Tag: مہاراشٹرا

  • بجلی کے بل پر تکرار کے بعد بڑے بھائی نے چھوٹے کو درانتی سے قتل کردیا

    بجلی کے بل پر تکرار کے بعد بڑے بھائی نے چھوٹے کو درانتی سے قتل کردیا

    بجلی کے بل پر ہونے والے شدید بحث و مباحثے کے بعد بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کی جان لے لی۔

    پولیس نے بتایا مہاراشٹرا کے پال گڑھ ڈسٹرکٹ کے سکلی پاڑہ گاؤں میں مذکورہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، 45 سالہ ستیش جیتو پاٹل نے اپنے چھوٹے بھائی 35 سالہ چندرکانت جیتو پاٹل کو درانتی کے وار کرکے مار ڈالا۔

    دنوں میں بجلی کے بل اور گورنمنٹ ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے اکثر بحث و تکرار ہوتی رہتی تھی، دنوں بھائی گورنمنٹ ہاؤسنگ اسکیم سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہتے تھے۔

    کافی عرصے سے چلی آرہی ان کی چپقلش کے باعث بدھ کو ہونے والی لڑائی بڑھ گئی، بدھ کو بھی ستیش اور چندرکانت میں ان ہی دو وجوہات کی بنا پر لڑائی شروع ہوئی، بحث کے دوران ستیش نے چھوٹے بھائی کو درانتی اٹھا کر ماری جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    ساتپتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر بڑے بھائی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا تھا کہ اخراجات، بجلی کے بل اور حکومت اسکیم پر ہونے والی لڑائی اس واقعے کا سبب بنی۔

  • موبائل چھیننے کی ناکام واردات اور سیلفی نے اندھی موت کا معمہ حل کردیا

    موبائل چھیننے کی ناکام واردات اور سیلفی نے اندھی موت کا معمہ حل کردیا

    موبائل چوری کی ناکام واردات اور فون میں محفوظ ہوجانے والی سیلفی ویڈیو نے اسٹیشن پر ہونے والے اندھی موت کا معمہ حل کردیا۔

    بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر کلیان میں ایک ٹرین کے مسافر کا موبائل فون چوری کرنے والے ملزم کے پکڑے جانے کے بعد ایک شخص کی موت کا معمہ حل ہو گیا۔ چور کی شناخت آکاش جادھو کے نام سے کی گئی ہے۔

    آکاش نے پیر کو ایک مسافر کا فون اس وقت اس کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کی تھی جب وہ چلتی ٹرین میں سیلفی ویڈیو بنا رہا تھا۔

    مسافر زاہد زیدی اپنے فون سے ویڈیو ریکارڈنگ کر رہا تھا کہ ملزم جادھو نے فون پر جھپٹا مارا تاہم وہ موبائل چھیننے میں ناکام رہا، اس دوران زاہد کے موبائل ویڈیو میں آکاش کا چہرہ قید ہوگیا۔

    زاہد نے پولیس سے مدد طلب کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی، کلیان ریلوے پولیس نے وائرل ویڈیو کو دیکھنے کے بعد جادھو کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس افسر پندھری ناتھ کاندے نے بتایا کہ ہم نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جس کے خلاف تھانے میں پہلے سے مقدمات درج تھے جبکہ اس سے دوسرا موبائل فون بھی برآمد ہوا۔

    ہم نے اس سے پوچھ گچھ کی کہ اسے موبائل کہاں سے ملا، موبائل فون کو آن کیا گیا تو پتہ چلا کہ یہ پونے کے رہنے والے پربھاس بھانگے کا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھانگے ایک بینک میں ملازم تھا اور ہولی کے لیے پونے سے گھر جارہا تھا۔ 25 مارچ کو آدھی رات کو ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سے گر کر اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

    افسر پندھری ناتھ کاندے نے کہا کہ جادھو سے پوچھ گچھ پر ایک چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔ جادھو نے چلتی ٹرین سے موبائل چرایا تھا اور پربھاس بھانگے نے جب اپنا موبائل واپس لینے کی کوشش کی تو ٹرین سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ملز آکاش جادھو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور کیس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

  • بھارت میں 8 افراد کی 16 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی

    بھارت میں 8 افراد کی 16 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی

    مہاراشٹرا: بھارت میں 16 سالہ لڑکی کو 8 افراد نے  اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا میں ہوا جہاں ایک لڑکی کو 8 افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق لڑکی نے  بتایا کہ اسے ایک کم عمر لڑکے کی جانب سے لالچ دی گئی جس کے بعد وہ اسے ایک خالی بنگلے پر لے گیا جہاں اسے ساری رات زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہےکہ لڑکی نے یہ شکایت ہفتے کے روز درج کرائی جس میں اس نے بتایا کہ 16 دسمبر کی رات 8 بجے سے صبح 11 بجے تک اسے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، لڑکی کی شکایت پر تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

  • بھارتی گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں آ گریں (ویڈیو)

    بھارتی گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں آ گریں (ویڈیو)

    ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک گاؤں میں آسمان سے پراسرار چیزیں زمین پر آ گریں، جس نے دیہاتیوں کو خوف زدہ کر دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا پر ایسی ویڈیوز اور تصاویر کی بھرمار ہو گئی ہے جن میں آسمان سے پراسرار چیزیں گرتی دکھائی دے رہی ہیں، اور مختلف قسم کی چیزیں دیہاتیوں کو ملیں۔

    حکام نے بتایا کہ مہاراشٹرا میں چندر پور پولیس اور انتظامیہ نے ہفتے کی شام کو مبینہ طور پر آسمان سے گرنے والی دو اشیا کو قبضے میں لے لیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا خیال ہے کہ یہ پرزے کسی چینی سیٹلائٹ کے ہیں۔

    ان چیزوں میں سے ایک گول رِنگ اور ایک دھاتی صراحی نما چیز تھی جو کہ زمین پر گرنے تک گرم تھی، اِن چیزوں کے گرنے پر جہاں دیہاتی آسمانی مخلوق کے دیہات کے قریب ہی ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں وہیں انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے انھیں راکٹ کا ملبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    ہفتہ کے روز ضلع کے سیکڑوں دیہاتیوں نے آسمان پر جلتی ہوئی چیز کو دیکھا تھا، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا تھا، لیکن چندر پور انتظامیہ کے اہل کاروں نے کہا کہ صورت حال قابو میں ہے۔

    بعض صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ دونوں اشیا راکٹ کا ملبہ ہیں جن میں سے ایک کو راکٹ میں استعمال ہونے والے کیمیکل کی ٹنکی قرار دیا جا سکتا ہے۔

    ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ راکٹ میں استعمال ہونے والا یہ کیمیکل نہایت مضر صحت ہوتا ہے، ان دیہاتیوں کو اس آلے کو ہاتھ لگانا تو دور اس کے پاس کھڑے بھی نہیں ہونا چاہیے جب کہ دیہاتی اسے پکڑ کر باقاعدہ تصویریں بنوا رہے ہیں۔

    دوسری جانب چند صارفین نے مذاقاً کہا کہ یہ پراسرار چیزیں خلائی مخلوق کے ہونے کا ثبوت ہیں، ہالی ووڈ کی فلمیں جھوٹ بولتی ہیں، خلائی مخلوق امریکا سے قبل بھارت میں آئے گی۔ ایک اور انٹرنیٹ صارف کا کہنا ہے کہ یہ کچھ بھی نہیں ہے، یہ فلم کرش 4 کی پروموشن کی جا رہی ہے۔

    مہاراشٹرا کے چندر پور ضلع کی تحصیل سندواہی کے لاڈبولی گاؤں میں ہفتہ کی رات 8 بجے کے قریب 8 سے 10 فٹ قطر کی دھات کی ایک رِنگ ملی، گاؤں والوں نے جلتی ہوئی چیز کو آسمان سے گرتے ہوئے دیکھا تھا، اب اس چیز کو پولیس اسٹیشن میں رکھ دیا گیا ہے۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق آسمان سے گرتی نظر آنے والی شے کوئی شہاب ثاقب نہیں بلکہ ایک سیٹلائٹ ہے جو زمین کی فضا سے رابطے میں آنے کے بعد تباہ ہو کر مختلف علاقوں میں گرتا ہے، کام پورا ہونے کے بعد سیٹلائٹ کو عموماً کنٹرولڈ طریقے سے تباہ کر دیا جاتا ہے، لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سیٹلائٹ کنٹرول سے باہر ہو کر زمین کی فضا میں داخل ہو گیا، انھوں نے کہا کہ ریاست میں ایسا واقعہ تقریباً 15 سال بعد رونما ہوا ہے۔

  • ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    ٹینک میں ڈوبنے والے 18 سالہ لڑکوں کی لاشیں 24 گھنٹے بعد نکال لی گئیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں دو 18 سالہ لڑکے ٹینک میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ریسکیو اہلکاروں نے اگلی صبح ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنسی لاشیں باہر نکالیں۔

    افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کی تحصیل جلنا کے ایک گاؤں میں پیش آیا، نارائن راٹھور اور ناونتھ یادیو اپنے 3 اور دوستوں کے ساتھ ٹینک میں تیراکی کے لیے اترے جہاں موت ان کی منتظر تھی۔

    دونوں لڑکے جن کی عمریں 18 سال تھی، تیراکی نہیں جانتے تھے اس کے باوجود ٹینک میں کود پڑے۔

    دیگر دوستوں کے شور مچانے کے بعد مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں کو مدد کے لیے طلب کرلیا تاہم اندھیرا ہونے کی وجہ سے لاشیں ٹینک سے باہر نہ نکالی جاسکیں اور ریسکیو ٹیم نے آپریشن اگلی صبح تک ملتوی کردیا۔

    اگلی صبح تک لاشیں ٹینک کی تہہ میں کیچڑ میں دھنس گئیں جنہیں کچھ دقت کے بعد نکال لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثاتی اموات ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • مہاراشٹرا کے فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکا‘ 6 افراد ہلاک

    مہاراشٹرا کے فوجی اسلحہ ڈپو میں دھماکا‘ 6 افراد ہلاک

    مہاراشٹرا: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں فوج کے اسلحہ ڈپو میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں آج صبح فوج کے اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

    دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا ڈپومیں بارودی مواد کی منتقلی کے دوران ہوا، بارودی مواد ناکارہ بنانے کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

    بھارتی حکام کے مطابق دھماکا مہاراشٹرا کے علاقے واردھا میں واقع فوج کے اسلحہ ڈپو میں ہوا۔

    امرتسر کے گاؤں میں دھماکا‘ 3 افراد ہلاک‘ 10 زخمی


    بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں 3 روز قبل سکھوں کی مذہبی عبادت گاہ ’گردوارے‘ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

    مہاراشٹرا : اسلحے کے ڈپومیں آگ لگنے سے 20 فوجی ہلاک


    یاد رہے کہ 31 مئی 2016 کو بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پُل گاؤں میں اسلحے اور گولہ بارود کے ڈپو میں آگ لگنے سے 20 فوجی اہلکار ہلاک اور 19 زخمی ہوئے تھے۔