Tag: مگر مچھ

  • ہٹلر کا مگر مچھ ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا گیا

    ہٹلر کا مگر مچھ ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا گیا

    روس میں ایک طویل العمر مگر مچھ کو اس کی موت کے بعد، جسے جرمن نازی لیڈر ایڈولف ہٹلر کا پالتو مگر مچھ قرار دیا جاتا ہے، ہمیشہ کے لیے محفوظ کردیا جائے گا۔

    روسی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ماسکو کے چڑیا گھر میں موجود یہ مگر مچھ سیٹرن رواں برس 84 سال کی عمر میں دم توڑ گیا تھا۔ اب اس کے جسم کو محفوظ کردیا جائے گا اور نئے سال کے موقع پر اسے میوزیم میں عوامی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    نئے سال کے آغاز کے موقع پر کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کی جانے کی توقع ہے۔

    یہ مگر مچھ امریکی ریاست مسی سپی میں سنہ 1936 میں پیدا ہوا تھا جہاں سے اسے کسی طرح جرمن دارالحکومت برلن منتقل کیا گیا۔

    دوسری عالمی جنگ کے دوران 23 نومبر سنہ 1943 کے روز برلن شہر پر کی جانے والی بمباری سے اس شہر کے چڑیا گھر کے جانوروں کی ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں اور کہا جاتا ہے کہ اسی دوران یہ مگر مچھ اپنے جنگلے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، تاہم اس کے کوئی حتمی ثبوت موجود نہیں۔

    کہا جاتا ہے کہ ممکن ہو کہ اس دوران یہ سیوریج پائپس اور تاریک کونوں میں چھپتا پھرتا رہا ہو۔ اسی دوران اسے برطانوی فوجیوں نے دیکھا اور اسے پکڑنے کے لیے روسی فوج سے تعاون کیا۔

    بعد ازاں اسے روسی دارالحکومت ماسکو منتقل کردیا گیا جہاں کے چڑیا گھر میں اس نے اپنی بقیہ زندگی گزاری۔ رواں برس مئی میں یہ مگر مچھ 84 سالی کی عمر میں دم توڑ گیا۔

    ماہرین حیوانات کے مطابق مگر مچھوں کی زیادہ سے زیادہ اوسط عمر 50 برس تک ہوسکتی ہے، چنانچہ یہ حیرت انگیز ہے کہ اس مگر مچھ نے اتنی طویل عمر پائی۔ ماسکو کے چڑیا گھر میں ہونے کے دوران اسے چڑیا گھر کا اسٹار کہا جاتا تھا، یہ بچوں کا پسندیدہ تھا اور بچے اس کی خاطر مدارات میں کوئی کمی نہیں اٹھا رکھتے تھے۔

    اس مگر مچھ کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ ایڈولف ہٹلر کے پالتو جانوروں میں سے ایک تھا تاہم مؤرخین کا ماننا ہے کہ ہٹلر کو جانوروں سے کوئی رغبت نہیں تھی۔

    میوزیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میوزیم میں موجود کسی جانور کا تاریخی پس منظر اس قدر بھرپور نہیں جیسے اس مگر مچھ کا ہے، اسے یہاں رکھنا مقامی و غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافے کا سبب بنے گا۔

  • مگر مچھ نے اپنے ہی بچے اپنے خطرناک دانتوں میں دبا لیے، رونگٹے کھڑے کر دینے والی ویڈیو

    مگر مچھ نے اپنے ہی بچے اپنے خطرناک دانتوں میں دبا لیے، رونگٹے کھڑے کر دینے والی ویڈیو

    مگر مچھ کے دانت اور اس کا کاٹا یوں تو نہایت مہلک ثابت ہوسکتا ہے تاہم یہی دانت اس کے ننھے بچوں کی بقا کی ضمانت ہیں، مادہ مگر مچھ کی اپنے ننھے بچوں کو پانی تک چھوڑنے کی ویڈیو ایک طرف تو آپ کے رونگٹے کھڑے کردے گی تو دوسری طرف ماں اور بچے کے مضبوط تعلق کا بھی احساس دلائے گی۔

    مگر مچھ اور اس کے ننھے بچوں کے تعلق کو ریکارڈ کرنے کے لیے ایک مقام پر نقلی مگر مچھ کے بچے رکھے گئے۔ ان بچوں کی آنکھوں میں کیمرے نصب تھے جو مادہ مگر مچھ کو ہوشیار کیے بغیر اس کی تمام سرگرمیوں کو ریکارڈ کرتے رہے۔

    ان جاسوس بچوں نے کئی دن تک مادہ مگر مچھ اور اس کے ننھے بچوں کی حرکات ریکارڈ کیں۔ مادہ مگر مچھ انہیں کسی اور کا سمجھ کر انہیں کوئی نقصان پہنچائے بغیر اپنے بچوں کا انتظار کرتی رہی۔

    بالآخر 3 ماہ بعد مادہ کے بچے اس کے انڈوں سے نکل آئے، مگر مچھ کے انڈے دینے کا طریقہ کار کچھوؤں کے جیسا ہے۔ دونوں جانوروں کی مادہ زمین کھود کر وہاں انڈے دیتی ہے اور پھر انہیں وہاں دفن کردیتی ہے۔

    کچھ ماہ بعد بچے انڈوں سے اور پھر زمین سے نکل آتے ہیں۔

    مادہ کچھوا انڈے دینے کے بعد وہاں سے چلی جاتی ہے جس کے بعد بچے خود ہی اپنے بل پر پانی تک پہنچ کر اپنی زندگی بچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران وہ شکاری پرندوں کا نشانہ بھی بن جاتے ہیں، یوں انڈوں سے نکلنے والے سینکڑوں بچوں میں سے سمندر تک پہنچتے پہنچتے صرف ایک ہی زندہ بچتا ہے۔

    اس کے برعکس مادہ مگر مچھ بچوں کو خود بحفاظت پانی تک چھوڑتی ہے اور ان کے ساتھ رہتی ہے۔

    اس کے لیے وہ انہیں اپنے منہ میں اٹھا لیتی ہے، اپنے مہلک ترین اور خطرناک دانتوں کے باوجود وہ اپنے بچوں کو نہایت احتیاط اور حفاظت سے اپنے منہ میں رکھتی ہے اور انہیں دریا یا سمندر میں (جہاں خود اس کی بھی رہائش ہو) چھوڑ دیتی ہے۔

    یہ سارا عمل نقلی مگر مچھ بچوں نے ریکارڈ کرلیا جس کی ویڈیو آپ کو متضاد احساسات سے دو چار کردے گی۔

  • وہیل مچھلی راستہ بھول کر مگر مچھوں سے بھرے دریا میں پہنچ گئی

    وہیل مچھلی راستہ بھول کر مگر مچھوں سے بھرے دریا میں پہنچ گئی

    آسٹریلیا میں ایک وہیل مچھلی اپنی ہجرت کے مقررہ راستے سے بھٹک کر مگر مچھوں سے بھرے دریا میں نکل آئی، حکام اب وہیل کو وہاں سے کسی طرح نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ہمپ بیک وہیل مچھلی (وہیل کی ایک قسم) آسٹریلیا کے ایلی گیٹر ریور میں آگئی ہے۔ مگر مچھوں سے بھرا یہ دریا آسٹریلیا کے سب سے بڑے کاکاڈو نیشنل پارک میں موجود ہے۔

    یہ نیشنل پارک اقوام متحدہ کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

    یہاں پر یہ وہیل مچھلی چند دن قبل بوٹنگ کرتے افراد کو دکھائی دی، اس علاقے میں پہلے کبھی وہیل مچھلی کو نہیں دیکھا گیا چنانچہ حکام کو فوری طور پر اس کی اطلاع دی گئی۔

    حکام کے مطابق یہ وہیل اس وقت بھٹکی جب وہیل مچھلیوں کی سالانہ ہجرت جاری تھی، یہ مچھلیاں جنوب سے انٹارکٹیکا کی طرف موسمی ہجرت کرتی ہیں تاہم ان میں سے کچھ وہیل مچھلیاں راستہ بھٹک کر مشرق کی جانب مڑ گئیں۔

    غلط موڑ لینے والی وہیل مچھلیاں بعد ازاں واپس صحیح راستے پر چلی گئیں تاہم کم از کم ایک وہیل تاحال یہیں موجود ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ وہیل کی لمبائی 52 فٹ ہے، یہ اپنے مقررہ راستے سے اس وقت 30 کلو میٹر دور آچکی ہے۔

    ان کے مطابق فی الحال وہ دریا کی گہرائی میں موجود ہے لیکن جیسے ہی وہ کم گہرے پانی کی طرف نکلے گی، وہ پھنس سکتی ہے اور یہیں مگر مچھ اس کا شکار کرنے پہنچ جائیں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس وہیل مچھلی کو یہاں سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں وہیل مچھلیوں کی ریکارڈڈ آوازیں استعمال کی جارہی ہیں، جبکہ کشتیوں سے شور شرابہ کر کے اسے اس راستے پر لانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے جہاں سے وہ اپنی صحیح منزل پر جاسکے۔

  • اینا کونڈا کی خطرناک مگر مچھ کو نگلنے کی کوشش، دہشت ناک ویڈیو وائرل

    اینا کونڈا کی خطرناک مگر مچھ کو نگلنے کی کوشش، دہشت ناک ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین کو دہشت زدہ کردیا جس میں ایک اینا کونڈا زندہ مگر مچھ کو نگلنے کی کوشش کررہا ہے۔

    برازیل میں ریکارڈ گئی یہ دہشت ناک ویڈیو ایک اینا کونڈا اور مگر مچھ کے درمیان جنگ کی ہے، تقریباً 6 فٹ لمبا اینا کونڈا مگر مچھ کی جان کے درپے ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اینا کونڈا سانپ کے گرد لپٹا ہوا ہے اور اسے نگلنے کی کوشش کر رہا ہے، اس دوران مقامی افراد رسیوں کے ذریعے کھینچ کر دونوں کو الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    کچھ دیر کی کوشش کے بعد دونوں علیحدہ ہوگئے جس کے بعد دونوں الگ راہ پکڑ کر جنگل میں غائب ہوگئے۔

    سانسیں روک دینے والی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر ہزاروں افراد نے دیکھا، بعض صارفین نے مقامی افراد کو فوڈ چین میں مداخلت کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

    برازیل میں گزشتہ برس بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں 29 فٹ لمبا اینا کونڈا 6 فٹ لمبے مگر مچھ کو ہڑپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    یہ ویڈیو وائلڈ لائف فوٹو گرافر کیون ڈولی نے بنائی تھی، ان کے مطابق دونوں کے درمیان بقا کی جنگ 8 منٹ تک جاری رہی، بالآخر اینا کونڈا کا دم گھٹنے لگا اور اس نے مگر مچھ کو چھوڑ دیا۔

    کیون کے مطابق بھاگنے سے پہلے مگر مچھ نے اینا کونڈا کو کاٹا بھی تھا تاہم اینا کونڈا بھی خود کو چھڑا کر بھاگنے میں کامیاب رہا۔

  • 12 فٹ لمبا مگر مچھ گھر میں داخل، باپ کی حاضر دماغی نے بچوں کو بچا لیا

    12 فٹ لمبا مگر مچھ گھر میں داخل، باپ کی حاضر دماغی نے بچوں کو بچا لیا

    امریکی ریاست ٹیکسس میں باپ کی حاضر دماغی نے اس کے بچوں اور ان کی نگران کو 12 فٹ طویل مگر مچھ سے بچا لیا، باپ کی ذرا سی بھی سستی خوفناک حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔

    ٹیکسس کے رہائشی اینڈریو کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت وہ اپنے گھر میں موجود تھا جب اس نے دیکھا کہ اس کے گھر کے پیچھے موجود کنال سے ایک خطرناک مگر مچھ باہر آیا۔

    اس وقت بچے اپنی نگران کے ساتھ وہیں موجود تھے اور کھیل رہے تھے۔ کنال سے 12 فٹ طویل اور 270 کلو گرام وزنی مگر مچھ نکلا تو باپ اچھل کر باہر آیا۔

    باپ کے وہاں پہنچنے تک مگر مچھ کافی نزدیک آچکا تھا تاہم وہ بچوں اور ان کی نگران کو وہاں سے باہر نکالنے میں کامیاب رہا، اس دوران وہ مدد کے لیے آوازیں بھی لگاتا رہا۔

    اینڈریو کی مدد کی کال پر ریسکیو اہلکار وہاں پہنچے تو انہیں مگر مچھ کو پکڑنے میں کافی وقت لگا، وزنی مگر مچھ کو پانی سے نکالنے میں انہیں 3 گھنٹے کا وقت لگا۔

    پانی سے باہر نکال کر مگر مچھ کو منہ پر کپڑا باندھ کر اور رسیوں میں جکڑ کر قریبی تھیم پارک منتقل کردیا گیا۔

  • دریا میں کشتی چلاتے ہوئے مگر مچھ سے مڈ بھیڑ، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    دریا میں کشتی چلاتے ہوئے مگر مچھ سے مڈ بھیڑ، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    امریکا میں دریا میں کشتی چلاتے ہوئے ایک شخص کی مگر مچھ سے خوفناک طریقے سے مڈ بھیڑ ہوگئی، مگر مچھ نے کشتی کو زوردار ٹکر ماری جس سے کشتی دریا میں الٹتے الٹتے بچی۔

    یہ واقعہ شمالی کیرولینا میں پیش آیا جہاں پیٹر جوئس نامی شخص دریا میں کشتی چلا رہا تھا۔ کشتی چلتے ہوئے اچانک کوئی چیز اس کی کشتی سے ٹکرائی اور جوئس تقریباً پانی میں جا گرا۔

    کشتی سے ٹکرانے والی شے کچھ اور نہیں بلکہ ایک مگر مچھ تھا۔ جلد ہی جوئس آس پاس درختوں کی ٹہنیوں کو پکڑ کر سیدھا ہوگیا۔

    جوئس کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اسے لگا کہ کوئی مچھلی اس کی کشتی سے ٹکرائی ہے تاہم جلد ہی اسے اندازہ ہوگیا کہ وہ مگر مچھ تھا۔

    مذکورہ واقعہ جوئس کے سینے پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے بعد یہ ویڈیو بے حد وائرل ہوئی اور یوٹیوب پر لاکھوں افراد نے اسے دیکھا۔

    لوگوں کا کہنا تھا کہ جوئس خوش قسمت تھا کہ اس کی مگر مچھ سے مزید مڈ بھیڑ نہیں ہوئی، کشتی کو سیدھا کرنے کے بعد وہ جلد از جلد مذکورہ علاقے سے نکل گیا۔

    جوئس ایک فائر فائٹر ہے اور وہ کیرولینا کے اس دریا کو کشتی چلا کر پار کرنا چاہتا ہے اور ریکارڈ بنانا چاہتا ہے، مذکورہ دریا شمالی کیرولینا سے جنوبی کیرولینا تک جارہا ہے۔

    مذکورہ علاقے میں مگر مچھ سے مڈبھیڑ کے بعد جوئس اب ریکارڈ بنانے کے لیے موسم سرما کا انتظار کر رہا ہے جب مگر مچھ گہرائی میں چلے جاتے ہیں۔

  • خونخوار مگرمچھ گھر میں گھس آیا، رہائشیوں کا کیا بنا؟

    خونخوار مگرمچھ گھر میں گھس آیا، رہائشیوں کا کیا بنا؟

    نئی دہلی: بھارت میں خونخوار مگر مچھ اچانک مکان میں گھس آیا اور رہائشیوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترکھنڈ میں رات کے پہر آدم خور آبی اور صحرانی جانور مگرمچھ گھر میں گھس گیا، رہائشی اپنی جان بچاتے ہوئے مکان سے باہر بھاگ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق مگر مچھ صحن سے گھر میں داخل ہوا اور باتھ روم میں جاگھسا، اس دوران اس نے اطراف کا جائزہ لیا اور اپنے لیے غذا تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

    بعد ازاں رہائشیوں نے محکمہ جنگلات کو مگرمچھ سے متعلق آگاہ کیا جنہوں نے فوری طور پر رات گئے ریسکیو آپریشن کیا اور گھر میں موجود کئی لوگوں کی زندگیاں بچا لیں۔

  • مگر مچھ کا نوالہ بننے سے پہلے خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ

    مگر مچھ کا نوالہ بننے سے پہلے خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ

    واشنگٹن: امریکا میں مگرمچھ کا نوالہ بننے والی خاتون کے آخری درد بھرے الفاظ نے لوگوں کو افسردہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز امریکی ریاست کیرولائنا کے کیواہ جزیرے میں خونخوار مگر مچھ کو چھونے کی کوشش کرنے والی خاتون موت کے منہ میں چلی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے پہلے کہ ریسکیو عملہ خاتون کو بچا باتا مگرمچھ اسے حملہ کرکے ہلاک کرچکا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے خونخوار مگرمچھ کے جبڑے میں پھنسے کے بعد آخری الفاظ یہ کہے ’شاید میں اب جانوروں کو دوبارہ کبھی چھو نہیں سکوں گی‘۔

    ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    خیال رہے کہ مذکورہ خاتون جزیرے پر نجی مصروفیات کے سلسلے میں آئی تھی، انہوں نے مگرمچھ کو دیکھا تو اسے چھونے کی کوشش کی۔

    بعد ازاں مگرمچھ موقع دیکھتے ہی خاتون پر جھپٹ پڑا اور چبا کر ہلاک کردیا۔ البتہ یہ ابھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ خاتون کی موت پانی میں دم گھٹنے کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے۔

  • پولیس کا گھر پر چھاپہ، تہہ خانے سے کیا برآمد ہوا؟

    پولیس کا گھر پر چھاپہ، تہہ خانے سے کیا برآمد ہوا؟

    امریکی ریاست اوہائیو میں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر تہہ خانے میں رکھے گئے پالتو مگر مچھ کو وہاں سے منتقل کردیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو کے علاقے میڈیسن ٹاؤن شپ میں پولیس کو شکایت موصول ہوئی کہ ایک گھر کے تہہ خانے میں غیر قانونی طور پر ایک مگر مچھ کو رکھا گیا ہے۔

    پولیس فوراً موقعے پر پہنچی جہاں انہوں نے ایک پالتو مگر مچھ کو تہہ خانے میں پایا۔ پولیس نے اوہائیو کے محکمہ زراعت سے رابطہ کیا جنہوں نے تصدیق کی کہ گھر کے رہائشی افراد نے اس خطرناک جانور کو پالنے کا کوئی اجازت نامہ نہیں لیا۔

    پولیس نے وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو طلب کیا جنہوں نے احتیاط سے مگر مچھ کو پکڑ کر جانوروں کی پناہ گاہ میں پہنچا دیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں کے مطابق مگر مچھ کی عمر 25 سال ہے۔ مگر مچھ کو رکھنے والے اہلخانہ نے پولیس کو دیکھ رضا کارانہ طور پر اپنے پالتو جانور سے دستبرداری اختیار کرلی۔

  • ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    ونڈو شاپنگ کرتے مگر مچھ نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا

    امریکا میں ایک 4 فٹ لمبا مگر مچھ شاپنگ مال کے باہر گھومتا ہوا پایا گیا جس نے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑا دی۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں مقامی افراد نے ایک 4 فٹ لمبے مگر مچھ کو شاپنگ مال کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا۔

    مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا اور جلد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نہایت احتیاط سے اسے پکڑا اور وہاں سے دور لے گئے، بعد ازاں مگر مچھ کو قریبی ندی میں چھوڑ دیا گیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سڑک پار کرتے ہوئے ایک مگر مچھ نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں مگر مچھ ایک طرف سے چلتا ہوا چاٹیاؤبریند ایونیو کی سڑک کنارے کھڑی گاڑی کے نیچے آیا۔

    انٹرنیٹ پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد خوب وائرل ہوئی اور لوگوں نے مگر مچھ کی خود اعتمادی کو بھی سراہا۔