Tag: مہنگائی

  • معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم ملک میں چھوٹی مدت کے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں، معاشرے کے کمزور طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی بھی دیں گے۔

    اینکر کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ آپ کی بات چل رہی ہے، آپ گزشتہ حکومت سے کیا مختلف کریں گے؟ وزیر اعظم شہباز نے کہا ہم پٹرول کی قیمت بڑھائیں گے لیکن سبسڈی بھی دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے سبسڈی ختم کرنے کے لیے کہا ہے۔

    انھوں نے کہا ترک صدر کے ساتھ بات چیت کا دور بہت مثبت رہا، ترکی کے دوست پاکستان کے دوست، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، مسلمانان برصغیر نے روز اول سے تحریک خلافت کی حمایت کی، پاکستان اور ترکی کی دوستی دو دہائیوں پر محیط ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنا چاہتے ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ، خطے کی ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے، پاکستان، چین، ترکی اینڈ روڈ منصوبے میں شراکت داری سے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہم پاکستان میں متبادل توانائی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں، پن بجلی کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں۔

    انٹرویو میں انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں، فلسطینیوں کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، انھوں نے پاکستان کے مؤقف کو دہرایا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کے عوام کو حقوق نہیں مل جاتے امن ممکن نہیں۔

    شہباز شریف نے کہا ہمسایہ ممالک کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کرنے کے خواہاں ہیں، یوکرین تنازع کو بھی مذاکرات سے حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

  • گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مسترد کر دیا

    گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مسترد کر دیا

    کراچی: سندھ بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ مسترد کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

    گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بندرگاہوں سے مال اٹھانا بند کر دیا، کراچی گڈز کیریر ایسوسی ایشن کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج شروع ہو گیا ہے، ٹرانسپورٹرز نے بن قاسم پورٹ، کراچی پورٹ، اور ٹرک اڈے پر گاڑیاں کھڑی کر دیں، جس کی وجہ سے امپورٹ ایکسپورٹ اور فیکٹریوں میں خام مال کی ترسیل بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    مال بردار ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان تیار ہو گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اشیائے خورد و نوش، سبزی، دودھ اور خام مال کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    یاد رہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں 30 فی صد اضافہ کیا تھا، آج اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں کرایوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    کراچی گڈز کیریر ایسوسی ایشن کے صدر رانا اسلم نے کہا ہوش رُبا مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ہفتے میں 60 روپے اضافہ ناقابل برداشت ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کی وجہ سے تھوک اور پرچون مال کے کرایوں میں مزید 30 فی صد اضافہ کیا جا سکتا ہے، تاکہ بیوپاری حضرات کو مال کی ترسیل میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

    انھوں نے کہا امید کرتے ہیں کہ تمام تاجر برادری بھی ہمارے ساتھ پورا تعاون کرے گی۔

  • پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی جائے یا نہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت تقسیم ہو گئی

    پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی جائے یا نہیں، مسلم لیگ (ن) کی قیادت تقسیم ہو گئی

    اسلام آباد: ملک میں ریکارڈ مہنگائی کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ناگزیر اضافے کے معاملے پر شہباز شریف حکومت مخمصے کا شکار ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں معاشی صورت حال خراب تر ہوتی جا رہی ہے، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں یا نہیں ن لیگ ایک مشکل دو راہے پر پھنس گئی ہے۔

    ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف بجلی کا بحران، اس صورت حال میں کیے گئے دعوے ن لیگ کے گلے پڑتے نظر آ رہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اس بات پر تقسیم ہو گئی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھائی جائے یا نہیں، دوسری طرف آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے مخالف ہیں۔

    موجودہ صورت حال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک اور چیلنج بن گیا ہے، پٹرول کی قیمتیں بڑھائی جائیں گی تو مہنگائی کا طوفان آئے گا اور ملبہ مسلم لیگ (ن) پرگرے گا۔

    پٹرول 46 اور ڈیزل 84 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تیاری

    عمران خان حکومت نے 30 جون تک پٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی کا انتظام کر رکھا تھا، جب کہ شہباز شریف حکومت سبسڈی کی رقم ہونے کے باوجود کیوں مینج نہیں کر پا رہی، جب کہ شہباز شریف حکومت ایل این جی کی قیمت میں پہلے ہی 40 فی صد اضافہ کر چکی ہے۔

    واضح رہے کہ پٹرول کی قیمت میں 46 اور ڈیزل کی قیمت میں 84 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، اس سلسلے میں اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کر دی ہے۔

  • حمزہ شہباز کا عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کا حکم

    حمزہ شہباز کا عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کا حکم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو ہمیں پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے، انہوں نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کا حکم بھی دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔

    وزیر اعلیٰ نے خود اضلاع کے سرپرائز وزٹ کا فیصلہ کیا جبکہ وزیر اعلیٰ آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کے لیے جامع ایکشن پلان پر عملدر آمد ہوگا، آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے، مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو ہمیں پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ غیر معمولی حالات میں فوری اقدامات کے متقاضی ہیں، عام آدمی کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

  • مشکل فیصلے نہیں ہو رہے تو نگراں حکومت کے حوالے کردیں: مزمل اسلم

    مشکل فیصلے نہیں ہو رہے تو نگراں حکومت کے حوالے کردیں: مزمل اسلم

    اسلام آباد: ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اسحٰق ڈار کے پاس کوئی پالیسی ہے تو وہ لے کر آجائیں، مشکل فیصلے نہیں ہو رہے تو نگراں حکومت کے حوالے کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ بیف، چکن، مٹن، آلو اور پیاز سمیت دیگر سبزیاں انتہائی مہنگی ہوگئیں۔

    مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ شہباز شریف بہت سی چیزوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں، جیسے بھی حالات رہے ہم نے کبھی ڈیفالٹ نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار کہہ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف نے غلط کیا ہے، اسحٰق ڈار کے پاس کوئی پالیسی ہے تو وہ لے کر آجائیں، مشکل فیصلے نہیں ہو رہے تو نگراں حکومت کے حوالے کردیں۔

    مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مفاد کو پیچھے رکھ کر ملکی مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔

  • روس میں مہنگائی میں کمی آنے لگی

    روس میں مہنگائی میں کمی آنے لگی

    ماسکو: روسی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خزانہ انتون سلوانوف نے کہا ہے کہ امریکی اور یورپی پابندیوں کے باوجود روس میں مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے کیوں کہ مالیاتی منڈیوں کی صورت حال مستحکم ہونے لگی ہے۔

    معیشت کے حوالے سے حکومتی کمیشن کے اجلاس میں انھوں نے کہا کہ مالیاتی منڈیوں میں استحکام کی بدولت افراط زر کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے، طویل مدتی فیڈرل لون بانڈ کی شرحیں کم ہو کر 10.5 فی صد ہو گئی ہیں، ہمیں توقع ہے کہ یہ انڈیکیٹر گرتا رہے گا کیوں کہ مہنگائی کم ہوتی جائے گی۔

    سلوانوف نے زور دیا کہ بینک آف روس نے افراط زر کے خطرات پیدا کیے بغیر شرح سود کو کم کرنا شروع کر دیا ہے، افراط زر کی مزید سست روی سے معیشت میں شرح سود میں کمی اور اس کے نتیجے میں، کاروباری سرگرمیوں کی توسیع کے لیے قرضوں کی استطاعت میں بھی مدد ملے گی۔

    اقتصادی ترقی کے وزیر میکسم ریشیٹنیکوف نے کہا کہ روسی معیشت نے اپنے خلاف لگائی گئی پابندیوں کا پہلا جھٹکا برداشت کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ معیشت کو پہلی بار پابندی کا سامنا کرنا پڑا، ہمیں پیداواری چَینز، لاجسٹکس کی تنظیم نو کرنے اور معیشت میں ساختی تبدیلیاں کرنے کے لیے وقت درکار ہے، یہ بڑی حد تک حکومت اور بینک آف روس کی طرف سے فوری طور پر اٹھائے گئے اور نافذ کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

  • چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حکومتی بیان جاری

    چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، حکومتی بیان جاری

    کراچی: وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کی قیمتوں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، حکومت ایسی میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کرتی ہے اور یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اس قسم کا کوئی اضافہ نہیں ہوا جیسا کہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے۔

    وزارت نے کہا ہماری مانیٹرنگ ٹیموں نے کراچی (جوڑیا بازار)، لاہور (اکبری منڈی) اور اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کو چیک کیا اور بتایا گیا کہ چینی ریٹیل پر 85 روپے فی کلوگرام جب کہ ہول سیل مارکیٹ میں 82 روپے فی کلوگرام کے ریٹ سے دستیاب ہے۔

    البتہ میڈیا میں کچھ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 94 روپے میں چینی فروخت ہونے کی نشان دہی پر اس کا سختی سے نوٹس لے لیا گیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    وزارت نے کہا یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے شناختی کارڈ دیکھنا لازمی ہے تاکہ کثیر مقدار میں اشیائے خورد و نوش کی خریداری کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور عوام کو اشیا رعایتی قیمتوں پر یکساں طور پر دستیاب ہو۔

    وزارت کے مطابق ملک بھر میں بشمول یوٹیلیٹی اسٹورز ایک ہی قمیت 85 روپے فی کلوگرام کے حساب سے چینی دستیاب ہے۔

    وزارت نے کہا حکومت پاکستان چینی اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی سپلائی اور رعایتی قمتیوں پر دستیابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے حکم کے مطابق عوام الناس کو رمضان کے مہینے میں تمام اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

  • پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    کراچی: ماہ رمضان کے دوسرے عشر ے کا آغاز ہو گیا ہے لیکن پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے سے 200 روپے ہوگئی، تربوز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے 120 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ منڈی میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    سیب کی فی کلو قیمت 150 سے بڑھ کر 400 روپے اور خربوزہ 60 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے فی کلو، چیکو 150 روپے، اسٹرابیری 400 روپے کلو اور کیوی 500 روپے کلو ہوگئی ہے۔

    کولڈ اسٹور میں محفوظ کیے گئے امرود 200 روپے کلو اور کینو 400 روپے درجن کر دیے گے ہیں۔

    سبزی اور پھل منڈی ایکشن کمیٹی رہنما حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔

    ماہ رمضان میں پھلوں کی قیمتوں میں دوگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کے مطابق انتظامیہ اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، انتظامیہ ایک بازار میں کارروائی کرتی ہے تو دوسرے بازاروں میں صورت حال جوں کی توں برقرار رہتی ہے، اس صورت حال میں پھلوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں۔

  • مارچ 2022: گزشتہ برس کی نسبت مہنگائی میں 12 فیصد اضافہ

    مارچ 2022: گزشتہ برس کی نسبت مہنگائی میں 12 فیصد اضافہ

    اسلام آباد: ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مارچ 2022 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارچ 2021 کے مقابلے میں مہنگائی 12.72 زیادہ رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مارچ 2022 کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مارچ 2021 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ مہنگائی 12.72 فیصد زیادہ رہی، مجموعی طور پر مالی سال 2022 کے پہلے 9 ماہ میں مہنگائی 10.77 فیصد رہی۔

    مارچ 2022 کے دوران چکن 33.63، پھل 15.17 اور ویجی ٹیبل گھی 8.32 فیصد مہنگا ہوا جبکہ چینی 10.7 فیصد اور آلو 9.49 فیصد سستے ہوئے۔

  • مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان کو بھی پریشان کردیا

    ویسے تو پاکستانیوں کو ہر روز ہی یہ سننا پڑتا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے اسی وجہ سے ان کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے، تاہم حقیقت یہی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین انسان ایلون مسک کو بھی پریشان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو بھی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔

    ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتےہوئے افراط زر کی وجہ سے اسٹار لنک کی خدمات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دنیا بھرمیں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظرمیں اسپیس ایکس نے مئی 2022 سے اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ماہانہ سبسکرپشن فیس 99 ڈالرسے بڑھا کر110 ڈالرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے سبسکرپشن اور ڈش ہارڈ ویئر کی قیمتوں میں اضافے کی بابت صارفین کو بہ ذریعہ ای میل آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

    اسپیس ایکس نے ماہانہ سبسکرپشن فیس کے علاوہ اسٹار لنک سیٹلائٹس سے جوڑنے والے ڈش اور دیگر ہارڈ ویئرکی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کے بعد نئے صارفین کو انٹرنیٹ سروسز حاصل کرنے کے لیے 100 ڈالر کی اضافی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

    اس سے قبل نئے کنکشن کے لیے استعمال کنندگان کو 499 ڈالرز دے کر اسٹار لنک ڈش کو خریدنا پڑتا تھا تاہم اب اس کے لیے 599 ڈالرز ادا کرنے پڑیں گے، تاہم ایسے صارفین جو پہلے ہی آرڈر کر چکے ہیں جو اب 499 کی جگہ 549 ڈالرز ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ ایلون مسک نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے لاجسٹک اور خام مال کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوچکا ہے، اور اسپیس ایکس کی کوریج اور استعداد کارمیں اضافے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرنا ضروری ہوگیا ہے۔