Tag: مہنگائی

  • سعودی عرب میں عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاری؟

    سعودی عرب میں عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی تیاری؟

    ریاض: سعودی عرب میں انتظامیہ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ متعقلہ ادارے سعودی عرب میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کا پلان تیار کرچکے ہیں۔

    تاہم سعودی بجلی کمپنی نے مذکورہ تمام خبروں کو من گھڑت، افواہ اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

    سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ سعودی عرب میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہورہا اور نہ ہی اس قسم کا کوئی پلان تیار کیا گیا ہے۔

    بجلی کمپنی کا کہنا تھا کہ افواہ پھیلانے والوں نے بجلی کتنی مہنگی ہوگی اس کا تعین بھی کرلیا ہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کمپنی کے ایجنڈے میں اس وقت نہیں ہے۔

    متعلقہ ادارے نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں۔

  • مہنگائی میں کمی کا مشن، وزیر اعظم کی حکومتی ارکان کو اہم ہدایت

    مہنگائی میں کمی کا مشن، وزیر اعظم کی حکومتی ارکان کو اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ارکان کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کرنے اور قیمتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی میں کمی کے مشن کے تحت وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ارکان کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کرنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام حکومتی ارکان قریبی اسٹورز کا دورہ کر کے قیمتوں کا جائزہ لیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی یا نہیں مسلسل نظر رکھیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومتی ارکان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے اچانک دورے شروع کردیے۔ وزیر مملکت شبیر قریشی بھی قیمتوں کاجائزہ لینے یوٹیلیٹی اسٹور پہنچے جہاں انہوں نے اسٹور اشیا کی دستیابی اور قیمتوں میں حالیہ کمی کا جائزہ لیا۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

    کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ معاملے میں کون کون سے عناصر ملوث ہیں۔

    کمیٹی کو کہا گیا کہ وہ اس بات کا بھی جائزہ لے کہ چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ اور حکومتی اداروں نے کیا حفاظتی اور پیشگی اقدامات کیے۔

  • مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، اسد قیصر

    مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، اسد قیصر

    صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آٹے اور چینی بحران میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، حکومت کے ابتدائی فیصلوں کے ثمرات جلد ملنے والے ہیں۔

    حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی،وزیراعظم

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے جہاں تک ممکن ہوسکے ریلیف فراہم کیا جائے، ماضی کے حکمرانوں کے معاہدوں کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے،حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر آپشن پر غور کیا جائے گا، قیمتوں میں کمی لانے کی غرض سے جامع روڈ میپ جلد مرتب کیا جائے، تجاویز دیں تاکہ قابل عمل سفارشات پر عمل درآمد کیاجاسکے۔

  • غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

    غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے، اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی پر اجلاس ہوا جس میں اسد عمر،خسرو بختیار، عبدالحفیظ شیخ، رزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان سمیت متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام،ممکنہ حد تک کمی حکومتی ترجیح ہے،حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب قیمت پر میسر آئیں، جتنا ہو سکے غریب طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے اسٹاک کاحقیقی ڈیٹا ،طلب و رسد کے درست تخمینے پر توجہ دی جائے، بنیادی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کے ساتھ اسمگلنگ ،ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی،روک تھام پرخصوصی توجہ دی جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی کے لیے تجاویز پر فوری طور پرغور کریں، تجاویز کی روشنی میں جامع پالیسی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے پروگرام کے تحت خاطر خواہ بہتری آئی ہے، دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام سے تمام معاشی شعبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، تمام تر پیشرفت آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے فیصلے میں مدد گار ثابت ہوگی، معاشی سرگرمیاں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے، روپےکی قدرمیں کمی کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی آنی چاہیے، رسد سے متعلق مسائل عارضی ہیں، ترقیاتی، سماجی اخراجات میں اضافہ ہوا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مالیاتی کارکردگی مستحکم رہی، مقامی ٹیکس وصولی میں اضافے سے پرائمری سرپلس حاصل ہوا، پہلے 6 ماہ میں پرائمری سرپلس جی ڈی پی صفر اعشاریہ 7 فیصد رہا۔

  • ماضی کی حکومت نے وہ ایندھن ڈالا جس سے مہنگائی آسمان پرگئی، عمر ایوب

    ماضی کی حکومت نے وہ ایندھن ڈالا جس سے مہنگائی آسمان پرگئی، عمر ایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت نے وہ ایندھن ڈالا جس سے مہنگائی آسمان پرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حفیظ شیخ نے تفصیل سے اعدادوشمار پر بات کی، ہمارا خیال تھا اپوزیشن ماضی کی غلطیوں پر شرمندہ ہو کر اچھی تجاویز دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کی جانب سے بغیر دلیل کے بات کی گئی، اپوزیشن کو سمجھنا ہوگا کہ حقائق سے آپ آنکھ نہیں چرا سکتے،گزشتہ حکومت نے قرض کے 24 ہزار ارب اڑا دیے، ماضی کی حکومت نے وہ ایندھن ڈالا جس سے مہنگائی آسمان پرگئی۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ساڑھے 6 روپے فی یونٹ بجلی ساڑھے17 روپے پر پہنچاد ی گئی، مہنگی بجلی کا ہمارے گلے میں پھندا ڈال کر فرار ہوگئے، ساڑھے 6 کی چیز ساڑھے 17 میں بیچیں گے تو کرپشن نہیں ہو رہی ہوگی۔

    وفاقی وزیر برائے توانائی نے کہا کہ عمران خان کی وژن کے مطابق بجلی کی قیمتیں نیچے لائیں گے، ہم 260 ارب سے زائد سبسڈی دے رہے ہیں، زراعت کو سبسڈی 83 سو ارب کے قریب بنتی ہے، یہ کانپ رہے ہیں کہ حکومت کامیاب ہوتی جا رہی ہے۔

  • سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کومذاق قرار دے دیا

    سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کومذاق قرار دے دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کو مذاق قرار دے دیا، وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ 15 ارب کا پیکج غریبوں کے ساتھ عجیب مذاق ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ آٹا، چینی، گھی، پیٹرول سمیت عام اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، یہ پندرہ ارب بھی غیر شفاف طریقے سے ہڑپ کر لیے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے لیے 15 ارب روپے کا پیکج مذاق ہی ہے، یہ پیسے بھی ان کی جیب میں جائیں گے جنھوں نے آٹے چینی کا بحران پیدا کیا، موجودہ حالات میں اگر پندرہ ارب ہر ماہ دیے جائیں تو بھی کم ہیں، اگر پچاس کروڑ روزانہ بھی دیں گے تو مطلب یہ ہوا کہ 2 روپیا فی شخص، یہ مذاق نہیں تو کیا ہے۔

    15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور، آٹے اور چینی کے سرکاری نرخ مقرر

    اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومتی فیصلوں نے عوام کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے، ہم سب سمجھتے ہیں بے وقوف نہیں ہیں، جو غریب پہلے 20 ہزار میں گزارہ کرتا تھا اب 35 ہزار میں بھی پریشان ہے، 15 ارب عوام کے لیے نہیں بلکہ اے ٹی ایم اور مافیا کے لیے ریلیف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم خود بھی سمجھ چکے ہیں کہ اب محض بیانات سے ریلیف کے دعوؤں کا وقت تمام ہو چکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کابینہ اجلاس میں عوام کے لیے 15 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کرتے ہوئے آٹے اور چینی کے سرکاری نرخ مقرر کر دیے تھے، حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمت پر 15 سے 20 روپے فی کلو رعایت دی جائے گی، یوٹیلٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 805 روپے میں دستیاب ہوگا، چینی کا سرکاری نرخ 70 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا، کھانے کا تیل 175 روپے فی کلو دستیاب ہوگا۔

  • مسلم لیگ ن کا مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج

    مسلم لیگ ن کا مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے ارکان پارلیمنٹ نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا جس میں راناتنویر، آصف کرمانی، مشاہدحسین سید اور دیگر بھی شریک تھے ن لیگ کے ارکان نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔

    اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر کا کہنا تھا کہ حکومتی سبسڈی سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے، پہلے 6 ارب کی سبسڈی کا کہا گیا وہ بھی عوام کو نہیں ملی۔

    رانا تنویر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کی تحقیقات کرائی ہے، تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہوگئی ہے، رپورٹ کو پبلک کیا جائے اور پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے۔

    کوئی شک نہیں کہ مہنگائی سے عوام مشکل میں ہیں، اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ مہنگائی سے عوام مشکل میں ہیں، مہنگائی کا جتنا احساس آپ کو ہے اس سے زیادہ وزیراعطم کو ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ مافیا مل کر ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف جہاد کیا ہے، اسی طرح وزیراعظم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جہاد کے لیے تیار ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کے مہنگائی سے تنگ عوام  کے لئے اہم  اعلانات

    وزیراعظم عمران خان کے مہنگائی سے تنگ عوام کے لئے اہم اعلانات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی کے لئے 15 ارب کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، 15ارب روپے کے پیکج میں تمام اہم اشیائے خورونوش شامل ہونگیں ، عام شہریوں کو یوٹیلٹی اسٹورسےسستی اشیاملیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بیک ٹوبیک اہم اجلاس ہوئے، وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی سے متعلق بڑے فیصلے کرلئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لئے 15ارب کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے ، یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعے کھانے پینے کی چیزوں پر ریلیف دیاجائےگا اور 15 ارب روپے کے پیکج میں تمام اہم اشیائے خورونوش شامل ہونگیں جبکہ عام شہریوں کو یوٹیلٹی اسٹور سے سستی اشیا ملیں گی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہر صورت عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کوضلعی سطح پرانتظامیہ سے مانیٹر کیا جائےگا اور 50 ہزار رجسٹرڈ تندوروں پر سستا آٹا بھی فراہم کیاجائےگا، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے بڑے ریلیف پیکج کی منظوری کی تصدیق کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پہلےبھی 7ارب ک اریلیف پیکج دےچکےہیں، 15 ارب روپےکاریلیف پیکج الگ سےدیاجارہاہے اور 15 ہزار رجسٹرڈ تندوروں کو سپورٹ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی میں کمی سے متعلق ایک اجلاس میں کہا تھا کہ عوامی ریلیف کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی، غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

  • غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا، وزیر اعظم کی جانب سے لیے گئے اہم فیصلوں کا اعلان کل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی میں کمی سے متعلق ایک اور اہم اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالفقار علی خان، وزارت خزانہ، صنعت و پیداوار اور سماجی تحفظ ڈویژن کے وفاقی سیکریٹری، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اولین ترجیح غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے حکومت ہر حد تک جائے گی، غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔