Tag: مہمند ایجنسی

  • مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند میں 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کردیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے قبائلی علاقے مہمند کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ نے 2 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر گورسل اور سرلڑہ روڈ کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 10 سالہ ترقیاتی منصوبوں کے پہلے 2 سال پلاننگ میں لگنے تھے، اب ہم سرمایہ کاری کی طرف جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، آج کے دورے میں مامد گٹ اسپتال کا افتتاح بھی ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ بنانا ہے، تمام وعدے پورے کریں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم نے مہمند کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔

    وزیر اعظم نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں کی روایتیں تبدیل نہیں ہوں گی، قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا، طے کیا جا رہا ہے ترقیاتی کاموں پر فنڈز کا کیسے استعمال کیا جائے۔

  • وزیر اعظم کا مہمند ایجنسی کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان

    وزیر اعظم کا مہمند ایجنسی کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان

    پشاور: وزیر اعظم عمران خان نے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان قبائلی علاقے مہمند ایجنسی پہنچے، گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان سمیت وفاقی وزرا بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

    اس موقع پر وزیرِ اعظم کو انتظامی اصلاحات اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ مہمند کے علاقے غلنئی میں وزیر اعظم نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کی روایتیں تبدیل نہیں ہوں گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی علاقے اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے ترقی بھی کریں گے، قبائلی علاقے کو پہلے علاقہ غیر کہتے تھے۔ قبائلی علاقوں میں انضمام کے بعد ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا، طے کیا جا رہا ہے ترقیاتی کاموں پر فنڈز کا کیسے استعمال کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے علاقے کے لیے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ ایک غریب آدمی کے لیے بڑی نعمت ہے۔ صحت کارڈ سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوگی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے لوگوں کو روزگار اور اعلیٰ تعلیم ملے، حکومتی اقدامات سے علاقے کو بڑا فائدہ ہوگا۔

  • مہمند ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن ضرغام فرید فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک

    مہمند ایجنسی میں شہید ہونے والے کیپٹن ضرغام فرید فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک

    خوشاب : مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کوناکارہ بناتے ہوئے شہید ہونے والے کیپٹن ضرغام فرید کو آبائی علاقے خوشاب میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے شہید ہونے والے کیپٹن ضرغام فرید کی نمازجنازہ سرگودھا میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    جس کے بعد کیپٹن ضرغام کو خوشاب کے نواحی علاقے ٹبہ قائم دین میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    اس سے قبل کیپٹن ضرغام کی نماز جنازہ پشاورمیں ادا کی گئی جس میں گورنر کےپی،صوبائی وزرا، کورکمانڈر پشاور، آئی جی ایف سی،ڈی جی آئی ایس پی آرسمیت سول وفوجی حکام نے شرکت کی، جس کے بعد شہید کا جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: دہشت گردی کی روک تھام میں قوم کا فرزند کیپٹن زرغام شہید: آئی ایس پی آر

    یاد رہے گذشتہ روز کیپٹن ضر غام مہمند میں بارودی سرنگ ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوگئے تھے جبکہ سپاہی ریحان زخمی ہوا تھا ،جسے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    وزیراعظم نے کیپٹن ضرغام کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا تھا کہ وطن کی مٹی پرقربان بہادر جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے  گی، بہت جلد وطن کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائیں گے۔؎

  • مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی میں نیشنل بینک اعتماد اسلامی بینکاری کی برانچ کا افتتاح

    مہمند ایجنسی : نیشنل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سعید احمد نے مہمند ایجنسی کے علاقہ غالانائی میں نیشنل بینک آف پاکستان اعتماد اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح کردیا۔

    بینک کے اس اقدام کا مقصد شدت پسندی سے متاثرہ علاقہ میں اسلامی فنانسنگ کے طریقوں سے مالی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

    تقریب کے موقع پر سعید احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کی جانب سے کی جانے والی سخت کوششوں سے بالآخر مہمند ایجنسی میں امن قائم ہو گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک نے خطے کے اس حصے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کے لیے علاقے میں اعتماد اسلامی بینکاری کی شاخ کھولی ہے۔

    ہم تاجروں اور مقامی لوگوں کے لیے اسلامی طریقہ کار پرمبنی فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے رہے ہیں جو انہیں مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

    نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے10چنگ چی رکشوں کا اعلان بھی کیا جو تعلیم کے فروغ کی غرض سے طالب علموں کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • ہم اپنے بہادرسپاہیوں کوسلام پیش کرتے ہیں‘ ترجمان دفترخارجہ

    ہم اپنے بہادرسپاہیوں کوسلام پیش کرتے ہیں‘ ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد: دفترخارجہ کےترجمان نفیس ذکریا کا کہناہےکہ سرحد پار سےکیےجانے والے دہشت گردحملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اپنے پیغام میں سرحد پار سے کیےجانے والےحملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

    نفیس ذکریا نے کہاکہ ہم اپنے بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نےدہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنانے کےلیے اپنی جانیں قربان کیں۔

    مزید پڑھیں:مہمند ایجنسی میں دہشتگردوں کا پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملہ‘5اہلکار شہید

    خیال رہےکہ گزشتہ رات مہمندایجنسی میں دہشت گردوں نے3پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملے کی کوشش کی،فائرنگ کےتبادلےمیں 5جوان شہید ہوئے،پاک فوج نےجوابی کارروائی میں 10دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔

    واضح رہےکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے دہشت گردوں کے خلاف موثر جوابی کارروائی کوسراہا اور وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والےجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • مہمند ایجنسی: پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملہ‘ 5اہلکار شہید‘ 10دہشت گردہلاک

    مہمند ایجنسی: پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملہ‘ 5اہلکار شہید‘ 10دہشت گردہلاک

    مہمند ایجنسی :قبائلی علاقے مہمندایجنسی میں دہشت گردوں نے 3 پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملے کی کوشش کی، فائرنگ کےتبادلےمیں 5 جوان شہید ہوئے۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 10دہشت گردوں کوہلاک کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان میں وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں گزشتہ رات افغانستان سے دہشت گردوں کے3پاکستانی چیک پوسٹوں پرحملےمیں 5اہلکار شہید جبکہ 10دہشت گرد مارے گئے۔

    پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کاکہناہےکہ دہشت گردوں کی جانب کیے جانے والے حملے میں پاک فوج کے جوان نائیک ثنااللہ،نائیک صفدر،سپاہی الطاف ،سپاہی انور،سپاہی نیک محمد شہید ہوئے۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید نے دہشت گردوں کے خلاف موثر جوابی کارروائی کوسراہا اوروطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والےجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاک فوج کےسربراہ نےکہاکہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اور سرحد پر افغانستان کی جانب سےموثرسیکورٹی کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردوں کی آزادانہ آمدورفت کو روکاجاسکے۔

    مزید پڑھیں:بلوچستان میں پاک فوج کی کارروائی، بھاری تعداد میں‌ گولہ بارود برآمد

    یاد رہےکہ دوروز قبل بلوچستان میں پاک فوج کے جوانوں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں‌ گولہ بارود سمیت دیگر تخریب کاری کا سامان تحویل میں لے لیاتھا۔

    مزید پڑھیں:بنوں میں کارروائی: لیفٹیننٹ اور نائیک شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہےکہ رواں ماہ 2مارچ کو سیکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے لیفٹیننٹ خاور اور نائیک شہزاد شہید ہوگئے تھے۔

  • تحمل کی پالیسی کے ساتھ بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، آرمی چیف

    تحمل کی پالیسی کے ساتھ بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، آرمی چیف

    مہمند ایجنسی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ بہادر قبائلی عوام، پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان مربوط اور منظم رابطے کے زریعے ہی دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق یہ بات آرمی چیف نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرنے والے سپایوں کے گھر تعزیت اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران کہی۔

    آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ ملک دشمن ایجنسیاں علاقے کے امن سے کھیلنا بند کریں اور یاد رکھیں کہ ہم تحمل کی پالیسی کے ساتھ ساتھ بھرپور جواب دینے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردگروپ افغانستان میں دوبارہ جمع ہو رہے ہیں اور وہاں سے حملہ آور سرحد کے پار کر کے ہماری سرزمین کو نشانہ بنا رے ہیں جب کہ پاک فوج اپنے دفاع مین سرحد پار حملوں کا موثر انداز میں جواب دے رہی ہے۔

    آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہماری سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہیں ہورہی ہے اور ہماری اس تحمل کی پالیسی پر دیگر ممالک بھی مثبت ردعمل دیں۔

    ispr-post

    انہوں نے کہا کہ شہریوں کےتعاون سےدہشت گردی کوشکست ہو رہی ہے دہشت گرد ہمارے معاشرے میں نا اتفاقی پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن ہمیں متحد رہ کر دہشت گردوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

    آرمی چیف نے مہمند ایجنسی حملے کو ناکام بنانے والے اہلکاروں اور گزشتہ ہفتے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کو روکنے کی کوشش میں جام شہادت پانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کے جذبوں کی تعریف کی اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات میں تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

    قبائلی عمائدین سے اپنے خطاب میں آرمی چیف نے اعلان کیا کہ قبائلی علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیگرسہولتیں فراہم کریں گے اس موقع پر کور کمانڈر پشاور سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

  • مہمند ایجنسی حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرعام

    مہمند ایجنسی حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرعام

    پشاور : مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کےدفتر کے دروازے پر دھماکے میں 3 خاصہ داروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے تھے حملے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مہمندایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے میں حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی جسےگیٹ پر موجود لیویز اہلکاروں کی بروقت کارروائی کر کے حملہ ناکام بنادیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر پر خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چادر لپیٹے حملہ آور کی فائرنگ کرتے ہوئے دفترمیں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنادیا تا ہم اس دوران ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جب کہ دوسرے کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا۔

    *مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

    مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک*

    واضح رہے مہمندایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر پر حملے میں3 لیویز اہلکار سمیت پانچ افراد شہید ہوئے جس کے بعد ایف سی نے غلنئی میں سرچ آپریشن کے دوران مقابلے کے دوران پانچ دہشت گردوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

  • مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    مہمند ایجنسی، ایف سی کی کارروائی، پانچ دہشت گرد ہلاک

    پشاور : قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکے کے بعد غلنئی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران غلنئی کے علاقے میں دہشت گردوں سے مڈبھیڑ میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان فرنٹیئر کانسٹبلری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران شیخ بانڈہ میں غلنئی کے علاقے کے قریب دہشت گردوں سے مقابلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے کمین گاہوں کے قریب پہنچ گئے تھے جسے بھانپتے ہوئے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورس پر فائرنگ کردی تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    و اضح رہے کہ آج مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پالیٹکل انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر خود کش دھماکے میں 3 خاصہ دار اہلکار سمیت 6 افراد شہید ہو گئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد کا ساتھی بھی ہلاک ہوا تھا۔

    بعد ازاں پشاور کے علاقے حیات آباد میں بھی دہشت گردوں نے جج کی گاڑی کو نشانہ بناکر دھماکے سے اُڑادیا کیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید جب کہ 18افراد زخمی ہوگئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

    مہمند ایجنسی میں دہشت گرد حملہ، 5 افراد جاں بحق

    مہمند ایجنسی: فاٹا کے ضلعے مہمند ایجنسی میں لیویز ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر خود کش حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل غلانئی میں 2 خودکش حملہ آوروں نے پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن کی رہائشی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

    لیویز اہلکاروں نے حملہ آوروں کو اندر جانے سے روکا، جس پر ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ کے قریب اپنے آپ کو اڑا لیا۔ دھماکے میں 3 خاصہ داروں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے حملہ آور کو سیکیورٹی فورسز نے اسی وقت ہلاک کردیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق واقعے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کی اطلاع تھی۔

    دھماکےمیں پولیٹکل انتظامیہ کے دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی علاقے میں واقع مہمند رائفلز کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 خود کش حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو روکتے ہوئے ہلاک کردیا۔

    واقعے میں ایف سی کے 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل ستمبر 2016 میں مہمند ایجنسی کی تحصیل انبار میں مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں 36 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔