Tag: مہاراشٹر

  • گود لی ہوئی 4 سالہ بچی کو سفاک والدین نے کیوں قتل کیا؟

    گود لی ہوئی 4 سالہ بچی کو سفاک والدین نے کیوں قتل کیا؟

    اورنگ آباد: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں والدین نے گود لی ہوئی معصوم 4 سالہ بچی کو سفاکی سے قتل کر دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں ضلع اورنگ آباد کے قصبے سلوڈ میں چار سالہ گود لی ہوئی بچی کے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچی کی موت مار پیٹ اور سر پر کسی بھاری چیز لگنے سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ قتل ہونے والی لڑکی کا نام آیت فہیم شیخ ہے، جس کے قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    پولیس نے دونوں ملزمان فہیم شیخ ایوب اور فوزیہ شیخ فہیم کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے پہلے سے 4 بچے تھے، تاہم لڑکی کی خواہش میں انھوں نے لڑکی گود لینے کا فیصلہ کیا، اور 6 ماہ قبل جالنا کے شیخ نسیم عبدالقیوم سے 4 سالہ بچی آیت شیخ کو گود لیا۔


    شوہر بیوی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش سے باتیں کرتا رہا


    پولیس کے مطابق بدھ کی رات میاں بیوی نے اس لڑکی کو مارا پیٹا، اور لڑکی کے سر پر کسی سخت چیز سے وار کیا، جس سے اس کی جان چلی گئی، میاں بیوی نے اس کی لاش کو چھپکے سے دفنانے کی کوشش کی لیکن پڑوسیوں نے شک ہونے پر پولیس کو اطلاع کر دی۔

    پولیس نے لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے، ملزم میاں بیوی نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ انھوں نے لڑکی کو جالنا کے شیخ نسیم سے 5000 روپے میں خریدا تھا، بچی کا سودا جعفرآباد کے ایک مڈل مین کے ذریعے ہوا، جس کے دستاویزات بھی موجود ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو مارنے کی وجہ فی الوقت معلوم نہیں ہو سکی ہے، بچی کو گود لینے کے عمل کی چھان بین کی جائے گی، اگر یہ عمل غیر قانونی پایا گیا تو بچی کے حیاتیاتی والد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کے حیاتیاتی والدین نازیہ فیروز خان اور شیخ نسیم عبدل کی طلاق ہو چکی ہے، نسیم نشے کا عادی تھا، بیوی نے طلاق لے کر کسی اور سے شادی کر لی، اس کی 5 بیٹیاں تھیں جن میں سے وہ 4 کو اپنے ساتھ لے گئی، جب کہ سب سے چھوٹی آیت اپنے والد کے ساتھ رہتی تھی۔

  • 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

    14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

    مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے پارک میں میونسپل اسکول کے پارک میں 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔

    بھارت میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے ایک مشہور تھیم پارک اسکول میں 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پارک میں تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا ہے، آٹھویں کلاس کے طالب علم آیوش دھرمیندر سنگھ کو اچانک بے چینی محسوس ہونے لگی جس کے بعد وہ بینچ پر بیٹھ گیا اور پھر اچانک زمین پر گر گیا۔

    رپورٹ کے مطابق لڑکے کی طبعیت بگڑنے پر اسے اسکول میں ہی فسٹ ایڈ دیا گیا اس کے بعد اسے نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری میڈیکل آفیسر کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ لڑکے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، اس واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن میں اچانک موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ دل کا دورہ اس وقت ہوتا ہے جب دل کے پٹھوں کو آکسیجن نہیں ملتی، یہ عام طور پر اس وقت ہوتا ہے جب دل تک خون لے جانے والی شریانیں بند ہوجانے کی وجہ سے ہوتی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/rajpal-yadav-father-passes-away/

  • مہاراشٹر میں انتخابات جیتنے والا امیدوار آگ لگنے سے زخمی

    مہاراشٹر میں انتخابات جیتنے والا امیدوار آگ لگنے سے زخمی

    بھارت کے حالیہ ریاستی انتخابات میں جیتنے والے آزاد امیدوار شیواجی پاٹل جیت کا جشن مناتے ہوئے آگ میں لگنے سے زخمی ہوگئی۔

    کولہاپور کے چاند گڑھ کے حلقے سے آزاد امیدوار شیواجی پاٹل فاتح بنے، وہ اپنے حامیوں کے ساتھ خوشی میں جلوس بھی نکال رہے تھے، جلوس میں آتش گیر مادے بھی جلائے جارہے تھے کہ اسی دوران آگ بھڑک اٹھی، جس سے پاٹل سمیت 3 سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق چاند گڑھ تحصیل کے مہاگاؤں میں شیواجی پاٹل کی کچھ خواتین پوجا کر رہی تھیں کہ اس وقت اوپر سے گلال کی بڑی مقدار گر گئی،

    جشن کے موقع پر آگ لگنے کی وجہ سے کچھ خواتین اور شیواجی پاٹل زخمی ہوئے ہیں، جیسے ہی موقع پر آگ لگی لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

    خیال رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کو اکثریت حاصل ہوئی ہے، شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ہفتہ کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج کو مکمل طور پر غیر متوقع اور ناقابل فہم قرار دیا۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ وہ یقین نہیں کر سکتے کہ مہاراشٹرا ان کے ساتھ ایسا سلوک کرے گا یہاں پر ضرور کچھ گڑبڑ ہے۔

  • دہشت مچانے والے ہاتھی کو واپس بھیج دیا گیا

    دہشت مچانے والے ہاتھی کو واپس بھیج دیا گیا

    حیدرآباد کے ضلع کومرم بھیم میں دو افراد کو ہلاک کرتے ہوئے لوگوں میں دہشت پھیلانے والے ہاتھی کو بالآخر بڑی مشکلوں سے واپس بھیج دیا گیا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت پھیلانے والا ہاتھی بھارتی ریاست مہاراشٹر سے عادل آباد کے جنگلات میں داخل ہوا۔ سرحدی علاقوں میں دہشت مچانے والے ہاتھی کے حملے میں دو افراد بھی اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    مرنے والوں کی شناخت الوری شنکر اور پوشنا کے طورپر ہوئی ہے۔ ہاتھی کے حملے نے مقامی افراد کو خوفزدہ کردیا تھا جبکہ انھوں نے ہاتھی کو پکڑنے کے لیے لوگوں نے محکمہ جنگلات کے حکام کو فوری اطلاع دی۔

    محکمہ جنگلات کی تین ٹیموں نے تھرمل ڈرون کی مدد سے ہاتھی کی تلاش کا کام شروع کیا۔ بعدازاں ہاتھی کے ملنے کے بعد حکام نے اسے مہاراشٹرا کے جنگلات منتقل کرنے کا آپریشن شروع کیا۔

    دہشت پھیلانے والے ہاتھی کو واپس جنگل بھیجنے کا عمل کئی گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ ضلع آصف آباد سے ہاتھی کے جانے پر مقامی افراد کے معمولات بحال ہوئے۔

  • دو مشتبہ افراد کی سلمان خان کے فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش

    دو مشتبہ افراد کی سلمان خان کے فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش

    نئی دہلی: مہاراشٹر میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

     بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 4 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب مہاراشترا کے شہر پنویل میں واقع فارم ہاؤس کے سیکیورٹی گارڈ نے دو افراد کو باونڈری وال کود کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس کے منیجر نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ شام 4 بجے کے قریب فارم ہاؤس کے سیکیورٹی گارڈ محمد حسین نے فون کیا اور فوری طور پر مین گیٹ پر پہنچنے کو کہا۔

    تمھیں سلمان خان بھی نہیں بچا سکتا، بھارتی گینگسٹر نے کینیڈا میں گپی گریوال پر حملہ کروا دیا

    پولیس نے بتایا کہ وہاں پہنچ کر ہم  نے دیکھا کہ دو نامعلوم افراد مین گیٹ کے بائیں جانب جھاڑیوں اور باؤنڈری وال کو پھلانگ کر کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ہندوستان ٹائمز کے مطابق مشتبہ افراد نے اپنی جعلی شناخت مہیش کمار رام نواس اور اتر پردیش کے ونود کمار رادھیشم کے طور پر کرائی، دونوں ملزمان سے جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔

    تازہ دھمکیوں کے بعد ممبئی پولیس کا سلمان خان کی سکیورٹی کے لیے اہم قدم

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت 23 سالہ اجیش کمار اور گرو سیوک سنگھ کے نام سے ہوئی جو کارپنٹر اور فرنیچر کا کام کرتے ہیں، دونوں افراد کے خلاف دھوکا دہی، جعل سازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ سلمان خان فارم ہاؤس کےاندر موجود تھے، ملزمان نے دعویٰ کیا کہ وہ اداکار سے ملنا چاہتے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ کے دوران اداکار سلمان خان کو دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہی تھیں جس میں نامعلوم شخص نے اداکار کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔

  • بھارت میں قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ

    بھارت میں قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ

    بھارت میں قتل کی واردات کے بعد لاش کو بدترین طریقے سے ٹکڑے کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے شہر میرا بھائیندر کے ضلع نیا نگر کی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ایک فلیٹ میں ایک 36 سالہ خاتون کی ٹکڑوں  میں لاش ملی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 36 سالہ سرسوتی ویدیا 56 سالہ منوج سہانی پچھلے تین سالوں سے بنا شادی کے ایک ساتھ فلیٹ میں مقیم تھے۔

    رپورٹس کے مطابق عمارت میں رہنے والے دیگر افراد نے فلیٹ سے آنے والی بدبو کے بعد واردات سے متعلق پولیس کو اطلاع دی تھی۔

    شردھا قتل کیس: ’میں نے جو بھی کیا، غصہ میں کیا‘ ملزم آفتاب کا عدالت میں اعتراف

    پولیس کا کہنا ہے کہ جب ٹیم موقع پر پہنچی تو وہاں خاتون سرسوتی ویدیا کی سڑی ہوئی لاش ملی جسے کئی ٹکڑوں میں کاٹا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے کہ ملزم نے کیوں خاتون کو اتنی بےدردی سے قتل کیا۔

  • بھارت میں ایک اور مسلمان پر جنونیوں کا بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک اور مسلمان پر جنونیوں کا بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    ممبئی: مودی اور آر ایس ایس کے بھارت میں ایک اور مسلمان کو جنونی ہندوؤں نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے منہ تک پہنچا دیا، اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اقلیتوں کے لیے جہنم بن گیا ہے، ریاست مہاراشٹر کے ضلع پیلہار کے علاقے نالاسپارہ میں 29 نومبر کو آدم خان نامی مسلمان نوجوان کو مشتعل ہندوؤں کے ہجوم نے بے پناہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ہجوم کی جانب سے 27 سالہ آدم خان پر جیولری شاپ میں چوری کا الزام لگایا گیا، انڈین ایکسپریس کے مطابق نوجوان کے والد شیر محمد خان نے بتایا کہ ان کا بیٹا وہاں سے گزر رہا تھا تو مکیش دوبے نامی شخص نے اچانک دعویٰ کیا کہ وہ چور ہے۔

    پیلہار پولیس نے زیورات کی دکان سے قیمتی سامان چوری کرنے کے شبہ میں آدم خان پر تشدد کرنے پر 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے آدم خان کے خلاف بھی چوری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    نالا سپارا کے رہائشی آدم خان کو کاندیولی کے ایک نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کیا گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شدت پسند ہندو ڈنڈوں سے مسلمان شہری کو پیٹ رہے ہیں، ہجوم نے آدم خان کو لہو لہان کر دیا، پاگل ہجوم مسلسل چلاتا رہا کہ اس کا سر پھوڑ دو۔

    بی جے پی اور آر ایس ایس کی حکمرانی میں ریاست مہاراشٹر میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ معروف بھارتی دانشور اشوک سوین نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’’ایک اور دن، ایک اور ہجوم گردی! ہندوستان کے مہاراشٹرا میں ایک اور مسلمان کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا۔‘‘

  • ویڈیو: لڑکی نے ’ہراسانی‘ سے بچنے کے لیے رکشہ سے چھلانگ لگا دی

    ویڈیو: لڑکی نے ’ہراسانی‘ سے بچنے کے لیے رکشہ سے چھلانگ لگا دی

    مہاراشٹر : بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ایک 17 سالہ لڑکی نے جنسی حراسانی سے بچنے کیلئے رکشہ سے چھلانگ لگادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 17 سالہ لڑکی اپنی ٹیوشن کلاسز کے بعد گھر جانے کیلئے رکشا لیا، آٹو ڈرائیور نے عام سوالات پوچھنا شروع کر دیے لیکن پھر نازیبا ریمارکس دیے جس سے نوجوان لڑکی خوفزدہ ہو گئی اور تیز رفتار رکشا چلنے ہونے کے باوجود اس نے چھلانگ لگادی۔

    مہاراشٹر کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے لڑکی کے سر پر شدید چوٹ آئی ہے، جس کے بعد اسے مقامی اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔

    پولیس نے سڑک پر موجود 40 سی سی ٹی وی کی مدد سے رکشہ ڈرائیور کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد آٹو ڈرائیور کو گرفتار کر لیا اور اس پر بچوں کے جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    ٹرک کے بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور نے کیا کیا؟

    گاڑیوں سے بھری پرہجوم سڑک پر کسی گاڑی کے بریک فیل ہوجانا نہایت خوفناک بات ہوسکتی ہے، اور اگر بریک کسی ٹرک کے فیل ہوئے ہوں تو نہایت ہولناک حادثہ پیش آسکتا ہے، بھارت میں ایسا ہی ایک حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ایک بڑے ٹرک کے بریک فیل ہوجانے کے بعد ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیا اور ٹرک کو آگے دوڑانے کے بجائے پیچھے ریورس میں چلانے لگا۔

    اس دوران سامنے سے آتے موٹر سائیکل سواروں کو بھی صورتحال کا اندازہ ہوا تو انہوں نے ٹرک ڈرائیور کو پیچھے کا راستہ بتاتے ہوئے اسے گائیڈ کرنا شروع کردیا جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی وہاں سے ہٹا کر راستہ صاف کرنے لگے۔

    ٹرک 3 کلو میٹر تک ریورس میں چلتا رہا جس کے بعد ایک کھیت آیا اور ٹرک اس کھیت کے اندر موڑ دیا گیا۔ کھیت کی کھردری زمین پر ٹرک کی رفتار کم ہوتی گئی اور بالآخر ٹرک بحفاظت رک گیا۔

    یہ واقعہ رواں برس جنوری کا ہے جس کی ویڈیو ایک بار پھر سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین نے ڈرائیور کی حاضر دماغی اور موٹر سائیکل سواروں کے مدد کرنے پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ ان تمام افراد کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔

  • بھارت: گدوں میں روئی کی جگہ استعمال شدہ ماسک بھرے جانے لگے

    بھارت: گدوں میں روئی کی جگہ استعمال شدہ ماسک بھرے جانے لگے

    نئی دہلی: بھارت میں گدے بنانے والی ایک فیکٹری گدوں کے اندر روئی کی جگہ استعمال شدہ فیس ماسک بھرنے لگی جس کا انکشاف ہونے پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں گدے بنانے والی فیکٹری پر پولیس نے چھاپہ مار کر استعمال شدہ فیس ماسکس کا ڈھیر برآمد کرلیا۔ فیکٹری میں بننے والے گدوں میں روئی کی جگہ فیس ماسکس بھرے جارہے تھے۔

    پولیس نے فیکٹری کے مالک کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات شروع کردیں۔ فیکٹری سے ملنے والے استعمال شدہ ماسکس کے ڈھیر کو پولیس نے نذر آتش کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے مالک کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد اس ریکٹ میں شامل مزید دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔