Tag: مہمند

  • سیکیورٹی فورسز کا مہمند اور تیراہ میں زیتون کی شجرکاری مہم کا آغاز

    سیکیورٹی فورسز کا مہمند اور تیراہ میں زیتون کی شجرکاری مہم کا آغاز

    خیبر: سیکیورٹی فورسز نے مہمند اور تیراہ(ضلع خیبر) میں محکمہ زراعت خیبر پختونخواہ کے تعاون سے زیتون کی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مہمند اور تیراہ(ضلع خیبر) میں محکمہ زراعت خیبر پختونخواہ کے تعاون سے زیتون کی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد "پاکستان میں کمرشل پیمانے پر زیتون کی کاشت کو فروغ دینا” ہے۔

    محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ فورسز  کے ساتھ اس مہم کو بہتر موسمی حالات میں پیوند کاری کے ذریعے زیتون کی پیداوار کو بڑھانا ہے۔

    مہم میں قدرتی طور پر پائے جانے والے زیتون کی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے جنگلی زیتون کی پیوند کاری شامل ہے، مہمند میں مجموعی طور پر 2216 زیتون کے درخت لگائے گئے ہیں۔

     اس کے علاوہ 5029 جنگلی زیتون کے درختوں کی پیوند کاری بھی کی گئی ہے جن میں مجموعی طور پر 13,950 بیج بوئے گئے ہیں۔

    ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں کل 1000 اطالوی Arbequina Olive Stem کی پیوند کاری کی جا رہی ہے تاکہ آنے والے سالوں میں پیداوار کو بہتر بنایا جا سکے۔

     اس سلسلہ میں بڑی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ کم سے کم مدت میں بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

  • خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

    خیبر پختون خوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، ضلع مہمند میں دیہات کے آپس میں رابطے منقطع ہو گئے، ضلع بشام میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے کوہستان میں کئی مکانات بہہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں ضلع مہمند میں صبح پانچ بجے سے شروع ہونے والی شدید بارش نے سیلابی ریلوں کی شکل اختیار کر لی ہے، جس کی وجہ سے راستے بند اور سڑکیں بہہ گئی ہیں۔

    ضلع مہمند کی تحصیل علیم زئی کے مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے سڑکیں بہا کر لے گئے ہیں، چندا ڈیم اور گنداو ڈیم سمیت جتنے بھی ڈیمز ہیں وہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بھر چکے ہیں، سیلابی ریلوں کی وجہ سے دیہات کے آپس میں رابطے بھی منقطع ہو گئے، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش مزید جاری رہے گی۔

    مہمند کی تحصیل پنڈیالی سکندر خیل کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث چھوٹا پل بہہ گیا، تحصیل کے ایک اور علاقے دررہ کا روڈ بھی سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے۔

    شانگلہ کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بشام شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش برس رہی ہے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    کوہستان کی وادی کندیا میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، اور کئی مکانات بہہ گئے، گزشتہ رات سے مون سون بارشوں کے سلسلے میں تیزی آ گئی ہے، جس سے ندی نالوں سمیت دریائے سندھ کے پانی کے بہاؤ میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے شانگلہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، علاقے کا لنک روڈ بھی بند ہو چکا ہے، ادھر بونیر میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ چکی ہے۔

    چترال کے مختلف مقامات پر بارشوں کے نتیجے میں سیلابی ریلوں سے نقصانات کی اطلاعات ہیں، چترال میں گرم چشمہ، گبور اور موشین گول سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، گرم چشمہ روڈ مختلف مقامات پر سیلاب کی نظر ہو چکی ہے، جب کہ سلیم روڈ اوشیاک کے مقام پر سیلابی ریلے کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

    وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کرنے کے لیے انتظامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    ادھر سندھ کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جن میں ٹھٹھہ، مکلی، گھاروگجو، غلام اللہ، جنگشاہی، جھمپیر، اور میرپورساکرو شامل ہیں، جہاں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مختلف دیہات کا شہری آبادی سے زمینی رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔

    راجن پور میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور گلیاں محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ میراں پورسون واہ بکھر کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی بستیوں میں داخل ہو گیا ہے، بستی پنجابی اور دیگر علاقے زیر آب آ گئے، لوگوں نے سیلابی پانی میں کھلے آسمان تلے رات گزاری، رہائشی علاقوں کو مزید شدید خطرہ لاحق ہے۔

  • وزیر اعظم کی قبائلی علاقوں میں 3 اور 4 جی سروسز پہنچانے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی قبائلی علاقوں میں 3 اور 4 جی سروسز پہنچانے کی ہدایت

    مہمند: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ سے انضمام کے بعد قبائلی لوگوں کو آگے لانے کا موقع ملاہے، 3 اور 4 جی سروسز قبائلی علاقوں میں لانے کی ذمہ داری مراد سعید کو دیتا ہوں۔ مشکل وقت سے گزر گئے، اب انشا اللہ اچھا وقت آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مہمند پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر مہمند کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم نظریے پر بنا تھا، مسلمانوں کے لیے مدینہ کی ریاست نبی کی سنت ہے۔ مدینہ کی ریاست پر زندگی میں پیچھے رہنے والوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ احساس پروگرام بھی مدینہ کی ریاست کے ماڈل کے مطابق ہے۔ قبائلی علاقے کے لوگ دیگر پاکستان سے پیچھے رہ گئے ہیں، سب سے زیادہ غریب لوگ قبائلی علاقوں میں رہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوکریوں کے لیے قبائلی لوگ دیگر شہروں اور ممالک میں جاتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا سب سے زیادہ نقصان قبائلی علاقوں میں ہوا۔ قبائلی علاقے پختونخواہ میں ضم ہوئے اور الیکشن ہوئے، کوئی بھی یہ نہیں سمجھتا تھا کہ قبائلی علاقے ضم ہوجائیں گے۔ اب ہمیں قبائلی لوگوں کو آگے لانے کا موقع ملا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ٹیکنالوجی دے دی جائے تو بہت ترقی ہوگی، پورے مہمند میں زیتون کے باغات لگائیں گے، باغات لگانے سے ہمیں باہر سے زیتون منگوانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ احساس پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے نوجوانوں کو قرضے دے رہے ہیں۔ آمدنی بڑھانے کے لیے خواتین کو گائے، بھینسیں اور مرغیاں لے کر دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر سال نوجوانوں کو اسکالر شپس دیں گے، قبائلی علاقوں کے ڈھائی ہزار نوجوانوں نے اسکالر شپس کے لیے اپلائی کیا ہے۔ مہمند میں بہترین قسم کا سنگ مرمر کا ماربل ملتا ہے۔ مہمند میں سنگ مرمر کی انڈسٹری لگائیں گے۔ مہمند ڈیم سے قبائلی علاقوں میں پینے کا پانی فراہم کریں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب میں قبائلی علاقوں کی بات کرتا تھا اس وقت کوئی بات نہیں کرتا تھا، قبائلی علاقوں کی آواز اب صوبائی اسمبلی میں اٹھے گی۔ 3 جی، 4 جی قبائلی نوجوانوں کا حق ہے۔ 3 اور 4 جی سروسز قبائلی علاقوں میں لانے کی ذمہ داری مراد سعید کو دیتا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمران پیسہ لوٹ کر باہر جائیں تو ملک غریب ہوتا ہے، کبھی ایسی جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کے لیڈرز کا پیسہ ملک سے باہر ہو۔ ہم نے نظام ٹھیک کرنا شروع کردیا ہے، مشکل وقت سے گزر گئے، اب انشا اللہ اچھا وقت آئے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج قبائلی علاقے باجوڑکا دورہ کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج قبائلی علاقے باجوڑکا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج خیبرپختونخواہ کے اضلاع باجوڑ اور مہمند کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج قبائلی علاقے باجوڑ اور مہمند کا دورہ کریں گے، فاٹا کے انضمام کے بعد یہ وزیراعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔

    گورنرخیبرپختونخواہ شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، افتخار درانی، وفاقی اور صوبائی وزرا بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    وزیراعظم عمران خان ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں قبائلی عمائدین سے خطاب کریں گے اور ضلع مہمند کے علاقے غلنئی میں نئے تعمیر شدہ کیڈٹ کالج کا افتتاح کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان ضلع مہمند میں بھی قبائلی عمائدین سے خطاب کریں گے، توقع ہے کہ وزیراعظم اس موقع پردونوں اضلاع کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے شاکس لیویز سینٹر میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فاٹا میں پانچ سال تک کوئی ٹیکس لاگو نہیں کیا جائے گا، قبائلی اضلاع میں نئے اسکول اور صحت کے مراکز کو آباد کریں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قبائلی عوام کو ان کا حق دلوائے گی اور تمام نقصانات کا ازالہ کرے گی۔

  • مہمند: مقامی انتظامیہ کا بچوں اور خواتین کے لیے پارکس کا تحفہ

    مہمند: مقامی انتظامیہ کا بچوں اور خواتین کے لیے پارکس کا تحفہ

    پشاور: قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر مقامی انتظامیہ نے بچوں اور خواتین کی تفریح کے لیے خستہ حال کمیونٹی پارکوں کو دوبارہ بحال کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مہمند ایجنسی واصف سعید کی ہدایت پر مقامی انتظامیہ نے علاقے کے خستہ حال پارک کو بحال کر کے بچوں اور خواتین کے لیے کھول دیا۔ مذکورہ پارک کی مرمت اور بحالی پر آنے والے اخراجات مقامی انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت خود ادا کیے۔

    اعلامیے  کے مطابق خواتین اور بچوں کے لئے اس طرح کے پارکوں کی تعمیر اور اُن کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جس کے لیے  ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر  باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق مکینوں کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے وسائل کی تخصیص، زمین کی خریداری اور وقت کا تعین ایک اہم ضرورت ہے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں موجود تعلیمی ادارں میں کھیل کود کے میدان دوبارہ تعمیر کیے جائیں تاکہ طلباء کی زیادی سے زیادہ تعداد مستفید ہو۔

    مقامی حکومت کا ماننا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے میدان قائم ہونے سے مقامی بچے دن کے وقت کھیل سکیں گے جبکہ دوپہر کے بعد خواتین اسے بطور کمیونٹی پارک استعمال کریں گے۔

    اس ضمن میں سرگرمی کے لئے فنڈز کا اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت کیا گیا جس میں مقامی لوگوں نے اپنے طور پر رضا کارانہ تعاون پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں قلیل وسائل کے باعث 10 تعلیمی اداروں میں کھیل کود کے میدان قائم کیے گئے جس سے 21ہزار سے زائد طالبات لطف اندوز ہوں گے۔

    علاوہ ازیں منتخب اسکولوں سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر کُل 114 تعلیمی اداروں میں 14703 طلباء زیرِ تعلیم ہیں، ضلع مہمند کی تمام تحصیلوں میں قائم کیے جانے والے کمیونٹی پارکس سے مقامی بچے اور خواتین لطف اندوز ہوسکیں گے۔

  • ڈیموں کی تعمیر، شاہد آفریدی کا 15 اور حمزہ عباسی کا 3 لاکھ عطیہ دینے کا اعلان

    ڈیموں کی تعمیر، شاہد آفریدی کا 15 اور حمزہ عباسی کا 3 لاکھ عطیہ دینے کا اعلان

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے چیف جسٹس اور پاک فوج کے اقدامات قابل تحسین ہیں، ملک میں ڈیمرز  وقت کی عین ضرورت ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہد آفریدی نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے اپنی جیب سے 5 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا جبکہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی طرف سے انہوں نے 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’سب مل کر آنے والی نسلوں کے لیے اپنا حصہ ڈالیں، عطیے کی رقم وطن واپسی پر جمع کرادوں گا‘۔

    دوسری جانب معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بینک میں جمع کرائے گئے عطیے کی رسید شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے 3 لاکھ روپے جمع کرائے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہوں نے لکھا کہ ’میں نے اس مہم میں اپنا حصہ ڈال دیا اب باقی لوگ بھی کردار ادا کریں، ڈیموں کی تعمیر کے مسئلے پر چیف جسٹس پر میں مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں‘۔

    اداکار  نے اپنے مداحوں اور دیگر پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں بڑھ چڑ کر حصہ لیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔