Tag: مہنگائی کے خلاف احتجاج

  • جماعت اسلامی کراچی کا مہنگائی کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    جماعت اسلامی کراچی کا مہنگائی کے خلاف آج احتجاج کا اعلان

    کراچی: جماعت اسلامی کراچی نے مہنگائی کے خلاف آج شام شارع فیصل پر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو پوری طاقت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، اس کے خلاف کراچی سمیت پورا پاکستان میدان میں نکلے اور احتجاج کرے۔

    انھوں نے کہا ہم پر مسلط آئی ایم ایف کی کٹھ پتلی حکومت انتخابات کرانے کے علاوہ سب کچھ کر رہی ہے، اس کا مینڈیٹ لوگوں کو خود کشی کرنے پر مجبور کرنا اور بجلی کے بلوں سے تنگ آئے لوگوں پر پیٹرول بم گرانا ہے، اس وقت ملکی صورت حال کسی ڈیفالٹ سے کم نہیں ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا عوام کو اپنے حق کے لیے باہر نکلنا ہوگا، پرامن مزاحمت اور زبردست احتجاج کرنا ہے، کراچی سمیت پورا پاکستان میدان میں نکلے اور احتجاج کرے۔

    انھوں نے مزید کہا کل سراج الحق کی سربراہی میں دھرنا ہوگا، اور آج شارع فیصل اسٹار گیٹ پر ہمارا احتجاج ہوگا، نوجوانوں سے گزارش ہے شام 5 بجے سڑکوں پر نکلیں، ہم 15 پوائنٹ بتا رہے ہیں نوجوان وہاں پر کھڑے ہو کر احتجاج کریں۔

    حافظ نعیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو منہ کی کھانا پڑے گی۔

  • پیپلزپارٹی کے سٹی صدر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج میں تقریر کرنا مہنگا پڑ گیا

    پیپلزپارٹی کے سٹی صدر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج میں تقریر کرنا مہنگا پڑ گیا

    صادق آباد: پیپلزپارٹی کے سٹی صدر خالدبن سعید کو عمران خان کی کال پر مہنگائی کے خلاف احتجاج میں شرکت اور تقریر پر عہدے سے فارغ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد پیپلزپارٹی کے سٹی صدر کو مہنگائی کے خلاف احتجاج میں تقریر کرنا مہنگا پڑ گیا۔

    خالدبن سعید نے عمران خان کی کال پر ملت چوک پر مہنگائی کے خلاف احتجاج میں شرکت کی۔

    اس موقع پر میاں خالد بن سعید نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف تقریر بھی کی تاہم پیپلزپارٹی نے تقریر کرنے کی وجہ سے میاں خالد بن سعیدکوعہدے سےہٹا دیا۔

    پیپلزپارٹی نے میاں خالد بن سعید کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس بھی جاری کردیا۔

    گذشتہ روز تحریک انصاف نے مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا، اسلام آباد میں ایف نائن پارک، کراچی میں شارع قائدین ، لاہورمیں لبرٹی چوک اور پشاورمیں ہشت نگری پر احتجاج ہوا۔

    راولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ اورلال حویلی پراحتجاج گلگت بلتستان اورآزادکشمیرمیں بھی کپتان کی کال پر شرکا نے بڑی تعداد میں شرکت کیا اور اسکرینوں پرعمران خان کاخطاب براہ راست سنا۔

  • جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    جمشید دستی کا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، سر منڈوا لیا

    مظفر گڑھ: عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اپنے سر کے بال منڈوا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے مہنگائی کے خلاف احتجاجاً اپنے ساتھیوں سمیت ٹنڈ کرالی۔

    مظفر گڑھ سے سابق ایم این اے نے مہنگائی کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہوئے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے حالیہ طوفان نے عام آدمی کا برا حال کر کے رکھ دیا ہے۔

    جمشید دستی کا کہنا تھا کہ وہ ہوش ربا مہنگائی کے خلاف اپنے ساتھیوں سمیت گنجا ہو کر پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

    سابق ایم این اے نے ویڈیو پیغام میں عوام سے اپیل کی پوری قوم مہنگائی کے خلاف ان کے کلب کے ممبر بنیں اور سر کے بال منڈوا کر احتجاج کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  جمشید دستی ایل ایل بی کے تمام پرچوں میں فیل ہوگئے

    خیال رہے کہ جمشید دستی مختلف قسم کے تنازعات میں الجھے رہے ہیں اور اپنے انوکھے کارناموں کی وجہ سے پہلے ہی سے شہرت کے حامل ہیں، 2013 کے الیکشن میں انھوں نے اپنی نشست جیت لی تھی۔

    جمشید دستی نے اپنے حلقے میں 2008 میں انتخابات جیتنے کے بعد 5 بسوں کی مفت سروس کا آغاز کیا تھا اور اپنے عوامی انداز کو مد نظر رکھتے ہوئے خود بھی کئی دفعہ بسوں میں ڈرائیونگ کی تھی۔

    تاہم رواں سال مارچ میں انھوں نے ایل ایل بی پارٹ ون کے تمام پرچے فیل کر دیے تھے، انھوں نے ملتان لا کالج میں داخلہ لیا تھا، لیکن امتحان میں ایک بھی پرچا پاس نہ کر سکے۔

  • ترکی میں ہزاروں افراد مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

    ترکی میں ہزاروں افراد مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

    انقرہ: ترکی کے شہر استنبول میں مہنگائی اور افراط زر کی شرح میں اضافے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سخت سیکیورٹی اقدامات کے بیچ ہونے والے احتجاج میں مظاہرین نے بینروں میں فرانس میں جاری پیلی جیکٹ تحریک کی جانب بھی اشارہ کیا۔

    پبلک سیکٹر کے ملازمین کی کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کی جانب سے منعقد کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں میں ترکی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی۔

    مظاہرین نے روزگار، روٹی اور آزادی کے نعرے لگائے، مظاہرین نے بینرز پر بحران ان کے لیے اور سڑکیں ہمارے لیے ہیں، تحریر کررکھا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ پندرہ سالوں کے مقابلے میں مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور افراط زر کی شرح 25.24 فیصد رہی۔

    مزید پڑھیں: امریکا، ترکی کو ایس 400 میزائل سسٹم فروخت کرے گا، مذاکرات جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ پیر کے روز جنوب مشرقی شہر دیار بکر میں بھی ہزاروں افراد نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اس احتجاج کی کال بھی پبلک سیکٹر کے ملازمین کی کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونینز کی جانب سے دی گئی تھی۔

    امریکا کے ساتھ سفارتی کشیدگی کے بعد سے مقامی کرنسی کی قیمت میں گراوٹ کے سبب گزشتہ چند ماہ کے دوران ترکی میں اقتصادی صورت حال کافی بگڑ گئی ہے جبکہ انقرہ کی پالیسیوں کو بھی مسترد کردیا گیا ہے۔

  • پیرس: مہنگائی کے خلاف سینکڑوں افراد کا احتجاج، ایوانِ صدر کی طرف مارچ

    پیرس: مہنگائی کے خلاف سینکڑوں افراد کا احتجاج، ایوانِ صدر کی طرف مارچ

    پیرس: فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج بدستور جاری ہے، فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں سینکڑوں شہریوں نے ایوانِ صدر کی طرف مارچ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج میں سینکڑوں افراد نے پیرس میں ایوانِ صدر کی طرف مارچ کیا، پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

    [bs-quote quote=”مظاہرین سخت سردی میں بھی واٹر کینن کے آگے ڈٹے رہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    مظاہرین نے شانزے لیزے شاہراہ پر ایک گاڑی کو آگ لگائی، پولیس نے مشہور شاہراہ پر مظاہرین کو واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے  روک دیا۔

    مظاہرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث پولیس کو انھیں روکنے میں دشواری کا سامنا ہے، مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

    شانزے لیزے شاہراہ پر پولیس اور مظاہرین میں زبردست جھڑپ ہوئی، مظاہرین سخت سردی میں بھی واٹر کینن کے آگے ڈٹے رہے۔

    خیال رہے کہ فرانس میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف اس ملک گیر احتجاج کو سوشل میڈیا سے بڑی مدد ملی اور اس میں شدت بھی سوشل میڈیا پر تشہیر سے آئی۔


    یہ بھی پڑھیں:  فرانس : مہنگائی کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کرگئے، صدر سے استعفے کا مطالبہ


    یلو ویسٹ نامی اس احتجاج میں اب مظاہرین صدر ایمانوئیل میکرون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا نعرہ ہے کہ ’صدر ایمانوئیل ہمیں بے وقوفوں کی طرح ٹریٹ مت کرو۔‘

    دوسری طرف فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ ان کی پالیسیاں گلوبل وارمنگ کے خلاف ترتیب دی گئی ہیں، اور پیٹرول کی قیمتوں اضافہ عالمی منڈی کے مطابق کیا گیا ہے۔