Tag: مہم شروع کرنے کا اعلان

  • محکمہ ریلوے میں کلین، گرین اور خوش اخلاقی مہم شروع کرنے کا اعلان

    محکمہ ریلوے میں کلین، گرین اور خوش اخلاقی مہم شروع کرنے کا اعلان

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کلین، گرین اور خوش اخلاقی ریلوے مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے ہم اپنی ٹرینوں اور اسٹیشنوں کی صفائی کا آغاز کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہی، وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنی ویڈیو میں کلین، گرین اور خوش اخلاقی ریلوے مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم تا28فروری کلین، گرین، خوش اخلاقی ریلوے مہم شروع کررہے ہیں۔

    کلین، گرین مہم میں ٹرینوں، اسٹیشنوں اور پلیٹ فارمز پر صفائی کریں گے اور ریلوے اسٹیشنوں کے اطراف درخت لگائے جائیں گے، اس مہم میں ریلوے کا عملہ مثالی خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے مسافروں کو بہترین سروس فراہم کرے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک مہینہ جاری رہنے والی اس ریلوے مہم کی نگرانی میں خود کروں گا، پورے مہینے عوام سے ٹرینوں اور پلیٹ فارمز پر جاکر ملوں گا اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کوشش کی جائے گی۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی کلین، گرین اور خوش اخلاق ریلوے مہم کا حصہ بنیں اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت ریلوے میں عوام کی سہولت کیلئے شکایتی سیل قائم کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔

    وزیر اعظم کے وژن کے مطابق مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ریلوے سروس کو مزید بہتر کیا جائے گا، پاکستان ریلویز سے بد عنوانی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔