Tag: مہلک وائرس

  • کروناوائرس سے متعلق حیران کن انکشاف

    کروناوائرس سے متعلق حیران کن انکشاف

    واشنگٹن: امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چین میں گزشتہ سال اگست سے ہی کروناوائرس کا پھیلاؤ شروع ہوچکا تھا تاہم ابتدائی دور میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔

    امریکا میں قائم ’ہارورڈ میڈیکل اسکول‘ میں ہونے والی تحقیق کے مطابق اگست 2019 کے دوران چینی شہر ووہان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں حیران کن حد تک اضافہ شروع ہوگیا تھا، تحقیقی مطالعے کے دوران چین میں انٹرنیٹ پر سرچ کیے جانے والے طبی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    جائزے کے دوران پتا چلا کہ صارفین نے جس بیماری کے حل کے لیے انٹرنیٹ پر سرچ کیا وہ کروناوائرس کی علامات تھیں۔ مذکورہ مطالعے کی سربراہی امریکی ڈاکٹر ’جون برونسٹن‘ نے کی۔

    تحقیقی رپورٹ کے میں کہا گیا ہے کہ اگست کے بعد سے ووہان کے مختلف اسپتالوں میں مریضوں کی افزائش حیران کن حد تک دیکھی گئی جس کا انداز اسپتالوں کے باہر کھڑی گاڑیوں سے لگایا گیا، مذکورہ تمام افراد کرونا کے متاثرین تھے۔

    کرونا وائرس بچے زیادہ پھیلاتے ہیں یا بڑے؟ تحقیق سامنے آ گئی

    چین نے امریکی مذکورہ تحقیق کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ چینی وزیرخارجہ کے ترجمان ہاؤ چوائنگ نے مطالعے کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ اور سطحی مشاہدہ ہے۔

    خیال رہے کہ ’ایمجنری سیٹلائٹ‘ اور ’ٹریفک والیم‘ کی مدد سے مذکورہ تحقیق کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

  • کروناوائرس کا علاج: 72 گھنٹوں میں مریضوں کی صحت یابی کا دعویٰ

    کروناوائرس کا علاج: 72 گھنٹوں میں مریضوں کی صحت یابی کا دعویٰ

    لندن: برطانیہ میں کروناوائرس کا ایسا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے ذریعے مہلک وائرس کا مریض صرف 3 دن کے اندر اندر صحت یاب ہوسکتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کے ’’بلڈ پلازمہ‘‘ کی مدد سے دیگر مریضوں کا علاج اور تین دن کے اندر صحت یابی بھی ہوسکتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے صحت یاب مریضوں کی جانب سے عطیہ کردہ خون دیگر مریضوں کی صحت یابی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس طریقہ علاج کو ’’کونویلسنٹ پلازمہ تھیرپی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ جبکہ برطانیہ، امریکا اور چین میں اس پر عملی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

    روس نے کروناوائرس کا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کردیا

    ’’اس پلازمہ تھیرپی کی مدد سے چین میں کئی مریض تین دن میں صحت یاب بھی ہوئے۔ کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کے ایمیون سسٹم میں خاص طور پر اینٹی باڈیز ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے خون کے ذریعے دیگر مریضوں کو مہلک وائرس سے لڑنے میں مدد ملتی ہے‘‘۔

    اس طرح کے طریقہ علاج کو سب سے پہلے 100 سال قبل اسپین میں ایک وبائی مرض کے خلاف اپنایا گیا تھا۔ جبکہ حالیہ طور پر چین، امریکا اور برطانیہ میں بھی اسے عملی جامع پہنایا جارہا ہے اور مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔

    خیال رہے کہ مذکورہ علاج کے حوالے کوئی تصدیقی مراسلہ کسی بھی عالمی ادارے کی جانب سے سامنے آیا۔

  • ’’کوشش ہے زیادہ سے زیادہ کروناٹیسٹ کراچی میں کیے جاسکیں‘‘

    ’’کوشش ہے زیادہ سے زیادہ کروناٹیسٹ کراچی میں کیے جاسکیں‘‘

    کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کروناوائرس کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش ہے زیادہ سے زیادہ کروناٹیسٹ کراچی میں کیے جاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ ہم 3 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اللہ سے دعا ہے کرونا پر ہمیں قابو پانے کی طاقت دے۔

    گورنرسندھ نے کہا کہ سکھر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس سے متعلق بھی معاملہ زیرغور ہے، کروناوائرس سے لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔

    سندھ بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 267 ہوگئی

    خیال رہے کہ آج تفتان سے سکھر آئے 15 زائرین میں کرونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 267 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق کروناوائرس کے 263مریض زیر علاج ہیں، اب تک تفتان سے آئے 559 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، 242 افراد کے نتائج منفی جبکہ 166 کے مثبت آئے ہیں جبکہ کراچی میں مجموعی طورپر 101 افراد کے نتائج مثبت آچکے ہے۔

  • پاکستان میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں‌ ہوئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    پاکستان میں کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں‌ ہوئی، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کروناوائرس سے پہلے مریض کی موت کی خبر جھوٹی قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹ کیا کہ جیونیوز کی گلگت بلتستان میں کرونا سے موت کی خبردرست نہیں ہے، پاکستان میں مہلک وائرس سے اب تک کوئی موت نہیں ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ گلگت کے مریض کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، میڈیا سے درخواست ہے کہ جلدی میں خبر دینے کے بجائے پہلے معاملے کی تصدیق کرلیا کریں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کروناوائرس سے پہلی موت کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔

    پاکستان میں کرونا وائرس سے پہلی موت، مریضوں‌ کی تعداد 247 تک پہنچ گئی

    جبکہ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کرونا کی پہلی موت کی تصدیق بھی کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ انتقال کر جانے والے شخص کی عمر نوے برس تھی اور اُس کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے چلاس سے تھا۔

    تاہم اب وفاقی حکومت نے خبر کی تردید کردی ہے۔

  • کروناوائرس: 105 سالہ معمر خاتون نے خوشی کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا

    کروناوائرس: 105 سالہ معمر خاتون نے خوشی کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا

    لندن: برطانیہ میں کروناوائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باوجود بلاخوف وخطر ضعیف خاتون نے اپنے جنم دن کی خوشیاں منائیں اور طویل عمر پانے کے گر بھی بتائے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’ ایلن میتھیوس‘‘ نامی معمر خاتون نے اپنا 105واں یوم پیدائش برطانیہ کے علاقے ’نورتھمٹن‘ کے ایک قہوہ خانے میں منایا، اس دوران ان کے خاندان کے افراد بھی موجود تھے۔

    کروناوائرس کے پیش نظر برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی سی صورت حال ہے، کئی کاروباری دفاتر بند جبکہ متعدد علاقوں میں اسکول اور ریستوان بھی بند ہیں لیکن اس کے باوجود مذکورہ خاتون نے اپنے جنم دن کی خوشیاں پرتپاک انداز میں ایک قہوہ خانے میں منائیں۔ ایلن میتھیوس 17 مارچ 1915 میں پیدا ہوئیں۔

    اپنی اس طویل عمر کے دوران ضعیف خاتون نے ملک کے 25 وزرائے اعظم کے تبادلوں سمیت بادشاہت کے چار ادوار بھی دیکھے۔ جبکہ جنگ عظیم اول اور دوم سے بھی گزریں۔

    انہوں نے اپنی طویل عمری کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے ہمیشہ مشکلات کا ڈٹ کر سامنا کریں اور جواں مردی سے پیش آئیں، مہلک وائرس کے خوف کو خاطر میں لائے بغیر اس انداز میں خوشیاں منانے کا پہلے سے ہی منصوبہ تیار کرلیا تھا۔

  • کرونا وائرس روک تھام، واٹس ایپ نے اہم سہولت متعارف کرادی

    کرونا وائرس روک تھام، واٹس ایپ نے اہم سہولت متعارف کرادی

    سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپ لیکیشن واٹس ایپ نے کرونا وائرس سے متعلق پھیلنے والی بے بنیاد معلومات کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے اہم اعلان کردیا۔

    واٹس ایپ صارفین کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے ایک دوسرے کو غیر تصدیق شدہ معلومات اور احتیاطی تدابیر بذریعہ میسج ارسال کی جارہی تھیں جس کی وجہ سے پیغام موصول کرنے والا شخص بیشتر اوقات پریشان بھی ہوجاتا تھا۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق واٹس ایپ پر چالیس فیصد سے زائد صارفین ایک دوسرے کو غیر تصدیق شدہ پیغامات ارسال کررہے تھے، جن میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ہلاکتیں، لاک ڈاؤن اور کرونا کی علامات و احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا جارہا تھا۔

    فیس بک، انسٹاگرام کے بعد اب واٹس ایپ نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر جعلی پیغامات ارسال کرنے والوں کی حوصلی شکنی کے لیے اہم اقدامات کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، یو این ڈی پی کے اشتراک سے واٹس ایپ کرونا وائرس سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مرکز بن گیا جہاں صارفین کو مستند معلومات فراہم کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا ایک اور زبردست فیچر متعارف

    اس ضمن میں واٹس ایپ نے ایک پورٹل متعارف کرایا جہاں صارفین کو کرونا وبا سے متعلق ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی اور یہی معلومات صارف کو فیس بک ، انسٹاگرام پر بھی دستیاب ہوں گی۔

    واٹس ایپ، ویب سائٹ

    علاوہ ازیں واٹس ایپ نے جعلی معلومات اور بے بنیاد خبروں کو روکنے کے لیے انٹرنیشنل فیکٹ چیکنگ نیٹ ورک کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں، اس مقصد کے لیے واٹس ایپ نے دس لاکھ ڈالر کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا۔

    کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ہمارے صارفین کرونا بحران کے حوالے سے پریشان ہیں اور وہ اپنے دوستوں، بہن بھائیوں کی وقتاً فوقتاً خیریت جاننا چاہتے ہیں، ڈاکٹر، مریض، طالب علم اور استاد ایک دوسرے سے رابطے رکھنے کے لیے واٹس ایپ استعمال کررہے ہیں‘۔

    ’ہم چاہتے ہیں کہ آسان اور سادہ طریقے سے صارفین کو مستند معلومات فراہم کریں، اس حوالے سے کمپنی نے اقدامات شروع کردیے تاکہ پلیٹ فارم کو افواہوں اور غیر تصدیق شدہ خبروں سے محفوظ رکھا جاسکے، واٹس ایپ جعلی پیغامات کی نہ صرف حوصلہ شکنی کرے گا بلکہ ہم ان کی تصدیق کے لیے بین الاقوامی اداروں سے رابطے بھی کریں گے تاکہ درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے‘۔

    واٹس ایپ معلوماتی مرکز کی سہولت کو کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟

    کرونا وائرس کے حوالے سے واٹس ایپ کی جانب سے بنائے جانے والے معلوماتی پورٹل کو صارف whatsapp.com/coronavirus پر جا کر استعمال کرسکتا ہے جہاں اُن کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

  • کروناوائرس کے بعد پراسرار بیماری پھیلنے لگی، لوگ مرنا شروع

    کروناوائرس کے بعد پراسرار بیماری پھیلنے لگی، لوگ مرنا شروع

    ادیس ابابا: کروناوائرس کے بعد پراسرار بیماری نے افریقی ملک اتھوپیا میں کئی زندگیاں نگل لیں، مہلک مرض میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی آنکھوں اور منہ سے خون بہتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم اور لاعلاج بیماری نے اتھوپیا میں شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارنا شروع کردیا، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سائنسدان  اور ماہرین مذکورہ بیماری کی شناخت اور اس کے علاج کے لیے سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔

    اتھوپین اسپتال میں مریض دم توڑتے جارہے ہیں، مریضوں کو دی جانے والی ادویات بھی کام نہیں آرہیں۔ جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مذکورہ بیماری کروناوائرس کی نوعیت کی ہوسکتی ہے تاہم اب تک عالمی ادارے نے تصدیق نہیں کی۔

    اس بیماری کو کونگو وائرس کی طرز کا بھی کہا جارہا ہے، کیوں کہ مہلک مرض میں مبتلا ہونے والے مریضوں کے منہ اور آنکھوں سے خون بہتا ہے اور وہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، جبکہ کونگو وائرس میں بھی یہی علامات ہوتی ہیں۔ تاہم اتھوپیا میں پھیلنے والی پراسرار بیماری کا اب تک کوئی نام سامنے نہیں آیا۔

    Image result for 'Disease X' feared to have hit Ethiopia as dying villagers 'bleed from eyes'

    خیال رہے کہ سوڈان اور یوگانڈا میں 2018 میں کونگو وائرس کے سیکڑوں کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے کئی ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اتھوپیا میں پراسرار مرض 23 سالہ خضر عابدی نامی شہری کی جان لے چکا ہے، دریں اثنا دیگر اموات کی بھی اطلاعات ہیں جن کی تاحال شناخت سامنے نہیں آئیں۔

    غیرملکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مرض سے دو سالہ بچہ بھی ہلاک ہوا ہے۔

  • پاکستان میں کروناوائرس کے مریضوں میں اضافہ، مزید کیسز سامنے آگئے

    پاکستان میں کروناوائرس کے مریضوں میں اضافہ، مزید کیسز سامنے آگئے

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں کروناوائرس کے 2 مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے، ایک متاثرہ مریض کا تعلق کراچی اور دوسرے کا وفاق سے ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلے متاثرہ مریضوں میں سے ایک بہت جلد ڈسچارج ہونے والے ہیں، پہلا مریض صحتیاب ہوگیا ہے جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے، دونوں مریض روبصحت ہیں، جبکہ نئے رپورٹ ہونے والے کیسز میں دونوں مریضوں کا علاج جاری ہے، امید ہے وہ بھی جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

    پاکستان میں‌ کرونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق

    معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ایئر ٹریفک معطل ہے، زائرین کی واپسی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ایران سے فلائٹ آپریشن مناسب وقت پر شروع کیا جائے گا، کرونا کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر کافی دنوں سے کام ہورہا ہے، میڈیا کوشش کرے مریض کی معلومات زیادہ نہ دے۔

    معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ تفتان پر زائرین کی واپسی کے لیے پلان موجود ہے، ماسک ہر کسی کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جہاں ماسک کی ضرورت ہو وہاں ماسک استعمال کریں، ماسک کو لے کر لوگ کاروبار کررہے ہیں، افسوس کی بات ہے، ماسک سے متعلق ایڈوائزری کل جاری کی جائے گی۔

  • گلگت میں کروناوائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات

    گلگت میں کروناوائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات

    گلگت: گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر حفاظتی انتظامات شروع کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری صحت کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی نے گلگت اور اسکردو میں مختلف سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت کا دورہ بھی کیا۔

    گلگت میں2، بلتستان میں 2اسپتال میں خصوصی وارڈز قائم کردیئے گئے، حفاظتی اقدامات ہمسایہ ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کے باعث کیے گئے۔

    دوسری جانب ایران میں کروناوائرس سے اموات اور دو درجن سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان الرٹ ہوگیا ہے۔ تفتان بارڈر سمیت ٹرانزٹ گیٹ، راہداری اور پاسپورٹ گیٹ بھی بند کردیے گئے۔

    خیال رہے کہ حالیہ دنوں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ انٹری پوائنٹس پرعالمی ہیلتھ ریگولیشن پرعمل ہورہا ہے تاحال پاکستان میں کروناوائرس کاکوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ بلوچستان خود کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں نہایت مہلک وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 698 تک پہنچ گئی۔

  • تین صوبے کروناوائرس کی لپیٹ میں آگئے، ٹرین کے داخلے پر پابندی

    تین صوبے کروناوائرس کی لپیٹ میں آگئے، ٹرین کے داخلے پر پابندی

    میلان: اٹلی میں اب تک کروناوائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 7 ہوگئی، یہ مہلک وائرس ملک کے تین صوبوں تک پہنچ چکا ہے جبکہ مزید آگے منتقلی کا بھی خدشہ سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اٹلی میں کروناوائرس کے تیزے سے پھیلنے اور اموات کے باعث حکومت کو شدید تشویش ہے۔ جبکہ آسٹریا نے اٹلی میں ٹرین کے داخلے پر پابندی لگا دی۔

    محکمہ صحت کے مطابق تقریبا تین صوبے اب تک کرونا وائرس کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ میلان میں اس وقت تک 272افراد کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اٹلی کے صوبے لومباردیا میں اسکول غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، سماجی محافل اور جلسے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    کرونا وائرس سے اٹلی میں بھی خوف و ہراس، اسکول اور عبادت گاہیں بند

    عبادت گاہوں میں لوگوں کا جمع ہونا بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، صوبے میں صرف سرکاری دفاتر ہی کھلے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ قاتل کرونا وائرس نے ایران میں بھی 7 افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ 28 سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد تہران سمیت کئی شہروں میں جامعات ایک ہفتے کے لیے بند کر دیے گئے، سینما ہالز پر بھی تالے پڑ گئے، تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ایران کے سفر سے روک دیا۔