Tag: مگ 21

  • بھارت کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ

    بھارت کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ

    نئی دہلی: بھارت کی فضائیہ کا سالخوردہ مگ 21 جنگی طیارہ گوالیار کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ، جہاز میں سوار دونوں پائلٹ بروقت اخراج میں کامیاب رہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کا مگ 21 طیارہ تربیتی پرواز تھا اور اسے مدھیہ پردیش کے علاقے گوالیار میں حادثہ پیش آیا ہے ، جہاز میں موجود دونوں پائلٹ ایمرجنسی لینڈنگ کرگئے۔لینڈنگ کرنے والوں میں ایک گروپ کیپٹن اور ایک اسکواڈرن لیڈر تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ گرتے ہی اس میں آگ لگ گئی تھی ، حکام نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس وقت تک میڈیا کو حادثے کی وجوہات بتانے سے معذرت کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کے جنگی طیارے بوسیدہ ہونے کے سبب گرنے کی وقتا فوقتا اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں، گذشتہ ماہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ آسام کے علاقے میں گر کے تباہ ہوا تھا، جس میں دونوں پائلٹ شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل رواں سال فروری میں راجھستان کے علاقے جودھ پور میں بھی ایک بھارتی طیارہ گر کر تباہی کا شکار ہو گیا تھا۔

    بھارتی طیارے گرنے کے واقعات یہیں تک محدود نہیں، بھارتی ائیرفورس حکام راجھستان میں گرنے والے مگ طیارے کی تحقیقات سے پہلے ایک اور مگ 21 جیٹ طیارے کے گرنے کی تحقیقات میں مصروف تھے جو ماہ فروری والے حادثے سے 3 ہفتے قبل راجھستان کے علاقے بیکانیکر ڈسٹرکٹ میں تباہ ہو گیا تھا۔

    کچھ عرصہ قبل بھارتی فضائیہ کےچیف بی ایس دھنویا نے اپنی فضائیہ کو درپیش مخدوش حالات کابھانڈاپھوڑتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارےطیارےبہت پرانےہیں،لوگ اتنی پرانی توگاڑیاں بھی نہیں چلاتے۔

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں پاکستان اور بھارتی فضائیہ کی لائن آف کنٹرول پر ڈاگ فائٹ ہوئی تھی جس میں پاک فضائیہ نے دو بھارتی مگ 21 مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو حراست میں بھی لے لیا تھا ، جسے بعد ازاں جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھیج دیا گیا تھا۔

     

  • بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ

    بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ

     

    نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ ہوگیا، طیارے کے گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

    تفصیلات کے مطابق آج گرنے والا یہ طیارہ مگ 21 ہے ، حادثے میں طیارے کا پائلٹ با حفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ بھارت کے علاقے راجھستان کے نل نامی ایئر بیس سے اڑا تھا۔ طیارہ راجھستان ہی کے علاقے بکنیر شوبا سر کی دھانی میں جا گرا ہے ۔

    بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طیارے کا پائلٹ محفوظ ہے ، ابتدائی تفصیلات کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ جہاز پرندہ ٹکرانے کے سبب کریش ہوا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے  بھارت کے دو طیارے لائن آف کنٹرول  کی خلاف ورزی پر مار گرائے تھے۔

    ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔ بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی علاقے میں  گرنے والے جہاز کے  پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے لیا  گیا  گیا تھا، جسے بعد میں جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کردیا گیا۔

    اس سے قبل 19 فروری کو بھارتی میڈیا کے مطابق فضائیہ کے ’سوریا کرن طیارے‘ ایرو انڈیا شو 2019 کی بنگلور میں ریہرسل کررہے تھے کہ اس دوران آپس میں ہوا میں ہی ٹکرا گئے اور ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہوگئے۔

    رواں سال اب تک بھارتی فضائیہ کے کل چھ جہاز اور ایک ہیلی کاپٹر مجموعی طور پر تباہ ہوچکے ہیں، جبکہ پائلٹس کا جانی نقصان اس کے علاوہ ہے۔

  • برطانوی صحافیوں نے بھی پاکستانی طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت کر دیا

    برطانوی صحافیوں نے بھی پاکستانی طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ثابت کر دیا

    لندن: بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل کیا جانے والا پاکستانی ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ ایک بار پھر جھوٹا ثابت ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اس بار پاکستانی ایف 16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ ڈیفنس کے شعبے سے وابستہ برطانیہ کے انویسٹی گیٹو صحافیوں نے جھوٹا ثابت کرایا۔

    بیلنگ کیٹ ڈاٹ کام پر شایع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جس تصویر کو ایف 16 طیارے کی تصویر قرار دیا گیا تھا وہ بھارت کے مگ 21 طیارے کی ہے۔

    برطانوی ویب سائٹ بیلنگ کیٹ ڈاٹ کام کی رپورٹ میں دونوں طیاروں کے پارٹس کا تفصیلی تجزیہ کر کے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی طیارے کی ساخت اور انجن کا خول بالکل الگ ہے۔

    بیلنگ کیٹ کے انویسٹی گیٹو صحافیوں نے لکھا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے ایف 16 طیارہ گرائے جانے کا کوئی بھی ثبوت موجود نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی تجزیہ کار نے اپنی ہی فضائیہ کا پاکستانی ایف 16 گرانے کا دعویٰ رد کر دیا

    برطانوی ویب سائٹ کے مطابق مار گرائے جانے والے طیارے کے جس ملبے کی تصویر دکھائی گئی ہے وہ مگ 21 طیارہ ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل بھی ایک بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے اپنی ہی فضائیہ کے پاکستانی ایف 16 گرانے کے بھارتی دعوے کو مضحکہ خیز قرار دے دیا تھا۔

    بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے بھارتی نجی ٹی وی چینل کے جنونی اینکر کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ دکھائی ہوئی تصویر میں طیارے کا حصہ مگ 21 کا ہے، اور جو انجن دکھایا گیا ہے وہ جی ای ایف 100 کا ہے۔