ لامفون میں مگرمچھ کے پالنے والے نتھپاک خمکد نے بتایا کہ موسلاد ھار بارش سے فارم کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ مگر مچھ باہر پانی میں نکل سکتے تھے۔

     فارم کے مالک نے کہا کہ ہمیں ڈر تھا کہ سیلاب کے دوران یہ مگر مچھ فرار ہوسکتے ہیں اور ان کی وجہ سے آبادی کو خطرہ ہوسکتا ہے، اس لئے لوگوں  کو بچانے کے لئے یہ اقدام کیا گیا۔

    فارم کے مالک نے کہا کہ بدقسمتی سے ان رینگنے والے جانوروں میں سے 125 کو مارنا پڑا جن کو میں 17 سال سے پال رہا تھا، سیامی نسل کے نایاب مگرمچھوں کو بجلی کے کرنٹ سے مارا گیا۔

    مالک کا کہنا ہے کہ مگر مچھ پانی سے بھاگنے کے بعد میں گاؤں والوں اور مویشیوں پر حملہ کر سکتے تھے، مالک نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں جانوروں کی باقیات کو دیوار سے نکالا جا رہا ہے۔

    سیامی مگرمچھ کی لمبائی تین میٹر کمبی ہوتی ہے، یہ جنوب مشرقی ایشیا میں انتہائی خطرے سے دوچار نسل ہے، لیکن اس کی جلد سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسے تھائی لینڈ کے فارموں میں اب بھی پالا جاتا ہے۔

     فارم کے مالک نے بتایا کہ اس نے حکام سے رابطہ کیا تھا کہ مگرمچھوں کو عارضی پناہ گاہ میں رکھیں لیکن اس کو اجازت نہیں ملی۔

  • ویڈیو: دیوہیکل مگرمچھ نے معمر خاتون پر حملہ کر دیا

    ویڈیو: دیوہیکل مگرمچھ نے معمر خاتون پر حملہ کر دیا

    فلوریڈا: امریکا میں ایک معمر خاتون پر دیوہیکل مگرمچھ نے حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے نارتھ فورٹ مائرز کی ایک 84 سالہ خاتون بوپل اپنے پالتو کتے کو ٹہلانے کے لیے لے جا رہی تھیں کہ تالاب سے اچانک 7 فٹ کے ایک مگرمچھ نے باہر نکل کر ان پر حملہ کر دیا۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو میں خاتون نے کہا کہ وہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ شام کی سیر کے لیے نکلی تھیں، کہ اچانک انھیں خطرے کا احساس ہوا، لیکن تالاب سے اتنی تیزی سے مگرمچھ نے نکل کر حملہ کیا کہ انھیں سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

    خاتون نے اپنے کتے کو دور پھینک کر تو بچا لیا لیکن خود کو حملے سے محفوظ نہ رکھ سکیں، مگرمچھ نے ان کی ٹانگ کو چبا ڈالا، جس سے ان کے پیر کی انگلیاں کٹ گئیں۔

    خاتون بوپل نے کہا کہ وہ بہت بڑا تھا، تارپیڈو کی طرح، وہ تالاب سے نکلا اور حملہ کر دیا۔ تاہم خاتون نے پھر بھی ہمت نہیں ہاری اور مکے مار مار کے مگرمچھ کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

    اس دوران ان کی چیخیں سن کر ایک پڑوسی نے ایمرجنسی سروسز کو کال کر دی، وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچے تو انھوں نے مگرمچھ کو پکڑ کر علاقے سے ہٹا دیا۔

    مگرمچھ کے حملے سے خاتون زخمی ہو گئی تھیں جنھیں طبی علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، حکام کا کہنا تھا کہ مگرمچھ کی پیمائش 7 فٹ 3 انچ تھی۔

  • سوئمنگ پول میں موجود مگرمچھ نے ملازم کو زخمی کردیا، ویڈیو وائرل

    سوئمنگ پول میں موجود مگرمچھ نے ملازم کو زخمی کردیا، ویڈیو وائرل

    سوئمنگ پول میں اچانک مگر مچھ نکل آیا اور اس نے پول کی صفائی کرنے والے ملازم کو زخمی کردیا، سوشل میڈیا پر پول میں موجود مگرمچھ کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہھارت میں واقع بی ایم سی شیواجی پارک کے سوئمنگ پول کی صفائی کرنے والے ملازم اس وقت حیران رہ گئے جب انھوں نے علی الصباح پول میں مگرمچھ کو تیرتا ہوا دیکھا۔

    سوئمنگ پول کے اندر موجود 2 فٹ لمبے مگرمچھ کے بچے کو پکڑنے کی کوشش کی گئی تو اس نے ایک ملازم کو کاٹ لیا۔ صفائی کرنے والے زخمی ملازم کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے بروقت طبی امداد مہیا کی گئی۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ اس سوئمنگ پول میں بچوں سمیت 2000 افراد روزانہ تیراکی کے لیے آتے ہیں۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مگرمچھ کے بچے کو تالاب میں تیراکی کرتے اور ادھر ادھر چکر لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بعدازاں اس رینگنے والے جانور کو ماہرین کی مدد سے پکڑلیا گیا جبکہ اسے متعلقہ محکمے کے حوالے کرنے کی کارروائی جاری ہے۔

    سوئمنگ پول اور تھیٹر کے کوآرڈینیٹر سندیپ ویشمپیان نے بتایا کہ ہر صبح سوئمنگ پول کو ممبروں کے لیے کھولنے سے پہلے متعلقہ عملے کے ارکان اس کا بغور معائنہ کرتے ہیں۔

    اسی طریقہ کاری پر عمل کرتے ہوئے آج صبح تقریباً ساڑھے 5 بجے کے قریب سوئمنگ پول کا معائنہ کیا جارہا تھا، اس دوران اولمپک سائز ریسنگ سوئمنگ پول میں مگرمچھ کا ایک بچہ تیرتا ہوا پایا گیا۔
    واضح رہے کہ اس سوئمنگ پول کے ساتھ ہی ایک نجی چڑیا گھر کا میوزیم بھی واقع ہے، غالب امکان یہی ہے کہ مگرمچھ وہاں سے سوئمنگ پول کی طرف آیا ہے۔

  • ویڈیو: شکاریوں نے 14 فُٹ لمبا مگرمچھ پکڑ کر مار ڈالا

    ویڈیو: شکاریوں نے 14 فُٹ لمبا مگرمچھ پکڑ کر مار ڈالا

    امریکا کی ریاست میسیسپی میں شکاریوں نے 14 فُٹ لمبے مگرمچھ کو پکڑ کر مار ڈالا۔

    محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق یہ امریکا کی ریاست میسیسپی میں پکڑا گیا سب سے بڑا مگرمچھ تھا جس کا وزن 364 کلوگرام تھا جبکہ اس کی لمبائی 14 فُٹ 3 انچ تھی۔

    رپورٹ کے مطابق مگرمچھ کو پکڑنے والے مقامی شہریوں کی اس ٹیم میں چاروں مرد شامل تھے، شکاریوں کی مگرمچھ کو پکڑنے کی کوشش ہفتے کی رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک جاری رہی۔

    مگرمچھ کو پکڑنے والی ٹیم میں شامل ایک شخص نے بتایا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ہم جس مگرمچھ کو پکڑ رہے ہیں وہ اتنا بڑا ہوگا، مگرمچھ نے ہمارے ساتھ کئی مرتبہ مزاحمت بھی کی۔

    واضح رہے کہ غیرملکی میڈیا کے مطابق حکام کی طرف سے ان شکاریوں کے گروپ کو جانوروں کو پکڑنے اور ان کے شکار کی اجازت حاصل ہے۔

  • گم شدہ بچے کی لاش مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی

    گم شدہ بچے کی لاش مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی

    فلوریڈا: امریکا میں ایک گم شدہ بچے کی لاش دو دن بعد مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے ننھے 2 سالہ بچے ٹیلن موسلے کی لاش کافی تلاش کے بعد جھیل میں مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی، سینٹ پیٹرزبرگ پولیس نے بتایا کہ بچے کی والدہ کو اس کے اپارٹمنٹ میں قتل کیا گیا تھا اور بچہ لاپتا ہو گیا تھا۔

    پولیس چیف انتھونی ہولوے کے مطابق ٹیلن موسلے دو دن سے لاپتا تھا، بچے کے والد 21 سالہ تھامس موسلے پر شبہ ہے کہ انھوں نے اپنی بیوی 20 سالہ پشون جیفری کو چاقو کے متعدد وار کر کے بے دردی سے قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تھامس موسلے کے ہاتھوں اور پیروں پر کٹ کے نشان تھے جس کے لیے انھیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ 2 سالہ لڑکے کو بڑی شد و مد کے ساتھ تلاش کیا جا رہا تھا، اور کھوجی کتوں، غوطہ خور ٹیموں اور ڈرون کی مدد بھی لی گئی، تلاش کے لیے امبر الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق آخر کار جمعے کو اپارٹمنٹ کمپلیکس سے چند میل کے فاصلے پر ایک جھیل پر ننھے بچے کو تلاش کرنے والے افسران نے ایک مگرمچھ کو منہ میں کسی چیز کے ساتھ دیکھا، تو قریب سے دیکھنے پر انھیں احساس ہوا کہ یہ ایک بچے کا جسم ہے، ایک جاسوس نے جھیل میں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اور بچے کی لاش نکالی گئی۔

    لڑکے کی موت کی وجہ کا تعین طبی معائنے سے کیا جا رہا ہے، جب کہ اس کے والد تھامس موسلے پر اس کی ماں کے قتل میں فرسٹ ڈگری قتل کے دو الزامات عائد کیے جائیں گے۔

  • سندھ حکومت کا پشاور کے عوام کے لیے تحفہ

    سندھ حکومت کا پشاور کے عوام کے لیے تحفہ

    پشاور: سندھ حکومت نے پشاور چڑیا گھر کو 2 مگرمچھ تحفے میں دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پشاور کے عوام کے لیے تحفہ بھیجا گیا ہے، جو مگرمچھوں کے ایک جوڑے کی صورت میں ہے۔

    ترجمان وائلڈ لائف لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ سندھ سے آئے مگرمچھ پشاور چڑیا گھر پہنچا دیے گئے ہیں، مگرمچھ کی جوڑی سندھ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے خیبر پختون خوا وائلڈ لائف کو گفٹ کی ہے۔

    وائلڈ لائف کے ترجمان نے مزید بتایا کہ مگرمچھ جوڑے کو چڑیا گھر میں ان کے مخصوص کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، نر اور مادہ مگرمچھ 4 سے 5 میٹر لمبے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پشاور چڑیا گھر میں بھی اب عوام کو مگر مچھ دیکھنے کو ملیں گے۔ چڑیا گھر میں مہمان مگرمچھوں کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے۔